صحیح مسلم 832: كتاب الْمَسَاجِدِ وَمَوَاضِعِ الصَّلاَةِ
زہیر بیان کرتے ہیں کہ مجھ سے ابو الزبیر نے حضرت جابرؓ سے روایت کی وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے مجھے (کسی کام کے لئے) بھیجا اور آپؐ بنی مصطلق کی طرف جا رہے تھے۔ میں آپؐ کی خدمت میں حاضر ہوا تو آپؐ اپنے اونٹ پر نماز پڑھ رہے تھے میں نے آپؐ سے بات کی تو آپؐ نے اپنے ہاتھ سے یوں اشارہ کیا۔ زہیر نے اپنے ہاتھ سے اشارہ کیا۔ پھر میں نے آپؐ سے بات کی پھر آپؐ نے مجھے اس طرح اشارہ کیا۔ پس زُہیر نے بھی اپنے ہاتھ سے زمین کی طرف اشارہ کرکے بتایا (جابرؓ کہتے ہیں) میں آپؐ کو قراءت کرتے ہوئے سن رہا تھا۔ آپؐ اپنے سر سے اشارہ کر رہے تھے۔ جب آپؐ (نماز سے) فارغ ہوئے تو فرمایا کہ اس کام کا کیا بنا جس کے لئے میں نے تمہیں بھیجا تھا؟ میں صرف اس لئے تم سے بات نہیں کرسکا کہ میں نماز پڑھ رہا تھا۔ زہیر کہتے ہیں کہ ابو الزبیر قبلہ رخ بیٹھے ہوئے تھے۔ ابو الزبیر نے اپنے ہاتھ سے بنی مصطلق کی طرف اشارہ کیا۔ انہوں نے اپنے ہاتھ سے اشارہ کعبہ کے علاوہ دوسرے رُخ کیا۔
Urdu translation: Noor Foundation