صحیح مسلم 5313: كتاب الزهد والرقائق
حضرت صہیبؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ تم سے پہلوں میں ایک بادشاہ تھا اور اس کا ایک جادوگر تھا جب وہ بوڑھا ہوگیا تو اس نے بادشاہ سے کہا میں بوڑھا ہوگیا ہوں اس لئے تم میرے پاس ایک لڑکا بھیجو جسے میں جادو سکھا سکوں۔ چنانچہ اس نے اس کے پاس ایک لڑکا بھیجا تاکہ وہ اسے سکھا دے اس لڑکے کے رستہ میں جب وہ جاتا تھا ایک راہب تھا وہ اس کے پاس بیٹھ گیا اور اس کا کلام سنا تو اسے بہت پسند آیا۔ پھر جب بھی وہ جادو گر کے پاس آتا تو راہب کے پاس سے گزرتا اور اس کے پاس بیٹھ جاتا۔ جب وہ جادوگر کے پاس آتا تو وہ اسے مارتا تو وہ اس کی شکایت راہب کے پاس کرتا راہب نے کہا کہ جب تمہیں جادوگر کا ڈر ہو تو کہو کہ مجھے میرے گھر والوں نے روک لیا تھا اور جب اپنے گھر والوں کا ڈر ہو تو کہو کہ مجھے جادو گر نے روک لیا تھا۔ وہ اسی حالت میں تھا کہ وہ ایک بہت بڑے جانور کے پاس آیا جس نے لوگوں کو روک رکھا تھا۔ اس نے کہا کہ آج مجھے پتہ لگ جائے گا کہ جادوگر زیادہ فضیلت والا ہے یا راہب اس نے ایک پتھر لیا اور کہا اے اللہ اگر تیرے نزدیک راہب کا معاملہ جادو گر کے معاملہ سے زیادہ محبوب ہے تو اس جانور کو مار دے۔ تاکہ لوگ گزر سکیں۔ پھر اس نے وہ پتھر پھینکا اور اسے قتل کردیا، اور لوگ گزر گئے۔ پھر وہ راہب کے پاس آیا اور اسے بتایا تو راہب نے اسے کہا اے میرے پیارے بیٹے آج سے تو مجھ سے افضل ہے۔ تیرا معاملہ وہاں تک پہنچ گیا ہے جو میں دیکھ رہا ہوں۔ عنقریب تیری آزمائش کی جائے گی۔ پس جب تجھے آزمایا جائے تو میرا پتہ نہ دینا اور وہ لڑکا اندھوں اور مبروصوں کو ٹھیک کرتا تھا اور لوگوں کی تمام بیماریوں کا علاج کرتا تھا۔ بادشاہ کے ایک مصاحب نے جو اندھا ہوگیا تھا سنا تو وہ اس کے پاس بہت سے تحائف لے کر آیا اور کہا کہ اگر تو مجھے شفا دے دے تو جو کچھ یہاں ہے سب تیرا ہوگا۔ اس نے کہا میں کسی کو شفاء نہیں دیتا شفاء تو صرف اللہ دیتا ہے۔ پس اگر تو اللہ پر ایمان لاتا ہے تو میں اللہ سے دعا کرتا ہوں اور وہ تجھے شفا دے گا۔ وہ اللہ پر ایمان لایا اور اللہ نے اسے شفا دے دی۔ پھر وہ بادشاہ کے پاس آیا اور جیسے بیٹھا کرتا تھا اس کے پاس بیٹھ گیا۔ بادشاہ نے اسے کہا کہ تمہاری نظر تمہیں کس نے لوٹائی ہے؟ اس نے کہا میرے رب نے۔ اس نے کہا کیا میرے علاوہ بھی تمہارا رب ہے؟ اس نے کہا میرا اور تیرا رب اللہ ہے پس اس نے اسے پکڑا اور عذاب دینے لگا یہاں تک کہ اس نے اس لڑکے کا بتا دیا۔ لڑکے کو لایا گیا بادشاہ نے اسے کہا اے میرے بیٹے تیرا تو جادو یہاں تک پہنچ گیا ہے کہ اندھوں اور مبروصوں کو اچھا کردیتا ہے تو یہ کرتا ہے یہ کرتا ہے۔ اس نے کہا کہ میں تو کسی کو شفا نہیں دیتا شفا تو اللہ دیتا ہے۔ اس نے اسے پکڑا اور عذاب دینے لگا یہاں تک کہ اس نے راہب کا پتہ بتا دیا۔ راہب کو لایا گیا اور اس سے کہا گیا کہ اپنے دین سے پھر جاؤ مگر اس نے انکار کیا۔ اس نے آرہ منگوایا اور اس کے سر کی مانگ پر رکھا اور اسے چیر دیا اور اس (راہب) کے دونوں ٹکڑے گر گئے پھر بادشاہ کے مصاحب کو لایا گیا اور اسے کہا گیا کہ اپنے دین سے پھر جاؤ مگر اس نے انکار کیا اور آرہ اس کے سر کی مانگ پر رکھ دیا اور اسے اس کے ساتھ چیر دیا یہاں تک کہ اس کے دونوں ٹکڑے گر گئے۔ پھر لڑکے کو لایا گیا اور اسے کہا گیا کہ اپنے دین سے پھر جاؤ لیکن اس نے انکار کردیا۔ اس نے اسے اپنے ساتھیوں کے ایک گروہ کے سپرد کردیا اور کہا کہ اسے فلاں فلاں پہاڑ کی طرف لے جاؤ اور پہاڑ پر چڑھاؤ جب تم اس پہاڑ کی چوٹی پر پہنچ جاؤ پھر اگر یہ اپنے دین سے لوٹ آئے (تو ٹھیک) ورنہ اسے نیچے پھینک دو۔ پس وہ اسے لے گئے اور اسے لے کر پہاڑ پر چڑھے اس پر اس (لڑکے) نے کہا کہ اے اللہ تو جس طرح چاہے ان کے مقابل میں میرے لئے کافی ہوجا۔ پہاڑ ہلنے لگا اور وہ گر گئے۔ وہ (لڑکا) بادشاہ کے پاس چل کر آیا تو بادشاہ نے اسے کہا کہ تمہارے ساتھیوں کا ساتھ کیا ہوا اس نے کہا کہ اللہ ان کے مقابل پر میرے لئے کافی ہوگیا۔ پھر اس نے اسے اپنے ساتھیوں کے ایک گروہ کے سپرد کیا اور کہا کہ اسے لے جاؤ اور ایک کشتی میں سوار کرو اور سمندر کے درمیان میں لے جاؤ اگر تو یہ اپنے دین سے پھر جائے (تو ٹھیک) ورنہ اس میں پھینک دو۔ جب وہ اسے لے گئے تو اس نے کہا کہ اے اللہ! تو جس طرح چاہے ان کے مقابل میں میرے لئے کافی ہوجا۔ کشتی الٹ گئی اور وہ غرق ہوگئے۔ وہ (لڑکا) بادشاہ کے پاس چل کر آیا تو بادشاہ نے اسے کہا تمہارے ساتھیوں کے ساتھ کیا ہوا اس نے کہا کہ اللہ میرے لئے ان کے مقابل پر کافی ہوگیا اور اس نے کہا کہ تم مجھے نہیں مار سکتے یہاں تک کہ تم وہ کرو جو میں تمہیں کہتا ہوں۔ اس نے کہا وہ کیا؟ اس نے کہا کہ تم لوگوں کو ایک میدان میں جمع کرو اور ایک تنے پر مجھے لٹکاؤ۔ پھر میرے ترکش سے تیر لو اور اس تیر کو کمان کے اندر رکھو اور کہو اللہ کے نام کے ساتھ جو اس لڑکے کا رب ہے پھر مجھے تیر مارو اگر تم ایسا کرو گے تو مجھے مار سکو گے۔ چنانچہ اس نے لوگوں کو ایک میدان میں جمع کیا اور ایک تنے پر اسے لٹکایا پھر اس کے ترکش سے ایک تیر لیا اور تیر کو کمان میں رکھا اور کہا اللہ کے نام کے ساتھ جو اس لڑکے کا رب ہے پھر اسے تیر مارا تو تیر اس کی کن پٹی پر لگا اس نے اپنے ہاتھ کو اپنی کن پٹی پر تیر کی جگہ پر رکھا اور مر گیا لوگوں نے کہا کہ ہم اس لڑکے کے رب پر ایمان لے آئے ہم اس لڑکے کے رب پر ایمان لے آئے ہم اس لڑکے کے رب پر ایمان لے آئے لوگ بادشاہ کے پاس آئے اور اسے کہا دیکھو اللہ کی قسم! جو تمہارا ڈر تھا وہی تم پر نازل ہوگیا۔ لوگ ایمان لے آئے ہیں۔ اس (بادشاہ) نے راستوں کے سِروں پر کھائی کھودنے کا حکم دیا چنانچہ کھائیاں کھودی گئیں اور اس نے آگیں بھڑکائیں اور اس نے کہا کہ جو اپنے دین سے نہ پھرے، اسے اس میں جلا دو یا یہ کہا گیا کہ اسے کہو کہ آگ میں داخل ہوجائے۔ چنانچہ انہوں نے ایسا ہی کیا یہاں تک کہ ایک عورت آئی اس کے ساتھ اس کا ایک بچہ بھی تھا وہ پیچھے ہٹی مبادا اس میں گر جائے۔ بچے نے اسے کہا کہ اے میری ماں صبر کر یقینا تو حق پر ہے۔
Urdu translation: Noor Foundation