صحیح مسلم 4848: كتاب الذكر والدعاء والتوبة والاستغفار
مصعب بن سعد اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ ایک بدوی رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا کہ مجھے کوئی ایسی بات سکھائیے جو میں کہا کروں۔ آپؐ نے فرمایا یہ کہا کرو لَا اِلٰہَ اِلَّا اللَّہُ وَحْدَہُ لَا شَرِیْکَ لَہُ اَللّٰہُ اَکْبَرُ کَبِیْرًا وَالْحَمْدُ لِلّہِ کَثِیْرًا سُبْحَانَ اللّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہِ الْعَزِیْزِ الْحَکِیْمِ: اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں وہ اکیلا ہے اس کا کوئی شریک نہیں۔ اللہ سب سے بڑا ہے اور اللہ کے لئے بہت حمد ہے، پاک ہے اللہ جو تمام جہانوں کا رب ہے نہ کوئی طاقت ہے نہ کوئی قوت ہے مگر اللہ کو جو غالب بزرگی والا اور خوب حکمت والا ہے۔ اس بدوی نے عرض کیا یہ تو میرے رب کے لئے ہیں میرے لئے کیا ہے؟ آپؐ نے فرمایا یہ کہا کرو اَللّٰہُمَّ اغْفِرْ لِیْ وَارْحَمْنِیْ وَاھْدِنِیْ وَارْزُقْنِیْ اے اللہ! مجھے بخش دے، مجھ پر رحم فرما، مجھے ہدایت دے اور مجھے رزق عطا فرما۔ راوی موسیٰ کہتے ہیں کہ جہاں تک عَافِنِی کا تعلق ہے مجھے اس میں شبہ ہے اور مجھے صحیح پتہ نہیں۔ ایک اور روایت میں راوی موسیٰ کے اس قول کا ذکر نہیں ہے۔
Urdu translation: Noor Foundation