صحیح مسلم 5251: كتاب الزهد والرقائق
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ انہوں نے نبیﷺ کو فرماتے ہوئے سنا کہ بنی اسرائیل میں تین شخص تھے ایک مبروص تھا ایک گنجا اور ایک نابینا۔ اللہ نے ارادہ کیا کہ ان کی آزمائش کرے۔ اس نے ان کی طرف ایک فرشتہ بھیجا وہ مبروص کے پاس آیا اور پوچھا کہ تجھے کیا چیز سب سے زیادہ پسند ہے؟ اس نے کہا کہ خوبصورت رنگ، خوبصورت جلد اور یہ مجھ سے دور ہوجائے جس کی وجہ سے لوگ مجھ سے کراہت کرتے ہیں۔ فرمایا اس (فرشتہ) نے اس پر ہاتھ پھیرا تو اس سے وہ بیماری جاتی رہی اور اسے خوبصورت رنگ اور خوبصورت جلد عطا کی گئی۔ اس (فرشتہ) نے کہا کہ کونسا مال تجھے پسند ہے؟ اس نے کہا اونٹ یا کہا گائے۔ راوی اسحاق کو اس بارہ میں شک ہے کہ مبروص یا گنجے میں سے کسی ایک نے اونٹ کہا تھا اور دوسرے نے گائے۔ فرمایا اسے دس ماہ کی گابھن اونٹنی دی گئی اور کہا کہ اللہ تجھے اس میں برکت دے۔ فرمایا پھر وہ گنجے کے پاس آیا اور کہا تجھے سب سے زیادہ کیا اچھا لگتا ہے؟ اس نے کہا خوبصورت بال اور یہ مجھ سے دور ہوجائے جس کی وجہ سے لوگوں کو مجھ سے کراہت آتی ہے۔ فرمایا اس (فرشتہ) نے اس پر ہاتھ پھیرا اور اس سے وہ (بیماری) جاتی رہی اور اسے خوبصورت بال عطا کئے گئے۔ اس (فرشتہ) نے کہا کہ کونسا مال تجھے پسند ہے؟ اس نے کہا گائیاں چنانچہ اسے حاملہ گائے دی گئی اور کہا اللہ تجھے اس میں برکت دے۔ فرمایا وہ نابینا کے پاس آیا اور کہا کہ تجھے سب سے زیادہ کیا پسند ہے؟ اس نے کہا یہ کہ اللہ مجھے میری نظر لوٹا دے جس سے میں لوگوں کو دیکھ سکوں۔ فرمایا پھر اس نے اس پر ہاتھ پھیرا تو اللہ نے اسے اس کی نظر لوٹا دی۔ اس نے پوچھا کہ تجھے کون سا مال زیادہ پسند ہے؟ اس نے کہا بکریاں پس اسے زیادہ بچے دینے والی بکری عطا کی گئی سو ان دونوں نے بھی بچے دئیے اور اس نے بھی بچے دئیے۔ فرمایا کہ اس کے لئے اونٹوں کی وادی ہوگئی اور اس کے لئے گائیوں کی وادی اور اس کے لئے بکریوں کی وادی۔ فرمایا کہ پھر وہ (فرشتہ) مبروص کے پاس اس کی (پرانی) صورت اور ہیئت میں گیا اور کہا کہ میں ایک مسکین آدمی ہوں اور سفر میں میرے سب اسباب جاتے رہے۔ پس آج اللہ اور پھر تمہارے بغیر میرا پہنچنا ممکن نہیں۔ میں تم سے اس کے نام پر سوال کرتا ہوں جس نے تمہیں خوبصورت رنگ اور خوبصورت جلد اور مال عطا کیا ہے ایک اونٹ مانگتا ہوں جو میرے سفر میں میرا کام بنا دے اس نے کہا ذمہ داریاں بہت ہیں۔ اس پر اس نے کہا میرا خیال ہے کہ میں تمہیں پہچانتا ہوں کیا تم مبروص نہیں تھے جس سے لوگ کراہت کرتے تھے؟ (کیا تم) وہ فقیر (نہیں تھے) جسے اللہ نے عطا کیا ہے۔ اس نے کہا کہ میں تو اس مال کا نسل در نسل وارث ہوں۔ اس نے کہا کہ اگر تم جھوٹے ہو تو اللہ تمہیں تمہاری پہلی حالت کی طرف لوٹا دے گا۔ فرمایا وہ (فرشتہ) گنجے کے پاس اس کی (پرانی) صورت میں آیا اور اسے بھی وہی کہا جو پہلے کو کہا تھا اور اس نے وہی جواب دیا جو پہلے نے جواب دیا تھا اس پر اس نے کہا اگر تو جھوٹا ہے تو اللہ تجھے ویسا ہی کر دے جیسے تو تھا فرمایا پھر وہ اندھے کے اس کی شکل و صورت میں آیا اور کہا کہ میں ایک مسکین شخص مسافر ہوں میرے سفر کے سب ذرائع کٹ چکے ہیں۔ آج اللہ اور پھر تمہارے بغیر میرا (منزل تک) پہنچنا ناممکن ہے۔ میں تم سے اس کے واسطہ سے جس نے تمہاری نظر تمہیں لوٹائی ہے ایک بکری مانگتا ہوں جو میرے سفر میں مجھے کفایت کر جائے۔ اس پر اس نے کہا کہ میں اندھا تھا اللہ نے مجھے میری نظر لوٹا دی۔ پس جو تو چاہے لے لے اور جو تو چاہے چھوڑ دے اللہ کی قسم آج کے دن میں تجھ پر اس بارہ میں جو تونے اللہ کی خاطر لیا میں تمہیں کوئی روک ٹوک نہیں کروں گا۔ اس پر اس نے کہا کہ اپنا مال اپنے پاس ہی رکھو۔ (تم تینوں کی) آزمائش کی گئی تھی اللہ تجھ سے راضی ہوگیا اور تیرے دونوں ساتھیوں سے ناراض ہوا۔
Urdu translation: Noor Foundation