صحیح مسلم 4964: كتاب صفات المنافقين وأحكامهم
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں جب عبداللہ بن ابی بن سلول کی وفات ہوئی تو اس کا بیٹا عبداللہ بن عبداللہ رسول اللہﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور آپؐ سے آپؐ کا قمیص اپنے باپ کو اس میں کفنانے کے لئے مانگا۔ آپؐ نے انہیں وہ (قمیص) دے دیا۔ پھر انہوں نے اس کی نماز جنازہ پڑھانے کے لئے درخواست کی۔ رسول اللہﷺ اس کی نماز جنازہ پڑھانے کے لئے اٹھے تو حضرت عمرؓ کھڑے ہوگئے اور انہوں نے رسول اللہﷺ کو کپڑے سے پکڑ لیا اور عرض کیا یا رسولؐ اللہ! کیا آپؐ اس کی نماز جنازہ پڑھائیں گے حالانکہ اللہ تعالیٰ نے آپؐ کو اس کی نماز جنازہ پڑھانے سے منع فرمایا ہے۔ اس پر رسول اللہﷺ نے فرمایا مجھے اللہ تعالیٰ نے اختیار دیا ہے اور فرمایا ہے کہ اِ سْتَغْفِرْ لَھُمْ اَوْ لاَ تَسْتَغْفِرْ لَھُمْ۔۔۔ ’’تو اُن کے لئے مغفرت طلب کر یا ان کے لئے مغفرت نہ طلب کر‘‘۔ اگر تو ان کے لئے ستر مرتبہ بھی مغفرت مانگے۔‘‘ 1 اور میں اس کے لئے ستر سے زیادہ مرتبہ مغفرت طلب کروں گا۔ انہوں (حضرت عمرؓ) نے عرض کیا یقینا وہ منافق ہے۔ پھر رسول اللہﷺ نے اس کی نماز جنازہ پڑھائی تب اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی وَلَا تُصَلِّ عَلٰی اَحَدٍ مِنْھُمْ مَاتَ اَبَدًا اور تو اُن میں سے کسی مرنے والے پر کبھی (جنازہ کی) نماز نہ پڑھ اور کبھی اس کی قبر پر (دعا کے لئے) کھڑا نہ ہو۔ ایک روایت میں مزید ہے کہ آپؐ نے اُن (منافقین) کی نماز جنازہ پڑھانی چھوڑ دی۔
حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ حَدَّثَنَا أَبُو أُسَامَةَ حَدَّثَنَا عُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ عُمَرَ عَنْ نَافِعٍ عَنِ ابْنِ عُمَرَ قَالَ لَمَّا تُوُفِّيَ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ أُبَىٍّ ابْنُ سَلُولَ جَاءَ ابْنُهُ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَسَأَلَهُ أَنْ يُعْطِيَهُ قَمِيصَهُ يُكَفِّنُ فِيهِ أَبَاهُ فَأَعْطَاهُ ثُمَّ سَأَلَهُ أَنْ يُصَلِّيَ عَلَيْهِ فَقَامَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم لِيُصَلِّيَ عَلَيْهِ فَقَامَ عُمَرُ فَأَخَذَ بِثَوْبِ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَقَالَ يَا رَسُولَ اللَّهِ أَتُصَلِّي عَلَيْهِ وَقَدْ نَهَاكَ اللَّهُ أَنْ تُصَلِّيَ عَلَيْهِ فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " إِنَّمَا خَيَّرَنِي اللَّهُ فَقَالَ اسْتَغْفِرْ لَهُمْ أَوْ لاَ تَسْتَغْفِرْ لَهُمْ إِنْ تَسْتَغْفِرْ لَهُمْ سَبْعِينَ مَرَّةً وَسَأَزِيدُهُ عَلَى سَبْعِينَ " . قَالَ إِنَّهُ مُنَافِقٌ . فَصَلَّى عَلَيْهِ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَأَنْزَلَ اللَّهُ عَزَّ وَجَلَّ { وَلاَ تُصَلِّ عَلَى أَحَدٍ مِنْهُمْ مَاتَ أَبَدًا وَلاَ تَقُمْ عَلَى قَبْرِهِ} حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى وَعُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ سَعِيدٍ قَالاَ حَدَّثَنَا يَحْيَى - وَهُوَ الْقَطَّانُ - عَنْ عُبَيْدِ اللَّهِ بِهَذَا الإِسْنَادِ نَحْوَهُ وَزَادَ قَالَ فَتَرَكَ الصَّلاَةَ عَلَيْهِمْ .
Urdu translation: Noor Foundation
کتاب 51: كتاب صفات المنافقين وأحكامهم
مربوط حوالہ جات
قرآن کریم کی آیات
9:84