بعثت کا مقصد
حضرت مرزا غلام احمد قادیانیؑ اپنی تحریروں کی رو سے (جلد اوّل), حصہ 2
Urdu text of the edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.
کے نام پر یہ عاجز بھیجا گیا ۔ تاصلیبی اعتقاد کو پاش پاش کر دیا جائے۔ سو میں صلیب کے توڑنے اور
خنزیروں کے قتل کرنے کے لئے بھیجا گیا ہوں ۔ میں آسمان سے اُترا ہوں اُن پاک فرشتوں کے ساتھ جو
میرے دائیں بائیں تھے جن کو میرا خدا جو میرے ساتھ ہے میرے کام کے پورا کرنے کے لئے ہر ایک
مستعد دل میں داخل کرے گا بلکہ کر رہا ہے اور اگر میں چپ بھی رہوں اور میری قلم لکھنے سے رُکی بھی
رہے تب بھی وہ فرشتے جو میرے ساتھ اُترے ہیں اپنا کام بند نہیں کر سکتے اور اُن کے ہاتھ میں بڑی
بڑی گرزیں ہیں جو صلیب توڑنے اور مخلوق پرستی کے ہیکل کچلنے کے لئے دیئے گئے ہیں۔
( فتح اسلام - روحانی خزائن جلد ۳ صفحه ۱ حاشیہ )
اس زمانہ کے عیسائیوں پر گواہی دینے کے لئے خدا تعالیٰ نے مجھے کھڑا کیا ہے اور مجھے حکم دیا ہے کہ تا
میں لوگوں پر ظاہر کروں کہ ابن مریم کو خدا ٹھہرانا ایک باطل اور کفر کی راہ ہے اور مجھے اس نے اپنے
مکالمات اور مخاطبات سے مشرف فرمایا ہے اور مجھے اس نے بہت سے نشانوں کے ساتھ بھیجا ہے اور
میری تائید میں اُس نے بہت سے خوارق ظاہر فرمائے ہیں۔ اور در حقیقت اس کے فضل و کرم سے ہماری
مجلس خدا نما مجلس ۔ ہے جو شخص اس مجلس میں صحت نیت اور پاک ارادہ اور مستقیم جستجو سے ایک مدت تک
رہے تو میں یقین کرتا ہوں کہ اگر وہ دہر یہ بھی ہو تو آخر خدا تعالیٰ پر ایمان لاوے گا اور ایک عیسائی جس
کو خدا تعالیٰ کا خوف ہو اور جو سچے خدا کی تلاش کی بھوکھ اور پیاس رکھتا ہو اس کو لازم ہے کہ بے ہودہ
قصے اور کہانیاں ہاتھ سے پھینک دے اور چشم دید ثبوتوں کا طالب بن کر ایک مدت تک میری صحبت میں
رہے پھر دیکھے کہ وہ خدا جو زمین اور آسمان کا مالک ہے کس طرح اپنے آسمانی نشان اُس پر ظاہر کرتا
ہے ۔ مگر افسوس کہ ایسے لوگ بہت تھوڑے ہیں جو درحقیقت خدا کو ڈھونڈ نے والے اور اس تک پہونچنے
کے لئے دن رات سرگرداں ہیں ۔
(کتاب البریہ ۔ روحانی خزائن جلد ۱۳ صفحه ۵۵)
چونکہ میں تثلیث کی خرابیوں کی اصلاح کے لئے بھیجا گیا ہوں اس لئے یہ درد ناک نظارہ کہ ایسے
لوگ دنیا میں چالیس کروڑ سے بھی کچھ زیادہ پائے جاتے ہیں جنہوں نے حضرت عیسی علیہ السلام کو خدا سمجھ
رکھا ہے میرے دل پر اس قدر صدمہ پہونچاتا رہا ہے کہ میں گمان نہیں کر سکتا کہ مجھ پر میری تمام زندگی
میں اس سے بڑھ کر کوئی غم گذرا ہو بلکہ اگر ہم و غم سے مرنا میرے لئے ممکن ہوتا تو یہ غم مجھے ہلاک کر دیتا
کہ کیوں یہ لوگ خدائے واحد لاشریک کو چھوڑ کر ایک عاجز انسان کی پرستش کر رہے ہیں ۔ اور کیوں یہ
لوگ اس نبی پر ایمان نہیں لاتے جو سچی ہدایت اور راہ راست لے کر دنیا میں آیا ہے۔ ہر ایک وقت مجھے
یہ اندیشہ رہا ہے کہ اس غم کے صدمات سے میں ہلاک نہ ہو جاؤں۔ اور میرا اس درد سے یہ حال
ہے کہ اگر دوسرے لوگ بہشت چاہتے ہیں تو میرا بہشت یہی ہے کہ میں اپنی زندگی میں اس شرک سے
انسانوں کو رہائی پاتے اور خدا کا جلال ظاہر ہوتے دیکھ لوں اور میری روح ہر وقت دعا کرتی ہے کہ اے
خدا! اگر میں تیری طرف سے ہوں اور اگر تیرے فضل کا سایہ میرے ساتھ ہے تو مجھے یہ دن دکھلا کہ
حضرت مسیح علیہ السلام کے سر سے یہ تہمت اٹھا دی جائے کہ گویا نعوذ باللہ انہوں نے خدائی کا دعویٰ کیا۔
ایک زمانہ گزر گیا کہ میرے پنجوقت کی یہی دعائیں ہیں کہ خدا ان لوگوں کو آنکھ بخشے اور وہ اس کی
وحدانیت پر ایمان لاویں اور اس کے رسول کو شناخت کرلیں اور تثلیث کے اعتقاد سے توبہ کریں۔
تبلیغ رسالت جلد ہشتم صفحه ۷۲،۷۱۔ مجموعہ اشتہارات جلد دوم صفحه ۳۱۲ ۳۱۳۰ بار دوم )
مسیح موعود کے وجود کی علت غائی احادیث نبویہ میں یہ بیان کی گئی ہے کہ وہ عیسائی قوم کے دجل کو
دور کرے گا اور ان کے صلیبی خیالات کو پاش پاش کر کے دکھلا دے گا۔ چنانچہ یہ امر میرے ہاتھ پر
خدا تعالیٰ نے ایسا انجام دیا کہ عیسائی مذہب کے اصول کا خاتمہ کر دیا ۔ میں نے خدا تعالیٰ سے بصیرت
کاملہ پا کر ثابت کر دیا کہ وہ لعنتی موت کہ جو نعوذ باللہ حضرت مسیح کی طرف منسوب کی جاتی ہے جس پر تمام
مدار صلیبی نجات کا ہے وہ کسی طرح حضرت عیسی علیہ السلام کی طرف منسوب نہیں ہو سکتی اور کسی طرح
لعنت کا مفہوم کسی راستباز پر صادق نہیں آ سکتا۔ چنانچہ فرقہ پادریان اس جدید طرز کے سوال سے جو
حقیقت میں اُن کے مذہب کو پاش پاش کرتا ہے ایسے لا جواب ہو گئے کہ جن جن لوگوں نے اس تحقیق پر
اطلاع پائی ہے وہ سمجھ گئے ہیں کہ اس اعلیٰ درجہ کی تحقیق نے صلیبی مذہب کو توڑ دیا ہے بعض پادریوں کے
خطوط سے مجھے معلوم ہوا ہے کہ وہ اس فیصلہ کرنے والی تحقیق سے نہایت درجہ ڈر گئے ہیں۔ اور وہ سمجھ
گئے ہیں کہ اس سے ضرور صلیبی مذہب کی بنیا د ر گرے گی اور اس کا گرنا نہایت ہولناک ہوگا۔
(کتاب البریہ ۔ روحانی خزائن جلد ۱۳ صفحه ۲۶۲ ۲۶۳ حاشیه )
جیسا کہ ہم نے اس فارسی قصیدہ میں جو اوپر لکھا گیا ہے یہ بتلایا ہے کہ خدا کے کامل مامورین کی
علامتوں میں سے ایک یہ علامت ہے کہ اُن سے آسمانی نشان ظاہر ہوتے ہیں ایسا ہی ہم اس جگہ ہزار
ہزار شکر کے ساتھ لکھتے ہیں کہ وہ تمام علامتیں ! کہ وہ تمام علامتیں اس بندہ حضرت احدیت میں پوری ہوئیں وئیں اس زمانہ میں
پادریوں کا متعصب فرقہ جو سرا سر حق پوشی کی راہ سے کہا کرتا تھا کہ گویا ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے
M
کوئی معجزہ ظہور میں نہیں آیا ان کو خدا تعالیٰ نے سخت شرمندہ کرنے والا جواب دیا اور کھلے کھلے نشان اس
اپنے بندہ کی تائید میں ظاہر فرمائے۔
ایک وہ زمانہ تھا کہ انجیل کے واعظ بازاروں اور گلیوں اور کوچوں میں نہایت دریدہ دہانی سے اور
سراسر افترا سے ہمارے سید و مولی خاتم الانبیاء اور افضل الرسل والاصفیاء اور سید المعصومين والاتقیاء
حضرت محبوب جناب احدیت محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وسلم کی نسبت یہ قابلِ شرم جھوٹ بولا کرتے تھے کہ
گویا آنجناب سے کوئی پیش گوئی یا معجزہ ظہور میں نہیں آیا۔ اور اب یہ زمانہ ہے کہ خدا تعالیٰ نے علاوہ ان
ہزار ہا معجزات کے جو ہمارے سرور و مولیٰ شَفِيعُ الْمُذْنِبِین صلی اللہ علیہ وسلم سے قرآن شریف اور
احادیث میں اس کثرت سے مذکور ہیں جو اعلیٰ درجہ کے تو اتر پر ہیں تازہ بتازہ صد ہانشان ایسے ظاہر
فرمائے ہیں کہ کسی مخالف اور منکر کو اُن کے مقابلہ کی طاقت نہیں ۔ ہم نہایت نرمی اور انکسار سے ہر ایک
عیسائی صاحب اور دوسرے مخالفوں کو کہتے رہے ہیں اور اب بھی کہتے ہیں کہ در حقیقت یہ بات سچ ہے
کہ ہر ایک مذہب جو خدا تعالیٰ کی طرف سے ہو کر اپنی سچائی پر قائم ہوتا ہے اُس کے لئے ضرور ہے کہ
ہمیشہ اُس میں ایسے انسان پیدا ہوتے رہیں کہ جو اپنے پیشوا اور ہادی اور رسول کے نائب ہو کر یہ ثابت
کریں کہ وہ نبی اپنی روحانی برکات کے لحاظ سے زندہ ہے فوت نہیں ہوا کیونکہ ضرور ہے کہ وہ نبی جس کی
پیروی کی جائے جس کو شفیع اور منجھی سمجھا جائے وہ اپنے روحانی برکات کے لحاظ سے ہمیشہ زندہ ہو اور
عزت اور رفعت اور جلال کے آسمان پر اپنے چمکتے ہوئے چہرہ کے ساتھ ایسا بدیہی طور پر مقیم ہو اور
خدائے ازلی ابدى حي قيوم ذُو الاِقْتِدَار کے دائیں طرف بیٹھنا اُس کا ایسے پر زور الہی ٹوروں سے
ثابت ہو کہ اس سے کامل محبت رکھنا اور اس کی کامل پیروی کرنا لازمی طور پر اس نتیجہ کو پیدا کرتا ہو کہ پیروی
کرنے والا روح القدس اور آسمانی برکات کا انعام پائے ۔ اور اپنے پیارے نبی کے نوروں سے نور
حاصل کر کے اپنے زمانہ کی تاریکی کو دور کرے۔ اور مستعد لوگوں کو خدا کی ہستی پر وہ پختہ اور کامل اور
درخشاں اور تاباں یقیں بخشے جس سے گناہ کی تمام خواہشیں اور سفلی زندگی کے تمام جذبات جل جاتے
ہیں۔ یہی ثبوت اس بات کا ہے کہ وہ نبی زندہ اور آسمان پر ہے۔ سو ہم اپنے خدائے پاک ذوالجلال کا
کیا شکر کریں کہ اس نے اپنے پیارے نبی محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت اور پیروی کی توفیق دے کر
اور پھر اس محبت اور پیروی کے روحانی فیضوں سے جو سچی تقویٰ اور سچے آسمانی نشان ہیں کامل حصہ عطا
فرما کر ہم پر ثابت کر دیا کہ وہ ہمارا پیارا برگزیدہ نبی فوت نہیں ہوا بلکہ وہ بلند تر آسمان پر اپنے ملیک مقتدر
کے دائیں طرف بزرگی اور جلال کے تخت پر بیٹھا ہے۔
اللَّهُمَّ صَلِّ عَلَيْهِ وَ بَارِكْ وَسَلَّمُ إِنَّ اللهَ وَمَلَبِكَتَهُ يُصَلُّونَ عَلَى النَّبِيِّ يَأَيُّهَا الَّذِينَ
امَنُوا صَلُّوا عَلَيْهِ وَسَلِّمُوا تَسْلِيمًا - تریاق القلوب - روحانی خزائن جلد ۱۵ صفحه ۱۳۷ تا ۱۳۹)
سواسی بنا پر یہ عاجز اس سلسلہ کے قائم رکھنے کے لئے مامور کیا گیا ہے اور چاہتا ہے کہ صحبت میں
رہنے والوں کا سلسلہ اور بھی زیادہ وسعت سے بڑھا دیا جائے اور ایسے لوگ دن رات صحبت میں رہیں
کہ جو ایمان اور محبت اور یقین کے بڑھانے کے لئے شوق رکھتے ہوں اور ان پر وہ انوار ظاہر ہوں کہ جو
اس عاجز پر ظاہر کئے گئے ہیں۔ اور وہ ذوق ان کو عطا ہو جو اس عاجز کو عطا کیا گیا ہے تا اسلام کی روشنی
عام طور پر دنیا میں پھیل جائے اور حقارت اور ذلت کا سیاہ داغ مسلمانوں کی پیشانی سے دھویا جائے۔
اسی کی بشارت دے کر خداوند نے مجھے بھیجا۔ اور کہا کہ
بخرام که وقت تو نزد یک رسید و پائے محمد یاں بر منار بلند تر محکم افتاد کے
فتح اسلام - روحانی خزائن جلد ۳ صفحه ۲۲ ۲۳)
خدا تعالیٰ چاہتا ہے کہ ان تمام روحوں کو جو زمین کی متفرق آبادیوں میں آباد ہیں کیا یورپ اور کیا
ایشیا۔ ان سب کو جو نیک فطرت رکھتے ہیں توحید کی طرف کھینچے اور اپنے بندوں کو دین واحد پر جمع
کرے۔ یہی خدا تعالیٰ کا مقصد ہے جس کے لئے میں دنیا میں بھیجا گیا ۔ سو تم اس مقصد کی پیروی کرو
مگر نرمی اور اخلاق اور دعاؤں پر زور دینے سے۔ اور جب تک کوئی خدا سے روح القدس پا کر کھڑا نہ ہو
سب میرے بعد مل کر کام کرو۔
( رساله الوصیت، روحانی خزائن جلد ۲۰ صفحه ۳۰۶، ۳۰۷)
اس وقت جو ضرورت ہے وہ یقیناً سمجھ لوسیف کی نہیں بلکہ قلم کی ہے۔ ہمارے مخالفین نے اسلام پر جو
شبہات وارد کئے ہیں اور مختلف سائنسوں اور مکاید کی رو سے اللہ تعالیٰ کے سچے مذہب پر حملہ کرنا چاہا ہے۔
اُس نے مجھے متوجہ کیا ہے کہ میں قلمی اسلحہ پہن کر اس سائنس اور علمی ترقی کے میدان کارزار میں اتروں اور
اسلام کی روحانی شجاعت اور باطنی قوت کا کرشمہ بھی دکھاؤں ۔ میں کب اس میدان کے قابل ہو سکتا تھا یہ تو
صرف اللہ تعالیٰ کا فضل ہے اور اس کی بے حد عنایت ہے کہ وہ چاہتا ہے کہ وہ میرے جیسے عاجز انسان کے
ہاتھ سے اُس کے دین کی عزت ظاہر ہو۔ (رپورٹ جلسہ سالانہ ۱۸۹۷ء صفحہ ۶۸ ، ملفوظات جلد اول صفحہ ۳۸ ایڈیشن ۲۰۰۳ء)
ے اب ظہور کر اور نکل کہ تیرا وقت نزدیک آ گیا اور اب وہ وقت آ رہا ہے کہ محمدی گڑھے میں سے نکال لئے جاویں
گے اور ایک بلند اور مضبوط مینار پر ان کا قدم پڑے گا۔
قُلْ إِنْ كَانَ لِلرَّحْمَنِ وَلَدٌ فَأَنَا أَوَّلُ الْعَبِدِينَ۔
یہ اشتہار پادری صاحبوں کی خدمت میں نہایت عجز اور ادب اور انکسار سے لکھا جاتا ہے کہ اگر یہ سچ
ہوتا کہ حضرت عیسی مسیح علیہ السلام در حقیقت خدا کا فرزند ہوتا یا خدا ہوتا تو سب سے پہلے میں اس کی
پرستش کرتا اور میں تمام ملک میں اُس کی خدائی کی اشاعت کرتا اور اگرچہ میں دکھ اُٹھاتا اور مارا جاتا۔ اور
قتل کیا جاتا اور اس کی راہ میں ٹکڑے ٹکڑے کیا جاتا تب بھی میں اس دعوت اور منادی سے باز نہ آتا۔
لیکن اے عزیز و ! خدا تم پر رحم کرے اور تمہاری آنکھیں کھولے حضرت عیسی علیہ السلام خدا نہیں وہ صرف
ایک نبی ہے۔ ایک ذرہ اس سے زیادہ نہیں اور بخدا میں وہ سچی محبت اس سے رکھتا ہوں جو تمہیں ہرگز نہیں
اور جس نور کے ساتھ میں اسے شناخت کرتا ہوں تم ہرگز اسے شناخت نہیں کر سکتے ۔ اس میں کچھ شک
نہیں کہ وہ خدا کا ایک پیارا اور برگزیدہ نبی تھا اور ان میں سے تھا جن پر خدا کا ایک خاص فضل ہوتا ہے اور
جو خدا کے ہاتھ سے پاک کئے جاتے ہیں مگر خدا نہیں تھا۔ اور نہ خدا کا بیٹا تھا۔ میں نے یہ باتیں اپنی
طرف سے نہیں کیں بلکہ وہ خدا جو زمین و آسمان کا خالق ہے میرے پر ظاہر ہوا اور اُسی نے اس آخری
زمانہ کے لئے مجھے مسیح موعود کیا ۔ اس نے مجھے بتلایا کہ سچ یہی ہے کہ یسوع ابن مریم نہ خدا ہے نہ خدا کا
بیٹا ہے۔ اور اُسی نے میرے ساتھ ہمکلام ہو کر مجھے یہ بتلایا کہ وہ نبی جس نے قرآن پیش کیا اور لوگوں کو
اسلام کی طرف بلایا وہ سچا نبی ہے ۔ اور وہی ہے جس کے قدموں کے نیچے نجات ہے اور بجز اس کی
متابعت کے ہرگز ہرگز کسی کو کوئی نور حاصل نہیں ہوگا۔ اور جب میرے خدا نے اس نبی کی وقعت اور قدر
اور عظمت میرے پر ظاہر کی تو میں کانپ اُٹھا اور میرے بدن پر لرزہ پڑ گیا۔ کیونکہ جیسا کہ حضرت عیسی مسیح
کی تعریف میں لوگ حد سے بڑھ گئے یہاں تک کہ ان کو خدا بنا دیا اسی طرح اس مقدس نبی کا لوگوں
نے قدر شناخت نہیں کیا جیسا کہ حق شناخت کرنے کا تھا اور جیسا کہ چاہئے لوگوں کو اب تک اُس کی
عظمتیں معلوم نہیں ۔ وہی ایک نبی ہے جس نے توحید کا تخم ایسے طور پر بویا جو آج تک ضائع نہیں ہوا۔
وہی ایک نبی ہے جو ایسے وقت میں آیا جب تمام دنیا بگڑ گئی تھی اور ایسے وقت میں گیا جب ایک سمندر کی
طرح توحید کو دنیا میں پھیلا گیا۔ اور وہی ایک نبی ہے جس کے لئے ہر ایک زمانہ میں خدا اپنی غیرت
ا الزخرف : ۸۲
دکھلاتا رہا ہے اور اس کی تصدیق اور تائید کے لئے ہزار ہا معجزات ظاہر کرتا رہا۔ اسی طرح اس زمانہ میں ہزار ہا
بھی اس پاک نبی کی بہت توہین کی گئی اس لئے خدا کی غیرت نے جوش مارا اور سب گزشتہ زمانوں سے
زیادہ جوش مارا اور مجھے اس نے مسیح موعود کر کے بھیجا تا کہ میں اُس کی نبوت کے لئے تمام دنیا میں گواہی
دوں اگر میں بے دلیل یہ دعویٰ کرتا ہوں تو جھوٹا ہوں لیکن اگر خدا اپنے نشانوں کے ساتھ اس طور سے
میری گواہی دیتا ہے کہ اس زمانہ میں مشرق سے مغرب تک اور شمال سے لے کر جنوب تک اس کی نظیر
نہیں تو انصاف اور خدا ترسی کا مقتضا یہی ہے کہ مجھے میری اس تمام تعلیم کے ساتھ قبول کریں ۔ خدا نے
میرے لئے وہ نشان دکھائے کہ اگر وہ ان امتوں کے وقت نشان دکھلائے جاتے جو پانی اور آگ اور ہوا
سے ہلاک کی گئیں تو وہ ہلاک نہ ہوتیں مگر اس زمانے کے لوگوں کو میں کس سے تشبیہ دوں وہ اُس
بد قسمت کی طرح ہیں جس کی آنکھیں بھی ہیں پر دیکھتا نہیں اور کان بھی ہیں پر سنتا نہیں اور عقل بھی ہے پر
سمجھتا نہیں ۔ میں اُن کے لئے روتا ہوں اور وہ مجھ پر ہنستے ہیں اور میں ان کو زندگانی کا پانی دیتا ہوں اور
وہ مجھ پر آگ برساتے ہیں۔ خدا میرے پر نہ صرف اپنے قول سے ظاہر ہوا ہے بلکہ اپنے فعل کے ساتھ
بھی اس نے میرے پر تجلی کی اور میرے لئے وہ کام دکھلائے اور دکھلائے گا کہ جب تک کسی پر خدا کا
خاص فضل نہ ہو اس کے لئے یہ کام دکھلائے نہیں جاتے۔ لوگوں نے مجھے چھوڑ دیا لیکن خدا نے مجھے قبول
کیا۔ کون ہے جو ان نشانوں کے دکھلانے میں میرے مقابل پر آسکتا ہے۔ میں ظاہر ہوا ہوں تا خدا
میرے ذریعہ سے ظاہر ہو۔ وہ ایک مخفی خزانہ کی طرح تھا مگر اب اُس نے مجھے بھیج کر ارادہ کیا کہ تمام
دہریوں اور بے ایمانوں کا منہ بند کرے جو کہتے ہیں کہ خدا نہیں ۔ مگر اے عزیز و! تم جو خدا کی طلب میں
لگے ہوئے ہو۔ میں تمہیں بشارت دیتا ہوں کہ سچا خدا وہی ہے جس نے قرآن نازل کیا۔ وہی ہے جس
نے میرے پر تجلبی کی اور جو ہر دم میرے ساتھ ہے۔
(اشتہار منسلکہ حقیقۃ الوحی ۔ روحانی خزائن جلد ۲۲ صفحه ۶۱۹ ، ۶۲۰ )
له