صحیح مسلم 251: كتاب الإيمان
مسروق کہتے ہیں میں حضرت عائشہؓ کے ہاں ٹیک لگائے ہوئے (بیٹھا) تھا کہ آپؓ نے کہا اے ابو عائشہ تین باتیں ایسی ہیں کہ جس نے ان میں سے ایک بات بھی کہی تو اس نے اللہ پر بہت بڑا جھوٹ باندھا میں نے پوچھا وہ باتیں کون سی ہیں؟ انہوں نے کہا کہ جس نے کہا کہ محمدﷺ نے اپنے رب کو دیکھا ہے تو اس نے اللہ پر بہت بڑا جھوٹ باندھا۔ وہ کہتے ہیں میں سہارا لئے ہوئے تھا مَیں بیٹھ گیا میں نے کہا اے امّ المؤمنین! مجھے کچھ موقعہ دیں اور میرے بارہ میں جلدی سے کام نہ لیں۔ کیا اللہ عزوجل نے نہیں فرمایا {وَلَقَدْ رَآہُ بِالْاُفُقِ الْمُبِیْنِ { (التکویر: 24) (ترجمہ) اور وہ ضرور اسے روشن افق پر دیکھ چکا ہے اور }وَلَقَدْ رَآہُ نَزْلَۃً اُخْرٰی { (النجم: 14) یعنی: وہ اسے ایک اور کیفیت میں دیکھ چکا ہے۔ حضرت عائشہؓ نے فرمایا کہ اس امت میں سب سے پہلے میں نے اس بارہ میں رسول اللہﷺ سے سوال کیا تو آپؐ نے فرمایا یہ تو صرف جبرائیل ہیں جنہیں میں نے ان کی اس صورت پر جس پر ان کی تخلیق ہوئی نہیں دیکھا سوائے ان دو مرتبہ کے۔ میں نے ان کو آسمان سے اُترتے ہوئے دیکھا۔ ان کے عظیم وجود نے آسمان و زمین کا درمیانی حصہ بھر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کیا تم نے سنا نہیں کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے }لَا تُدْرِکْہُ الْاَبْصَارُ وَھُوَ یُدْرِکُ الْاَبْصَارَ وَھُوَ اللَّطِیْفُ الْخَبِیْرُ { (الانعام: 104) یعنی: آنکھیں اس کو نہیں پاسکتیں ہاں وہ خود آنکھوں تک پہنچتا ہے اور وہ بہت باریک بین اور ہمیشہ خبر رکھنے والا ہے اور کیا تم نے سنا نہیں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے }وَمَا کَانَ لِبَشَرٍ اَنْ یُکَلِّمُہُ اللّٰہُ اِلَّا وَحْیًا { (الشوریٰ: 52) یعنی: اور کسی انسان کیلئے ممکن نہیں کہ اللہ اس سے کلام کرے مگر وحی کے ذریعہ یا پردہ کے پیچھے سے یا کوئی پیغام رساں بھیجے جو اس کے اذن سے جو وہ چاہے وحی کرے یقینا وہ بہت بلند شان (اور) حکمت والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس نے گمان کیا کہ رسول اللہﷺ نے کتاب اللہ میں سے کچھ چھپایا ہے تو اس نے اللہ پر بڑا جھوٹ باندھا جبکہ اللہ فرماتا ہے }یَاَیُّھَا الرَّسُوْلُ بَلِّغْ مَا اُنْزِلَ اِلَیکَ مِنْ رَّبِّکَ وِاِنْ لَمْ تَفْعَلْ فَمَا بَلَّغْتَ رِسَالَتَہُ { (المائدہ: 68) یعنی: اے رسولؐ ! اچھی طرح پہنچا دے جو تیرے رب کی طرف سے تیری طرف اتارا گیا ہے اور اگر تو نے ایسا نہ کیا تو گویا تو نے اس کے پیغام کو نہیں پہنچایا اور (حضرت عائشہؓ ) نے کہا جس نے گمان کیا کہ آپؐ وہ بتا دیتے تھے جو کل ہوگا اس نے اللہ پر بہت بڑا جھوٹ بولا جبکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ } قُلْ لَا یَعْلَمُ مَنْ فِی السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ الْغَیْبَ اِلَّا اللّٰہُ { (النمل: 66) (ترجمہ) تو کہہ دے کہ کوئی بھی جو آسمانوں اور زمین میں ہے غیب کو نہیں جانتا مگر اللہ۔ دا وٗد نے ہمیں اسی اسناد سے ابن علیّہ کی روایت بتائی۔ مزید انہوں نے کہا کہ آپؓ (حضرت عائشہؓ ) نے فرمایا کہ اگر محمدﷺ نے اس میں سے جو آپؐ پر اُتارا گیا کچھ چھپانا ہوتا تو ضرور یہ آیت چھپاتے } اِذْ تَقُوْلُ لِلَّذِیْ اَنْعَمَ اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاَنْعَمْتَ عَلَیْہِ اَمْسِکْ عَلَیْکَ زَوْجَکَ } (الاحزاب: 38) (ترجمہ) اور جب تو اسے کہہ رہا تھا جس پر اللہ نے انعام کیا اور تو نے بھی اس پر انعام کیا کہ اپنی بیوی کو روکے رکھ (یعنی طلاق نہ دے) اور اللہ کا تقویٰ اختیار کر اور تو اپنے نفس میں وہ بات چھپا رہا تھا جسے اللہ ظاہر کرنے والا تھا اور تو لوگوں سے خائف تھا اور اللہ اس بات کا زیادہ حق رکھتا ہے کہ تو اس سے ڈرے۔ مسروق سے روایت ہے کہ میں نے حضرت عائشہؓ سے پوچھا کیا محمدﷺ نے اپنے رب کو دیکھا ہے؟ آپؓ نے فرمایا سبحان اللہ ! جو تم نے کہا ہے اس سے میرے رونگٹے کھڑے ہو گئے ہیں آگے ساری حدیث بیان کی اور دا وٗد کی روایت زیادہ مکمل اور لمبی ہے۔
Urdu translation: Noor Foundation