کتاب 25: كتاب الحج
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1513
عبد اللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سلیمان بن یسار سے، سلیمان نے حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ فضل (بن عباسؓ) رسول اللہ ﷺ کے پیچھے (اونٹ پر) سوار تھے۔ اتنے میں خثعم قبیلہ کی ایک عورت آئی تو فضلؓ اسے دیکھنے لگے اور وہ عورت فضلؓ کو دیکھنے لگی اور نبی ﷺ نے فضلؓ کا منہ دوسری طرف پھیر دیا۔ اس عورت نے کہا: یا رسول اللہ! فریضہ حج اللہ تعالیٰ کی طرف سے اپنے بندوں پر ایسے وقت میں مقرر ہوا ہے کہ جب میرا باپ بہت بوڑھا ہے۔ وہ اونٹنی پر بھی جم کر نہیں بیٹھ سکتا۔ کیا میں اس کی طرف سے حج کر لوں؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں (تم اس کی طرف سے حج کر لو) اور یہ واقعہ حجۃ الوداع میں ہوا۔
صحیح بخاری 1514
احمد بن عیسیٰ نے ہم سے بیان کیا، (کہا: عبداللہ) ابن وہب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس (بن یزید) سے، یونس نے ابن شہاب سے روایت کی کہ سالم بن عبداللہ (بن عمر) نے ان سے بیان کیا کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما کہتے تھے: میں نے رسول اللہ ﷺ کو ذوالحلیفہ میں اپنی اونٹنی پر سوار ہوتے دیکھا جب وہ آپؐ کو لے کر سیدھی کھڑی ہونے کو ہوتی تو آپؐ اَللّٰھُمَّ لَبَّیْک کہتے۔
صحیح بخاری 1515
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ولید نے ہمیں بتایا، (کہا:) اوزاعی نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے عطاء (بن ابی رباح) سے سنا۔ وہ حضرت جابر بن عبداللہ (انصاری) رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے تھے۔ (انہوں نے بیان کیا) کہ رسول اللہ ﷺ نے ذوالحلیفہ سے احرام باندھا۔ جب آپؐ کی اونٹنی آپؐ کو لے کر سیدھی کھڑی ہو گئی۔ یہ بات حضرت انس اور حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہم نے بھی روایت کی۔
صحیح بخاری 1516
اور ابان نے کہا: مالک بن دینار نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قاسم بن محمد سے، قاسم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے ان کے ساتھ ان کے بھائی حضرت عبدالرحمن ؓ کو بھیجا تو انہوں نے تنعیم سے اُن کو عمرہ کرایا اور پالان کی پچھلی لکڑی پر اُن کو سوار کیا۔ اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے کہا: حج میں پالان باندھو۔ کیونکہ حج بھی دو جہادوں میں سے ایک جہاد ہے۔
صحیح بخاری 1517
(اور) محمد بن ابی بکر نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن زُرَیع نے ہمیں بتایا، (کہا:) عزرہ بن ثابت نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ثمامہ بن عبداللہ بن انس سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت انسؓ نے پالان پر سوار ہو کر حج کیا اور وہ بخیل نہ تھے اور انہوں نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے بھی پالان پر سوار ہو کر حج کیا اور وہی سواری کا اونٹ آپؐ کی باربرداری کے لئے بھی تھا۔
صحیح بخاری 1518
عمرو بن علی (فلاس) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ابوعاصم نے ہمیں بتایا، (کہا:) ایمن بن نابل نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) قاسم بن محمد نے ہمیں بتایا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ نے عمرہ کر لیا ہے اور میں نے عمرہ نہیں کیا۔ آپؐ نے فرمایا: عبدالرحمن! اپنی بہن کو لے جاؤ اور انہیں تنعیم سے عمرہ کرائو۔ چنانچہ حضرت عبدالرحمنؓ نے ان کو اونٹنی پر اپنے پیچھے سوار کیا اور پھر انہوں (حضرت عائشہؓ) نے عمرہ کیا۔
صحیح بخاری 1519
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ سے پوچھا گیا کہ عملوں میں سے کونسا عمل افضل ہے؟ آپﷺ نے فرمایا: اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لانا۔ پوچھا گیا: پھر اس کے بعد کونسا؟ فرمایا: اللہ تعالیٰ کی راہ میں جہاد کرنا۔ پوچھا گیا: پھر کونسا؟ فرمایا: وہ حج جو سراسر نیکی اور طاعت شعاری پر مبنی ہو۔
صحیح بخاری 1520
عبدالرحمان بن مبارک نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) خالد (بن عبداللہ طحان) نے ہم سے بیان کیا۔ (کہا:) حبیب بن ابی عمرہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عائشہ بنت طلحہ سے، انہوں نے حضرت عائشہ ام المومنین رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! ہم جہاد کو ہر ایک عمل سے بڑھ کر دیکھتے ہیں۔ کیا ہم بھی جہاد نہ کریں؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں، سب سے بڑھ کر جہاد وہ حج ہے جو سراسر نیکی اور طاعت شعاری پر مبنی ہو۔
صحیح بخاری 1521
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شعبہ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) سیار ابوالحکم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے ابوحازم سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: جس نے اللہ کے لئے حج کیا اور پھر شہوانی بات نہ کی اور نہ احکامِ الٰہی کی نافرمانی کی تو وہ ایسا ہی (پاک ہو کر) لوٹے گا؛ جیسا اس دن (پاک) تھا؛ جس دن اس کی ماں نے اُسے جنا۔
صحیح بخاری 1522
مالک بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) زُہیر نے ہم سے بیان کیا، کہا: زید بن جبیر نے مجھ سے بیان کیا کہ وہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کے پاس ان کی فرود گاہ میں آئے اور ان کا بہت بڑا خیمہ تھا اور قناتیں تھیں۔ (انہوں نے کہا:) میں نے ان سے پوچھا: مجھے کہاں سے اجازت ہے کہ میں عمرہ کا احرام باندھوں؟ تو انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے نجد والوں کے لئے قرن المنازل اور مدینہ والوں کے لئے ذوالحلیفہ اور شام والوں کے لئے جحفہ احرام باندھنے کی جگہیں مقرر کی ہیں۔
صحیح بخاری 1523
یحيٰ بن بشر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شبابہ (بن سوار) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ورقاء (بن عمر) سے، ورقاء نے عمرو بن دینار سے، عمرو نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اہل یمن حج کیا کرتے تھے اور وہ زادِ راہ نہیں لیتے تھے اور کہتے تھے: ہم تو متوکل ہیں۔ جب مکے میں پہنچتے تو لوگوں سے مانگتے۔ اللہ تعالیٰ نے وحی کی: اور تم زادِ راہ لے لیا کرو، کیونکہ بہتر زادِ راہ وہی ہے جس میں بچاؤ کا سامان ہو۔ یہ حدیث ابن عیینہ نے عمرو سے، عمرو نے عکرمہ سے مرسل روایت کی ہے۔
صحیح بخاری 1524
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) وہیب نے ہم سے بیان کیا، (کہا: عبداللہ) ابن طائوس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے اہل مدینہ کے لئے ذوالحلیفہ اور اہل شام کے لئے جحفہ اور اہل نجد کے لئے قرن المنازل اور اہل یمن کے لئے یلملم احرام باندھنے کے مقامات مقرر کئے ہیں۔ یہ اُن کے لئے بھی ہیں اور ان لوگوں کے لئے بھی جو دوسرے ملکوں سے آئیں۔ یعنی جو حج اور عمرہ کرنا چاہتے ہوں اور جو اِن مقامات سے ورے رہتے ہوں تو پھر وہ جہاں سے شروع کریں۔ اہل مکہ بھی مکہ ہی سے احرام باندھیں۔
صحیح بخاری 1525
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اہل مدینہ ذوالحلیفہ سے احرام باندھیں اور اہل شام جحفہ سے اور اہل نجد قرن سے۔ حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) کہتے تھے: اور مجھے یہ خبر پہنچی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے: اور اہل یمن یلملم سے احرام باندھیں۔
صحیح بخاری 1526
مسدد نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن دینار سے، عمرو نے طائوس سے، طائوس نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے اہل مدینہ کے لئے ذوالحلیفہ، اہل شام کے لئے جُحفہ، اہل نجد کے لئے قرن المنازل اور اہل یمن کے لئے یلملم احرام باندھنے کے مقامات مقرر کئے۔ یہ اُن ملکوں کے لئے بھی ہیں اور جو اُن میں دوسرے ملکوں سے آئیں۔ یعنی ان کے لئے جو حج اور عمرہ کا ارادہ رکھتے ہوں اور جو لوگ ان کے ورے رہتے ہوں تو اُن کے احرام باندھنے کی جگہ ان کے اپنے گھر ہی ہیں۔ اسی طرح اہل مکہ بھی مکہ ہی سے احرام باندھیں۔
صحیح بخاری 1527
علی (بن مدینی) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ہم نے اس (حدیث) کو زہری سے یاد رکھا ہے۔ زہری نے سالم سے، سالم نے اپنے باپ (حضرت عبداللہ بن عمرؓ) سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) نبی ﷺ نے احرام باندھنے کی جگہیں مقرر کی ہیں۔
صحیح بخاری 1528
احمد (بن عیسیٰ حمدانی) نے (بھی) ہمیں بتایا، (کہا: عبداللہ) ابن وہب نے ہم سے بیان کیا، کہا: یونس نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سالم بن عبداللہ سے، سالم نے اپنے باپ (حضرت عبد اللہ) ص سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: اہل مدینہ کے لئے احرام باندھنے کی جگہ ذوالحلیفہ ہے اور اہل شام کے لئے احرام باندھنے کی جگہ مَہیَعہ ہے اور وہ جحفہ میں ہے اور اہل نجد کے لئے احرام باندھنے کی جگہ قرن ہے۔ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا کہ لوگوں کا خیال ہے مگر میں نے یہ نہیں سنا کہ نبی ﷺ نے فرمایا ہو؛ اہل یمن کے لئے احرام باندھنے کی جگہ یلملم ہے۔
صحیح بخاری 1529
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے طائوس سے، طائوس نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے اہل مدینہ کے لئے ذوالحلیفہ اور اہل شام کے لئے جحفہ اور اہل یمن کے لئے یلملم اور اہل نجد کے لئے قرن مقرر کئے۔ یہ ان ملکوں کے لئے بھی ہیں اور اُن لوگوں کے لئے بھی؛ جو اِن میں باہر سے آئیں۔ یعنی وہ جو حج اور عمرہ کا ارادہ رکھتے ہوں اور وہ جو اِن سے ورے رہتے ہوں وہ اپنے گھر سے ہی احرام باندھیں۔ یہاں تک کہ اہل مکہ بھی مکہ سے ہی احرام باندھیں۔
صحیح بخاری 1530
معلّٰی بن اسد نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) وہیب (بن خالد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبد اللہ بن طائوس سے، عبد اللہ نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے اہل مدینہ کے لئے ذوالحلیفہ، اہل شام کے لئے جحفہ اور اہل نجد کے لئے قرن المنازل اور اہل یمن کے لیے یلملم احرام باندھنے کی جگہیں مقرر کیں۔ یہ ان ملکوں کے رہنے والوں کے لئے بھی ہیں اور ہر ایک کے لئے جو اِن میں دوسرے ملک والوں میں سے آئے یعنی جو حج اور عمرہ کا ارادہ رکھتا ہو اور جو اِن مقامات سے ورے رہتے ہوں؛ وہ جہاں سے چلنے لگیں۔ اہل مکہ بھی مکہ سے احرام باندھیں۔
صحیح بخاری 1531
علی بن مسلم نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبداللہ بن نمیر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبید اللہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت (عبداللہ) ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب یہ شہر فتح کئے گئے تو لوگ حضرت عمرؓ کے پاس آئے اور انہوں نے کہا: امیر المومنین! رسول اللہ ﷺ نے اہل نجد کے لئے قرن مقرر کیا ہے اور وہ ہمارے راستہ سے ایک طرف ہے اور اگر ہم قرن جانا چاہیں تو ہمارے لئے مشکل ہوگی۔ حضرت عمرؓ نے کہا: تم اپنے راستہ میں اس کے مقابل پر کوئی اور مقام دیکھو۔ چنانچہ انہوں نے ان کے لئے ذاتِ عرق مقرر کیا۔
صحیح بخاری 1532
عبد اللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ (انہوں نے کہا:) رسول اللہ ﷺ نے ذوالحلیفہ کے میدان میں اپنی اونٹنی کو بٹھایا اور وہاں نماز پڑھی اور حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما بھی اسی طرح کیا کرتے تھے۔