کتاب 25: كتاب الحج
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 1533
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) انس بن عیاض نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے، عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ براستہ شجرہ مدینہ سے نکلا کرتے تھے اور براستہ معرس مدینہ میں آیا کرتے تھے اور رسول اللہ ﷺ جب مکہ کو جانے کے لئے نکلتے تو آپؐ درخت والی مسجد میں نماز پڑھا کرتے تھے اور جب لوٹ کر آتے تو ذوالحلیفہ میں نالہ کے نشیب میں نماز پڑھتے اور وہیں صبح تک رات بسر کرتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1534
(ابوبکر عبداللہ) حمیدی نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ولید اور بشر بن بکر تنیسی نے ہم سے بیان کیا۔ ان دونوں نے کہا: اوزاعی نے ہمیں بتایا، کہا: یحيٰ (بن ابی کثیر) نے ہم سے بیان کیا، کہا: عکرمہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ انہوں نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے سنا۔ حضرت عمرؓ نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے وادیٔ عقیق میں سنا۔ آپؐ نے فرمایا: آج رات میرے پاس میرے ربّ کی طرف سے ایک آنے والا آیا اور اس نے کہا: اس مبارک وادی میں نماز پڑھو اور کہو کہ حج مع عمرہ کیا کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1535
محمد بن ابی بکر(مقدمی) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) فضیل بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) موسیٰ بن عقبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: سالم بن عبداللہ نے مجھے بتایا کہ ان کے باپ (حضرت عبد اللہ بن عمر) رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ جب آپؐ ذوالحلیفہ کی وادی کے نشیب میں رات کو خیمہ زن تھے۔ آپؐ نے خواب دیکھا۔ آپؐ سے کہا گیا کہ تم ایک مبارک میدان میں ہو۔ (موسیٰ بن عقبہ کہتے تھے:) اور سالم نے ہم کو بھی وہاں ٹھہرایا۔ وہ اس مقام کی تلاش کرتے تھے؛ جہاں حضرت عبداللہؓ اونٹ بٹھایا کرتے تھے۔ یعنی رسول اللہ ﷺ کی فرود گاہ کی جستجو کرتے تھے اور وہ مقام اس مسجد کے نیچے ہے؛ جو وادی کے نشیب میں ہے۔ اس کے اور راستہ کے درمیان واقع ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1536
ابوعاصم (ضحاک بن مخلد) نے کہا: ابن جریج نے ہمیں بتایا، (کہا:) عطاء (بن ابی رباح) نے مجھے خبر دی کہ صفوان بن یعلیٰ نے بتایا۔ حضرت یعلٰی ؓ نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے کہا کہ آپؐ نبی ﷺ کو ایسے وقت میں مجھے دکھائیں جب آپؐ کو وحی ہو رہی ہو۔ حضرت یعلٰی ؓ کہتے تھے: ایک بار نبی ﷺ جعرانہ میں تھے اور آپؐ کے ساتھ آپؐ کے صحابہ میں سے ایک جماعت بھی تھی۔ اس اثناء میں آپؐ کے پاس ایک شخص آیا۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ کا اس شخص کی نسبت کیا خیال ہے جس نے عمرہ کا احرام باندھا اور خوشبو سے لتھڑا ہوا ہو؟ نبی ﷺ کچھ دیر خاموش رہے۔ اتنے میں آپؐ کو وحی ہوئی۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے حضرت یعلٰی ؓ کو اشارہ کیا اور حضرت یعلٰی ؓ آئے اور رسول اللہ ﷺ پر ایک کپڑا تھا؛ جس سے آپؐ پر سایہ کیا گیا تھا اور آپؓ نے اپنا سر اُس کے اندر کر لیا۔ تو کیا دیکھتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کا چہرہ سرخ ہے اور آپؐ خراٹے لے رہے ہیں۔ پھر اس کے بعد آپؐ سے یہ حالت جاتی رہی اور آپؐ نے فرمایا: وہ کہاں ہے جس نے عمرہ کی بابت پوچھا تھا؟ وہ آدمی لایا گیا۔ آپؐ نے فرمایا: وہ خوشبو جو کپڑے میں لگی ہے تین بار دھو ڈال اور اس جبہ کو اُتار دے اور اپنے عمرہ میں وہی کر جو تو حج میں کرتا ہے۔ (ابن جریج کہتے تھے:) عطاء سے میں نے پوچھا: آپؐ نے جب اس کو تین بار دھونے کا حکم دیا تو آپؐ کی مراد اچھی طرح صاف کرنا تھی؟ انہوں نے کہا: ہاں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1537
محمد بن یوسف (فریابی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے سعید بن جبیر سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: (حضرت عبداللہ) ابن عمر رضی اللہ عنہما (احرام باندھتے وقت) تیل لگاتے تھے۔ (منصور کہتے تھے:) میں نے ابراہیم سے اس کا ذکر کیا تو انہوں نے کہا: آپؒ سعید بن جبیرؒ کے اس قول کو کیا کریں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1538
(انہوں نے کہا کہ) اسود نے مجھے بتایا۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: گویا میں رسول اللہ ﷺ کی مانگ میں خوشبو کی چمک کو اَب بھی دیکھ رہی ہوں اور آپؐ احرام باندھے ہوئے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1539
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمن بن قاسم سے، عبدالرحمن نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں: میں رسول اللہ ﷺ کو جب آپؐ احرام باندھتے خوشبو لگایا کرتی تھی اور ایسا ہی جب آپؐ احرام کھولتے یعنی بیت اللہ کا طواف کرنے سے پہلے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1540
اصبغ (بن فرج) نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبداللہ بن وہب نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سالم سے، سالم نے اپنے باپ (حضرت عبداللہ بن عمر) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ وہ کہتے تھے: میں نے رسول اللہ ﷺ کو اَللّٰھُمَّ لَبَّیْک ۔۔۔ پکارتے سنا۔ (آپؐ نے) سر کے بال جمائے ہوئے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1541
علی بن عبداللہ (ابن مدینی) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) موسیٰ بن عقبہ نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے سالم بن عبداللہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے (حضرت عبداللہ) ابن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ اور عبداللہ بن مسلمہ (قعنبی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے موسیٰ بن عقبہ سے، موسیٰ نے سالم بن عبداللہ سے روایت کی کہ انہوں نے اپنے باپ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے مسجد کے پاس ہی سے احرام باندھا۔ ان کی مراد ذوالحلیفہ کی مسجد تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1542
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ ایک شخص نے پوچھا: یا رسول اللہ! محرم کیا کپڑے پہنے؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ قمیص نہ پہنے اور نہ عمامہ اور نہ پاجامہ اور نہ کنٹوپ اور نہ موزے مگر جس کو جوتی نہ ملے تو وہ موزے پہنے اور انہیں ٹخنوں سے نیچے تک کاٹ ڈالے اور نہ وہ کوئی ایسا کپڑا پہنے جس میں زعفران یا ورس لگی ہو۔ {ابو عبد اللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: محرم اپنا سر دھو سکتا ہے لیکن کنگھی نہ کرے، نہ اپنا بدن کھجلائے اور جوئوں کو سر یا بدن سے نکال کر زمین پر ڈال دے۔ (ان کو مارے نہیں۔) }
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1543
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) وہب بن جریر نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس (بن یزید ایلی) سے، یونس نے زہری سے، زہری نے عبیداللہ بن عبداللہ سے، عبیداللہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ حضرت اُسامہ رضی اللہ عنہ عرفات سے مزدلفہ تک نبی ﷺ کے ساتھ آپؐ کے پیچھے سواری پر بیٹھے تھے۔ پھر آپؐ نے مزدلفہ سے منیٰ تک حضرت فضلؓ (بن عباسؓ) کو اپنے پیچھے بیٹھایا۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: تو یہ دونوں کہتے تھے کہ نبی ﷺ لبیک کہتے رہے؛ یہاں تک کہ جمرئہ عقبہ پر آکر آپؐ نے کنکریاں پھینکیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1544
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) وہب بن جریر نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس (بن یزید ایلی) سے، یونس نے زہری سے، زہری نے عبیداللہ بن عبداللہ سے، عبیداللہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ حضرت اُسامہ رضی اللہ عنہ عرفات سے مزدلفہ تک نبی ﷺ کے ساتھ آپؐ کے پیچھے سواری پر بیٹھے تھے۔ پھر آپؐ نے مزدلفہ سے منیٰ تک حضرت فضلؓ (بن عباسؓ) کو اپنے پیچھے بیٹھا یا۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: تو یہ دونوں کہتے تھے کہ نبی ﷺ لبیک کہتے رہے؛ یہاں تک کہ جمرئہ عقبہ پر آکر آپؐ نے کنکریاں پھینکیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1545
محمد بن ابی بکر مقدمی نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) فضیل بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ موسیٰ بن عقبہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: کریب نے مجھے بتایا کہ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ مدینہ سے کنگھی کرکے، تیل لگانے، تہ بند اور چادر پہننے کے بعد اپنے صحابہ سمیت چل پڑے تو آپؐ نے چادروں اور تہ بندوں میں سے کوئی کپڑا پہننے سے نہیں روکا۔ مگر ایسے کپڑے نہ ہوں جو زعفران میں رنگے ہوں۔ یعنی وہ جس سے جسم پر زعفران لگے۔ آپؐ ذوالحلیفہ میں صبح تک رہے۔ پھر اپنی اونٹنی پر سوار ہوئے۔ جب بیداء میں پہنچے تو آپؐ نے اور آپؐ کے صحابہ نے اَللّٰھُمَّ لَبَّیْک کہا اور اپنی قربانی والے اونٹ کے گلے میں ہار ڈالا اور اس وقت ذی القعدہ مہینے کے پانچ دن باقی تھے۔ آپؐ مکے میں جب ذوالحج کے چار دن گزر گئے تھے؛ پہنچے۔ آپؐ نے بیت اللہ کا طواف کیا اور صفا و مروہ کے درمیان سعی کی اور چونکہ قربانی کے اونٹ آپؐ کے ساتھ تھے اور آپؐ نے ان کے گلے میں ہار ڈالے تھے۔ اس لئے آپؐ نے احرام نہیں کھولا۔ اس کے بعد مکہ کے بالائی حصہ میں حَجُون پہاڑ کے نزدیک اُترے اور آپؐ حج کا احرام باندھے تھے اور طواف کرنے کے بعد کعبہ کے قریب نہیں گئے؛ جب تک کہ عرفہ سے نہیں لوٹے اور آپؐ نے صحابہ سے فرمایا کہ بیت اللہ کا اور صفا و مروہ کے درمیان طواف کریں اور اس کے بعد اپنے بال کتروائیں اور پھر احرام کھول دیں۔ یہ حکم اس کے لئے تھا جس کے ساتھ قربانی کا اونٹ نہ تھا جسے ہار پہنایا گیا ہو۔ جس کے ساتھ بیوی ہو تو وہ اس کے لیے حلال تھی اور خوشبو لگانا اور کپڑے پہننا بھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1546
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے مجھ سے بیان کیا، (کہا:) ہشام بن یوسف نے ہم سے بیان کیا۔ ابن جریج نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) محمد بن منکدر نے ہمیں بتایا کہ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے۔ کہتے تھے: نبی ﷺ نے مدینہ میں چار رکعت نماز پڑھی اور ذوالحلیفہ میں دو رکعت۔ پھر آپؐ رات وہیں رہے۔ یہاں تک کہ آپؐ کو صبح وہیں ہوئی۔ جب آپؐ اپنی اونٹنی پر سوار ہوئے اور وہ آپؐ کو لے کر سیدھی کھڑی ہوگئی تو آپؐ نے اَللّٰہُمَّ لَبَّیْک پکارا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1547
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبدالوہاب نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ایوب (سنحتیانی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے مدینہ میں ظہر کی چار رکعت نماز پڑھی اور ذوالحلیفہ میں عصر کی نماز دو رکعت۔ ابوقلابہ نے کہا: اور میرا خیال ہے آپ رات وہیں ٹھہرے۔ یہاں تک کہ صبح ہوگئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1548
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا۔ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سنحتیانی) سے، ایوب نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے حضرت انس (بن مالک) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے مدینہ میں ظہر کی چار رکعت نماز پڑھی اور ذوالحلیفہ میں عصر کی دو رکعتیں اور میں نے سنا ہے کہ وہ حج اور عمرہ دونوں کا اکٹھا ہی نام لے کر بلند آواز سے لبیک پکارتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1549
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ کا لبیک یہ تھا: لَبَّیْکَ اللّٰہُمَّ لَبَّیْکَ، لَبَّیْکَ لَا شَرِیْکَ لَکَ لَبَّیْکَ، اِنَّ الْحَمْدَ وَالنِّعْمَۃَ لَکَ وَالْمُلْکَ لَا شَرِیْکَ لَکَ۔ یعنی میں حاضر ہوں۔ اے میرے اللہ میں حاضر ہوں۔ میں حاضر ہوں تیرا کوئی شریک نہیں۔ میں حاضر ہوں۔ ہر خوبی اور ہر ایک نعمت تیری ہی ہے اور بادشاہی بھی تیری ہی ہے۔ تیرا کوئی شریک نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1550
محمد بن یوسف (فریابی) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے عمارہ سے، عمارہ نے ابوعطیہ سے، ابوعطیہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں: میں خوب جانتی ہوں کہ نبی ﷺ کس طرح لبیک کہا کرتے تھے۔ (یعنی) لَبَّیْکَ اللّٰہُمَّ لَبَّیْکَ، لَبَّیْکَ لَا شَرِیْکَ لَکَ لَبَّیْکَ، اِنَّ الْحَمْدَ وَالنِّعْمَۃَ لَکَ۔ (سفیان ثوری) کی طرح ابومعاویہ نے یہ بات (سلیمان بن مہران) اعمش سے روایت کی اور شعبہ نے کہا: سلیمان (اعمش) نے ہمیں بتایا۔ (کہتے تھے:) میں نے خیثمہ سے سنا۔ وہ ابوعطیہ سے روایت کرتے تھے۔ (ابوعطیہ نے کہا:) میں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے سنا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1551
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) وہیب (بن خالد) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ایوب (سنحتیانی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے مدینہ میں ظہر کی چار رکعت نماز پڑھی اور ہم نے بھی آپؐ کے ساتھ پڑھی اور ذوالحلیفہ میں عصر کی دو رکعت۔ پھر آپؐ رات کو وہیں رہے۔ یہاں تک کہ صبح ہوئی۔ پھر آپؐ سوار ہوئے۔ جب اونٹنی آپؐ کو لے کر بیداء میں پہنچی تو آپؐ نے اللہ تعالیٰ کی حمد کی اور سبحان اللہ اور اللہ اکبر کہا۔ پھر حج و عمرہ دونوں کا نام لے کر اَللّٰہُمَّ لَبَّیْک کہا اور لوگوں نے بھی ان دونوں کا نام لے کر اَللّٰہُمَّ لَبَّیْک پکارا۔ جب ہم مکہ میں آئے تو آپؐ نے لوگوں سے فرمایا اور انہوں نے احرام کھول ڈالے۔ پھر جب حج کی آٹھویں تاریخ ہوئی تو انہوں نے حج کا احرام باندھا۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: اور نبی ﷺ نے قربانی کے اونٹ جبکہ وہ کھڑے تھے اپنے ہاتھ سے (ذبح) کئے اور رسول اللہ ﷺ نے مدینہ میں دو چتکبرے (یعنی دو رنگے) مینڈھے ذبح کئے۔ ابوعبداللہ نے کہا: بعض لوگوں نے یہ بات یوں روایت کی۔ ایوب سے مروی ہے کہ انہوں نے کسی شخص سے اور اُس شخص نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1552
ابو عاصم نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ابن جریج نے ہمیں بتایا، کہا: صالح بن کیسان نے مجھے بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے اس وقت لبیک پکارا جب آپؐ کی اونٹنی آپؐ کو لے کر سیدھی کھڑی ہوگئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah