صحیح مسلم 4959: كتاب التوبة
ابن شہاب بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ غزوئہ تبوک کے لئے تشریف لے گئے۔ آپؐ کا قصد اہل روم اور شام کے عرب کے عیسائیوں کی طرف تھا۔ ابن شہاب کہتے ہیں کہ مجھے عبدالرحمن بن عبداللہ بن کعبؓ بن مالک نے بتایا کہ عبداللہ بن کعب، کعبؓ کے نابینا ہونے کے بعد ان کے بیٹوں میں سے ان کے گائیڈ تھے۔ راوی کہتے ہیں کہ میں نے حضرت کعبؓ بن مالک کو اپنا واقعہ بیان کرتے ہوئے سنا جب وہ غزوئہ تبوک میں رسول اللہﷺ سے پیچھے رہ گئے تھے۔ حضرت کعبؓ بن مالک نے بیان کیا کہ میں سوائے غزوئہ تبوک کے کبھی کسی غزوہ میں رسول اللہﷺ سے پیچھے نہیں رہا۔ ہاں غزوئہ بدر میں بھی میں پیچھے رہ گیا تھا۔ لیکن اس موقعہ پر آپؐ نے کسی پیچھے رہنے والے پر اظہارِ ناراضگی نہیں فرمایا تھا۔ اس وقت رسول اللہﷺ اور مسلمان صرف قریش کے ایک قافلہ کے ارادہ سے نکلے تھے یہاں تک کہ اللہ نے انہیں اور ان کے دشمنوں کو پہلے سے طے کئے ہوئے وقت کے بغیر اکٹھا کردیا اور میں عقبہ کی رات بھی رسول اللہﷺ کے ساتھ تھا جب ہم نے اسلام پر پختہ عہد کیا تھا اور میں پسند نہیں کرتا کہ اس (بیعت عقبہ) کی بجائے بدر میں حاضر ہوتا اگرچہ (اس بیعت عقبہ) کی نسبت جنگ بدر کا لوگوں میں زیادہ چرچا ہے۔ میرا واقعہ یوں ہے جب میں غزوئہ تبوک میں رسول اللہﷺ سے پیچھے رہ گیا تھا۔ میں کبھی اپنی زندگی میں اتنا مضبوط اور خوشحال نہیں تھا جتنا کہ اس وقت تھا جب میں اس غزوہ میں آپؐ سے پیچھے رہ گیا تھا اور اللہ کی قسم اس سے قبل کبھی میں نے سواری کی دو اونٹنیاں اکٹھی نہیں کی تھیں لیکن اس غزوہ کے وقت میرے پاس دو اونٹنیاں تھیں۔ رسول اللہﷺ سخت گرمی میں اس غزوہ کے لئے روانہ ہوئے اور آپؐ کو ایک لمبے سفر اور صحراء کا سامنا تھا اور ایک بڑی تعداد میں دشمن سے مقابلہ تھا اور آپؐ نے مسلمانوں پر یہ صورت حال اچھی طرح واضح کر دی تھی تاکہ وہ اپنے غزوہ کے لئے خوب اچھی طرح تیاری کر لیں۔ آپؐ نے انہیں اس سمت کا بھی بتا دیا تھا جس کا آپؐ ارادہ رکھتے تھے اور رسول اللہﷺ کے ساتھ مسلمانوں کی تعداد بہت زیادہ تھی جن کا کسی محفوظ کرنے والی کتاب میں ذکر نہیں تھا ان کی مراد اس سے رجسٹر تھی۔ حضرت کعبؓ کہتے ہیں کہ شاذ ہی کوئی ایسا شخص ہوگا جو پیچھے رہ کر یہ سمجھتا ہو کہ اس کا معاملہ آپﷺ پر اس وقت تک مخفی رہے گا جب تک اس کے بارے میں اللہ عزّوجل کی وحی نہ اترے۔ رسول اللہﷺ اس غزوہ کے لئے تشریف لے گئے جب پھل پک چکے تھے اور سائے خوشگوار لگتے تھے اور میں ان کی طرف مائل تھا اور رسول اللہﷺ اور لوگ تیاری کرنے لگے اور میں نے کوئی تیاری نہ کی اور لوگوں کی کوشش جاری رہی۔ پھر میں بھی صبح جاتا کہ ان کے ساتھ تیاری کروں لیکن واپس لوٹ آتا۔ میں اپنے دل میں سوچتا کہ میں اس پر قادر ہوں جب بھی چاہوں اور میرا یہ معاملہ طول پکڑتا تھا۔ پس رسول اللہﷺ ایک صبح روانہ ہو گئے اور مسلمان آپؐ کے ساتھ تھے اور میں نے کچھ تیاری نہ کی اور میں صبح نکلا اور واپس آگیا۔ اور میں نے کچھ نہ کیا اور دیر تک میری یہ کیفیت چلتی رہی یہاں تک کہ وہ تیزی سے چل پڑے اور اہلِ غزوہ دور نکل گئے اور میرے لئے ممکن نہ ہو سکا اور میں نے ارادہ کیا کہ روانہ ہو جاؤں اور ان کو جا ملوں۔ اے کاش! میں نے ایسا کر لیا ہوتا مگر میرے لئے یہ مقدر نہ تھا۔ رسول اللہﷺ کے جانے کے بعد جب بھی میں باہر لوگوں میں جاتا تو مجھے یہ بات غمگین کرتی کہ میں کوئی آدمی نہ دیکھتا جس میں اپنا نمونہ پاتا۔ صرف ایسا آدمی دیکھتا یا تو وہ شخص جن پہ منافقت کا الزام تھا یا کمزور لوگوں میں سے کوئی شخص جنہیں اللہ نے معذور ٹھہرایا تھا۔ بہرحال رسول اللہﷺ نے میرا ذکر نہ فرمایا یہاں تک کہ آپؐ تبوک (مقام پر) پہنچ گئے۔ تبوک میں جب آپؐ لوگوں میں تشریف فرما تھے آپؐ نے فرمایا کعب کو کیا ہوا؟ تب بنی سلمہ کے ایک شخص نے کہا یا رسولؐ اللہ! اس کو اس کی امارت اور اس کی خود پسندی نے روک لیا ہے۔ اس پر حضرت معاذ بن جبلؓ نے اس سے کہا کہ تم نے بہت بُرا کہا۔ اللہ کی قسم یا رسولؐ اللہ! ہم تو اس میں خیر کے سوا کچھ نہیں جانتے۔ اس پر رسول اللہﷺ خاموش رہے۔ اسی اثناء میں آپؐ نے سفید کپڑوں میں ملبوس ایک شخص کو دور سے آتے ہوئے دیکھا جس سے سراب ہٹ رہا تھا۔ اس پر رسول اللہﷺ نے فرمایا ’’ابو خیثمہ ہو جا‘‘۔ تو وہ ابو خیثمہؓ انصاری ہی تھے۔ یہ وہ ہیں جنہوں نے کھجور کا ایک صاع صدقہ دیا تھا اور منافقوں نے ہنسی اڑائی تھی۔ کعب کہتے ہیں کہ جب لفظی ترجمہ عربی محاورہ کا یہ ہے کہ’’اس کی دو چادریں اور اس کا اپنے دونوں پہلوؤں کو دیکھنا‘‘ مجھے یہ خبر پہنچی کہ رسول اللہﷺ تبوک سے واپس تشریف لا رہے ہیں تو مجھے پریشانی پیدا ہوئی اور میں جھوٹے بہانے سوچنے لگا کہ کل کس طرح آپؐ کی ناراضگی سے بچ سکتا ہوں اور میں نے اس بارے میں اپنے گھر کے تمام سمجھدار لوگوں سے مشورہ بھی کیا۔ جب مجھے بتایا گیا کہ رسول اللہﷺ (مدینہ) پہنچنے والے ہیں تو مجھ سے سب جھوٹ جاتا رہا اور میں سمجھ گیا کہ آپؐ کی ناراضگی سے میں کسی طرح بچ نہیں سکتا۔ میں نے آپؐ سے سچ بولنے کا پختہ ارادہ کر لیا۔ صبح کے وقت رسول اللہﷺ تشریف لائے۔ آپؐ کا طریق تھا کہ جب آپؐ سفر سے واپس تشریف لاتے تو پہلے مسجد سے شروع کرتے اور اس میں دو رکعت ادا کرتے۔ پھر لوگوں کی خاطر تشریف رکھتے۔ جب آپؐ نے ایسا کیا تو پیچھے رہنے والے لوگ آپؐ کے پاس آکر عذر پیش کرنے لگے اور قسمیں کھانے لگے۔ یہ سب اسّی (80) سے کچھ اوپر تھے۔ رسول اللہﷺ نے جو انہوں نے ظاہر کیا اس کو قبول فرمایا۔ ان سے بیعت لی اور ان کے لئے مغفرت کی دعا کی اور ان کے باطن کو اللہ کے سپرد کردیا پھر میں حاضر ہوا۔ جب میں نے سلام عرض کیا تو آپؐ نے یوں تبسم فرمایا جیسے ناراض شخص کا تبسم ہوتا ہے۔ پھر آپؐ نے فرمایا آؤ۔ میں چل کر آیا یہاں تک کہ میں آپؐ کے سامنے بیٹھ گیا تو آپؐ نے مجھ سے فرمایا تم کیوں پیچھے رہ گئے تھے؟ کیا تم نے اپنی سواری نہیں خریدی تھی؟ وہ کہتے ہیں میں نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ! اللہ کی قسم اگر میں آپؐ کے سوا کسی دنیا والے کے سامنے بیٹھا ہوتا تو میرا خیال ہے کوئی عذر پیش کر کے اس کی ناراضگی سے بچ سکتا تھا کیونکہ مجھے قوّت بیانیہ دی گئی ہے۔ لیکن اللہ کی قسم مجھے یہ بھی پتہ ہے کہ اگر آج میں نے آپؐ کے سامنے جھوٹی بات بیان کی جس سے آپؐ مجھ سے راضی ہو جائیں تو بعید نہیں کہ اللہ آپؐ کو مجھ سے ناراض کر دے اور اگر میں آپؐ کو سچی بات بتاؤں جس سے آپؐ مجھ سے ناراض ہوں مگر میں اس میں اللہ کی طرف سے اچھے انجام کی امید رکھتا ہوں، اللہ کی قسم میرے پاس کوئی عذر نہیں ہے۔ جب میں آپؐ سے پیچھے رہ گیا تھا تو اس سے پہلے میں اس سے زیادہ طاقتور اور خوشحال کبھی نہ تھا۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا جہاں تک اس کا تعلق ہے، اس نے سچ بولا ہے۔ (پھر فرمایا) اب جاؤ یہاں تک کہ اللہ تمہارے بارے میں فیصلہ فرما دے۔ چنانچہ میں اُٹھ کھڑا ہوا۔ بنی سلمہ کے کچھ لوگ تیزی سے اُٹھے، میرے پیچھے آئے اور مجھ سے کہا اللہ کی قسم اس سے قبل ہمارے علم کے مطابق تم نے کبھی کوئی قصور نہیں کیا۔ کیا تم اس بات سے عاجز آگئے کہ رسول اللہﷺ کی خدمت میں دوسرے پیچھے رہنے والوں کی طرح کوئی عذر پیش کر دیتے اور تمہارے گناہ کے لئے رسول اللہﷺ کا تمہارے لئے استغفار کافی تھا۔ وہ کہتے ہیں خدا کی قسم وہ مجھے ملامت کرتے رہے یہاں تک کہ میں نے ارادہ کیا کہ میں رسول اللہﷺ کے پاس لوٹ جاؤں اور اپنے آپ کو جھٹلاوں۔ وہ کہتے ہیں پھر میں نے ان سے پوچھا کہ میرے ساتھ کوئی اور بھی (اس صورت حال) سے دوچار ہوا ہے؟ انہوں نے کہا ہاں دو آدمی تمہارے ساتھ اس سے دوچار ہوئے ہیں۔ اور ان دونوں نے بھی وہی کہا ہے جو تم نے کہا اور انہیں بھی وہی جواب دیا گیا ہے جو تمہیں دیا گیا۔ وہ کہتے ہیں میں نے کہا وہ دونوں کون ہیں؟ انہوں نے کہا مُرارہؓ بن ربیعہ عامری اور ہلالؓ بن امیہ واقفی۔ وہ کہتے ہیں انہوں نے مجھ سے ان دو نیک شخصوں کا ذکر کیا جو بدر میں شامل ہوئے تھے۔ ان میں میرے لئے نمونہ تھا۔ وہ کہتے ہیں کہ جب انہوں نے ان دو اشخاص کا مجھ سے ذکر کیا تو میں چلا گیا اور پیچھے رہنے والوں میں سے ہم تینوں کے ساتھ کلام کرنے سے مسلمانوں کو منع فرما دیا۔ اس پر لوگ ہم سے اجتناب کرنے لگے۔ وہ کہتے ہیں کہ لوگ ہمارے لئے بدل گئے یہاں تک کہ زمین بھی میرے لئے اوپری ہو گئی جسے میں نہیں پہچانتا تھا۔ پچاس راتیں ہم پر اسی کیفیت میں گذریں۔ جہاں تک میرے دونوں ساتھیوں کا تعلق ہے وہ نڈھال ہو گئے اور اپنے گھروں میں بیٹھے روتے رہتے۔ میں ان میں سے جوان اور مضبوط تھا۔ میں باہر نکلتا اور نماز میں شامل ہوتا اور بازاروں میں گھومتا مگر کوئی مجھ سے بات نہ کرتا۔ نماز کے بعد جب رسول اللہﷺ اپنی مجلس میں تشریف فرما ہوتے تو میں آپؐ کے پاس آکر سلام عرض کرتا اور دل میں کہتا پتہ نہیں رسول اللہﷺ نے سلام کے جواب میں اپنے ہونٹ ہلائے ہیں یا نہیں؟ پھر میں آپؐ کے قریب ہی نماز پڑھنے لگتا اور مخفی نظر سے آپؐ کو دیکھتا۔ جب میں اپنی نماز کی طرف متوجہ ہوتا آپؐ میری طرف دیکھتے اور جب میں آپؐ کی طرف متوجہ ہوتا تو آپؐ مجھ سے رُخ پھیر لیتے اور جب مسلمانوں کی بے رُخی کا عرصہ مجھ پر لمبا ہو گیا تو میں چلا یہاں تک کہ اپنے چچا زاد بھائی ابو قتادہؓ جو لوگوں میں مجھے سب سے زیادہ محبوب تھا کے باغ کی دیوار پھلانگی اور اسے سلام کہا مگر خدا کی قسم اس نے مجھے سلام کا جواب نہیں دیا۔ تب میں نے اسے کہا اے ابو قتادہؓ! میں تمہیں خدا کی قسم دیتا ہوں کیا تمہیں پتہ نہیں کہ میں اللہ اور اس کے رسول سے محبت کرتا ہوں۔ وہ کہتے ہیں کہ وہ خاموش رہا۔ میں نے پھر ایسا کہا اور اسے قسم دی مگر وہ خاموش رہا۔ میں نے پھر یہی کہا پھر میں نے قسم دی تو اس نے کہا اللہ اور اس کے رسولؐ بہتر جانتے ہیں۔ اس پر میری آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے۔ چنانچہ میں پیچھے مڑا اور دیوار پھلانگ کر واپس آ گیا۔ اس اثناء میں کہ میں مدینہ کے بازار میں جا رہا تھا کہ علاقہ شام کے نبطیوں میں سے ایک نبطی جو مدینہ میں اناج بیچنے کے لئے لایا تھا کہہ رہا تھا کعبؓ بن مالک کے بارے میں کون بتائے گا۔ حضرت کعبؓ کہتے ہیں لوگ اس کو میری طرف اشارہ کر کے بتانے لگے پھر وہ میرے پاس آیا اور اس نے غسّان کے بادشاہ کا ایک خط مجھے دیا۔ میں خود لکھ پڑھ سکتا تھا۔ میں نے وہ پڑھا۔ اس میں تھا اما بعد ہمیں خبر پہنچی ہے کہ تمہارے صاحب نے تم پر ظلم کیا ہے اور اللہ نے تمہیں ذلّت اور ضائع ہونے کے مقام پر نہیں رکھا۔ پس تم ہم سے آ ملو، ہم تم سے نیک سلوک کریں گے۔ وہ کہتے ہیں جب میں نے یہ خط پڑھا تو میں نے کہا کہ یہ بھی ایک آزمائش ہے۔ پس میں وہ خط لے کر تنور کے پاس گیا اور اسے اس میں جھونک دیا۔ ابھی پچاس راتوں میں سے چالیس راتیں گزری تھیں اور (ہمارے بارے میں) وحی ابھی نہیں اُتری تھی کہ ایک روز میرے پاس رسول اللہﷺ کا ایک قاصد آیا اور کہنے لگا کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ہے کہ تم اپنی بیوی سے الگ رہو۔ وہ کہتے ہیں میں نے اس سے پوچھا کیا میں اسے طلاق دے دوں یا کیا کروں؟ اس نے کہا نہیں بلکہ اس سے الگ رہو اور اس سے مقاربت نہ کرو۔ وہ کہتے ہیں کہ میرے دونوں ساتھیوں کو بھی آپؐ نے ایسا ہی حکم دیا۔ وہ کہتے ہیں میں نے اپنی بیوی سے کہا کہ تم اپنے ماں باپ کے ہاں چلی جاؤ اور اس وقت تک وہیں رہو جب تک اللہ میرے اس معاملہ میں کوئی فیصلہ نہ فرما دے۔ وہ کہتے ہیں ہلال بن امیہؓ کی بیوی رسول اللہﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئی اور آپؐ سے عرض کیا یا رسولؐ اللہ! ہلال بن امیہؓ بہت بوڑھے ہیں اور ان کا کوئی خادم نہیں۔ کیا آپؐ ناپسند تو نہیں فرمائیں گے اگر میں ان کی خدمت کروں؟ آپؐ نے فرمایا نہیں لیکن وہ تم سے مقاربت نہ کرے۔ اس نے کہا اللہ کی قسم ان میں تو کسی بات کی طرف بھی حرکت نہیں رہی۔ بخدا جب سے یہ واقعہ ہوا ہے اس دن سے آج تک وہ رو رہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں میرے بعض گھر والوں نے مجھ سے کہا کہ تم بھی رسول اللہﷺ سے اپنی بیوی کے بارے میں اجازت لے لو۔ (کیونکہ) ہلال بن امیہؓ کی بیوی کو آپﷺ نے اس کی خدمت کرنے کے لئے اجازت دے دی ہے۔ وہ کہتے ہیں میں نے کہا کہ میں تو اس بارے میں آپؐ سے اجازت نہیں مانگوں گا۔ جب میں اس بارے میں اجازت مانگوں نامعلوم آپﷺ کیا ارشاد فرمائیں اور میں ہوں بھی جوان آدمی۔ وہ کہتے ہیں میں اس طرح دس راتیں اور رہا اور یوں ہم پر پچاس راتیں پوری ہو گئیں۔ اس وقت سے جب ہم سے بات چیت منع کی گئی تھی۔ وہ کہتے ہیں پھر پچاسویں رات کی صبح فجر کی نماز میں نے اپنے گھر کی چھت پر پڑھی اور اس اثناء میں کہ میں اس حال میں بیٹھا تھا جس کا ذکر اللہ عزوجل نے ہمارے بارے میں فرمایا ہے کہ میرا دل بھی تنگ ہو رہا تھا اور زمین بھی باوجود اپنی فراخی کے مجھ پر تنگ تھی تو میں نے زور سے پکارنے کی آواز سنی جو ’’سلع‘‘ پہاڑ پر چڑھ کر انتہائی بلند آواز سے کہہ رہا تھا اے کعبؓ بن مالک! تجھے بشارت ہو۔ وہ کہتے ہیں میں نے یہ آواز سنی تو فوراً سجدہ میں گر گیا اور میں جان گیا کہ کشائش آ گئی ہے۔ وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے جب فجر کی نماز ادا فرمائی تو لوگوں کو اطلاع دی اور اللہ کا ہم پر رجوع برحمت ہونے کا بتایا۔ لوگ ہمیں خوشخبری دینے کے لئے دوڑے۔ کچھ خوشخبری دینے والے میرے دو ساتھیوں کی طرف گئے۔ ایک آدمی گھوڑا دوڑاتے ہوئے میری طرف آیا لیکن قبیلہ اسلم کا ایک اور شخص میری طرف دوڑتا ہوا آیا اور پہاڑ پر چڑھ گیا اور آواز گھوڑے سے زیادہ تیز رفتار تھی۔ جب وہ میرے پاس آیا جس کی خوشخبری کی آواز میں نے سُنی تھی تو اس کے بشارت دینے کی وجہ سے میں نے اپنے کپڑے اتار کر اسے پہنا دئیے اور خدا کی قسم اس دن میرے پاس وہی کپڑے تھے۔ اور میں نے دو کپڑے کسی سے عاریۃ لئے اور پہنے اور پھر رسول اللہﷺ (کی خدمت میں حاضر ہونے) کے ارادہ سے چل پڑا۔ لوگ گروہ در گروہ مجھے ملتے اور توبہ کی قبولیت پر مبارک باد دیتے، کہتے کہ اللہ کی طرف سے توبہ کی قبولیت تمہیں مبارک ہو یہاں تک کہ میں مسجد میں داخل ہوا تو کیا دیکھتا ہوں کہ رسول اللہﷺ مسجد میں تشریف فرما ہیں اور آپؐ کے گرد اور لوگ بھی ہیں۔ حضرت طلحہؓ بن عبیداللہ اُٹھے اور دوڑتے ہوئے آئے، مجھ سے مصافحہ کیا اور مجھے مبارک باد دی۔ اللہ کی قسم مہاجرین میں سے کوئی شخص ان کے علاوہ نہ اُٹھا۔ حضرت کعبؓ حضرت طلحہؓ کے اس نیک سلوک کو کبھی نہ بھولتے تھے۔ راوی کہتے ہیں وہ (حضرت کعبؓ کہتے ہیں) جب میں نے رسول اللہﷺ کی خدمت میں سلام عرض کیا (کعبؓ کہتے ہیں) تو خوشی سے آپؐ کا چہرہ چمک رہا تھا۔ آپؐ فرما رہے تھے کہ خوش ہو جاؤ اس بہترین دن پر جو تم پر چڑھا، جب سے تمہاری ماں نے جنا ہے۔ وہ کہتے ہیں میں نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ! کیا یہ آپؐ کی طرف سے ہے یا اللہ کی طرف سے؟ آپؐ نے فرمایا نہیں بلکہ اللہ کی طرف سے۔ حضورؐ جب خوش ہوتے تو آپؐ کا چہرہ روشن ہوتا گویا آپؐ کا چہرہ چاند کا ٹکڑا ہے۔ وہ کہتے ہیں ہمیں اس کا پتہ چل جاتا تھا۔ وہ کہتے ہیں جب میں آپؐ کے سامنے بیٹھ گیا تو عرض کیا یا رسولؐ اللہ! یقینا میری توبہ کا یہ حصہ ہے کہ میں اپنے مال سے دستبردار ہو جاؤں، اللہ اور اس کے رسولﷺ کی خدمت میں بطور صدقہ پیش کرتے ہوئے۔ اس پر رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ اپنے مال کا کچھ حصہ اپنے پاس رکھو یہ تمہارے لئے بہتر ہوگا۔ وہ کہتے ہیں میں نے عرض کیا کہ پھر میں اپنا وہ حصہ جو خیبر میں ہے رکھ لیتا ہوں۔ وہ کہتے ہیں میں نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ! اللہ نے مجھے میری سچائی کی وجہ سے نجات دی ہے۔ اب میری توبہ کا حصہ ہے کہ جب تک مَیں زندہ ہوں سچ ہی بولوں گا۔ وہ کہتے ہیں خدا کی قسم جب سے میں نے رسول اللہﷺ سے یہ کہا تھا اس وقت سے لے کر اب تک میرے علم میں کوئی مسلمان نہیں جسے اللہ نے سچی بات کہنے کی وجہ سے ایسا آزمایا ہو جیسے مجھے آزمایا ہے۔ جب سے میں نے رسول اللہﷺ سے اس بات کا ذکر کیا تھا اس وقت سے آج تک میں نے ارادۃً کبھی جھوٹ نہیں بولا اور جو زندگی باقی ہے میں امید کرتا ہوں کہ اللہ مجھے (جھوٹ سے) محفوظ رکھے گا۔ کعبؓ کہتے ہیں اور اللہ عزوجل نے یہ آیات نازل فرمائیں۔ لَقَدْ تَابََ اللّٰہُ عَلَی النَّبِیِّ وَالْمُھَاجِرِیْنَ وَالْاَنْصَارِِ الَّذِیْنَ۔۔۔ یقینا اللہ نبیؐ پر اور مہاجرینؓ اور انصارؓ پر توبہ قبول کرتے ہوئے جھکا جنہوں نے تنگی کے وقت اس کی پیروی کی تھی بعد اس کے کہ قریب تھا کہ ان میں سے ایک فریق کے دل ٹیڑھے ہو جاتے پھر بھی اس نے ان کی توبہ قبول کی یقینا وہ ان کیلئے بہت ہی مہربان (اور) بار بار رحم کرنے والا ہے اور ان تینوں پر بھی (اللہ توبہ قبول کرتے ہوئے جھکا) جو پیچھے چھوڑ دئیے گئے تھے یہاں تک کہ جب زمین ان پر باوجود فراخی کے تنگ ہوگئی اور ان کی جانیں تنگی محسوس کرنے لگیں اور انہوں نے سمجھ لیا کہ اللہ سے پناہ کی کوئی جگہ نہیں مگر اسی کی طرف پھر وہ ان پر قبولیت کی طرف مائل ہوتے ہوئے جھک گیا تاکہ وہ توبہ کرسکیں یہاں تک کہ جب زمین ان پر باوجود فراخی کے تنگ ہو گئی اور ان کی جانیں تنگی محسوس کرنے لگیں یہانتک کہ وہ (حضرت کعبؓ) اس آیت تک پہنچے۔ اے وہ لوگو جو ایمان لائے ہو اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور صادقوں کے ساتھ ہو جاؤ۔ حضرت کعبؓ کہتے ہیں کہ خدا کی قسم! جب سے اللہ نے مجھے اسلام کی طرف ہدایت کی۔ اس کے بعد سے اللہ نے مجھ پر میرے خیال میں رسول اللہﷺ کے سامنے سچ بولنے کی نعمت سے بڑھ کر کوئی نعمت نہیں کی کہ میں آپؐ سے جھوٹ نہ بولوں کہیں ہلاک نہ ہو جاؤں جس طرح وہ لوگ ہلاک ہو گئے جنہوں نے جھوٹ بولا۔ اللہ نے جب وحی نازل کی تو جھوٹ بولنے والوں کے متعلق اس سے زیادہ اُن کو بُرا قرار دیا جیسا کسی اور کو قرار دیا۔ اللہ نے فرمایا وہ یقینا تمہارے سامنے اللہ کی قسمیں کھائیں گے جب تم ان کی طرف لوٹو گے تا کہ تم ان سے اعراض کرو۔ پس (بے شک) ان سے اعراض کرو وہ ناپاک ہیں اور ان کا ٹھکانہ جہنم ہے۔ اس کی جزا کے طور پر جو وہ کسب کرتے تھے۔ وہ تمہارے سامنے قسمیں کھائیں گے تاکہ تم ان سے راضی ہو جاؤ۔ پس اگر تم ان سے راضی ہو جاؤ تو اللہ بدکردار لوگوں سے ہر گز راضی نہیں ہوتا۔ حضرت کعبؓ کہتے ہیں کہ ہم تین ان لوگوں کے بارے میں پیچھے رکھے گئے تھے جن کا (عذر) رسول اللہﷺ نے قبول فرما لیا تھا۔ جب انہوں نے آپؐ کے سامنے حلف اٹھایا تھا۔ پس آپؐ نے ان سے بیعت لی اور اُن کے لئے مغفرت کی دعا کی اور رسول اللہﷺ نے ہمارے معاملہ کو اس وقت تک مؤخر فرما دیا جب تک کہ اس (اللہ عزوجل) نے اس بارے میں کوئی فیصلہ نہ فرمایا۔ اس ضمن میں اللہ عزوجل نے فرمایا اور ان تینوں پر بھی (اللہ توبہ قبول کرتے ہوئے جھکا) جو پیچھے چھوڑ دئیے گئے تھے۔ در اصل اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے غزوہ سے ہمارے پیچھے رہنے کا ذکر نہیں کیا بلکہ ہمارے معاملہ کا التواء اور اسے پیچھے ڈالنے کا ذکر ان لوگوں کے مقابلہ میں ہے جنہوں نے آپؐ کے سامنے قسمیں کھائیں اور آپؐ کی خدمت میں عذر پیش کئے اور حضورؐ نے ان سے عذر قبول فرما لئے۔ ایک روایت میں (اَنَّ عَبْدَ اللَّہِ بْنَ کَعْبٍ کَان قَائِدَ کَعْبٍ مِنْ بَنِیْہِ حِیْنَ عَمِیَ کی بجائے) اَنَّ عُبَیْدَ اللَّہِ بْنَ کَعْبِ بْنِ مَالِکٍ وَ کَانَ قَائِدَ کَعْبٍ حِیْنَ عَمِیَ کے الفاظ ہیں اور اس روایت میں یہ اضافہ ہے کہ رسول اللہﷺ نے کم ہی کسی غزوہ کا ارادہ فرمایا مگر اس کو پوشیدہ رکھتے حتی کہ یہ غزوہ ہوا۔ اس روایت میں حضرت ابو خیثمہؓ کے نبیﷺ سے ملنے کا ذکر نہیں۔ ایک اور روایت میں ہے کہ عبیداللہ بن کعب جو کعب کی بینائی جانے کے بعد سے ان کی رہنمائی کرتے تھے اور اپنے لوگوں میں سب سے بڑے عالم اور رسول اللہﷺ کے صحابہؓ کی سب سے زیادہ باتیں یاد رکھنے والے تھے۔ کہتے ہیں کہ میں نے اپنے والد کعب بن مالکؓ کو جو ان تین میں سے ایک ہیں جن کی توبہ قبول کی گئی کہ وہ کبھی بھی کسی غزوہ میں رسول اللہﷺ سے پیچھے نہیں رہے۔ سوائے دو غزوات کے۔ باقی روایت پہلی روایت کی طرح ہے مگر اس میں یہ بھی ہے کہ رسول اللہﷺ ایک جم غفیر کے ساتھ غزوہ کے لئے نکلے جو دس ہزار سے زیادہ تھے لیکن ان (ناموں کے) یکجا کرنے کے لئے کوئی رجسٹر نہیں تھا۔
Urdu translation: Noor Foundation