حدیقۃ الصالحین 4: احکام شریعت کا تعلق ظاہر سے ہے باطن کا علم خدا کو ہے
عطاء نے نبی ﷺ کے بہت سے صحابہؓ سے یہ واقعہ سنا کہ حضرت عبداللہ بن رواحہ کی ایک لونڈی تھی جو ان کی بکریاں چرایا کرتی تھی۔ عبداللہ بن رواحہ نے اس کو ایک بکری کا خاص طور پر خیال رکھنے کی ہدایت کی۔ چنانچہ وہ بکری موٹی تازی ہو گئی۔ ایک دن چرواہن بعض اور جانوروں کی دیکھ بھال میں مصروف تھی کہ ایک بھیڑیے نے آ کر اس بکری کو چیر پھاڑ دیا۔ عبداللہ بن رواحہ نے اس بکری کو نہ پایا تو اس کے متعلق پوچھا۔ چرواہن نے سارا واقعہ بتا دیا جس پر انہوں نے چرواہن کو ایک تھپڑ مارا۔ بعد میں اپنے فعل پر شرمندہ ہوئے اور اس واقعہ کا ذکر رسول اللہ ﷺ سے کیا۔ رسول اللہ ﷺ نے اس بات کو بڑی اہمیت دی اور فرمایا کہ تم نے ایک مومنہ کے منہ پر تھپڑ مارا؟ اس پر عبداللہ بن رواحہ نے عرض کیا۔ حضور وہ تو حبشی عورت ہے اور جاہل سی عورت ہے اسے دین وغیرہ کا کچھ علم نہیں۔ نبی ﷺ نے اس چرواہن کو بلا بھیجا اور اس سے پوچھا۔ اللہ کہاں ہے؟ اس نے کہا آسمان پر۔ پھر آپ ﷺ نے دریافت کیا۔ میں کون ہوں؟ اس نے جواباً کہا اللہ کے رسول۔ یہ سن کر آپؐ نے فرمایا یہ مومنہ ہے اسے آزاد کر دو۔ اس پر عبداللہ بن رواحہ نے اسے آزاد کر دیا۔
کتاب 21: احکام شریعت کا تعلق ظاہر سے ہے باطن کا علم خدا کو ہے