صحیح مسلم 4374: كتاب الفضائل

حضرت عبداللہ بن عباسؓ سے روایت ہے کہ ان کی اور حُرّ بن قیس بن حصن الفزاری کی حضرت موسیٰؑ کے ساتھی کے بارہ میں بحث ہوئی۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا کہ وہ خضرؑ تھے۔ اسی اثناء میں حضرت ابیّ بن کعبؓ انصاری ان دونوں کے پاس سے گزرے تو حضرت ابن عباسؓ نے انہیں بلایا اور کہا اے ابو طفیل! ہمارے پاس آؤ، میری اور میرے ساتھی کی موسیٰؑ کے اس ساتھی کے بارہ میں بحث ہوئی ہے جس کی ملاقات کے لئے انہوں نے راستہ پوچھا تھا۔ پس کیا آپؓ نے رسول اللہﷺ کو اس بارہ میں کچھ فرماتے ہوئے سنا ہے؟ اس پر حضرت اُبَیؓ نے کہا میں نے رسول اللہﷺ کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ موسیٰؑ بنی اسرائیل کی ایک مجلس میں تھے کہ ایک شخص ان کے پاس آیا اور موسیٰؑ سے کہا کیا آپ ایسے شخص کو جانتے ہیں جو آپ سے زیادہ عالم ہو؟ موسیٰؑ نے کہا نہیں۔ اس پر اللہ نے حضرت موسیٰؑ کی طرف وحی کی نہیں بلکہ ہمارا بندہ خضرؑ ہے راوی نے کہا کہ پھر حضرت موسیٰؑ نے ان سے ملنے کے لئے راستہ پوچھا تو اللہ نے ان کے لئے مچھلی کو نشان بنایا اور ان سے کہا گیا کہ جب تم مچھلی گم کرو تو واپس آنا۔ یقینا تم ضرور اس سے مل لو گے۔ پھر موسیٰؑ جتنا اللہ نے چاہا چلتے گئے۔ پھر انہوں نے اپنے جوان سے کہا ہمیں ہمارا کھانا لادو۔ موسیٰؑ کے جوان نے، جب آپ نے اس سے کھانا طلب کیا، کہا دیکھیں جب ہم نے چٹان پر پناہ لی تھی تو میں مچھلی بھول گیا اور مجھے شیطان کے سوا کسی نے یہ بات نہیں بھلائی کہ میں اسے یاد رکھتا تو موسیٰؑ نے اپنے جوان سے کہا یہی تو ہم چاہتے تھے۔ پس وہ دونوں اپنے نقوش قدم کا کھوج لگاتے ہوئے لوٹ گئے اور انہوں نے خضرؑ کو پایا۔ پس یہ ان دونوں کا حال تھا جو اللہ نے اپنی کتاب میں بیان فرمایا سوائے اس کے کہ (راوی) یونس نے کہا کہ موسیٰؑ اس مچھلی کے پیچھے پیچھے چلتے تھے جو سمندر میں تھی۔

حَدَّثَنِي حَرْمَلَةُ بْنُ يَحْيَى أَخْبَرَنَا ابْنُ وَهْبٍ أَخْبَرَنِي يُونُسُ عَنِ ابْنِ شِهَابٍ عَنْ عُبَيْدِ اللَّهِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُتْبَةَ بْنِ مَسْعُودٍ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَبَّاسٍ أَنَّهُ تَمَارَى هُوَ وَالْحُرُّ بْنُ قَيْسِ بْنِ حِصْنٍ الْفَزَارِيُّ فِي صَاحِبِ مُوسَى عَلَيْهِ السَّلاَمُ فَقَالَ ابْنُ عَبَّاسٍ هُوَ الْخَضِرُ . فَمَرَّ بِهِمَا أُبَىُّ بْنُ كَعْبٍ الأَنْصَارِيُّ فَدَعَاهُ ابْنُ عَبَّاسٍ فَقَالَ يَا أَبَا الطُّفَيْلِ هَلُمَّ إِلَيْنَا فَإِنِّي قَدْ تَمَارَيْتُ أَنَا وَصَاحِبِي هَذَا فِي صَاحِبِ مُوسَى الَّذِي سَأَلَ السَّبِيلَ إِلَى لُقِيِّهِ فَهَلْ سَمِعْتَ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَذْكُرُ شَأْنَهُ فَقَالَ أُبَىٌّ سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَقُولُ " بَيْنَمَا مُوسَى فِي مَلإٍ مِنْ بَنِي إِسْرَائِيلَ إِذْ جَاءَهُ رَجُلٌ فَقَالَ لَهُ هَلْ تَعْلَمُ أَحَدًا أَعْلَمُ مِنْكَ قَالَ مُوسَى لاَ . فَأَوْحَى اللَّهُ إِلَى مُوسَى بَلْ عَبْدُنَا الْخَضِرُ - قَالَ - فَسَأَلَ مُوسَى السَّبِيلَ إِلَى لُقِيِّهِ فَجَعَلَ اللَّهُ لَهُ الْحُوتَ آيَةً وَقِيلَ لَهُ إِذَا افْتَقَدْتَ الْحُوتَ فَارْجِعْ فَإِنَّكَ سَتَلْقَاهُ فَسَارَ مُوسَى مَا شَاءَ اللَّهُ أَنْ يَسِيرَ ثُمَّ قَالَ لِفَتَاهُ آتِنَا غَدَاءَنَا . فَقَالَ فَتَى مُوسَى حِينَ سَأَلَهُ الْغَدَاءَ أَرَأَيْتَ إِذْ أَوَيْنَا إِلَى الصَّخْرَةِ فَإِنِّي نَسِيتُ الْحُوتَ وَمَا أَنْسَانِيهُ إِلاَّ الشَّيْطَانُ أَنْ أَذْكُرَهُ . فَقَالَ مُوسَى لِفَتَاهُ ذَلِكَ مَا كُنَّا نَبْغِي . فَارْتَدَّا عَلَى آثَارِهِمَا قَصَصًا فَوَجَدَا خَضِرًا . فَكَانَ مِنْ شَأْنِهِمَا مَا قَصَّ اللَّهُ فِي كِتَابِهِ " . إِلاَّ أَنَّ يُونُسَ قَالَ فَكَانَ يَتَّبِعُ أَثَرَ الْحُوتِ فِي الْبَحْرِ .

Urdu translation: Noor Foundation

کتاب 43: كتاب الفضائل

آج 10 میں سے 10 باقی