صحیح مسلم 3285: كتاب الجهاد والسير
ایاس بن سلمہ بیان کرتے ہیں کہ میرے پاس میرے والدؓ نے بیان کیا وہ کہتے ہیں ہم نے فزارہ قبیلہ سے جنگ کی اور ہمارے امیر حضرت ابو بکرؓ تھے آپؓ کو رسول اللہ ﷺ نے ہم پر امیر بنایا تھا۔ جب ہمارے اور پانی کے درمیان ایک گھنٹہ کا فاصلہ رہ گیا تو حضرت ابو بکرؓ نے حکم دیا تو ہم نے رات کے پچھلے پہر پڑاؤ کیا۔ پھر ہم اور وہ پانی پر پہنچے۔ انہوں (حضرت ابو بکرؓ) نے ہر طرف سے حملہ کیا اور اس پر جن کو قتل کیا ان کو قتل کیا اور قیدی بنائے۔ اور میں لوگوں کی جماعت کو جس میں بچے اور عورتیں تھیں دیکھتا تھا۔ میں ڈرا کہ وہ مجھ سے پہلے پہاڑ پر نہ چڑھ جائیں تو میں نے ان کے اور پہاڑ کے درمیان تیر چلایا۔ جب انہوں نے تیر دیکھا تو ٹھہر گئے، میں انہیں ہانکتے ہوئے لایا۔ ان میں بنی فزارہ کی ایک عورت تھی جس پر پرانی پوستین تھی _قشع نطع یعنی چمڑے کو کہتے ہیں_ اور اس کے ساتھ اس کی بیٹی تھی جو عرب کی خوب صورت ترین لڑکیوں میں سے تھی۔ میں انہیں گھیر کر لایا یہاں تک کہ حضرت ابو بکرؓ کے پاس لے آیا۔ حضرت ابو بکرؓ نے اس کی بیٹی مجھے عطیہ کے طور پر دے دی۔ ہم مدینہ آئے۔ میں نے اس کا کپڑا نہیں کھولا۔ مجھے رسول اللہ ﷺ بازار میں ملے اور فرمایا اے سلمہ! وہ عورت مجھے دے دو۔ میں نے کہا اللہ کی قسم یا رسولؐ اللہ! وہ مجھے بہت اچھی لگتی ہے اور میں نے اس کا کپڑا نہیں کھولا۔ اگلے دن مجھے پھر رسول اللہ ﷺ بازار میں ملے اور مجھ سے فرمایا اے سلمہ! وہ عورت مجھے دے دو۔ تمہارا باپ اچھا تھا۔ میں نے کہا یا رسولؐ اللہ! وہ آپؐ کی ہوئی۔ اللہ کی قسم میں نے اس کا کپڑا نہیں کھولا۔ رسول اللہ ﷺ نے اُسے مکہ والوں کی طرف بھجوایا اور اس کے بدلہ مسلمانوں کے بہت سے لوگ آزاد کروائے جو مکہ میں قید ہوگئے تھے۔
Urdu translation: Noor Foundation