حدیقۃ الصالحین 5493: دجال کا خروج اور یاجوج ماجوج کا ظہور
حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا دجال ایک ایسے گدھے پر سوار ہو کر نکلے گا جو چاند کی طرح چمکے گا اس کے دونوں کانوں کے درمیان ستر 70 باع کا فاصلہ ہو گا۔ (انسان کے دونوں پھیلے ہوئے ہاتھوں کے درمیان جو فاصلہ ہوتا ہے اسے ’’باع‘‘ کہتے ہیں۔).
نوٹ :۔
ا۔ عَنْ عَبْد اللَّهِ قَال أِنَّ أُذُنَ حَمَارِ الدَّجَّالِ لَتُظِلُّ سَبْعِيْنَ أَلْفَاً
(الدر المنثور فی تفسیر بالماثور، سورۃ غافر، آیت إِنَّ الَّذِينَ يُجَادِلُونَ فِي آيَاتِ اللَّهِ (56 تا 59 ) جلد 13 صفحہ 63)
دجال کے گدھے کا کان ستر 70 ہزار لوگوں پر سایہ کرے گا۔
ب۔ مَابَيْنَ حَافِرِ حِمَارِهِ إِلَى الْحَافِرِ الْآخَرِ مَسِيْرَةُ يَوْمٍ وَّ لَيْلَةٍ
(کنز العمال ، حرف القاف ، کتاب القیامۃ من قسم الافعال ، باب الدجال 39709)
اس کے گدھے کے ایک سم سے دوسرے سم تک کا فاصلہ ایک دن اور رات کے سفر جتنا ہو گا۔
ج۔ كَلُّ خُطْوَةٍ مِنْ خطَاهُ ثَلاثَةَ أَيَّامٍ وَ تُطْوَى لَهُ الْأَرْضُ حَتَّى يَسْبِقُ الشَّمْسَ إِذَا طَلَعَتْ إِلَى مَغْرِبِهَا يَخُوضُ الْبَحْرَ بِحِمَارِهِ الی ركبتیهِ
(نزھۃ المجالس و منتخب النفائس (عبد الرحمان الصفوی الشافعی) ، باب فی فضل الجمعۃ و یومھا و لیلتھا و کرمھا، جلد 1 صفحہ 132)
اس کے قدموں میں سے ہر قدم (کا فاصلہ) تین دن کا ہو گا۔ اس کے لئے زمین لپیٹ دی جائے گی۔ حتیٰ کہ وہ مغرب کی طرف جاتے ہوئے سورج سے آگے نکل جائے گا۔ وہ اپنے گدھے سمیت سمندر میں اترے گا (اور سمندر کا پانی ) اس کے گھٹنوں تک ہو گا۔ (تیز رفتار ہوائی جہازوں نے عملاً یہی صورت پیدا کی ہے کہ وہ دو ملکوں کے درمیان وقت کے فرق کے اندر اندر بلکہ پہلے وہاں پہنچ جاتے ہیں)۔
د۔ أَمَامَهُ جَبَلُ دُخَانٍ
(کنز العمال ، حرف القاف ، کتاب القیامۃ من قسم الافعال ، باب الدجال 39709)
اس کے آگے آگے دھوئیں کا پہاڑ ہو گا۔
ھ۔ وَرَكْبٌ ذَوَاتِ الفُرُوْجِ السُّرُوْجِ
(بحار الانوار (محمد باقر مجلسی)، الجز الثانی والخمسون، باب علامات ظھور علیہ سلام من السفیانی و الدجال و غیر ذلک و فیہ ذکر بعض اشراط الساعۃ، صفحہ 414
دجال کی سواری کے اندر روشنیاں ہوں گی اور اس کے بہت سے در اور کھڑکیاں ہوں گی۔