صحیح مسلم 4960: كتاب التوبة
زہری سے روایت ہے کہ سعید بن مسیب اور عروہ بن زبیر اور علقمہ بن وقاص اور عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ بن مسعودؓ نے نبیﷺ کی زوجہ مطہرہ حضرت عائشہؓ کی روایت بیان کی جب بہتان لگانے والوں نے ان (حضرت عائشہؓ) کے بارہ میں کہا جو کہا تو اللہ نے اس سے جو کچھ انہوں نے کہا اُن (حضرت عائشہؓ) کی بریت کردی۔ ان سب راویوں نے آپؓ کی روایت کا کچھ کچھ حصہ مجھے بتایا اور ان میں سے بعض اس روایت کو دوسروں کی نسبت زیادہ یاد رکھنے والے اور زیادہ پختگی سے بیان کرنے والے ہیں اور میں نے ان میں سے ہر ایک سے اس روایت کو جو انہوں نے مجھ سے بیان کی محفوظ رکھا اور بعض کی (بیان کردہ) روایت کا ایک حصہ دوسرے کی تصدیق کرتا ہے۔ انہوں نے ذکر کیا کہ نبیﷺ کی زوجہ مطہرہ حضرت عائشہؓ نے فرمایا کہ جب رسول اللہﷺ کسی سفر پر جانے کا ارادہ فرماتے تو اپنی ازواج کے درمیان قرعہ ڈالتے۔ پھر ان میں سے جس کا قرعہ نکلتا اسے اپنے ہمراہ لے جاتے۔ حضرت عائشہؓ بیان فرماتی ہیں کہ ایک غزوہ کے موقعہ پر آپؐ نے قرعہ ڈالا تو میرا نام نکلا تو میں رسول اللہﷺ کے ساتھ گئی اور یہ پردہ کے احکام نازل ہونے کے بعد کی بات ہے۔ ہمارے سفر کے دوران میں مجھے میرے ہودج میں اٹھایا جاتا اور (اس ہودج) میں ہی اُتارا جاتا یہاں تک کہ جب رسول اللہﷺ اپنے غزوہ سے فارغ ہوئے اور واپس لوٹے اور ہم مدینہ کے قریب پہنچ گئے تو ایک رات آپؐ نے کوچ کا اعلان فرمایا۔ جب لوگوں نے کوچ کا اعلان کیا تو میں بھی کھڑی ہوئی اور چلنے لگی یہاں تک کہ لشکر سے باہر نکل گئی۔ پھر جب میں اپنی ضرورت سے فارغ ہو گئی تو اپنے ہودج کی طرف آئی اور میں نے اپنا سینہ چھوا تو معلوم ہوا کہ میرا ظفار (شہر) کا بنا ہوا نگینوں کا ہار مجھ سے گر گیا ہے۔ میں واپس گئی اور اپنا ہار تلاش کرنے لگی۔ اس تلاش میں مجھے کچھ دیر ہو گئی۔ اس اثناء میں وہ لوگ جو میرا ہودج اٹھانے پر متعین تھے آئے اور انہوں نے میرا ہودج اٹھایا اور اسے میرے اونٹ پر جس پر میں سوار ہوتی تھی رکھ دیا اور وہ سمجھتے تھے کہ میں اس میں ہوں۔ آپؓ نے فرمایا چونکہ اس زمانے میں عورتیں ہلکی پھلکی ہوتی تھیں اور بھاری بھرکم نہیں ہوتی تھیں اور ان پر گوشت نہیں چڑھا ہوتا تھا۔ وہ صرف تھوڑا سا کھانا کھاتی تھیں اس لئے انہیں ہودج کے وزن پر تعجب نہیں ہوا۔ جب انہوں نے اس کو سفر کی تیاری کے لئے اُٹھایا۔ میں اس وقت چھوٹی عمر کی لڑکی تھی۔ پس انہوں نے اونٹ کو کھڑا کیا اور روانہ ہوگئے اور لشکر کے روانہ ہونے کے بعد مجھے اپنا ہار مل گیا۔ میں لوگوں کے پڑاؤ کی جگہ پر آئی تو وہاں نہ تو کوئی پکارنے والا تھا نہ کوئی جواب دینے والا۔ چنانچہ میں نے اپنی اسی جگہ کا قصد کیا جہاں پر میں پہلے تھی اور میں نے خیال کیا کہ وہ لوگ ضرور مجھے نہ پاکر میرے پاس واپس آئیں گے۔ میں اپنی جگہ پر بیٹھی ہوئی تھی کہ مجھے نیند آگئی اور میں سو گئی۔ صفوان بن معطل السلمی الذکوانی رات کا پچھلا حصہ گزار کر بعد صبح کے قریب میری جگہ پر پہنچے۔ انہوں نے جب ایک سوئے ہوئے انسان کا وجود دیکھا۔ وہ میرے پاس آئے انہوں نے جب مجھے دیکھا تو پہچان لیا کیونکہ وہ پردہ کے احکام کے نازل ہونے سے قبل مجھے دیکھ چکے تھے۔ جب انہوں نے مجھے پہچانا تو اُن کے اِنَّا لِلَّہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ کہنے سے میں بیدار ہو گئی اور اپنا چہرہ اپنی اوڑھنی سے ڈھانپ لیا اور خدا کی قسم انہوں نے مجھ سے کوئی بات نہیں کی اور نہ میں نے اِنَّا لِلَّہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ کے سوا ان کے منہ سے کوئی اور لفظ سنا۔ انہوں نے اپنا اونٹ بٹھایا اور اس کے اگلے پاؤں پر پاؤں رکھ دیا میں اس پر سوار ہوگئی اور وہ اونٹنی کو اس کی مہار تھامے آگے آگے چلنے لگے حتی کہ ہم لشکر میں آپہنچے بعد اس کے کہ انہوں نے دوپہر کے آغاز میں شدید گرمی کی وجہ سے پڑاؤ کیا تھا۔ پھر میرے اس معاملہ میں جس نے بھی ہلاک ہونا تھا وہ ہلاک ہو گیا۔ اور وہ جو اس کا بڑا ذمہ دار تھا وہ عبداللہ بن ابی بن سلول تھا پھر ہم مدینہ آگئے اور جب ہم مدینہ آئے تو میں ایک ماہ بیمار رہی۔ اور لوگ بہتان لگانے والوں کے بارہ میں باتیں کرتے رہے لیکن مجھے اس بارہ میں کچھ علم نہ تھا ہاں مجھے یہ چیز میری بیماری میں بے چین کرتی تھی کہ میں رسول اللہﷺ کی طرف سے وہ مہربانی نہ دیکھتی تھی جو میں آپؐ کی طرف سے دیکھا کرتی تھی جب میں بیمار ہوتی تھی۔ رسول اللہﷺ میرے پاس تشریف لاتے تو سلام کرتے اور فرماتے تمہارا کیا حال ہے؟ پس یہ بات تھی جو مجھے بے چین کرتی تھی لیکن مجھے اس شر کا علم نہیں تھا یہاں تک کہ میں بہت کمزوری کے بعد مناصع کی طرف گئی تو میرے ساتھ ام مسطح بھی نکلی یہ (مناصع) ہماری قضائے حاجت کی جگہ تھی جہاں ہم صرف رات کو ہی جاتے تھے اور یہ اس سے پہلے کی بات ہے جب ہم نے اپنے گھروں کے قریب بیوت الخلاء بنائے۔ قضائے حاجت کے لئے ہمارا طریق بھی پہلے عربوں کا سا تھا اور ہمیں اپنے گھروں کے قریب بیوت الخلاء بنانے سے تکلیف ہوتی تھی۔ پس میں اور امّ مسطح جو ابو رہم بن مطلب بن عبد مناف کی بیٹی تھیں اور ان کی والدہ جو فخر بن عامر کی بیٹی اور حضرت ابو بکرؓ کی خالہ تھیں اور ان کا بیٹا مسطح بن اثاثہ بن عباد بن المطلب تھا۔ میں اور ابو رہم کی بیٹی اپنے گھر سے چلیں۔ جب ہم فارغ ہوئے تو میں اور ابو رہم کی بیٹی اپنے گھر کی طرف چل پڑے۔ ام مسطح اپنی چادر میں اُلجھ کر گرگئی۔ اس پر انہوں نے کہا ہلاک ہو مسطح۔ اس پر میں نے ان سے کہا کہ بہت بُری بات ہے جو آپ نے کہی ہے۔ کیا آپ ایسے شخص کو برا بھلا کہتی ہیں جو بدر میں موجود تھا۔ انہوں نے کہا اے بھولی! تم نے سنا نہیں کہ اس نے کیا کہا ہے؟ میں نے کہا اس نے کیا کہا ہے؟ حضرت عائشہؓ بیان فرماتی ہیں تب انہوں نے تہمت لگانے والوں کی باتیں مجھے بتائیں۔ اس پر میری بیماری میں اور اضافہ ہو گیا۔ پھر جب میں اپنے گھر واپس آئی اور رسول اللہﷺ میرے پاس تشریف لائے اور سلام کہا اور فرمایا تمہارا کیا حال ہے؟ تو میں نے عرض کیا کیا آپؐ مجھے اجازت دیتے ہیں کہ میں اپنے والدین کے ہاں جاؤں۔ حضرت عائشہؓ بیان فرماتی ہیں کہ میرا ارادہ تھا کہ اس خبر کے بارہ میں مَیں ان سے تحقیق کروں گی۔ رسول اللہﷺ نے مجھے اجازت دے دی اور میں اپنے والدین کے ہاں آگئی۔ میں نے اپنی ماں سے کہا اے میری ماں لوگ یہ کیا باتیں کر رہے ہیں؟ انہوں نے کہا اے پیاری بیٹی حوصلہ رکھو۔ اللہ کی قسم بہت کم ایسا ہوتا ہے کہ ایک شخص کی خوبصورت بیوی ہو جس سے وہ محبت کرتا ہو اور اس کی سوتیں بھی ہوں مگر انہوں نے اس کے خلاف بہت باتیں نہ بنائی ہوں۔ حضرت عائشہؓ بیان فرماتی ہیں میں نے کہا سبحان اللہ! کیا لوگ میرے بارہ میں ایسی باتیں کر رہے ہیں! آپؓ بیان فرماتی ہیں وہ ساری رات مَیں روتی رہی یہاں تک کہ صبح ہوئی تو میرے آنسو تھمتے نہیں تھے۔ میں ذرا بھی نہ سو سکی اور میں نے روتے روتے صبح کی۔ جب (اس بارہ میں) وحی میں دیر ہوئی تو رسول اللہﷺ نے حضرت علیؓ بن ابی طالب اور اسامہ بن زیدؓ کو بُلایا _ تاکہ ان سے اپنی بیوی کی علیحدگی کے بارہ میں مشورہ کریں _ حضرت عائشہؓ بیان فرماتی ہیں جہاں تک اسامہ بن زیدؓ کا تعلق ہے تو انہوں نے رسول اللہﷺ کو اسی کے مطابق مشورہ دیا جو حضورؐ کے حرم کے متعلق وہ جانتے تھے یعنی براءت اور اس محبت کے بارہ میں جو آپؐ کے دل میں اپنے اہل کے لئے تھی۔ وہ (حضرت اسامہؓ) کہنے لگے یا رسولؐ اللہ! وہ آپؐ کی اہلیہ محترمہ ہیں اور ہم تو (اُن میں) نیکی کے سوا کچھ نہیں جانتے اور جہاں تک حضرت علیؓ بن ابی طالبؓ کا تعلق ہے تو انہوں نے کہا کہ اللہ نے آپؐ پر کوئی تنگی نہیں فرمائی اور اُن (حضرت عائشہؓ) کے علاوہ بھی بہت عورتیں ہیں۔ اگر آپؐ خادمہ سے دریافت فرمائیں وہ آپؐ کو سچ بتائے گی۔ وہ (حضرت عائشہؓ) فرماتی ہیں تب رسول اللہﷺ نے بریرہؓ کو بلایا اور فرمایا اے بریرہؓ! کیا تم نے عائشہؓ میں کوئی ایسی بات دیکھی ہے جس سے تمہیں ان کے بارہ میں کوئی شک ہو۔ بریرہؓ نے حضورؐ سے عرض کیا اس ذات کی قسم جس نے آپؐ کو حق کے ساتھ مبعوث فرمایا ہے میں نے ان کے خلاف اس سے زیادہ کوئی عیب والی بات نہیں دیکھی کہ وہ کم سن لڑکی ہیں اور آٹا گوندھا ہوا چھوڑ کر سو جاتی ہیں بکری آتی ہے اور وہ کھا جاتی ہے۔ آپؓ (حضرت عائشہؓ) بیان فرماتی ہیں پھر رسول اللہﷺ منبر پر کھڑے ہوئے اور عبداللہ بن ابی بن سلول کے بارہ میں معذرت چاہی۔ آپؓ فرماتی ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایا جبکہ آپؐ منبر پر تھے اے مسلمانوں کے گروہ! تم میں سے کون مجھے معذور سمجھے گا اس شخص کے بارہ میں جس کی ایذاء رسانی میرے اہلِ بیت تک پہنچ چکی ہے۔ خدا کی قسم مجھے تو اپنے اہل کے بارہ میں خیر کے سوا کچھ علم نہیں اور جس شخص کا انہوں نے ذکر کیا ہے اس کے متعلق بھی خیر کے سوا کچھ نہیں جانتا اور وہ میرے گھر میں ہمیشہ میرے ساتھ ہی داخل ہوتا تھا۔ اس پر حضرت سعد بن معاذؓ انصاری کھڑے ہوئے اور عرض کیا یا رسولؐ اللہ! میں آپؐ کو معذور ٹھہراؤں گا۔ اگر وہ اوس میں سے ہے تو ہم اس کی گردن مار دیتے ہیں اور اگر یہ ہمارے بھائیوں خزرج میں سے ہے تو آپؐ جو حکم فرمائیں ہم اس کی تعمیل کریں گے۔ وہ (حضرت عائشہؓ) فرماتی ہیں اس پر حضرت سعد بن عبادہؓ کھڑے ہوئے اور وہ خزرج کے سردار تھے۔ وہ ایک صالح آدمی تھے مگر اس وقت انہیں جاہلیت کی حمیّت نے آ لیا اور انہوں نے حضرت سعد بن معاذؓ سے کہا تم غلط کہتے ہو، خدا کی قسم! نہ تو تم اسے قتل کرو گے اور نہ ہی اس کو قتل کرنے کی طاقت رکھتے ہو۔ اس پر حضرت اُسَید بن حضیرؓ کھڑے ہوئے جو حضرت سعد بن معاذؓ کے چچا زاد تھے اور سعد بن عبادہؓ سے کہنے لگے خدا کی قسم تم نے غلط کہا ہے ہم ضرور اسے قتل کریں گے۔ یقینا تم منافق ہو منافقوں کی طرف سے جھگڑا کرتے ہو۔ اس پر اوس و خزرج دو نوں قبیلے جوش میں آگئے یہاں تک کہ انہوں نے لڑائی کا ارادہ کر لیا جبکہ رسول اللہﷺ منبر پر کھڑے تھے اور رسول اللہﷺ مسلسل انہیں دھیما ہونے کے لئے کہتے رہے یہاں تک کہ وہ خاموش ہو گئے اور آپؐ بھی خاموش ہو گئے۔ وہ (حضرت عائشہؓ) بیان فرماتی ہیں کہ میں اس روز بھی روتی رہی اور میرے آنسو تھمتے نہ تھے اور نہ ہی مجھے نیند آتی تھی۔ پھر میں اگلی رات بھی روتی رہی۔ میرے آنسو نہ تھمتے تھے اور نہ ہی میں سو سکی۔ میرے والدین کا خیال تھا کہ میرا یہ رونا میرے جگر کو پھاڑ دے گا۔ اس دوران جب وہ (میرے والدین) میرے پاس بیٹھے ہوئے تھے اور میں رو رہی تھی کہ ایک انصاری عورت نے میرے پاس آنے کی اجازت مانگی۔ میں نے اسے اجازت دی وہ بھی بیٹھ کر رونے لگی۔ وہ (حضرت عائشہؓ) فرماتی ہیں کہ ہم اسی حالت میں تھے کہ رسول اللہﷺ ہمارے پاس تشریف لائے، سلام کیا اور بیٹھ گئے۔ آپؓ بیان فرماتی ہیں کہ جب سے میرے متعلق کہا گیا جو کہا گیا آپؐ میرے پاس نہیں بیٹھے تھے اور آپؐ اس حالت میں ایک مہینہ اسی طریق پر رہے۔ میرے اس معاملہ کے بارہ میں کوئی وحی آپؐ کو نہ ہوئی۔ آپؓ بیان فرماتی ہیں کہ رسول اللہﷺ جب تشریف فرما ہوئے آپؐ نے تشہد پڑھا اور فرمایا اما بعد اے عائشہؓ! مجھے تمہارے متعلق یہ یہ خبر پہنچی ہے۔ اگر تم بَری ہو تو اللہ ضرور تمہاری بریت ظاہر فرما دے گا لیکن اگر تم سے کوئی لغزش ہوئی ہے تو خدا سے بخشش طلب کرو اور اس کی طرف جھکو کیونکہ یقینا بندہ جب اپنی غلطی کا اعتراف کرتا ہے پھر توبہ کرتا ہے تو اللہ اس کی توبہ قبول کرتا ہے۔ آپؓ بیان فرماتی ہیں کہ جب رسول اللہﷺ اپنی بات مکمل کر چکے تو میرے آنسو خشک ہو گئے حتی کہ مجھے اس کا ایک قطرہ بھی محسوس نہ ہوا۔ تب میں نے اپنے والد سے کہا جو رسول اللہﷺ نے فرمایا ہے آپ میری طرف سے اس کا جواب دیں۔ انہوں نے کہا خدا کی قسم میں تو نہیں جانتا کہ میں رسول اللہﷺ کی خدمت میں کیا عرض کروں۔ تب میں نے اپنی والدہ سے کہا کہ آپ میری طرف سے رسول اللہﷺ کو جواب دیں۔ انہوں نے بھی کہا کہ خدا کی قسم مجھے بھی کچھ پتہ نہیں کہ میں رسول اللہﷺ سے کیا عرض کروں۔ پھر میں نے کہا اور میں ایک کم سن لڑکی تھی اور زیادہ قرآن پڑھی ہوئی نہیں تھی۔ خدا کی قسم مجھے علم ہے کہ آپ لوگوں نے یہ بات سنی ہے حتی کہ یہ بات آپ لوگوں کے دل میں جم گئی ہے اور آپ لوگ اسے سچا سمجھ بیٹھے ہیں۔ پس اگر میں آپ لوگوں سے کہوں کہ میں بَری ہوں اور اللہ جانتا ہے کہ یقینا میں بَری ہوں تو آپ لوگ میری اس بات کی تصدیق نہیں کریں گے۔ اگر میں آپ کے سامنے اعتراف کر لوں جبکہ اللہ جانتا ہے کہ یقینا میں بَری ہوں تو آپ ضرور میری بات مان لیں گے۔ میں اپنی اور آپ لوگوں کی حالت یہی پاتی ہوں جیسا کہ حضرت یوسفؑ کے باپ نے کہا تھا کہ صبر ہی اچھا ہے اور اللہ ہی ہے جس سے اس (بات) پر مدد مانگی جائے جو تم بیان کرتے ہو۔ آپؓ بیان فرماتی ہیں پھر میں نے کروٹ لی اور اپنے بستر پر لیٹ گئی اور اس وقت بخدا مجھے یقین تھا کہ میں بَری ہوں اور یہ کہ اللہ ضرور میری بریت فرمائے گا لیکن بخدا مجھے بالکل یہ گمان نہیں تھا کہ میرے بارہ میں کوئی وحی قرآن نازل ہوگی اور میرے خیال میں میرا مقام اس سے کہیں کمتر تھا کہ اللہ عزوجل میرے بارہ میں وہ کلام فرمائے جس کی تلاوت کی جائے گی، لیکن مجھے یہ امید تھی کہ رسول اللہﷺ نیند میں کوئی ایسی رؤیا دیکھیں جس کے ذریعہ اللہ میری بریت فرما دے۔ وہ (حضرت عائشہؓ) فرماتی ہیں خدا کی قسم ابھی رسول اللہﷺ نے اپنی جگہ سے نہیں اٹھے تھے نہ ہی گھر والوں میں سے کوئی باہر گیا تھا کہ اللہ عزوجل نے اپنے نبیﷺ پر (وحی) نازل فرمائی اور آپؐ پر شدت کی وہ کیفیت طاری ہوئی جو آپؐ پر وحی (کے نزول) کے وقت طاری ہوتی تھی حتی کہ سردیوں میں بھی آپؐ پر نازل ہونے والی وحی کے بوجھ سے آپؐ کے (چہرے سے) موتیوں کی طرح پسینہ ٹپکنے لگتا تھا۔ آپؓ (حضرت عائشہؓ) فرماتی ہیں جب رسول اللہﷺ سے وہ کیفیت جاتی رہی تو آپؐ تبسم فرما رہے تھے تو پہلی بات جو آپؐ نے فرمائی وہ یہ تھی کہ اے عائشہؓ! تمہیں خوشخبری ہو اللہ نے تمہاری بریّت فرما دی ہے۔ مجھے میری ماں نے کہا اُٹھو حضورؐ کا شکریہ ادا کرو۔ میں نے کہا اللہ کی قسم میں حضورؐ کا شکریہ ادا نہ کروں گی، نہ ہی اللہ کے سوا میں کسی کی حمد کروں گی کیونکہ وہی ہے جس نے میری بریت نازل فرمائی ہے۔ وہ (حضرت عائشہؓ) فرماتی ہیں اس وقت اللہ عزوجل نے یہ آیات نازل فرمائیں اِنَّ الَّذِیْنَ جَآ ءُ وا بِالْاِفْکِ عُصْبَۃٌ مِّنْکُمْ: یقینا وہ لوگ جو جھوٹ گھڑ لائے تم ہی میں سے ایک گروہ ہے۔ اللہ عزوجل نے یہ تمام آیات میری برأت کے لئے نازل فرمائیں۔ وہ (حضرت عائشہؓ) فرماتی ہیں کہ اس پر حضرت ابو بکرؓ نے جو اپنی اس سے قرابت داری اور اس کی غربت کے باعث مسطح پر خرچ کرتے تھے کہا خدا کی قسم اب بعد اس کے جو اس نے عائشہؓ کے بارہ میں کہا ہے میں اس پر کبھی کچھ خرچ نہ کروں گا۔ اس پر اللہ عزوجل نے نازل فرمایا۔ وَلَا یَأْتَلِ أُوْلُوا الْفَضْلِ مِنکُمْ وَالسَّعَۃِ أَنْ یُّؤْتُوا أُولِی الْقُرْبَی ترجمہ۔۔۔ اور تم میں سے صاحبِ فضیلت اور صاحب توفیق اپنے قریبیوں اور مسکینوں اور اللہ کی راہ میں ہجرت کرنے والوں کو کچھ نہ دینے کی قسم نہ کھائیں پس چاہیے کہ وہ معاف کر دیں اور درگزر کریں۔ کیا تم یہ پسند نہیں کرتے کہ اللہ تمہیں بخش دے۔ راوی حبّان بن موسیٰ کہتے ہیں کہ عبداللہ بن مبارک نے کہاکہ اللہ کی کتاب میں سب سے زیادہ امید افزا یہ آیت ہے۔ اس پر حضرت ابو بکرؓ نے کہا خدا کی قسم یقینا میں چاہتا ہوں کہ اللہ مجھے بخش دے۔ چنانچہ انہوں نے مسطح پر وہ (خرچ کرنا) دوبارہ شروع کر دیا جو وہ پہلے اس پر خرچ کیا کرتے تھے اور کہا کہ مَیں یہ (مدد) اس سے کبھی نہیں روکوں گا۔ حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ رسول اللہﷺ نے میرے متعلق اپنی زوجہ حضرت زینب بنت جحشؓ سے بھی پوچھا تھا کہ تمہیں کیا علم ہے یا تمہاری کیا رائے ہے؟ تو انہوں نے کہا یا رسولؐ اللہ! میں تو اپنے کانوں اور آنکھوں کو محفوظ رکھتی ہوں۔ اللہ کی قسم میں نے تو ان میں نیکی ہی دیکھی ہے۔ حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں اور نبیﷺ کی ازواج میں سے صرف وہی تھیں جو میرا مقابلہ کیا کرتی تھیں مگر اللہ نے بوجہ ان کی پرہیزگاری کے انہیں بچا لیا۔ مگر ان کی بہن حمنہ بنت جحش ان کی طرف داری میں جھگڑتی تھی اور ہلاک ہوگئی اُن لوگوں کے ساتھ جو ہلاک ہوئے۔ زہری کہتے ہیں یہاں تک روایت ہمیں راویوں کے اس گروہ کے ذریعہ ملی ہے۔ ایک روایت میں (اِجْتَھَلَتْہُ الْحَمِیَّۃُ کی بجائے) اِحْتَمَلَتِ الْحَمِیَّۃُ کے الفاظ ہیں۔ ایک روایت میں مزید ہے کہ عروہ بیان کرتے ہیں حضرت عائشہؓ ناپسند کرتی تھیں کہ حضرت حسانؓ کو ان کے سامنے بُرا بھلا کہا جائے اور فرماتیں کہ (حسانؓ) نے (اپنے شعر میں) کہا کہ یقینا میرا باپ اور اس کا باپ اور میری عزت تمہارے مقابل محمدؐ کی عزت کے لئے بطور ڈھال کے ہے اس روایت میں مزید ہے عروہ بیان کرتے ہیں کہ حضرت عائشہؓ نے فرمایا کہ خدا کی قسم جس مرد کے ساتھ یہ تہمت لگائی گئی ہے وہ (صفوانؓ) کہتا تھا کہ سبحان اللہ! اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے میں نے کبھی کسی عورت کا پردہ نہیں کھولا۔ آپؓ (حضرت عائشہؓ) فرماتی ہیں پھر اس کے بعد وہ اللہ کی راہ میں شہید کیا گیا۔ اور ایک روایت میں (مُوْغِرِیْنَ کی بجائے) مُوْعِرِیْنَ کے الفاظ ہیں۔ (راوی) عبد بن حمید کہتے ہیں میں نے عبدالرزاق سے پوچھا کہ مُوْغِرِیْنَ کا کیا مطلب ہے؟ انہوں نے کہا ’’اَلْوَغْرَۃُ‘‘ سے مراد گرمی کی شدت ہے۔ ایک روایت میں ہے حضرت عائشہؓ بیان فرماتی ہیں کہ جب میرے بارہ میں ایسا ذکر کیا گیا اور مجھے اس بارہ میں کچھ علم نہ تھا تو رسول اللہﷺ خطاب کرنے کے لئے کھڑے ہوئے اور تشہد کے بعد اللہ کی وہ حمد و ثناء بیان کی جس کا وہ اہل ہے پھر اس کے بعد فرمایا کہ ان لوگوں کے بارہ میں مشورہ دو جنہوں نے میرے اہل کے بارہ میں تہمت لگائی ہے۔ خدا کی قسم میں نے اپنے اہل میں کبھی کوئی برائی نہیں دیکھی اور جس شخص کے ساتھ انہوں نے تہمت لگائی ہے خدا کی قسم میں نے اس میں بھی کبھی کوئی برائی نہیں دیکھی جب بھی وہ میرے گھر میں آیا تو میرے موجودگی میں آیا۔ جب بھی میں سفر پر گیا تو وہ میرے ساتھ گیا۔ باقی روایت سابقہ روایت کی طرح ہے مگر اس میں یہ بھی ہے کہ پھر رسول اللہﷺ میرے گھر میں تشریف لائے اور میری خادمہ سے استفسار فرمایا تو اس نے کہا خدا کی قسم سوائے اس کے میں ان میں کوئی عیب نہیں دیکھتی کہ وہ سو جاتی ہیں حتی کہ بکری آکر آٹا کھا جاتی ہے_ انہوں نے عَجِیْن کی بجائے خَمِیْر کا لفظ استعمال کیا_ اس بارہ میں ہشام کو شک ہے۔ حضورؐ کے بعض صحابہؓ میں سے کسی نے اس پر اسے ڈانٹا اور کہا کہ رسول اللہﷺ کو صحیح صحیح بتاؤ اور انہوں نے اسے معاملہ کھول کر بتایا۔ تب اس نے کہا خدا کی قسم میں انہیں ایسا جانتی ہوں جیسے سنار خالص سونے کی سرخ ڈلی کو جانتا ہے اور جب اس شخص تک یہ خبر پہنچی جس کے ساتھ یہ تہمت لگائی گئی تھی تو اس نے کہا سبحان اللہ! اللہ کی قسم میں نے کبھی کسی عورت کا پردہ نہیں کھولا۔ حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں پھر انہیں راہِ خدا میں شہید کیا گیا۔ اس روایت میں یہ مزید ہے کہ وہ لوگ جنہوں نے تہمت لگائی تھی ان میں مِسطح، حَمنہ اور حسّان تھے اور جہاں تک اُس منافق عبداللہ بن ابی (بن سلول) کا تعلق ہے وہ ان (افواہوں) کو اکٹھا کرتا اور آگے پھیلاتا اور وہی اس کے بڑے حصہ کا ذمہ دار تھا اور ایک حمنہ۔
Urdu translation: Noor Foundation