صحیح مسلم 259: كتاب الإيمان

عطاء بن یزید اللیثی روایت کرتے ہیں کہ حضرت ابو ہریرہؓ نے انہیں بتایا کہ لوگوں نے رسول اللہﷺ کی خدمت میں عرض کیا یا رسولؐ اللہ! کیا قیامت کے روز ہم اپنے ربّ کو دیکھیں گے؟ اس پر رسول اللہﷺ نے فرمایا کیا تمہیں چودھویں رات کو چاند دیکھنے میں کوئی دشواری ہوتی ہے؟ انہوں نے عرض کیا: نہیں یا رسولؐ اللہ! آپؐ نے فرمایا: کیا تمہیں سورج کے دیکھنے میں جبکہ درمیان کوئی بادل حائل نہ ہو کوئی دقّت ہوتی ہے؟ انہوں نے عرض کیا: نہیں یا رسولؐ اللہ! آپؐ نے فرمایا: پس اسی طرح تم اسے دیکھو گے۔ قیامت کے دن اللہ لوگوں کو جمع کرے گا اور فرمائے گا جو جس کی عبادت کرتا تھا اس کے پیچھے ہو جائے۔ پس جو سورج کی عبادت کرتا تھا وہ سورج کے پیچھے جائے گا اور جو کوئی چاند کی عبادت کرتا تھا وہ چاند کے پیچھے جائے گا۔ جو بتوں کی عبادت کرتا تھا وہ بتوں کے پیچھے جائے گا اور یہ اُمت باقی رہ جائے گی جس میں اس کے منافق (بھی) ہوں گے۔ پھر اللہ تعالیٰ ان کے پاس ایسی صورت میں جلوہ گر ہو گا جو ان کے لئے اجنبی ہو گی اور (اللہ) فرمائے گا: مَیں تمہارا ربّ ہوں۔ اس پر وہ کہیں گے ہم تم سے اللہ کی پناہ میں آتے ہیں۔ یہی ہماری جگہ ہے یہانتک کہ ہمارا رب ہمارے پاس آجائے۔ پھر جب ہمارا رب آجائے گا تو ہم اسے پہچان لیں گے۔ پھر اللہ تعالیٰ ان کے پاس ایسی صورت میں جلوہ گر ہو گا جسے وہ پہچانتے ہوں گے۔ وہ فرمائے گا: میں تمہارا رب ہوں۔ اس پر وہ کہیں گے تو ہمارا رب ہے۔ پھر وہ اس کی اتّباع کریں گے۔ دوزخ پر راستہ بنایا جائے گا اور مَیں اور میری امت سب سے پہلے اسے عبور کریں گے۔ اس دن رسولوں کے سوا کوئی کلام نہ کرے گا۔ اس دن رسولوں کی پکار ہو گی اللّٰہم سَلِّم سَلِّم اے اللہ سلامتی نازل فرما، سلامتی نازل فرما اور جہنم میں سعدان کے کانٹوں کی طرح کانٹے اور آنکڑے ہوں گے۔ (آپؐ نے فرمایا) کیا تم نے سعدان کو دیکھا ہے؟ انہوں نے کہا: ہاں یا رسول اللہ! آپؐ نے فرمایا: پس وہ سعدان کے کانٹوں کی مانند ہوں گے مگر اللہ کے سوا کوئی نہیں جانتا کہ وہ کتنے بڑے ہوں گے۔ وہ لوگوں کو ان کے اعمال کے سبب اچک لیں گے۔ ان میں ایسے مؤمن (بھی) ہوں گے جو اپنے عمل کی وجہ سے باقی رہ جائیں گے اور ان میں سے بعض سے (کچھ) بدلہ لیا جائے گا یہاں تک کہ اس کو نجات ملے۔ پھر اللہ تعالیٰ بندوں کے درمیان فیصلہ کر کے فارغ ہو جائے گا تو آگ والوں میں سے جن کے بارے میں (آگ سے) نکالنے کا ارادہ فرمائے گا تو وہ فرشتوں کو حکم فرمائے گا کہ جو اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہیں ٹھہراتا تھا اسے آگ سے نکال دیں۔ اُن میں سے جس پر اللہ رحم کا ارادہ فرمائے گا تو فرشتوں کو حکم دے گا کہ جو لا الٰہ الا اللہ کہتا ہے اسے بھی آگ سے نکال دیں۔ پس وہ انہیں آگ میں پہچان لیں گے ان کو سجدے کے نشان سے پہچان لیں گے کیونکہ آگ ابن آدم کو سوائے سجدے کے نشان کے بھسم کردے گی۔ اللہ نے آگ پر حرام کر دیا ہے کہ وہ سجدے کے نشان کو بھسم کرے۔ پس انہیں آگ سے نکال دیا جائے گا تو وہ جلے ہوئے ہوں گے پھر ان پر زندگی کا پانی ڈالا جائے گا۔ پھر وہ اس (پانی) سے یوں نشوونما پائیں گے جیسے سیلاب کی مٹی میں ایک دانہ نشوونما پاتا ہے۔ پھر جب اللہ تعالیٰ بندوں کے درمیان فیصلہ کر کے فارغ ہو جائے گا تو ایک شخص باقی رہ جائے گا جو آگ کی طرف منہ کئے ہوئے ہوگا۔ سب سے آخر میں جنت میں داخل ہونے والا یہی ہوگا۔ تب وہ کہے گا اے میرے ربّ میرے چہرے کو آگ سے پھیر دے اس کی بدبو مجھے تکلیف دیتی ہے اور اس کی تپش مجھے جلاتی ہے۔ اور وہ اللہ سے دعا مانگے گا جتنی دیر اللہ چاہے کہ اس سے دعا کرے۔ پھر اللہ تبارک و تعالیٰ فرمائے گا کہیں ایسا تو نہیں کہ اگر میں ایسا کردوں تو تو اس کے علاوہ کچھ اور مانگنے لگے۔ اس پر وہ کہے گا نہیں اس کے علاوہ میں تجھ سے کچھ نہیں مانگوں گا پھر جتنا اللہ چاہے گا وہ اپنے رب سے عہد اور پختہ وعدے کرے گا پھر اللہ اس کے چہرے کو آگ سے پھیر دے گا۔ پھر جب وہ جنت کی طرف متوجہ ہوگا اور اسے دیکھے گا تو جب تک اللہ چاہے گا خاموش رہے گا پھر وہ کہے گا اے میرے ربّ! مجھے جنت کے دروازے تک لے جا۔ تب اللہ اسے فرمائے گا کیا تو نے پختہ عہد و پیمان نہ کئے تھے کہ تو اس کے علاوہ جو میں نے تجھے دے دیا ہے کوئی سوال نہیں کرے گا۔ اے ابنِ آدم تجھ پر افسوس ہے تو کتنا بد عہد ہے! تب وہ کہے گا اے میرے ربّ! وہ اللہ کو پکارتا رہے گا یہانتک کہ وہ اسے کہے گا کہ کہیں ایسا تو نہیں کہ اگر میں تجھے یہ دے دوں تو تو اس کے علاوہ مجھ سے مانگنے لگے۔ تب وہ کہے گا تیری عزّت کی قسم نہیں۔ پھر جتنا اللہ چاہے گا وہ اپنے رب سے پختہ عہد و پیمان کرے گا تو وہ اسے جنت کے دروازے تک لے جائے گا۔ پھر جب وہ جنت کے دروازے پر کھڑا ہوگا تو جنت اس کے لئے بہت وسیع ہو جائے گی تو وہ اس میں ہر قسم کی خیر اور خوشی دیکھے گا۔ تو جب تک اللہ چاہے گا کہ خاموش رہے وہ خاموش رہے گا۔ پھر کہے گا اے میرے رب! مجھے جنت میں داخل کر دے۔ تب اللہ تبارک و تعالیٰ اسے فرمائے گا: کیا تو نے پختہ عہد و پیمان نہ کئے تھے کہ تو اس کے علاوہ کچھ نہ مانگے گا جو تجھے عطا کر دیا گیا ہے۔ اے ابنِ آدم! تجھ پر افسوس ہے تو کتنا بد عہد ہے! تب وہ کہے گا اے میرے رب! میں تیری مخلوق میں سے سب سے بد بخت نہیں ہونا چاہتا۔ پس وہ اللہ سے دعا کرتا رہے گا یہاں تک کہ اللہ تبارک و تعالیٰ اس پر ہنسے گا۔ جب اللہ اس پر ہنس پڑے گا تو فرمائے گا جنت میں داخل ہو جا۔ جب وہ اس میں داخل ہو جائے گا تو اللہ اس سے فرمائے گا کہ تمنا کر۔ پس وہ اپنے رب سے مانگے گا اور تمنّا کرے گا یہاں تک کہ اللہ اسے بتائے گا کہ یہ نعمت بھی ہے یہ بھی ہے۔ یہانتک کہ جب اس کی سب تمنائیں ختم ہو جائیں گی تو اللہ تعالیٰ اسے فرمائے گا یہ بھی تیرے لئے ہیں بلکہ اتنا ہی اور بھی۔ عطاء بن یزید کہتے ہیں کہ حضرت ابو سعید خدریؓ حضرت ابو ہریرہؓ کے ساتھ تھے اور انہوں نے ان کی روایت میں سے ان کی کسی بات کی تردید نہیں کی مگر حضرت ابوہریرہؓ نے یہ بیان کیا کہ اللہ نے اس شخص سے فرمایا ’’وَمِثْلُہُ مَعَہُ‘‘ اتنا ہی اس کے ساتھ اور، حضرت ابو سعیدؓ نے کہا عَشَرَۃُ اَمْثَالِہِ مَعَہُ یَااَبَا ہُرَیْرَۃَ‘‘ اے ابو ہریرہؓ! اس جیسی دس اس کے ساتھ۔ حضرت ابو ہریرہؓ نے کہا کہ مجھے آپؐ کا صرف اتنا فرمانا یاد ہے ’’ذَلِکَ لَکَ وَ مِثْلُہُ مَعَہُ‘‘ یہ تیرے لئے ہے اور اس جیسی اور بھی۔ حضرت ابو سعیدؓ نے کہا میں گواہی دیتا ہوں کہ مجھے رسول اللہﷺ کا یہ فرمانا یاد ہے ’’ذَلِکَ لَک وَ عَشَرَۃُ اَمْثَالِہِ حضرت ابو ہریرہؓ کہتے ہیں: یہ جنت میں داخل ہونے والا آخری شخص ہوگا۔ زہری سے روایت ہے کہ مجھے سعید بن مسیب اور عطاء بن یزید اللیثی نے بتایا کہ حضرت ابو ہریرہؓ نے ان دونوں کو بتایا کہ لوگوں نے نبیﷺ کی خدمت میں عرض کیا کہ یا رسولؐ اللہ! کیا قیامت کے دن ہم اپنے رب کو دیکھیں گے؟ آگے انہوں نے ابراہیم بن سعد کے ہم معنٰی روایت بیان کی۔

حَدَّثَنِي زُهَيْرُ بْنُ حَرْبٍ حَدَّثَنَا يَعْقُوبُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ حَدَّثَنَا أَبِي عَنِ ابْنِ شِهَابٍ عَنْ عَطَاءِ بْنِ يَزِيدَ اللَّيْثِيِّ أَنَّ أَبَا هُرَيْرَةَ أَخْبَرَهُ أَنَّ نَاسًا قَالُوا لِرَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَا رَسُولَ اللَّهِ هَلْ نَرَى رَبَّنَا يَوْمَ الْقِيَامَةِ فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " هَلْ تُضَارُّونَ فِي رُؤْيَةِ الْقَمَرِ لَيْلَةَ الْبَدْرِ " . قَالُوا لاَ يَا رَسُولَ اللَّهِ . قَالَ " هَلْ تُضَارُّونَ فِي الشَّمْسِ لَيْسَ دُونَهَا سَحَابٌ " . قَالُوا لاَ يَا رَسُولَ اللَّهِ . قَالَ " فَإِنَّكُمْ تَرَوْنَهُ كَذَلِكَ يَجْمَعُ اللَّهُ النَّاسَ يَوْمَ الْقِيَامَةِ فَيَقُولُ مَنْ كَانَ يَعْبُدُ شَيْئًا فَلْيَتَّبِعْهُ . فَيَتَّبِعُ مَنْ كَانَ يَعْبُدُ الشَّمْسَ الشَّمْسَ وَيَتَّبِعُ مَنْ كَانَ يَعْبُدُ الْقَمَرَ الْقَمَرَ وَيَتَّبِعُ مَنْ كَانَ يَعْبُدُ الطَّوَاغِيتَ الطَّوَاغِيتَ وَتَبْقَى هَذِهِ الأُمَّةُ فِيهَا مُنَافِقُوهَا فَيَأْتِيهِمُ اللَّهُ - تَبَارَكَ وَتَعَالَى - فِي صُورَةٍ غَيْرِ صُورَتِهِ الَّتِي يَعْرِفُونَ فَيَقُولُ أَنَا رَبُّكُمْ . فَيَقُولُونَ نَعُوذُ بِاللَّهِ مِنْكَ هَذَا مَكَانُنَا حَتَّى يَأْتِيَنَا رَبُّنَا فَإِذَا جَاءَ رَبُّنَا عَرَفْنَاهُ . فَيَأْتِيهِمُ اللَّهُ تَعَالَى فِي صُورَتِهِ الَّتِي يَعْرِفُونَ فَيَقُولُ أَنَا رَبُّكُمْ . فَيَقُولُونَ أَنْتَ رَبُّنَا . فَيَتَّبِعُونَهُ وَيُضْرَبُ الصِّرَاطُ بَيْنَ ظَهْرَىْ جَهَنَّمَ فَأَكُونُ أَنَا وَأُمَّتِي أَوَّلَ مَنْ يُجِيزُ وَلاَ يَتَكَلَّمُ يَوْمَئِذٍ إِلاَّ الرُّسُلُ وَدَعْوَى الرُّسُلِ يَوْمَئِذٍ اللَّهُمَّ سَلِّمْ سَلِّمْ . وَفِي جَهَنَّمَ كَلاَلِيبُ مِثْلُ شَوْكِ السَّعْدَانِ هَلْ رَأَيْتُمُ السَّعْدَانَ " . قَالُوا نَعَمْ يَا رَسُولَ اللَّهِ . قَالَ " فَإِنَّهَا مِثْلُ شَوْكِ السَّعْدَانِ غَيْرَ أَنَّهُ لاَ يَعْلَمُ مَا قَدْرُ عِظَمِهَا إِلاَّ اللَّهُ تَخْطَفُ النَّاسَ بِأَعْمَالِهِمْ فَمِنْهُمُ الْمُؤْمِنُ بَقِيَ بِعَمَلِهِ وَمِنْهُمُ الْمُجَازَى حَتَّى يُنَجَّى حَتَّى إِذَا فَرَغَ اللَّهُ مِنَ الْقَضَاءِ بَيْنَ الْعِبَادِ وَأَرَادَ أَنْ يُخْرِجَ بِرَحْمَتِهِ مَنْ أَرَادَ مِنْ أَهْلِ النَّارِ أَمَرَ الْمَلاَئِكَةَ أَنْ يُخْرِجُوا مِنَ النَّارِ مَنْ كَانَ لاَ يُشْرِكُ بِاللَّهِ شَيْئًا مِمَّنْ أَرَادَ اللَّهُ تَعَالَى أَنْ يَرْحَمَهُ مِمَّنْ يَقُولُ لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ . فَيَعْرِفُونَهُمْ فِي النَّارِ يَعْرِفُونَهُمْ بِأَثَرِ السُّجُودِ تَأْكُلُ النَّارُ مِنِ ابْنِ آدَمَ إِلاَّ أَثَرَ السُّجُودِ حَرَّمَ اللَّهُ عَلَى النَّارِ أَنْ تَأْكُلَ أَثَرَ السُّجُودِ . فَيُخْرَجُونَ مِنَ النَّارِ وَقَدِ امْتَحَشُوا فَيُصَبُّ عَلَيْهِمْ مَاءُ الْحَيَاةِ فَيَنْبُتُونَ مِنْهُ كَمَا تَنْبُتُ الْحِبَّةُ فِي حَمِيلِ السَّيْلِ ثُمَّ يَفْرُغُ اللَّهُ تَعَالَى مِنَ الْقَضَاءِ بَيْنَ الْعِبَادِ وَيَبْقَى رَجُلٌ مُقْبِلٌ بِوَجْهِهِ عَلَى النَّارِ وَهُوَ آخِرُ أَهْلِ الْجَنَّةِ دُخُولاً الْجَنَّةَ فَيَقُولُ أَىْ رَبِّ اصْرِفْ وَجْهِي عَنِ النَّارِ فَإِنَّهُ قَدْ قَشَبَنِي رِيحُهَا وَأَحْرَقَنِي ذَكَاؤُهَا فَيَدْعُو اللَّهَ مَا شَاءَ اللَّهُ أَنْ يَدْعُوَهُ ثُمَّ يَقُولُ اللَّهُ تَبَارَكَ وَتَعَالَى هَلْ عَسَيْتَ إِنْ فَعَلْتُ ذَلِكَ بِكَ أَنْ تَسْأَلَ غَيْرَهُ . فَيَقُولُ لاَ أَسْأَلُكَ غَيْرَهُ . وَيُعْطِي رَبَّهُ مِنْ عُهُودٍ وَمَوَاثِيقَ مَا شَاءَ اللَّهُ فَيَصْرِفُ اللَّهُ وَجْهَهُ عَنِ النَّارِ فَإِذَا أَقْبَلَ عَلَى الْجَنَّةِ وَرَآهَا سَكَتَ مَا شَاءَ اللَّهُ أَنْ يَسْكُتَ ثُمَّ يَقُولُ أَىْ رَبِّ قَدِّمْنِي إِلَى بَابِ الْجَنَّةِ . فَيَقُولُ اللَّهُ لَهُ أَلَيْسَ قَدْ أَعْطَيْتَ عُهُودَكَ وَمَوَاثِيقَكَ لاَ تَسْأَلُنِي غَيْرَ الَّذِي أَعْطَيْتُكَ وَيْلَكَ يَا ابْنَ آدَمَ مَا أَغْدَرَكَ . فَيَقُولُ أَىْ رَبِّ وَيَدْعُو اللَّهَ حَتَّى يَقُولَ لَهُ فَهَلْ عَسَيْتَ إِنْ أَعْطَيْتُكَ ذَلِكَ أَنْ تَسْأَلَ غَيْرَهُ . فَيَقُولُ لاَ وَعِزَّتِكَ . فَيُعطِي رَبَّهُ مَا شَاءَ اللَّهُ مِنْ عُهُودٍ وَمَوَاثِيقَ فَيُقَدِّمُهُ إِلَى بَابِ الْجَنَّةِ فَإِذَا قَامَ عَلَى بَابِ الْجَنَّةِ انْفَهَقَتْ لَهُ الْجَنَّةُ فَرَأَى مَا فِيهَا مِنَ الْخَيْرِ وَالسُّرُورِ فَيَسْكُتُ مَا شَاءَ اللَّهُ أَنْ يَسْكُتَ ثُمَّ يَقُولُ أَىْ رَبِّ أَدْخِلْنِي الْجَنَّةَ . فَيَقُولُ اللَّهُ تَبَارَكَ وَتَعَالَى لَهُ أَلَيْسَ قَدْ أَعْطَيْتَ عُهُودَكَ وَمَوَاثِيقَكَ أَنْ لاَ تَسْأَلَ غَيْرَ مَا أُعْطِيتَ وَيْلَكَ يَا ابْنَ آدَمَ مَا أَغْدَرَكَ . فَيَقُولُ أَىْ رَبِّ لاَ أَكُونُ أَشْقَى خَلْقِكَ . فَلاَ يَزَالُ يَدْعُو اللَّهَ حَتَّى يَضْحَكَ اللَّهُ تَبَارَكَ وَتَعَالَى مِنْهُ فَإِذَا ضَحِكَ اللَّهُ مِنْهُ قَالَ ادْخُلِ الْجَنَّةَ . فَإِذَا دَخَلَهَا قَالَ اللَّهُ لَهُ تَمَنَّهْ . فَيَسْأَلُ رَبَّهُ وَيَتَمَنَّى حَتَّى إِنَّ اللَّهَ لَيُذَكِّرُهُ مِنْ كَذَا وَكَذَا حَتَّى إِذَا انْقَطَعَتْ بِهِ الأَمَانِيُّ قَالَ اللَّهُ تَعَالَى ذَلِكَ لَكَ وَمِثْلُهُ مَعَهُ " . قَالَ عَطَاءُ بْنُ يَزِيدَ وَأَبُو سَعِيدٍ الْخُدْرِيُّ مَعَ أَبِي هُرَيْرَةَ لاَ يَرُدُّ عَلَيْهِ مِنْ حَدِيثِهِ شَيْئًا . حَتَّى إِذَا حَدَّثَ أَبُو هُرَيْرَةَ أَنَّ اللَّهَ قَالَ لِذَلِكَ الرَّجُلِ وَمِثْلُهُ مَعَهُ . قَالَ أَبُو سَعِيدٍ وَعَشَرَةُ أَمْثَالِهِ مَعَهُ يَا أَبَا هُرَيْرَةَ . قَالَ أَبُو هُرَيْرَةَ مَا حَفِظْتُ إِلاَّ قَوْلَهُ ذَلِكَ لَكَ وَمِثْلُهُ مَعَهُ . قَالَ أَبُو سَعِيدٍ أَشْهَدُ أَنِّي حَفِظْتُ مِنْ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم قَوْلَهُ ذَلِكَ لَكَ وَعَشَرَةُ أَمْثَالِهِ . قَالَ أَبُو هُرَيْرَةَ وَذَلِكَ الرَّجُلُ آخِرُ أَهْلِ الْجَنَّةِ دُخُولاً الْجَنَّةَ . حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ عَبْدِ الرَّحْمَنِ الدَّارِمِيُّ أَخْبَرَنَا أَبُو الْيَمَانِ أَخْبَرَنَا شُعَيْبٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ قَالَ أَخْبَرَنِي سَعِيدُ بْنُ الْمُسَيَّبِ وَعَطَاءُ بْنُ يَزِيدَ اللَّيْثِيُّ أَنَّ أَبَا هُرَيْرَةَ أَخْبَرَهُمَا أَنَّ النَّاسَ قَالُوا لِلنَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم يَا رَسُولَ اللَّهِ هَلْ نَرَى رَبَّنَا يَوْمَ الْقِيَامَةِ وَسَاقَ الْحَدِيثَ بِمِثْلِ مَعْنَى حَدِيثِ إِبْرَاهِيمَ بْنِ سَعْدٍ .

Urdu translation: Noor Foundation

کتاب 1: كتاب الإيمان

آج 10 میں سے 10 باقی