حدیقۃ الصالحین 11753: قناعت اور سادگی
حضرت ابو سعید خدریؓ بیان کرتے ہیں کہ جب رسول اللہﷺ نے قریش اور عرب کے قبائل میں وہ تمام مال غنیمت تقسیم فرما دیا جو فتح ہوا زن و حنین میں ہاتھ لگا تھا اور انصار کو کچھ نہ ملا تو انصار کے کچھ لوگوں نے اپنے دلوں میں انقباض محسوس کیا۔ یہاں تک کہ اس بارہ میں چہ میگوئیاں بڑھ گئیں۔ اور کسی کہنے والے نے یہ بھی کہہ دیا کہ اب کیا ہے اب تو رسول اللہﷺ اپنی قوم سے آ ملے ہیں (اب ہماری ضرورت نہیں رہی) انصار میں سے سعد بن عبادہؓ نے حضور علیہ السلام کی خدمت میں حاضر ہو کر عرض کیا کہ حضورﷺ آپ کی اس تقسیم کی وجہ سے کچھ انصار کے دل میں شکوک پیدا ہو گئے ہیں کہ آپﷺ نے اپنی قوم کو مال غنیمت میں سے اتنے بڑے بڑے عطیات مرحمت فرمائے ہیں اور انصار کو کچھ نہیں ملا۔ حضور نے فرمایا اے سعد! تم کہاں تھے لوگوں کو سمجھانا تھا۔ سعد نے عرض کیا حضور! میں بھی تو اس قوم کا ایک فرد ہوں۔ میری کون سنتا ہے۔ آپؐ نے فرمایا سعد اپنی قوم اس چوپال میں جمع کرو میں ان سے کچھ کہنا چاہتا ہوں۔ سعدؓ انصار کو چوپال میں جمع کرنے لگے۔ مہاجرین میں سے بھی چند لوگوں کو اندر جانے کی اجازت دی اور باقی مہاجرین کو لوٹا دیا۔ جب تمام انصار اکٹھے ہو گئے تو آپؐ کو اطلاع دی کہ لوگ اکٹھے ہو گئے ہیں۔ ابو سعید خدری کہتے ہیں کہ پھر آپؐ تشریف لائے اور حمد و ثناء کے بعد فرمایا اے انصار! تم نے جو گلے شکوے کئے ہیں وہ مجھ تک پہنچے ہیں۔ اے انصار سوچو تو میں تمہارے پاس اس وقت آیا تھا جب تم بھٹکے ہوئے تھے اللہ تعالیٰ نے میرے ذریعہ تمہیں ہدایت دی۔ تم تنگ دست تھے اللہ تعالیٰ نے میرے ذریعہ تمہیں دولت مند بنایا۔ تم آپس میں ایک دوسرے کے دشمن تھے لیکن اللہ تعالیٰ نے میری وجہ سے تمہیں بھائی بھائی بنا دیا۔ کیا یہ سب سچ نہیں۔ انصار نے عرض کیا کیوں نہیں، خدا اور اس کے رسول کا یہ بڑا فضل و احسان ہے۔ حضور نے فرمایا اے انصار! تم میری ان باتوں کا جواب کیوں نہیں دیتے؟ انصار نے عرض کیا۔ ہم کیا جواب دیں۔ ہم تو اللہ اور اس کے رسول کے زیر احسان ہیں۔ آپؐ نے فرمایا تم اگر چاہو تو یہ جواب دے سکتے ہو اور یہ جواب صحیح ہو گا کہ آپ ہمارے پاس اس حالت میں آئے جب آپﷺ کی قوم نے آپ کو جھٹلایا اور تکذیب کی اور ہم نے اس وقت آپﷺ کی تصدیق کی۔ آپ پریشان حال ہمارے پاس آئے ہم نے آپ کی مدد کی۔ آپ ہمارے پاس بے گھر ہو کر آئے ہم نے آپ کو پناہ دی۔ آپ محتاج اور بے سروسامان ہو کر آئے ہم نے آپﷺ کی محتاجی دور کی اور آپﷺ کا سہارا بنے۔
اے انصار! کیا تم ان دنیاوی چمک دمک کے سامانوں کی وجہ سے اپنے دلوں میں انقباض محسوس کرتے ہو جو میں نے قریش اور قبائل عرب کے نو مسلموں کو ان کی دلجوئی اور تالیف قلب کے طور پر دئیے ہیں۔ اے انصار کیا تم اس بات سے خوش نہیں کہ لوگ تو اپنے گھر بکریاں اور اونٹ لے کر جائیں اور تم اپنے ساتھ اللہ کے رسول کو لے جا ؤ۔ خدا کی قسم! جس کے قبضے اور اختیار میں محمدﷺ کی جان ہے اگر ہجرت نہ ہوتی میں بھی انصار کا ایک فرد ہوتا۔ اگر تمام لوگ ایک وادی اور ایک راہ پر چلیں اور انصار کوئی اور راہ اختیار کریں تو میں انصار کے ساتھ چلوں گا۔
اے اللہ! تو انصار پر رحم فرما۔ انصار کی اولاد پر رحم فرما۔ انصار کی اولاد کی اولاد پر رحم فرما۔
حضور کی اس تقریر کو سن کر انصار زار و زار روئے یہاں تک کہ ان کی داڑھیاں تر ہو گئیں اور عرض کیا حضور! ہم آپﷺ سے راضی ہیں آپ کی تقسیم پر راضی ہیں۔ کچھ ناسمجھ لوگوں کے منہ سے ایسی نازیبا باتیں نکلی ہیں اور سنجیدہ اور بزرگ انصار اس سے بیزار ہیں۔ بہرحال اس صورت حال کو سلجھنے کے بعد رسول اللہﷺ اپنی قیام گاہ پر تشریف لے گئے۔ اور لوگ بھی اپنے اپنے ٹھکانوں کی طرف چلے گئے۔