صحیح مسلم 4611: كتاب البر والصلة والآداب
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں جریج راہب خانہ میں عبادت کر رہا تھا کہ اس کی ماں آئی۔ حُمید کہتے ہیں کہ ابو رافع نے ہم سے حضرت ابو ہریرہؓ کی وہ کیفیّت بیان کی جو رسول اللہﷺ نے اس (جریج) کی ماں کی بیان کی تھی۔ جب اس نے اسے (جریج کو) پکارا کہ کس طرح اس نے اپنی ہتھیلی کو اپنے ابرو کے اوپر رکھا تھا۔ پھر اس نے اسے (جریج کو) بلاتے ہوئے اپنا سر اس کی طرف اُٹھایا اور کہا اے جُریج میں تیری ماں ہوں مجھ سے بات کر لیکن اس نے اسے نماز پڑھتے پایا اور اس نے کہا اے اللہ (ایک طرف) میری ماں ہے (دوسری طرف) میری نماز۔ اس نے اپنی نماز کو ترجیح دی۔ اس پر (اس کی ماں) لوٹ گئی پھر دوبارہ واپس آئی اور کہا اے جریج تیری ماں ہوں مجھ سے بات کر اس نے کہا اے اللہ (ایک طرف) میری ماں ہے (دوسری طرف) میری نماز۔ اس نے پھر اپنی نماز کو ترجیح دی۔ تب اس (کی ماں) نے کہا اے اللہ! یہ جریج ہے اور یہ میرا بیٹا ہے میں نے اس سے بات کرنی چاہی لیکن اس نے مجھ سے بات کرنے سے انکار کردیا۔ اے اللہ اس کو نہ مارنا جب تک کہ تو اسے بدکار عورتیں نہ دکھا دے۔ راوی کہتے ہیں اگر وہ اس کے لئے بد دعا کرتی کہ وہ کسی فتنہ میں ڈالا جائے تو وہ ضرور ڈالا جاتا۔ راوی بیان کرتے ہیں کہ ایک بھیڑوں کا چرواہا تھا جو اس (جریج) کے راہب خانہ میں آکر ٹھہرا کرتا تھا بیان کرتے ہیں کہ بستی سے ایک عورت ادھر آنکلی تو چرواہا اس پر جا پڑا جس کے نتیجہ میں وہ حاملہ ہوگئی اور ایک لڑکے کو جنم دیا اس سے کہا گیا کہ یہ کیا ہے؟ اس (عورت) نے کہا اس راہب خانے والے کا ہے۔ وہ بیان کرتے ہیں پھر وہ اپنی کلہاڑیاں اور کسیاں لے آئے اور اسے آواز دی اور اُسے (جریج کو) انہوں نے نماز پڑھتے ہوئے پایا اس لئے اس نے ان سے کوئی بات نہ کی وہ بیان کرتے ہیں کہ وہ (لوگ) جریج کے راہب خانہ کو گرانے لگے جب اس نے یہ دیکھا تو وہ ان کے پاس نیچے آیا تو انہوں نے اس سے کہا کہ اس (عورت) سے پوچھو۔ وہ بیان کرتے ہیں کہ اس پر وہ مسکرایا اور بچہ کے سر پر ہاتھ پھیرا اور اس سے پوچھا تمہارا باپ کون ہے؟ اس (بچہ) نے کہا میرا باپ بھیڑوں کا چرواہا ہے۔ جب انہوں نے اس سے یہ سنا تو انہوں نے کہا کہ ہم نے تیرے راہب خانہ کا جو حصہ گرایا ہے۔ ہم اسے سونے چاندی کا بنائے دیتے ہیں۔ اُس نے کہا نہیں بلکہ پہلے کی طرح مٹی کا بنا دو پھر وہ اس راہب خانہ کے اوپر چلا گیا۔
Urdu translation: Noor Foundation