صحیح مسلم 2151: كتاب الحج
نافع نے بیان کیا کہ عبداللہ بن عبداللہ اور سالم بن عبداللہ دونوں نے حضرت عبداللہؓ (بن عمرؓ) سے بات کی۔ جب حَجاج نے ابن زبیرؓ سے جنگ کرنے کے لئے پڑاؤ کیا۔ ان دونوں نے (حضرت ابن عمرؓ سے) کہا اگر آپؓ اس سال حج نہ کریں تو کوئی حرج نہیں کیونکہ ہم ڈرتے ہیں کہ لوگوں کے درمیان جنگ ہوگی اور آپؓ کے اور بیت اللہ کے درمیان روک ڈال دی جائے گی۔ انہوں نے کہا اگر میرے اور اس (بیت اللہ) کے درمیان روک ڈالی گئی تو میں ویسا ہی کروں گا جیسا رسول اللہﷺ نے کیا تھا اور میں رسول اللہﷺ کے ساتھ تھا جب کفار قریش آپؐ کے اور بیت اللہ کے درمیان حائل ہو گئے تھے۔ میں تمہیں گواہ ٹھہراتا ہوں کہ میں نے (اپنے اوپر) عمرہ واجب کر لیا ہے۔ پھر وہ چل پڑے یہان تک کہ ذوالحلیفہ پہنچے اور انہوں نے عمرہ کے لئے (احرام باندھ کر) تلبیہ کہنا شروع کیا پھر کہا اگر میرے لئے راستہ کھلا رہنے دیا گیا تو میں عمرہ کروں گا اور اگر میرے اور بیت اللہ کے درمیان روک پیدا کی گئی تو میں ویسا ہی کروں گا جیسے رسول اللہﷺ نے کیا جبکہ میں آپؐ کے ساتھ تھا۔ پھر انہوں نے یہ آیت تلاوت کی: لَقَدْ کَانَ لَکُمْ۔۔۔ یقینا تمہارے لئے اللہ کے رسول میں نیک نمونہ ہے (احزاب: 22) پھر آپؓ چلتے رہے یہان تک کہ بیداء پر پہنچے تو کہا ان دونوں حج و عمرہ کی ایک ہی بات ہے۔ اگر میرے اور عمرہ کے درمیان کوئی روک حائل ہوئی تو میرے اور حج کے درمیان بھی حائل ہو گی۔ میں تمہیں گواہ ٹھہراتا ہوں کہ میں نے اپنے اوپر حج کو عمرہ کے ساتھ واجب کیا ہے۔ پھر آپؓ چلے یہان تک کہ آپؓ نے قدید مقام سے قربانی خریدی۔ پھر انہوں نے حج و عمرہ ان دونوں کے لئے بیت اللہ کا ایک ہی طواف کیا اور صفا مروہ کے درمیان سعی کی۔ پھر ان دونوں کا احرام نہ کھولا یہان تک کہ انہوں نے قربانی کے دن حج کی تکمیل کے بعد ان دونوں کا احرام کھول دیا۔
ایک اور روایت میں ہے حضرت ابن عمرؓ نے اس سال حج کا ارادہ کیا جب حجاج نے حضرت ابن زبیرؓ (سے جنگ) کے لئے پڑاؤ کیا۔ باقی روایت پہلی روایت کی طرح ہی ہے مگر اس روایت کے آخر میں یہ ہے کہ وہ (حضرت ابن عمرؓ) کہا کرتے تھے جو حج اور عمرہ جمع کرے اس کے لئے ایک ہی طواف کافی ہے اور وہ احرام نہ کھولے گا یہان تک کہ ان دونوں کا اکٹھا احرام کھولے۔
Urdu translation: Noor Foundation