صحیح مسلم 5203: كتاب الفتن وأشراط الساعة
نافع بیان کرتے ہیں کہ ابن صیاد حضرت ابن عمرؓ نے کہا کہ میں اسے دو مرتبہ ملا ہوں۔ وہ کہتے ہیں ایک بار ملا تو میں نے لوگوں میں سے ایک سے کہا تم لوگ یہ کیا باتیں کرتے ہو کہ وہ وہی (دجال) ہے۔ انہوں نے کہا نہیں اللہ کی قسم۔ وہ کہتے ہیں میں نے کہا اللہ کی قسم! تم نے مجھ سے جھوٹ بولا ہے۔ اللہ کی قسم! تم میں سے بعض نے مجھے بتایا تھا کہ وہ نہیں مرے گا یہانتک کہ وہ مال اور اولاد میں تم سے بڑھ جائے اور وہ ویسا ہی ہے جیسا کہ انہوں نے گمان کیا۔ وہ کہتے ہیں پھر ہم آپس میں باتیں کرنے لگے۔ پھر میں نے اسے چھوڑ دیا۔ وہ کہتے ہیں پھر میں دوسری دفعہ اس (ابن صیاد) سے ملا تو اس کی آنکھ پھولی ہوئی تھی۔ وہ کہتے ہیں میں نے اس سے کہا تمہاری آنکھ کو یہ کب ہوا ہے جو میں دیکھ رہا ہوں؟ اس نے کہا کہ مجھے نہیں پتہ۔ وہ کہتے ہیں میں نے کہا کہ تمہیں نہیں پتہ حالانکہ وہ تمہارے سر میں ہے۔ اس نے کہا اگر اللہ چاہے تو تیرے اس سونٹے میں (آنکھ) پیدا کردے۔ وہ کہتے ہیں پھر اس نے گدھے کی طرح کی اونچی آواز نکالی جو میں نے سنی۔ وہ کہتے ہیں میرے بعض ساتھی سمجھے کہ میں نے اسے اس سونٹے سے مارا ہے جو میرے پاس تھا یہانتک کہ وہ ٹوٹ گیا اور جہاں تک میرا تعلق ہے تو اللہ کی قسم! مجھے پتہ نہ چلا۔ وہ کہتے ہیں کہ وہ ام المؤمنین (حضرت حفصہؓ) کے پاس آئے اور انہیں بتایا تو انہوں نے فرمایا تم اس سے کیا چاہتے ہو؟ کیا تمہیں پتہ نہیں ہے کہ آپؐ نے فرمایا تھا کہ وہ اُس غصہ کی وجہ سے باہر نکلے گا جو اسے مشتعل کرے گا۔
Urdu translation: Noor Foundation