صحیح مسلم 1091: كتاب الْمَسَاجِدِ وَمَوَاضِعِ الصَّلاَةِ
حضرت ابو قتادہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے ہم سے خطاب فرمایا اور ارشاد کیا کہ تم اپنی ساری شام اور ساری رات چلو گے اور کل انشاء اللہ پانی تک پہنچ جاؤ گے۔ لوگ اس طرح چلے کہ کوئی کسی کی طرف متوجہ نہ ہوا۔ حضرت ابو قتادہؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ چلتے جاتے تھے یہاں تک کہ آدھی رات گزر گئی اور میں آپؐ کے پہلو میں تھا۔ وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ کو اونگھ آئی تو آپؐ اپنی سواری پر(ایک طرف) جھک گئے۔ میں آپؐ کے پاس گیا تو میں نے آپؐ کو جگائے بغیر سہارا دیا یہاں تک کہ آپؐ ٹھیک ہو کر اپنی سواری پر بیٹھ گئے۔ پھر آپؐ چلتے گئے یہاں تک کہ اکثر رات گزر گئی۔ (آپؐ پھر اونگھ کے باعث) اپنی سواری پر جھک گئے۔ وہ کہتے ہیں کہ میں نے پھر آپؐ کو بغیر جگائے سہارا دیا یہاں تک کہ آپؐ پھر اپنی سواری پر ٹھیک ہو کر بیٹھ گئے۔ وہ کہتے ہیں پھر آپؐ چلتے گئے یہاں تک کہ سحر کا آخری حصہ آگیا تو آپؐ پہلی دونوں مرتبہ سے بھی زیادہ جھک گئے یہاں تک کہ قریب تھا کہ آپؐ مُڑ کر گر نہ جائیں۔ میں آپؐ کے پاس پہنچا اور آپؐ کو سہارا دیا۔ چنانچہ آپؐ نے اپنا سر اٹھایا اور فرمایا کون ہے؟ میں نے عرض کیا ابو قتادہ۔ آپؐ نے پوچھا کہ تم کب سے یوں میرے ساتھ چل رہے ہو؟ میں نے عرض کیا کہ رات سے میں آپؐ کے ساتھ چل رہا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا اللہ تمہاری حفاظت کرے جس طرح تم نے اس کے نبیؐ کی حفاظت کی۔ پھر آپؐ نے فرمایا کہ کیا تم ہمیں دیکھتے ہو کہ ہم لوگوں کی نظروں سے پوشیدہ ہیں۔ پھر آپؐ نے پوچھا کہ کیا تم کسی کو دیکھتے ہو؟ میں نے عرض کیا کہ یہ ایک سوار ہے۔ پھر میں نے عرض کیا کہ یہ ایک اور سوار ہے۔ یہاں تک کہ ہم جمع ہوئے اور ہم سات سوار تھے وہ کہتے ہیں۔ پھر رسول اللہﷺ راستہ سے ایک طرف ہو گئے۔ پھر آپؐ نے اپنا سر رکھا اور فرمایا کہ ہماری نماز کا خیال رکھنا۔ ہم میں سے سب سے پہلے رسول اللہﷺ بیدار ہوئے اور دھوپ آپؐ کی پشت پر تھی۔ وہ کہتے ہیں ہم گھبرا کر اٹھ کھڑے ہوئے۔ پھر آپؐ نے فرمایا کہ سوار ہو جاؤ۔ پھر ہم سوار ہو کر چلنے لگے یہاں تک کہ سورج بلند ہو گیا تو آپؐ (سواری سے) نیچے اترے۔ پھر آپؐ نے وضوء کا برتن منگوایا جو میرے پاس تھا اور اس میں کچھ پانی تھا۔ وہ کہتے ہیں پھر آپؐ نے ہلکا سا وضوء کیا۔ وہ کہتے ہیں کہ اس میں کچھ پانی بچ گیا۔ پھر آپؐ نے ابو قتادہؓ سے فرمایا کہ اپنے اس وضوء کے برتن کو سنبھال کر رکھو، اس برتن سے عظیم الشان بات ظاہر ہوگی۔ پھر حضرت بلالؓ نے نماز کے لئے اذان دی۔ رسول اللہﷺ نے دو رکعتیں پڑھیں اور صبح کی نماز پڑھائی۔ پھر ہر روز کے معمول کے مطابق آپؐ نے کام کیا۔ وہ کہتے ہیں کہ پھر رسول اللہﷺ سوار ہوئے تو ہم بھی آپؐ کے ساتھ سوار ہو گئے۔ وہ کہتے ہیں کہ ہم میں سے بعض بعض کے ساتھ چہ میگوئیاں کرنے لگے کہ اس کوتاہی کا کیا کفارہ ہے جو ہم سے نماز کے بارہ میں ہوئی تو آپؐ نے فرمایا کیا اس معاملہ میں مَیں تمہارے لئے اسوئہ نہیں ہوں؟ پھر آپؐ نے فرمایا کہ سوجانے میں کوتاہی نہیں ہے بلکہ کوتاہی تو یہ ہے کہ کوئی نماز نہ پڑھے یہاں تک کہ اگلی نماز کا وقت آجائے۔ جو ایسا کرے تو اسے چاہیے کہ جب وہ بیدار ہو تو وہ (نماز) پڑھ لے۔ اگر اگلا دن آجائے تو چاہیے کہ اسے (نماز کو) اس کے وقت پر پڑھے۔ پھر انہوں نے کہا کہ تمہارا کیا خیال ہے لوگوں پر کیا گذری ہوگی۔ وہ کہتے ہیں پھر انہوں نے کہا کہ لوگوں نے صبح اپنے نبیﷺ کو گم پایا۔ تب حضرت ابو بکرؓ و عمرؓ نے کہا کہ رسول اللہﷺ تمہارے پیچھے ہوں گے وہ تمہیں چھوڑ کر جانے والے نہیں ہیں۔ لوگوں نے کہا کہ رسول اللہﷺ تمہارے آگے ہیں۔ پس اگر وہ ابوبکرؓ و عمرؓ کی بات مان لیتے تو ہدایت پا جاتے۔ وہ کہتے ہیں کہ پھر ہم لوگوں تک پہنچے یہاں تک کہ کافی دن چڑھ گیا اور ہر چیز گرم ہوگئی اور وہ کہنے لگے یا رسولؐ اللہ! ہم پیاس کی وجہ سے ہلاک ہو گئے۔ آپؐ نے فرمایا کہ تم ہلاک نہیں ہوئے۔ پھر آپؐ نے فرمایا کہ میرا چھوٹا پیالہ (سامان) کھول کر لے آؤ۔ وہ کہتے ہیں پھر آپؐ نے وضوء کا وہ برتن منگوایا۔ پھر رسول اللہﷺ پانی ڈالنے لگے اور ابو قتادہؓ انہیں پانی پلانے لگے۔ جب لوگوں نے دیکھا کہ پانی صرف اس لوٹے میں ہے تو وہ اس پر ٹوٹ پڑے۔ پھر آپؐ نے فرمایا کہ اچھی طرح پیٹ بھر کر پانی پیو تم سب سیراب ہو جاؤ گے۔ وہ کہتے ہیں کہ انہوں نے ایسا ہی کیا۔ پھر رسول اللہﷺ پانی ڈالنے لگے اور میں انہیں پانی پلانے لگا یہاں تک کہ میرے اور رسول اللہﷺ کے علاوہ کوئی باقی نہ رہا۔ وہ کہتے ہیں پھر رسول اللہﷺ نے پانی ڈالا اور فرمایا کہ پیو، میں نے عرض کیا کہ یا رسولؐ اللہ! جب تک آپؐ نہ پئیں گے میں پانی نہیں پیوں گا۔ آپؐ نے فرمایا کہ لوگوں کو پانی پلانے والا سب سے آخر میں پیتا ہے۔ وہ کہتے ہیں پھر میں نے (پانی) پیا پھر رسول اللہﷺ نے (پانی) پیا۔ وہ کہتے ہیں پھر لوگ سیر ہونے کی حالت میں آرام سے پانی تک پہنچے۔ وہ کہتے ہیں عبداللہؓ بن رباح نے کہا کہ میں یہ حدیث جامع مسجد میں بیان کر رہا تھا جب حضرت عمران بن حصینؓ نے کہا اے جوان! تم کیا کہتے ہو، میں بھی اس رات ان سواروں میں سے ایک تھا۔ وہ کہتے ہیں میں نے کہا کہ آپ اس حدیث کے بارہ میں زیادہ جانتے ہوں گے۔ پھر انہوں نے پوچھا کہ تم کس قوم سے ہو؟ میں نے کہا انصارؓ میں سے۔ انہوں نے کہا کہ پھر بیان کرو تم لوگ اپنی روایتوں کو زیادہ جانتے ہو۔ وہ کہتے ہیں پھر میں نے لوگوں کو روایت بتائی۔ حضرت عمرانؓ کہنے لگے کہ میں بھی اس رات موجود تھا لیکن میرا خیال نہیں تھا کہ جس طرح تم نے اس (حدیث) کو یاد رکھا ہے اس طرح کسی نے اسے یاد رکھا ہو۔
Urdu translation: Noor Foundation