صحیح مسلم 1949: کِتَابُ الصِّیَام
یحییٰ نے بیان کیا کہ میں اور عبداللہ بن یزید چلے یہاں تک ہم ابو سلمہ کے پاس گئے۔ ہم نے ان کے پاس ایک پیغام رساں بھیجا۔ وہ ہمارے پاس آنے کے لئے نکلے۔ ان کے گھر کے دروازے کے پاس ہی مسجد تھی۔ راوی کہتے ہیں ہم مسجد میں ہی تھے کہ وہ ہمارے پاس تشریف لائے۔ انہوں نے کہا اگر تم چاہو تو (اندر) چلو اور اگر چاہو تو یہیں بیٹھو۔
راوی کہتے ہیں ہم نے کہا نہیں بلکہ ہم یہیں بیٹھیں گے۔ آپ ہمیں حدیث سنائیں۔ انہوں نے کہا مجھ سے عبداللہ بن عمر و بن العاص رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ میں روزانہ روزے رکھتا تھا اور ہر رات قرآن پڑھتا تھا۔ وہ کہتے ہیں یا تو نبیؐ کے سامنے میرا ذکر کیا گیا یا آپؐ نے مجھے بلا بھیجا۔ میں آپؐ کے پاس آیا۔ آپؐ نے مجھے فرمایا کیا مجھے خبر نہیں دی گئی کہ تم روزانہ روزہ رکھتے ہو اور رات قرآن کریم پڑھتے رہتے ہو۔ میں نے کہا جی ہاں اے اللہ کے نبیؐ! اور میرا ارادہ اس سے صرف بھلائی کا ہے۔ آپؐ نے فرمایا پھر تمہارے لئے کافی ہے کہ تم ہر ماہ تین روزے رکھو۔ میں نے کہا اے اللہ کے نبیؐ! میں اس سے زیادہ کی طاقت رکھتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا۔ تیری بیوی کا بھی تجھ پر حق ہے اور تیرے مہمان کا بھی تجھ پر حق ہے اور تیرے جسم کا بھی تجھ پر حق ہے۔ آپؐ نے فرمایا۔ پس تم اللہ کے نبی داؤدؑ جیسے روزے رکھو اور وہ لوگوں میں سے سب سے زیادہ اللہ کی عبادت کرنے والے تھے۔ کہتے ہیں میں نے کہا اے اللہ کے نبیؐ! اور داؤدؑ کے روزے کیا تھے؟ آپؐ نے فرمایا وہ ایک دن روزہ رکھتے اور ایک دن روزہ چھوڑ دیتے۔ آپؐ نے فرمایا اور ایک مہینہ میں (پورا) قرآن پڑھ لو۔ وہ کہتے ہیں میں نے کہا اے اللہ کے نبیؐ! میں اس سے زیادہ کی طاقت رکھتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا پھر تم بیس دنوں میں (پورا) قرآن پڑھ لو۔ وہ کہتے ہیں میں نے کہا اے اللہ کے نبیؐ! میں اس سے زیادہ کی طاقت رکھتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا پھر دس دنوں میں (پورا) قرآن پڑھ لو۔ وہ کہتے ہیں میں نے کہا اے اللہ کے نبیؐ! میں اس سے زیادہ کی طاقت رکھتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا پھر ہر سات دن میں قرآن پڑھ لیا کرو اور اس سے زیادہ نہ کرو کیونکہ تیری بیوی کا بھی تجھ پر حق ہے اور تیرے مہمان کا بھی تجھ پر حق ہے اور تیرے جسم کا بھی تجھ پر حق ہے۔ وہ کہتے ہیں میں نے سختی اختیار کی پس مجھ پر سختی کی گئی۔ وہ کہتے ہیں مجھے نبیؐ نے (یہ بھی) فرمایا تمہیں معلوم نہیں شاید تیری عمر لمبی ہو۔ وہ کہتے ہیں میں وہاں پہنچ گیا ہوں جہاں نبیؐ نے فرمایا تھا۔ اب جبکہ میں بوڑھا ہو گیا ہوں میں نے خواہش کی اے کاش میں نے نبی کریمؐ (کی طرف سے ملنے والی) رخصت قبول کر لی ہوتی۔
ایک اور روایت میں ہر ماہ تین دن (کے روزوں) کے ذکر کے بعد یہ اضافہ ہے یقینا تیرے لئے ہر نیکی کا دس گنا بدلہ ہے اور یہ عمر بھر کے (روزے ہو جاتے) ہیں۔ اسی روایت میں ہے میں نے عرض کیا کہ اللہ کے نبیؐ! داؤدؑ کے روزے کیا تھے؟ آپؐ (ﷺ) نے فرمایا آدھی عمر کے اور اس روایت میں قرآن پڑھنے کا ذکر نہیں ہے اور یہ بھی ذکر نہیں کہ تیرے مہمان کا بھی تجھ پر حق ہے۔ بلکہ یہ ذکر ہے کہ تیرے بچوں کا بھی تجھ پر حق ہے۔
وَحَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مُحَمَّدٍ الرُّومِيُّ حَدَّثَنَا النَّضْرُ بْنُ مُحَمَّدٍ حَدَّثَنَا عِكْرِمَةُ - وَهُوَ ابْنُ عَمَّارٍ - حَدَّثَنَا يَحْيَى قَالَ انْطَلَقْتُ أَنَا وَعَبْدُ اللَّهِ بْنُ يَزِيدَ حَتَّى نَأْتِيَ أَبَا سَلَمَةَ فَأَرْسَلْنَا إِلَيْهِ رَسُولاً فَخَرَجَ عَلَيْنَا وَإِذَا عِنْدَ بَابِ دَارِهِ مَسْجِدٌ - قَالَ - فَكُنَّا فِي الْمَسْجِدِ حَتَّى خَرَجَ إِلَيْنَا . فَقَالَ إِنْ تَشَاءُوا أَنْ تَدْخُلُوا وَإِنْ تَشَاءُوا أَنْ تَقْعُدُوا هَا هُنَا . - قَالَ - فَقُلْنَا لاَ بَلْ نَقْعُدُ هَا هُنَا فَحَدِّثْنَا . قَالَ حَدَّثَنِي عَبْدُ اللَّهِ بْنُ عَمْرِو بْنِ الْعَاصِ - رضى الله عنهما - قَالَ كُنْتُ أَصُومُ الدَّهْرَ وَأَقْرَأُ الْقُرْآنَ كُلَّ لَيْلَةٍ - قَالَ - فَإِمَّا ذُكِرْتُ لِلنَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم وَإِمَّا أَرْسَلَ إِلَىَّ فَأَتَيْتُهُ فَقَالَ لِي " أَلَمْ أُخْبَرْ أَنَّكَ تَصُومُ الدَّهْرَ وَتَقْرَأُ الْقُرْآنَ كُلَّ لَيْلَةٍ " . قُلْتُ بَلَى يَا نَبِيَّ اللَّهِ وَلَمْ أُرِدْ بِذَلِكَ إِلاَّ الْخَيْرَ . قَالَ " فَإِنَّ بِحَسْبِكَ أَنْ تَصُومَ مِنْ كُلِّ شَهْرٍ ثَلاَثَةَ أَيَّامٍ " . قُلْتُ يَا نَبِيَّ اللَّهِ إِنِّي أُطِيقُ أَفْضَلَ مِنْ ذَلِكَ . قَالَ " فَإِنَّ لِزَوْجِكَ عَلَيْكَ حَقًّا وَلِزَوْرِكَ عَلَيْكَ حَقًّا وَلِجَسَدِكَ عَلَيْكَ حَقًّا - قَالَ - فَصُمْ صَوْمَ دَاوُدَ نَبِيِّ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَإِنَّهُ كَانَ أَعْبَدَ النَّاسِ " . قَالَ قُلْتُ يَا نَبِيَّ اللَّهِ وَمَا صَوْمُ دَاوُدَ قَالَ " كَانَ يَصُومُ يَوْمًا وَيُفْطِرُ يَوْمًا " . قَالَ " وَاقْرَإِ الْقُرْآنَ فِي كُلِّ شَهْرٍ " . قَالَ قُلْتُ يَا نَبِيَّ اللَّهِ إِنِّي أُطِيقُ أَفْضَلَ مِنْ ذَلِكَ قَالَ " فَاقْرَأْهُ فِي كُلِّ عِشْرِينَ " . قَالَ قُلْتُ يَا نَبِيَّ اللَّهِ إِنِّي أُطِيقُ أَفْضَلَ مِنْ ذَلِكَ قَالَ " فَاقْرَأْهُ فِي كُلِّ عَشْرٍ " . قَالَ قُلْتُ يَا نَبِيَّ اللَّهِ إِنِّي أُطِيقُ أَفْضَلَ مِنْ ذَلِكَ . قَالَ " فَاقْرَأْهُ فِي كُلِّ سَبْعٍ وَلاَ تَزِدْ عَلَى ذَلِكَ . فَإِنَّ لِزَوْجِكَ عَلَيْكَ حَقًّا وَلِزَوْرِكَ عَلَيْكَ حَقًّا وَلِجَسَدِكَ عَلَيْكَ حَقًّا " . قَالَ فَشَدَّدْتُ فَشُدِّدَ عَلَىَّ . قَالَ وَقَالَ لِيَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " إِنَّكَ لاَ تَدْرِي لَعَلَّكَ يَطُولُ بِكَ عُمْرٌ " . قَالَ فَصِرْتُ إِلَى الَّذِي قَالَ لِيَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم فَلَمَّا كَبِرْتُ وَدِدْتُ أَنِّي كُنْتُ قَبِلْتُ رُخْصَةَ نَبِيِّ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم . وَحَدَّثَنِيهِ زُهَيْرُ بْنُ حَرْبٍ حَدَّثَنَا رَوْحُ بْنُ عُبَادَةَ حَدَّثَنَا حُسَيْنٌ الْمُعَلِّمُ عَنْ يَحْيَى بْنِ أَبِي كَثِيرٍ بِهَذَا الإِسْنَادِ وَزَادَ فِيهِ بَعْدَ قَوْلِهِ " مِنْ كُلِّ شَهْرٍ ثَلاَثَةَ أَيَّامٍ " " فَإِنَّ لَكَ بِكُلِّ حَسَنَةٍ عَشْرَ أَمْثَالِهَا فَذَلِكَ الدَّهْرُ كُلُّهُ " . وَقَالَ فِي الْحَدِيثِ قُلْتُ وَمَا صَوْمُ نَبِيِّ اللَّهِ دَاوُدَ قَالَ " نِصْفُ الدَّهْرِ " . وَلَمْ يَذْكُرْ فِي الْحَدِيثِ مِنْ قِرَاءَةِ الْقُرْآنِ شَيْئًا وَلَمْ يَقُلْ " وَإِنَّ لِزَوْرِكَ عَلَيْكَ حَقًّا " . وَلَكِنْ قَالَ " وَإِنَّ لِوَلَدِكَ عَلَيْكَ حَقًّا " .
Urdu translation: Noor Foundation
کتاب 13: کِتَابُ الصِّیَام