تربیت کے گُر، گھروں کی جنت اور تربیت اولاد کی ذمہ داری
اَلْاَزْھَارُ لِذَوَاتِ الْخِمَارِ یعنی اوڑھنی والیوں کیلئے پھول, حصہ 2
حضرت خاین است الرابع" کے مستورات سے خطابات ۱۸۷
خطاب ۲ جون ۱۹۹۰ء
ہوں میں جانتا ہوں
کہ محض نالیاں بنادینا کافی نہیں۔بعض دفعہ نالیاں راستے میں ٹوٹتی رہتی ہیں یعنی
منتظم اپنا حق ادا نہیں کرتے اور پانی رستے ہی میں بکھر جاتا ہے۔بعض دفعہ پانی پہنچا بھی دیں تو کھیت
ایسا سوکھا ہوا بے چارہ اور زمین ایسی پیاسی ہوتی ہے کہ ایک ہی جگہ پانی ڈوبتا چلا جاتا ہے پر لے
کنارے تک پہنچتا ہی نہیں۔بعض دفعہ لیول ایک نہیں ہوتا اور لیول ایک نہ ہونے کا انسانی مثال میں یہ
مطلب ہوگا کہ بعض لوگ تربیت قبول کرنے کے لئے اپنے آپ کو پیش کر دیتے ہیں اور وہ پانی کے بہاؤ
کو قبول کرتے ہیں۔بعض ذرا اکھڑ مزاج کے ہوتے ہیں ، سر اُٹھانے والے اس معنے میں کہ وہ اپنے
آپ کو تربیت اور تعلیم کے لئے پیش نہیں کرتے۔وہ چھوٹی چھوٹی ڈھیریاں ایسی آپ کو نظر آئیں گی
جہاں سارا کھیت بھر گیا مگر ان ڈھیروں تک پانی نہیں پہنچا۔تربیت کوئی آسان کام نہیں ہے۔بہت سلیقے کا کام ہے اور ایک سائنسی طریق پر تربیت کے
تمام تقاضے پورے کرنا ایک لمبی تربیت چاہتا ہے اس لئے آپ کو پہلے اپنی بھی تو تربیت کرنی ہوگی کہ
کیسے تربیت کی جاتی ہے اور اسی کام پر میں مامور ہوں اس لئے میں آپ کو بار بار یہ باتیں سمجھا تا
رہتا ہوں اپنے خطبات کے ذریعہ بھی اور اپنے خطابات کے ذریعہ بھی کہ ہمارا سب سے اہم کام
بنی نوع انسان کی تربیت کرنا ہے اور اس تربیت سے پہلے ہمیں اپنی تربیت بھی کرنی ہوگی اور جوں جوں
ہم اپنی تربیت کرتے چلے جائیں غیروں کی تربیت بھی کرنی ہوگی یا غیروں میں سے آکر اپنے بننے
والوں کی بھی تربیت کرنی ہوگی۔اس مضمون کو میں چونکہ مختلف وقتوں میں بیان کر چکا ہوں بعض پہلو
آئندہ پھر بیان کروں گا۔اس وقت خاص طور پر نئے آنے والی احمدیوں کی نسلوں کو سنبھالنے کی حد تک
اپنے مضمون کو محمد و درکھوں گا۔اس لئے آپ سب کا جو پاکستان سے تشریف لائی ہیں اور آپ سب میں ان کا خصوصیت
کے ساتھ جن کو خدا تعالیٰ نے تربیت کا سلیقہ بخشا ہے ان کی تعلیم بہتر ہے، ان کا مزاج نرم ہے اور
خدا تعالیٰ نے دوستی کا مزاج عطا کیا ہے، خصوصیت سے فرض ہے کہ اپنی نئی آنے والی بہنوں کو محبت سے
گلے لگائیں ، ان کے لئے بہنا پے کا ماحول مہیا کریں ان کے حضور اپنی صلاحیتیں پیش کر دیں اور ان کو یہ
احساس دلائیں اسی لئے میں یہ مثال کہ جس معاشرے سے وہ ٹوٹ کرتارے آپ کی جھولی میں گرے
ہیں اس جھولی میں ان تاروں کو زیادہ محبت بخشیں ان کو اس آسمان کی فکر نہ رہے جس سے وہ ٹوٹے ہیں۔آپ کی جھولی کی زیادہ قدر پیدا ہو جائے اور یہ صرف اسی صورت میں ممکن ہے کہ جب آپ محبت دیں
حضرت خلیفہ مسیح الرابع' کے مستورات سے خطابات
۱۸۸
خطاب ۲ جون ۱۹۹۰ء
اور ماؤں سے بہتر اور کون جانتا ہے کہ محبت کیسے دی جاتی ہے۔بچے بھی خواہ کسی مقام پر پہنچیں کسی ترقی
کے آسمان تک پہنچیں جو رفعت ماں کی جھولی میں محسوس کرتے ہیں وہ کسی اور جگہ محسوس نہیں کرتے۔اسی لئے میں نے یہ مثال آپ کے سامنے رکھ دی ہے کہ ان کے بلند رونق اور چمکتے ہوئے
معاشرے کے آسمان قائم ہیں۔ان آسمانوں سے ان تاروں نے ٹوٹنا قبول کر لیا، ان کو مٹی میں نہ ڈلنے
دیں، ان کو خاک میں نہ بکھرنے دیں۔آپ کا فرض ہے اور خدا آپ کو پوچھے گا اگر ان گرتے ہوئے
تاروں کو آپ نے اپنی جھولیوں میں نہ سمایا اور محبت نہ دی جیسی آپ اپنی اولادکو محبت دیتی ہیں۔پیار اور
محبت سے آپ گروپوں میں بیٹھ کر یہ سوال کریں اور سیکھیں خود اپنی تربیت ساتھ ساتھ کرتی چلی
جائیں اور اس کے ساتھ آپ ان نسلوں کی طرف بھی متوجہ ہوں اور اپنی نسلوں کی طرف بھی متوجہ ہوں۔اس ملک میں آنے کے بعد خود آپ کو بھی تو خطرے درپیش ہیں، آپ کی بیٹیاں بھی تو ایسے سکولوں میں
داخل ہیں جہاں آزادی کے معنی بے حیائی کے لئے جاتے ہیں۔جہاں آزادی کے معنی یہ سمجھے جاتے
ہیں کہ ایک لڑکی جو چاہے جس طرح چاہے لذتیں حاصل کرتی رہے کوئی اس کو روکنے والا نہ ہوا گر کوئی
رو کے گا تو نفسیاتی طور پر اس کے دل میں زخم پیدا کر دے گا۔یا اس کے ذہنوں میں الجھن پیدا کر دے
گا۔اس نظریے کے تعلیمی ماحول میں آپ کی بیٹیاں بھی تو جاتی ہیں۔جب تک آپ ان کو اپنے زیادہ
قریب نہ رکھیں اور مسلسل ان کے قریب نہ رہیں، ان کو رفاقت عطا نہ کریں ، اور ان کو بھی مطمئن نہ کراتی
چلی جائیں کہ اسلامی ماحول ان کو اپنی بہبود کے لئے اور بنی نوع انسان کی بہبود کے لئے زیادہ بہتر ہے
اس وقت تک ان کے مستقبل کی بھی تو کوئی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔نہایت ہی درد ناک المیہ ہو گا اگر وہ
کہانی جو میں نے آپ کے سامنے بیان کی پرانے زمانوں میں نئے آنے والے احمدیوں کے متعلق کہ
ان کی اولادیں کس طرح آہستہ آہستہ ضائع ہو گئیں۔خود آپ کے گھروں میں دہرائی جانے لگیں اور یہ
خطرات فرضی نہیں ہیں، یہ حقیقی خطرات ہیں۔صاف نظر سے آپ ماحول کو دیکھیں آپ کو دکھائی دینے
چاہئیں۔ابھی دو چار سال کے اندر ہی وہ خاندان جو یہاں آکر بسے ہیں۔ان کے اندر یہ خطرات عملی
شکل میں ظاہر ہونے شروع ہو چکے ہیں۔ایسی بچیاں ہیں یہاں جن کی نظریں بدل رہی ہیں، جن کے
رخ بدل رہے ہیں، ان کی باتوں کی طرز ایسی ہے جیسے وہ باہر جانے کے لئے پر تول رہی ہیں۔مائیں
اگر اس وقت ان کا خیال نہیں کرتیں اور اس وقت وہ لرزتی نہیں اس خوف سے کہ خدا نے جو امانت
ہمارے سپر د کی تھی ہم اس امانت کی حفاظت نہیں کر سکے اور خدا ہم سے پوچھے گا کہ کیوں تم نے اس
حضرت خلیفہ مسیح الرابع' کے مستورات سے خطابات
۱۸۹
خطاب ۲ جون ۱۹۹۰ء
امانت کی حفاظت نہیں کی تو پھر کچھ عرصے کے بعد وہ بالکل ہاتھ سے نکل جائیں گی۔اسی طرح بچے ہیں،
بیٹے ہیں ان کی تربیت کی بھی ضرورت ہے اور بڑے پیار اور محبت کے ساتھ اور مسلسل نگران رہ کر چھوٹی
چھوٹی باتوں کا جائزہ لیتے ہوئے چھوٹے چھوٹے رجحانات کو سمجھتے ہوئے ان کو رفتہ رفتہ ساتھ چلانے
کی ضرورت ہے اور یہ یقین دلانے کی ضرورت ہے کہ یہ تعلیم جو قرآن نے ہمیں عطا کی ہے یہی وہ تعلیم
ہے جو دلوں کو سکینت بخش سکتی ہے۔باقی سارے وقتی یا جز وقتی مشغلے ہیں۔کچھ دیر کی لذتیں ہیں جو اپنے
پیچھے دکھ چھوڑ جائیں گے، بے چینیاں چھوڑ جائیں گی ان
کو سمجھانے کی ضرورت ہے کہ ان کے گھروں
کی طرف دیکھو ٹیلی ویژن میں جو معاشرہ پیش ہو رہا ہے اس کو نہ دیکھو غور سے فکر کی نظر سے ان کے اپنے
ان رسائل کا مطالعہ کر کے دیکھو جن میں ان کی بڑھتی ہوئی بے چینیوں کا ذکر ہے۔گھر ٹوٹ رہے
ہیں، اعتماد اُٹھ رہے ہیں ، بچوں کے دلوں میں والدین کی کوئی عزت باقی نہیں رہی ہے اگر ہے تو اتفاقی
حادثات کے طور پر ہے۔والدین کچھ عرصے کے بعد بچوں کو دھکا دیتے ہیں کہ جاؤ۔اب تم آزاد پھر و
ہمارے اوپر مزید بوجھ نہ بنو بلکہ بعض والدین بچوں سے اپنے گھروں میں رہنے کا کرایہ اور کھانے کی
قیمت وصول کرنی شروع کر دیتے ہیں۔اب یہ وہ باتیں ہیں جن کا تصور بھی کسی مشرقی معاشرہ میں خواہ
وہ مذہبی ہو یا غیر مذہبی ہو نہیں کیا جاسکتا اور جس کو ہم غیر مذہبی معاشرہ کہتے ہیں اس کی تخلیق بھی دراصل
مذہبی پس منظر میں ہوئی تھی۔اس لئے مشرق میں وہ معاشرہ کسی حد تک اب تو ٹوٹ رہا ہے لیکن کسی حد
تک ابھی بھی قائم ہے جس کا پس منظر مذہب نے قائم کیا اور جس کے نتیجے میں خاندانوں کو اکٹھار کھنے
پر اور بہن بھائی کے رشتوں پر اور باپ بیٹے اور ماں بیٹے اور باپ بیٹی اور ماں بیٹی کے رشتوں پر اور ان
کے تقدس پر بہت زور دیا گیا۔آج کی دنیا میں مغرب میں یہ ساری قدریں ٹوٹ بکھر گئی ہیں، گھر بکھر
رہے ہیں اور اس کے نتیجے میں بے چینیاں پیدا ہو رہی ہیں۔پس تنقید کے طور پر نہیں سمجھانے کے طور پر ان کے سامنے یہ واقعات لا ئیں اور اپنی بہنوں کو
بھی بتا ئیں کہ آپ کی دائگی تسکین اسی معاشرے، اسی تعلیم میں ہے جو آپ کے گھروں کی حفاظت کرتی
ہے۔جو تعلیم اور جو معاشرہ گھروں کی حفاظت کرنے میں ناکام رہتا ہے وہ بنی نوع انسان
کو سکینت بخشنے
میں لازماً نا کام رہے گا۔آج نہیں تو کل یہ بے چینی اتنی بڑھے گی کہ اسی معاشرے کے خلاف کھلم کھلا ان
کی نسلیں بغاوت کریں گی کیونکہ امر واقعہ یہ ہے کہ جو سکون گھر کے ماحول میں ہے ویسا سکون کہیں دنیا
میں نصیب نہیں ہوسکتا۔لیکن گھر وہ جو محبت کے رشتوں میں بندھا ہوا ہو، گھر میں جو تقدس کے رشتوں
حضرت خلیفہ مسیح الرابع' کے مستورات سے خطابات
١٩٠
خطاب ۲ جون ۱۹۹۰ء
میں بندھا ہوا ہو، جہاں ادب کے تصورات ہوں، جہاں ایثار کے تصورات ہوں، جہاں نرم اور ملائم
گوشے ہوں ایک دوسرے کے لئے جہاں یقین ہو کہ اگر ساری دنیا بھی مجھے دھتکار دے تو میری ماں
مجھے نہیں دھتکارے گی ، میرا باپ مجھے نہیں دھتکارے گا۔میرا بھائی ایسا ہے جس پر میں مان رکھتی ہوں،
میں گری پڑی گلیوں میں بھی اس کو ملی ہوں اٹھائے گا اور مجھے چھاتی سے لگائے گا اور اپنے گھر لے
جائے گا۔یہ وہ گھروں کا تصور ہے جو اسلامی تصور ہے۔جو درحقیقت مذہبی تصور ہے اور ہر مذہب میں
اگر آج مشترک نہیں ہے تو پہلے مشترک تھا۔کوئی دنیا کا مذہب ایسا نہیں ہے جس نے اس طرح انسانی
گھروں کی تخلیق کی کوشش نہ کی ہو۔یہ مغربی معاشرہ جانتا ہے کہ عیسائیت کی تعلیم کی روح بھی یہی ہے
کہ ایک دوسرے کے خونی رشتوں کے ساتھ تعلق رکھو، ان کے لئے ایثار پیدا کرو، محبت کے نرم گوشے
ان
کو مہیا کرو اور پھر ان رشتوں کی تقدیس کرو۔یہ جو قرآن کریم میں اور اسلامی تعلیم میں بار بار حرمت
اور محرم کا ذکر آپ پڑھتی ہیں یہ دراصل یہی تقدیس ہے جس کا میں ذکر کر رہا ہوں۔ان ممالک میں بدنصیبی ہے اور بے انتہا بد نصیبی کہ جہاں ایک طرف تعلق کے رشتے ٹوٹے
وہاں دوسری طرف غلط تعلق کے رشتے قائم ہونے شروع ہو گئے۔ماں بیٹے اور باپ بیٹی کے درمیان تقدیس کی بجائے غلط رشتے قائم ہونے شروع ہو گئے۔اس چیز کا نام آج کل کی اصطلاح میں Child abuse ہے۔یہ ایک ایسا مضمون ہے جس میں کوئی اور
روشنی نہیں ڈال سکتا اس مجلس میں لیکن آپ سب لوگ اس پیغام کو سمجھتے ہیں اور اس ماحول میں رہتے ہوئے
واقف ہیں کہ یہ کیا ہورہا ہے اور یہ ایک بھیانک چیز ہے اتنا ظالمانہ اور بہیمانہ رجحان ہے کہ انسان کو ہزار
ہا سال کے تہذیبی سفر سے الٹا کر واپس ہیمیت کے ادنی کناروں تک پہنچا دے گا۔ان گڑھوں میں اس قعر
مذلت میں انسانیت ڈوب جائے گی جہاں جانوروں کے اندر بھی اس سے زیادہ تقدیس پائی جاتی ہے۔اس لئے یہ باتیں معمولی نہیں ہیں۔آپ کو گھر کی تعمیر کی طرف لازماً توجہ دینی ہوگی اور ایسے
گھر کی تعمیر کی طرف جہاں سمجھانے کے نتیجے میں اور عملاً ایثار اور پیار اور محبت کے نتیجے میں آپ کے
بچے آپ سے ذہنی طور پر اور قلبی طور پر وابستہ ہو جائیں اور دل میں یقین کرلیں کہ ان اقدار کی بہت
بڑی قیمت ہے اور ان
کا کوئی بدل نہیں اور یہی وہ پیغام ہے جو آپ کو اپنی دوسری بہنوں تک پہنچانا چاہئے
اور ان کی گھروں کی حفاظت کے لئے استعمال کرنا چاہئے۔اس ضمن میں یا درکھیں کہ آپ کی طرز گفتگو بہت بڑا کردارادا کرے گی۔ایک احمدی خاتون نے
حضرت خلیفہ مسیح الرابع' کے مستورات سے خطابات
191
خطاب ۲ جون ۱۹۹۰ء
کچھ عرصہ پہلے مجھے خط لکھا کہ میرا خاوند مجھے ہمیشہ تو تڑاں کر کے مخاطب کرتا ہے اور میں جب آئی تھی اس
گھر میں تو میرے دل میں نرمی اور نفاست تھی رفتہ رفتہ محسوس کر رہی ہوں کہ اس بات کی کمی ہو رہی ہے اور
مجھ میں بے چینی پیدا ہو رہی ہے۔یہ ایک بہت ہی اہم نکتہ ہے جو اس نے اٹھایا اور میں نے سوچا کہ میں
اس کو آپ کے سامنے رکھوں، روزمرہ کی گفتگو کے سلیقے سے ہی گھر بنتے ہیں یا بگڑتے ہیں۔میں نے اس
کو لکھا کہ لفظ تو کی بحث نہیں ہے۔خدا کو بھی تو آپ عظمت اور پیار سے تو کہہ کر مخاطب کرتی ہیں۔بحث
ہے کس رنگ میں بات کی جاتی ہے۔اگر آپ بد تمیزی کے ساتھ آپ کہیں تو وہ آپ بھی تکلیف دے گا اور
زہر گھول دے گا آپ کے رشتوں میں اور اگر محبت اور پیار کے ذریعے کے ساتھ آپ تو کہیں تو اس تو میں
بڑی مٹھاس ہو گی اور وہ رشتے توڑنے کی بجائے رشتے باندھنے کا موجب بن جائے گی۔پس طرز گفتگو ہے جس میں آپ کو سلیقہ اختیار کرنا چاہئے۔اپنے بچوں پر بھی نظر رکھیں
میں نے دیکھا ہے مجھے اس پر بڑی محنت کرنی پڑی ہے۔میری بچیاں ہیں خدا کے فضل سے عام تربیتی
تقاضوں کے لحاظ سے بُری نہیں کہی جاسکتیں لیکن آپس میں جب باتیں کرتی ہیں جب بعض دفعہ تو ایک
دوسرے کا لحاظ نہیں کرتیں اور بچپن سے لے کر ان کے آج تک مجھے مسلسل محنت کرنی پڑی ہے۔بعض
دفعہ میں اچانک کمرے میں جاؤں تو اونچی آواز میں بحث ہورہی ہوتی ہے اور میرے جاتے ہی آواز
دھیمی ہو جاتی ہے میں ان سے کہتا ہوں کہ بیبیو میرا سوال نہیں میں آج نہیں تو کل چلا جاؤں گا لیکن میں
اس یقین کے ساتھ اس دنیا سے جانا چاہتا ہوں کہ میری عدم موجودگی میں بھی تم ایک دوسرے کے ساتھ
ملائمت کا سلوک کرو، نرمی اور پیار کا سلوک کرو۔تم نے دنیا کی تربیت کرنی ہے۔اگر چھوٹی چھوٹی باتوں
میں چھوٹی چھوٹی بحثوں میں تم نے گرمی اختیار کی ، جوش اختیار کئے، ایک دوسرے کے لئے تحقیر کے
کلمے استعمال کئے تو دنیا کی تربیت کیسے کرو گی۔اپنی نسلوں کی تربیت کیسے کرو گی اس لئے میں جانتا ہوں
کہ مشکل کام ہے، بہت محنت کرنی پڑتی ہے اور بڑی وفا کے ساتھ محنت کرنی پڑتی ہے، مستقل مزاجی
کے ساتھ محنت کرنی پڑتی ہے۔اس پہلو سے آپ اپنے گھروں پر غور کریں اور نقشوں کو بدلیں کیونکہ جرمنی کی جماعت سے
مجھے بہت کثرت سے ایسی شکایتیں ملتی ہیں کہ خاوند اپنی بیویوں سے بدتمیز ہیں اور بعض بیویاں اپنے
خاوندوں سے بدتمیز ہیں بعض اپنے بچوں سے بدتمیزی سے بات کرتے ہیں اور پھر ان کے بچے بھی
آگے سے جواب دیتے ہیں عجیب ہنگامہ پیدا ہوتا ہے۔تو وہ کوئی گھر ہے رہنے والا جہاں ہر وقت
حضرت خلیفہ مسیح الرابع' کے مستورات سے خطابات
۱۹۲
خطاب ۲ جون ۱۹۹۰ء
بدتمیزی ہو رہی ہو، لڑائیاں ہو رہی ہوں، آواز میں اونچی ہو رہی ہوں۔وہی ماحول ہو ، وہی آسائش کے
سامان ہوں یا تکلیف دہ حالات ہوں۔مزاج بدلنے سے گھر جنت بنتا ہے یا جہنم بنتا ہے میں نے ایسے غریب خاندانوں
کو بھی دیکھا
ہے کہ جن کے پاس ایک کمرہ رہنے کا اور بڑا خاندان لیکن ان کے مزاج میں خدا تعالیٰ نے لطافت عطا
فرمائی ، نرمی عطا فرمائی ہے، وہ سوکھی روٹی بھی بڑے محبت و پیار سے مل کر کھاتے ہیں اور ایک دوسرے کے
لئے قربانی کے جذبات رکھتے ہیں اور اس چھوٹی سی غریب نہ جگہ میں نہایت معمولی غذا میں بھی وہ ایک جنت
محسوس کرتے ہیں۔باہر کی دنیا کی نعمتیں ان کے لئے کشش نہیں رکھتیں۔جب تک وہ اپنے گھر کے ماحول
میں واپس نہ جائیں ان کو مزہ نہیں آتا۔ایک ایسے معاملے میں میں نے ایک تجربہ بھی کر کے دیکھا، ایک
شخص کو ایک بچے کو جو کسی ایسے ہی گھر کا تھا، ہر قسم کی نعمتیں پہنچائیں ہر
قسم کے آرام دیئے مگر اس کا دل نہیں
لگتا تھا کہ جو مزہ گھر میں ہے وہ مزہ نہیں ہے۔ماں باپ پیار کرنے والے، بہن بھائی پیار کرنے والے،
اب اس چیز کا کوئی بدل ہے دنیا میں ؟ کوئی بدل نہیں۔اور ایسے گھر ہیں جہاں ہر قسم کی نعمتیں موجود ہیں لیکن
بدا خلاقی اور بدتمیزی کی وجہ سے وہ گھر جہنم بنے رہتے ہیں کوئی چین نہیں۔آپ کا اپنا اختیار ہے ایک تنگ
لاگر میں بھی اگر آپ نے رہنا ہے، تکلیف دہ ماحول ہے، مجھے پتہ ہے بہت ہی مصیبتیں ہیں، بڑی
آزمائشیں ہیں۔غلط ماحول کے پلے ہوئے لوگ ، غلط تربیت پائے ہوئے لوگ آپ کے ساتھ رہتے ،
آپ کے غسل خانے استعمال کرتے ، اس کچن میں آپ کھانا پکاتی ہیں ، بیچاریاں مجھے پتہ ہے لیکن مزید
جہنم بھی آپ اس کو بنا سکتی ہیں۔اگر آپس میں لڑنا شروع کر دیں اور آپس میں بدتمیزیاں شروع کر دیں۔اگر ایک دوسرے کو سہارا دیں ایک دوسرے کو پیار دیں اخلاق سے بات کریں نرمی کا لہجہ اختیار کریں
اور نرمی کی تعلیم دیں تو یہی ماحول اگر جنت نہیں تو کم سے کم اتنا نرم ضرور ہو سکتا ہے کہ زندگی گزارنے کے
لئے کچھ نہ کچھ سامان تو ہو جائیں گے۔کچھ سہارا تو ہو آپس میں جب رات کو اکٹھے ہو جایا کریں گے تو
آپ ایک دوسرے کے ساتھ پیار دیکھیں گے، ایک دوسرے کی آنکھوں میں پیار دیکھیں گے تو سارے
دن کی تھکاوٹ دور ہو جائے گی لیکن اس پر مزید اگر وہ بدتمیزیاں ہوں جن کا میں نے ذکر کیا ہے تو پھر کچھ
باقی نہیں رہتا۔ایک آفت ایک قیامت آئی رہتی ہے ایسے گھروں میں۔پس یا درکھیں اس دنیا میں گھر جنت بھی بنا سکتے ہیں اور جہنم بھی بنا سکتے ہیں اور گھروں کی جنت
اور جہنم دنیا کی آسائشوں سے بہت معمولی تعلق رکھتی ہیں۔اصل جنت اور جہنم ایک دوسرے کے رجحان
حضرت خلیفہ مسیح الرابع' کے مستورات سے خطابات
۱۹۳
خطاب ۲ جون ۱۹۹۰ء
سے پیدا ہوتی ہے، ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات کے سلیقوں اور آداب سے پیدا ہوتی ہے اور اس
سے سارا ماحول بدل جاتا ہے۔اس پہلو سے جب آپ تربیت کریں گی تو آپ کی اولاد کی حفاظت ہوگی میں کوئی بے تعلق
بات نہیں کہہ رہا وہی اولا د بچتی ہے اور اسی کی تربیت کی ضمانت دی جاسکتی ہے جس کو گھر میں پیار اور
محبت کا اور اعتماد کا ماحول میسر ہو۔ورنہ آپ کے بچے آپ کی کوکھوں سے جنم لے کر غیروں کی گودوں
میں جانا شروع ہو جائیں گے اور ان کی گودوں میں پلیں گے آپ واویلا کریں گی اور وہ آپ کے نہیں
بن سکیں گے۔بچپن کا وقت ہے جو غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے اس وقت آپ ان کو سنبھالیں اور اس وقت
ان کو پیار دیں ، اس وقت ان کو اپنا ئیں اور یہ اسلامی گھر ہے جس کو نمونے کے طور آپ نئی آنے والی
بہنوں کو آپ فخر سے دکھا سکتی ہیں، کہہ سکتی ہیں کہ جو تم نے چھوڑا ہے اس سے بہت کچھ زیادہ پالیا
اور تمہارے مستقبل کی حفاظت اس ماحول میں ہے۔پس تربیت کے بہت فنون ہیں، بہت سے گر
ہیں، بہت سے ایسے امور ہیں جن پر روشنی ڈالی جا سکتی تھی ، ڈالی جاتی ہے اور مختلف خطبات میں مختلف
پہلوؤں سے میں ذکر کرتا ہوں ، مگر آج کے مضمون کے لئے میں نے یہی دو تین باتیں چینی تھیں۔میں امید رکھتا ہوں جس طرح دھیان سے آپ سن رہی ہیں، جس طرح خاموشی کے ساتھ
آپ متوجہ ہیں اسی طرح دھیان سے ان باتوں کو اب ہمیشہ ذہن نشین رکھیں گی۔اپنے دلوں میں جگہ
دیں گی ، اپنے گھروں کی روز مرہ کی زندگی میں ان باتوں کو جاری کر دیں گی اور پیار اور محبت کے وہ
ماحول پیدا کریں گی ، جس کے نتیجے میں آپ کی دنیا جنت بن جائے گی اور دوسری دنیا کو جنت عطا
کرنے کی اہلیت عطا ہوگی۔اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے اور ہم اس حال میں اس دنیا سے رخصت ہوں کہ
کامل یقین کے ساتھ اور کامل دل کے اطمینان کے ساتھ پیچھے چھوڑنے والی نسلوں پر نظریں ڈال رہے
ہوں کہ اے خدا! جب تک ہمارا بس تھا جس طرح ہماری پیش گئی ہم نے ان کو اعلیٰ اقدار عطا کئے اور اعلیٰ
حالات اور اعلیٰ اخلاق پر قائم رکھا۔اب یہ جواہر تیرے سپرد ہیں جس طرح ہم نے ان کی تربیت کی اب
اے خدا! تو ان کی تربیت کرنا اور ہمیں دوسری دنیا میں بھی یہ دکھ نصیب نہ ہو کہ جن اعلیٰ رستوں پر ہم ان
کو ڈال
کر گئی تھیں ان رستوں سے ان کے قدم ہٹ گئے۔اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے۔آمین۔اب دُعا میں شامل ہو جائیں۔