صحیح مسلم 2984: كتاب المساقاة
حضرت جابر بن عبد اللہؓ سے روایت ہے کہ میں رسول اللہﷺ کے ساتھ ایک غزوہ میں شریک تھا۔ آپؐ مجھے آ ملے۔ میری سواری میرا پانی کھینچنے والا اونٹ تھا جو تھک گیا تھا اور چلتا نہ تھا۔ وہ کہتے ہیں آپؐ نے مجھ سے پوچھا تمہارے اونٹ کو کیا ہوا ہے؟ وہ کہتے ہیں میں نے عرض کیا کہ بیمار ہے۔ وہ کہتے ہیں تو رسول اللہﷺ پیچھے ہٹے اور اسے انگیخت کی اور اس کے لئے دعا کی۔ پس وہ سب اونٹوں سے آگے آگے چلنے لگا۔ وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے مجھ سے فرمایا اب اپنے اونٹ کو کیسا پاتے ہو؟ وہ کہتے ہیں میں نے عرض کیا بہت اچھا۔ اسے آپؐ کی برکت پہنچی ہے۔ آپؐ نے فرمایا کیا تم اسے میرے پاس بیچتے ہو؟ مجھے شرم آئی اور ہمارا اس کے علاوہ کوئی پانی لانے والا اونٹ نہ تھا۔ وہ کہتے ہیں میں نے کہا جی ہاں اور میں نے اسے آپؐ کے پاس بیچ دیا اس بات پر کہ مدینہ پہنچنے تک میں اس پر سوار رہوں گا۔ وہ کہتے ہیں کہ میں نے آپؐ سے عرض کیا یا رسولؐ اللہ! میں نے نئی نئی شادی کی ہے اور میں نے آپؐ سے اجازت چاہی۔ آپؐ نے مجھے اجازت دے دی اور میں مدینہ کی طرف لوگوں سے آگے نکل گیا اور وہاں پہنچ گیا۔ میرے ماموں مجھے ملے انہوں نے مجھ سے اونٹ کے بارہ میں پوچھا۔ میں نے اس کے بارہ میں جو میں نے کیا تھا بتایا تو انہوں نے مجھے اس پر ملامت کی۔ وہ کہتے ہیں کہ جب میں نے رسول اللہﷺ سے اجازت مانگی تھی تو آپؐ نے مجھے فرمایا تھا کہ تم نے کس سے شادی کی ہے؟ کنواری سے یا بیوہ سے؟ میں نے آپؐ سے عرض کیا کہ بیوہ سے شادی کی ہے۔ آپؐ نے فرمایا کہ تم نے کنواری سے کیوں نہ شادی کی؟ وہ تم سے کھیلتی اور تم اس سے کھیلتے۔ میں نے آپؐ سے عرض کیا یا رسولؐ اللہ! میرے والد فوت ہوگئے یا کہا کہ شہید ہوگئے اور میری چھوٹی بہنیں ہیں اس لئے میں نے پسند نہ کیا کہ ان کے پاس ان جیسی بیاہ کر لاؤں جو ان کی تربیت نہ کر سکے۔ نہ ان کا خیال رکھ سکے۔ اس لئے بیوہ سے شادی کی تاکہ وہ ان کا خیال رکھے اور ان کی تربیت کرے۔ وہ کہتے ہیں کہ پھر جب رسول اللہﷺ مدینہ تشریف لائے، میں صبح آپؐ کی خدمت میں اونٹ لے کر حاضر ہوا۔ آپؐ نے مجھے اس کی قیمت دے دی اور وہ (اونٹ) بھی مجھے واپس کردیا۔
ایک اور روایت میں ہے کہ حضرت جابرؓ بیان کرتے ہیں کہ ہم رسول اللہﷺ کے ساتھ مکہ سے مدینہ آئے تو میرا اونٹ بیمار پڑ گیا پھر باقی روایت اسی طرح بیان کی۔ اس روایت میں یہ ہے کہ پھر آپﷺ نے مجھے فرمایا کہ یہ اونٹ میرے پاس بیچ دو۔ میں نے عرض کیا نہیں حضورؐ یہ آپؐ کا ہی ہے۔ آپؐ نے فرمایا نہیں بلکہ اسے میرے پاس فروخت کرو۔ میں نے کہا نہیں بلکہ یا رسولؐ اللہ! وہ آپؐ کا ہی ہے۔ آپؐ نے فرمایا نہیں بلکہ یہ میرے پاس بیچ دو۔ میں نے عرض کیا کہ مجھ پر ایک اُوقیہ سونا قرض ہے۔ یہ اونٹ اس (اُوقیہ) کے عوض آپؐ کا ہوا۔ آپؐ نے فرمایا میں نے لے لیا تم اس پر مدینہ پہنچو۔ وہ کہتے ہیں کہ جب میں مدینہ پہنچا تو رسول اللہﷺ نے حضرت بلالؓ سے فرمایا اسے سونے کا ایک اُوقیہ دے دو اور اسے کچھ زیادہ بھی دینا۔ جابرؓ کہتے ہیں کہ انہوں نے مجھے ایک اُوقیہ سونا اور ایک قیراط زائد دیا۔ وہ کہتے ہیں میں نے کہا کہ رسول اللہﷺ کا یہ زائد (انعام) مجھ سے جدا نہ ہونے پائے گا۔ وہ کہتے ہیں کہ وہ میری ایک تھیلی میں تھا جو اہل شام نے یوم الحرہ میں چھین لی۔ ایک اور روایت میں ہے کہ حضرت جابر بن عبداللہؓ بیان کرتے ہیں کہ ہم نبیﷺ کے ساتھ ایک سفر میں تھے میرا پانی لانے والا اونٹ پیچھے رہ گیا۔ پھر راوی نے باقی روایت بیان کی اور اس میں یہ کہا کہ رسول اللہﷺ نے اسے چھڑی چبھوئی پھر مجھے فرمایا کہ اللہ کا نام لے کر سوار ہوجاؤ اور اس روایت میں یہ بھی اضافہ ہے کہ انہوں (حضرت جابرؓ) نے کہا کہ آپؐ مجھے زیادہ عطا فرماتے رہے اور فرماتے تھے کہ اللہ تمہاری مغفرت فرمائے۔
Urdu translation: Noor Foundation