سنن ابن ماجہ 708: کتاب الأذان والسنة فیھا

عبد اللہ بن مُحَیْرِیز سے روایت ہے، وہ حضرت ابو محذورہ بن مِعْیَر ؓ کی کفالت میں پلنے والے یتیم تھے۔ جب حضرت ابو محذورہ ؓ نے ان (عبد اللہ بن مُحَیْرِیز کو شام کی طرف روانہ کرنے کے لئے تیاری کی تو میں (عبداللہ بن مُحَیْرِیز) نے حضرت ابو محذورہؓ سے کہا اے میرے چچا! میں شام کی طرف روانہ ہو رہا ہوں۔ مجھ سے آپ کی اذان کے بارہ میں سوال کیا جائے گا۔ _ انہوں نے مجھے بتایا کہ _ حضرت ابو محذورہ ؓ نے بیان کیا کہ میں کچھ لوگوں کے ساتھ نکلا اور ہم راستہ میں تھے کہ رسول اللہ ﷺ کے مؤذن نے رسول اللہ ﷺ کے پاس نماز کے لئے اذان دی ہم نے مؤذن کی آواز سنی۔ اس وقت ہم آپؐ سے اعراض کرنے والے تھے۔ پس ہم چیخ چیخ کر اس کی نقل کرنے لگے اور ہم اس کا مذاق اُڑاتے تھے۔ رسول اللہ ﷺ نے سنا اور آپؐ نے ہمیں بلانے کے لئے چند آدمیوں کو بھیجا۔ انہوں نے ہمیں آپؐ کے سامنے بٹھا دیا۔ آپؐ نے دریافت فرمایا میں نے تم میں سے کس کی آواز کو سُنا جو بلند ہوئی۔ سب لوگوں نے میری طرف اشارہ کیا اور انہوں نے سچ ہی کہا تھا۔ آپؐ نے ان سب کو بھیج دیا اور مجھے روک لیا اور مجھ سے فرمایا کھڑے ہو جاؤ اور اذان دو، پس میں کھڑا ہوا اُس وقت مجھے رسول اللہ ﷺ اور جس کا آپ مجھے حکم دے رہے تھے اُس سے زیادہ ناپسند اور کوئی چیز نہیں تھی۔ میں آپؐ کے سامنے کھڑا ہوا اور رسول اللہ ﷺ خود اذان (کے کلمات) مجھے بتانے لگے۔ فرمایا تم کہو اَللَّہُ أَکْبَر اَللَّہُ أَکْبَر اَللَّہُ أَکْبَر اَللَّہُ أَکْبَر أَشْہَدُ أَنْ لَّا إِلَہَ إِلَّا اللَّہ أَشْہَدُ أَنْ لَّا إِلَہَ إِلَّا اللَّہ أَشْہَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا رَّسُولُ اللَّہ أَشْہَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا رَّسُولُ اللَّہ (ترجمہ) اللہ سب سے بڑا ہے اللہ سب سے بڑا ہے، اللہ سب سے بڑا ہے، اللہ سب سے بڑا ہے میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں، میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ محمدؐ اللہ کے رسول ہیں۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ محمدؐ اللہ کے رسول ہیں _ پھر مجھ سے فرمایا اپنی آواز (اور) بلند کرو (اور کہو ) _ أَشْہَدُ أَنْ لَّا إِلَہَ إِلَّا اللَّہ أَشْہَدُ أَنْ لَّا إِلَہَ إِلَّا اللَّہ أَشْہَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا رَّسُولُ اللَّہ أَشْہَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا رَّسُولُ اللَّہ حَیَّ عَلَی الصَّلَاۃ حَیَّ عَلَی الصَّلَاۃ حَیَّ عَلَی الْفَلَاح حَیَّ عَلَی الْفَلَاح اللَّہُ أَکْبَر اللَّہُ أَکْبَر لَا إِلَہَ إِلَّا اللَّہُ (ترجمہ) میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ محمدؐ اللہ کے رسول ہیں۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ محمدؐ اللہ کے رسول ہیں۔ نماز کی طرف آؤ، نماز کی طرف آؤ، کامیابی کی طرف آؤ، کامیابی کی طرف آؤ، اللہ سب سے بڑا ہے، اللہ سب سے بڑا ہے، اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں۔ پھر جب میں اذان ختم کر چکا تو آپؐ نے مجھے بلایا اور مجھے ایک تھیلی دی جس میں کچھ چاندی تھی۔ پھر آپؐ نے اپنا ہاتھ ابو محذورہؓ کی پیشانی پر رکھا۔ پھر آپؐ نے اُن کے چہرے اور سینے پر ہاتھ پھیرا اور اسے پھیرتے ہوئے ان کے جگر تک لے گئے۔ پھر رسول اللہ ﷺ کا ہاتھ حضرت ابو محذورہؓ کی ناف تک پہنچ گیا۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اللہ تجھے برکت دے اور تجھ پر برکت ڈالے۔ میں نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ! آپؐ مجھے مکہ میں اذان دینے پر مقرر فرماتے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا ہاں! میں نے تمہیں مقرر کر دیا ہے۔ پس مجھ میں رسول اللہ ﷺ کے لئے جو ناپسندیدگی تھی جاتی رہی اور یہ ساری کی ساری رسول اللہ ﷺ کی محبت میں تبدیل ہوگئی۔ پھر میں رسول اللہ ﷺ کے مکہ کے والی حضرت عَتّابؓ بن اَسِید کے پاس آیا۔ میں نے رسول اللہ ﷺ کے ارشاد کے مطابق ان کی معیت میں نماز کے لئے اذان دی۔

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ وَمُحَمَّدُ بْنُ يَحْيَى قَالاَ حَدَّثَنَا أَبُو عَاصِمٍ أَنْبَأَنَا ابْنُ جُرَيْجٍ أَخْبَرَنِي عَبْدُ الْعَزِيزِ بْنُ عَبْدِ الْمَلِكِ بْنِ أَبِي مَحْذُورَةَ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مُحَيْرِيزٍ - وَكَانَ يَتِيمًا فِي حِجْرِ أَبِي مَحْذُورَةَ بْنِ مِعْيَرٍ حِينَ جَهَّزَهُ إِلَى الشَّامِ - فَقُلْتُ لأَبِي مَحْذُورَةَ أَىْ عَمِّ إِنِّي خَارِجٌ إِلَى الشَّامِ وَإِنِّي أُسْأَلُ عَنْ تَأْذِينِكَ فَأَخْبَرَنِي أَنَّ أَبَا مَحْذُورَةَ قَالَ خَرَجْتُ فِي نَفَرٍ فَكُنَّا بِبَعْضِ الطَّرِيقِ فَأَذَّنَ مُؤَذِّنُ رَسُولِ اللَّهِ ـ صلى الله عليه وسلم ـ بِالصَّلاَةِ عِنْدَ رَسُولِ اللَّهِ ـ صلى الله عليه وسلم ـ فَسَمِعْنَا صَوْتَ الْمُؤَذِّنِ وَنَحْنُ عَنْهُ مُتَنَكِّبُونَ فَصَرَخْنَا نَحْكِيهِ نَهْزَأُ بِهِ فَسَمِعَ رَسُولُ اللَّهِ ـ صلى الله عليه وسلم ـ فَأَرْسَلَ إِلَيْنَا قَوْمًا فَأَقْعَدُونَا بَيْنَ يَدَيْهِ فَقَالَ " أَيُّكُمُ الَّذِي سَمِعْتُ صَوْتَهُ قَدِ ارْتَفَعَ " . فَأَشَارَ إِلَىَّ الْقَوْمُ كُلُّهُمْ وَصَدَقُوا فَأَرْسَلَ كُلَّهُمْ وَحَبَسَنِي وَقَالَ لِي " قُمْ فَأَذِّنْ " . فَقُمْتُ وَلاَ شَىْءَ أَكْرَهُ إِلَىَّ مِنْ رَسُولِ اللَّهِ ـ صلى الله عليه وسلم ـ وَلاَ مِمَّا يَأْمُرُنِي بِهِ فَقُمْتُ بَيْنَ يَدَىْ رَسُولِ اللَّهِ ـ صلى الله عليه وسلم ـ فَأَلْقَى عَلَىَّ رَسُولُ اللَّهِ التَّأْذِينَ هُوَ بِنَفْسِهِ فَقَالَ " قُلِ اللَّهُ أَكْبَرُ اللَّهُ أَكْبَرُ اللَّهُ أَكْبَرُ اللَّهُ أَكْبَرُ أَشْهَدُ أَنْ لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ أَشْهَدُ أَنْ لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ أَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اللَّهِ أَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اللَّهِ " . ثُمَّ قَالَ لِي " ارْجِعْ فَمُدَّ مِنْ صَوْتِكَ أَشْهَدُ أَنْ لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ أَشْهَدُ أَنْ لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ أَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اللَّهِ أَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اللَّهِ حَىَّ عَلَى الصَّلاَةِ حَىَّ عَلَى الصَّلاَةِ حَىَّ عَلَى الْفَلاَحِ حَىَّ عَلَى الْفَلاَحِ اللَّهُ أَكْبَرُ اللَّهُ أَكْبَرُ لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ " . ثُمَّ دَعَانِي حِينَ قَضَيْتُ التَّأْذِينَ فَأَعْطَانِي صُرَّةً فِيهَا شَىْءٌ مِنْ فِضَّةٍ ثُمَّ وَضَعَ يَدَهُ عَلَى نَاصِيَةِ أَبِي مَحْذُورَةَ ثُمَّ أَمَرَّهَا عَلَى وَجْهِهِ مِنْ بَيْنِ يَدَيْهِ ثُمَّ عَلَى كَبِدِهِ ثُمَّ بَلَغَتْ يَدُ رَسُولِ اللَّهِ ـ صلى الله عليه وسلم ـ سُرَّةَ أَبِي مَحْذُورَةَ ثُمَّ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ ـ صلى الله عليه وسلم ـ " بَارَكَ اللَّهُ لَكَ وَبَارَكَ عَلَيْكَ " . فَقُلْتُ يَا رَسُولَ اللَّهِ أَمَرْتَنِي بِالتَّأْذِينِ بِمَكَّةَ قَالَ " نَعَمْ قَدْ أَمَرْتُكَ " . فَذَهَبَ كُلُّ شَىْءٍ كَانَ لِرَسُولِ اللَّهِ ـ صلى الله عليه وسلم ـ مِنْ كَرَاهِيَةٍ وَعَادَ ذَلِكَ كُلُّهُ مَحَبَّةً لِرَسُولِ اللَّهِ ـ صلى الله عليه وسلم ـ فَقَدِمْتُ عَلَى عَتَّابِ بْنِ أَسِيدٍ عَامِلِ رَسُولِ اللَّهِ ـ صلى الله عليه وسلم ـ بِمَكَّةَ فَأَذَّنْتُ مَعَهُ بِالصَّلاَةِ عَلَى أَمْرِ رَسُولِ اللَّهِ ـ صلى الله عليه وسلم ـ . قَالَ وَأَخْبَرَنِي ذَلِكَ مَنْ أَدْرَكَ أَبَا مَحْذُورَةَ عَلَى مَا أَخْبَرَنِي عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مُحَيْرِيزٍ .

Urdu translation: Noor Foundation

کتاب 4: کتاب الأذان والسنة فیھا

آج 10 میں سے 10 باقی