صحیح مسلم 4333: كتاب الفضائل
عروہ بن زبیرؓ سے روایت ہے کہ حضرت عبداللہ بن زبیرؓ نے انہیں بتایا کہ انصارؓ میں سے ایک آدمی نے رسول اللہﷺ کی موجودگی میں پتھریلی زمین میں پانی کے نالوں کے بارہ میں حضرت زبیرؓ سے جھگڑا کیا جن کے ذریعہ وہ کھجور کے درختوں کو پانی دیتے تھے۔ انصاریؓ نے کہا کہ پانی چھوڑ دو کہ وہ چلتا رہے لیکن انہوں نے انکار کیا۔ وہ رسول اللہﷺ کے پاس اپنا جھگڑا لے کر گئے۔ رسول اللہﷺ نے زبیرؓ سے فرمایا کہ تم (درختوں کو) پانی دو پھر اپنے پڑوسی کے لئے پانی چھوڑ دو۔ اس پر انصاریؓ غصہ میں آگیا اور اس نے کہا یا رسولؐ اللہ! (اس لئے) کہ آپؐ کی پھوپھی کا بیٹا ہے۔ اس پر اللہ کے نبیﷺ کے چہرہ کا رنگ متغیر ہو گیا۔ پھر آپؐ نے فرمایا اے زبیرؓ! تم پانی لگاؤ پھر پانی روکے رکھو یہاں تک کہ پانی منڈیروں تک پہنچ جائے۔ حضرت زبیرؓ کہتے ہیں اللہ کی قسم میرا گمان ہے کہ یہ آیت اس بارہ میں نازل ہوئی۔ فَلَا وَرَبِّکَ لَا یُؤْمِنُوْنَ حَتَّی یُحَکِّمُوْنَکَ فِیْمَا شَجَرَ بَیْنَہُمْ ثُمَّ لَا یَجِدُوْا فِیْ اَنْفُسِہِمْ حَرَجًا ترجمہ: نہیں تیرے رب کی قسم وہ کبھی ایمان نہیں لا سکتے جب تک کہ وہ تجھے ان امور میں منصف نہ بنالیں جن میں ان کے درمیان جھگڑا ہوا ہے۔۔۔۔ وہ اپنے دلوں میں کوئی تنگی نہ پائیں۔
Urdu translation: Noor Foundation