صحیح مسلم 4612: كتاب البر والصلة والآداب
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ نبیﷺ نے فرمایا کہ پنگھوڑے میں صرف تین نے کلام کیا حضرت عیسیٰ ابن مریمؑ نے اور جریج والے نے اور جریج عبادت کرنے والا آدمی تھا اور وہ ایک راہب خانہ میں رہتا تھا وہ اس میں تھا کہ اس کی ماں اس کے پاس آئی جبکہ وہ نماز پڑھ رہا تھا۔ اور اس نے کہا اے جریج! تب اس نے کہا اے میرے رب (ایک طرف) میری ماں ہے (تو دوسری طرف) میری نماز۔ پھر وہ اپنی نماز کی طرف متوجہ رہا۔ وہ چلی گئی جب اگلا روز آیا وہ اس کے پاس آئی جبکہ وہ نماز پڑھ رہا تھا۔ اور اس نے کہا اے جریج! اس پر اس نے کہا اے میرے رب (ایک طرف) میری ماں ہے (تو ایک طرف) میری نماز۔ وہ اپنی نماز کی طرف متوجہ رہا۔ اس پر وہ چلی گئی پھر جب اگلا روز ہوا تو وہ اس کے پاس آئی جبکہ وہ نماز پڑھ رہا تھا اس نے کہا اے جریج! اس پر اس نے کہا اے میرے رب (ایک طرف) میری ماں ہے (تو دوسری طرف) میری نماز۔ اور وہ اپنی نماز کی طرف ہی متوجہ رہا۔ اس پر (اس کی ماں) نے کہا اے اللہ اس کو موت نہ دینا یہاں تک کہ یہ بدکار عورتوں کے منہ نہ دیکھ لے۔ پھر بنی اسرائیل جریج اور اس کی عبادت کا تذکرہ کرنے لگے۔ اور ایک بدکار عورت تھی جس کی خوبصورتی کی مثال دی جاتی تھی اس نے کہا کہ اگر تم لوگ چاہو تو میں ضرور تمہارے لئے اسے آزمائش میں ڈال دوں۔ وہ بیان کرتے ہیں کہ پھر اس نے جریج کو اپنا آپ پیش کیا۔ لیکن اس نے اس کی طرف کوئی توجہ نہ کی۔ پھر وہ ایک چرواہے کے پاس آئی جو اس کے راہب خانہ میں ٹھہرا کرتا تھا۔ اس عورت نے اسے اپنے پر اختیار دیا۔ اس چرواہے نے اس سے صحبت کی اور وہ حاملہ ہوگئی۔ جب اس نے بچہ کو جنم دیا تو کہنے لگی کہ یہ جریج کا بچہ ہے۔ اس پر لوگ اس کے پاس آئے اور اسے نیچے آنے کے لئے کہا اور اس کے راہب خانہ کو منہدم کردیا اور اسے مارنے لگے اس نے کہا کہ تمہیں ہوا کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ تم نے اس بدکار سے بدکاری کی ہے۔ چنانچہ اس نے تجھ سے ایک بچہ کو جنم دیا ہے۔ اس نے کہا کہ وہ بچہ کہاں ہے؟ وہ اسے لے آئے اس نے کہا کہ مجھے ذرا نماز پڑھ لینے دو اس نے نما ز پڑھی۔ جب وہ فارغ ہوا تو بچہ کے پاس آیا اور اس کے پیٹ میں انگلی چبھوئی اور کہا اے لڑکے تیرا باپ کون ہے؟ اس نے کہا کہ فلاں چرواہا۔ وہ بیان کرتے ہیں کہ پھر وہ (لوگ) جریج کی طرف متوجہ ہوئے اور اسے چومنے اور اس سے برکت حاصل کرنے لگے اور کہا کہ ہم تیرے لئے سونے کا راہب خانہ بنائے دیتے ہیں۔ اُس نے کہا نہیں، اسے اسی طرح مٹی کا بنادو جیسے پہلے تھا چنانچہ انہوں نے بنا دیا۔ اس دوران میں کہ ایک بچہ اپنی ماں کا دودھ پی رہا تھا کہ ایک عمدہ خوبصورت جانور پر ایک آدمی گزرا تو اس کی ماں نے کہا کہ اللہ میرے بچہ کو اس جیسا بنادے۔ اس پر اس (بچہ) نے دودھ پینا چھوڑ دیا اور اس (شخص) کی طرف متوجہ ہوا اور اس کی طرف دیکھ کر کہا۔ اے اللہ مجھے اس جیسا نہ بنانا۔ پھر وہ دودھ پینے لگا۔ راوی کہتے ہیں کہ گویا میں رسول اللہﷺ کو اپنی شہادت کی انگلی اپنے منہ میں ڈالے اس کے دودھ پینے کی کیفیت کو بیان کرتے دیکھ رہا ہوں۔ آپؐ اسے چوسنے لگے وہ کہتے ہیں پھر کچھ لوگ ایک لونڈی کو لئے گذرے وہ اسے مار رہے تھے اور کہتے تھے کہ تونے زنا کیا اور تونے چوری کی ہے اور وہ کہتی اللہ میرے لئے کافی ہے اور وہ کیا ہی اچھا کارساز ہے تب اس کی ماں نے کہا اے اللہ میرے بیٹے کو اس جیسا نہ بنانا اس پر اس (بچہ) نے دودھ پینا چھوڑ دیا اور اس (عورت) کی طرف دیکھا اور کہا اے اللہ مجھے اس جیسا بنادے۔ چنانچہ اس وقت دونوں (ماں بیٹے) میں اس بات پر تکرار ہوئی۔ اس (عورت) نے کہا تیرا بھلا ہو کہ ایک خوبصورت شکل و صورت کا آدمی گذرا تو میں نے کہا اے اللہ میرے بیٹے کو اس جیسا بنادے تب تو نے کہا اے اللہ مجھے ایسا مت بنانا۔ پھر لوگ اس لونڈی کو لئے گذرے اور وہ اسے مار رہے تھے اور کہتے تھے کہ تونے زنا کیا اور تونے چوری کی ہے تو میں نے کہا اے اللہ میرے بیٹے کو اس (عورت) جیسا مت بنانا اس پر تو نے کہا کہ اے اللہ مجھے اس جیسا بنادے۔ اس بچہ نے کہا کہ وہ شخص بہت ظالم تھا۔ تو میں نے کہا کہ اے اللہ مجھے اس جیسا نہ بنانا اور یہ عورت جس کے بارہ میں کہتے تھے کہ تونے زنا کیا اور تونے چوری کی ہے جبکہ نہ اس نے زنا کیا اور نہ اس نے چوری کی تھی تب میں نے کہا اے اللہ مجھے اس (عورت) جیسا بنادے۔
Urdu translation: Noor Foundation