صحیح مسلم 4962: كتاب صفات المنافقين وأحكامهم
حضرت زید بن ارقمؓ بیان کرتے ہیں کہ ہم رسول اللہﷺ کے ساتھ ایک سفر میں نکلے جس میں لوگوں کو سخت تکلیف پہنچی۔ اس پر عبد اللہ بن اُبیّ نے اپنے ساتھیوں سے کہا جسے قرآن کریم نے ان لفظوں سے بیان کیا۔ لاَ تُنْفِقوُا عَلیٰ مَنْ عِنْدَ رَسُوْلِ اللَّہِ۔ جو لوگ اللہ کے رسول کے پاس رہتے ہیں اُن پر خرچ نہ کرو یہانتک کہ وہ بھاگ جائیں _(راوی) زہیر کہتے ہیں یہ قراءت اس شخص کی ہے جو ’’حَولَہُ‘‘ کو مجرور پڑھتے ہیں _ اور اس (عبداللہ بن ابی) نے کہا تھا لَئِنْ رَّجَعْنَا اِلَی الْمَدِیْنَۃِ۔۔۔ 2 اگر ہم مدینہ کی طرف لوٹیں گے تو ضرور وہ جو سب سے زیادہ معزز ہے اسے جو سب سے زیادہ ذلیل ہے اس میں سے نکال باہر کرے گا۔ راوی کہتے ہیں میں نبیﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور یہ بات بتائی تو آپؐ نے عبداللہ بن اُبی کو بلایا اور اس سے پوچھا اس نے پختہ قسم کھائی کہ اس نے ایسا نہیں کیا اور کہا کہ زیدؓ نے رسول اللہﷺ سے جھوٹ بولا ہے۔ وہ (حضرت زیدؓ ) کہتے ہیں لوگوں کی ان باتوں سے میرے دل کو بہت رنج پہنچا یہانتک کہ اللہ تعالیٰ نے میری تصدیق میں یہ آیت نازل فرمائی۔ اِذَا جَا ئَ کَ المُنَافِقُون جب منافق تیرے پاس آتے ہیں وہ کہتے ہیں پھر ان (منافقین) کو نبیﷺ نے بلایا تاکہ ان کے لئے استغفار کریں۔ راوی کہتے ہیں انہوں نے اپنے سر پھیر لئے اور اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کَاَنَّھُمْ خُشُبٌ مُسَنَّدَۃٌ وہ ایسے ہیں جیسے ایک دوسرے کے سہارے چنی ہوئی خشک لکڑیاں۔ راوی کہتے ہیں وہ لوگ (ظاہرًا) خوش شکل تھے۔
Urdu translation: Noor Foundation