کتاب 25: كتاب الحج
صحیح بخاری, حصہ 3
صحیح بخاری 1553
(اور) ابو معمر نے کہا: ہم سے عبدالوارث نے بیان کیا، (کہا:) ایوب (سنحتیانی) نے ہمیں بتایا۔ نافع سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما جب ذوالحلیفہ میں صبح کی نماز پڑھتے تو وہ اپنی اونٹنی کو تیار کرنے کا حکم دیتے۔ چنانچہ اس پر پالان رکھا جاتا۔ پھر وہ سوار ہوتے اور جب اونٹنی اُن کو لے کر سیدھی کھڑی ہو جاتی تو وہ قبلہ کی طرف منہ کرتے۔ پھر لبیک کہتے۔ یہاں تک کہ حرم میں پہنچ جاتے۔ پھر رُک جاتے۔ یہاں تک کہ جب ذی طواء میں آتے؛ رات کو ٹھہرتے یہاں تک کہ صبح ہو جاتی۔ جب صبح کی نماز پڑھ چکتے تو آپؐ نہاتے اور کہتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے بھی ایسا ہی کیا۔ عبدالوارث کی طرح اسماعیل نے بھی ایوب سے نہانے سے متعلق یہی روایت نقل کی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1554
سلیمان بن دائود ابوربیع نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) فلیح (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا کہ نافع سے مروی ہے۔ وہ کہتے تھے: (حضرت عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما جب مکے کو جانا چاہتے تو وہ بالوں کو تیل لگاتے؛ جس میں معمولی خوشبو ہوتی۔ پھر ذوالحلیفہ کی مسجد میں آتے اور نماز پڑھتے۔ پھر سوار ہوتے اور جب اُن کی اونٹنی اُن کو لے کر سیدھی کھڑی ہو جاتی تو احرام باندھتے۔ پھر کہتے: میں نے نبی ﷺ کو اِسی طرح کرتے دیکھا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1555
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابن ابی عدی نے مجھے بتایا کہ (عبداللہ) بن عون سے مروی ہے۔ انہوں نے مجاہد سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما کے پاس تھے۔ لوگوں نے دجال کا ذکر کیا کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا: اس کی دونوں آنکھوں کے درمیان کافر لکھا ہوا ہوگا۔ (مجاہد کہتے تھے:) حضرت ابن عباسؓ نے کہا: میں نے یہ نہیں سنا۔ البتہ آپؐ نے یہ فرمایا تھا: موسیٰؑ جب وادی میں اُترے تو وہ لبیک کہہ رہے تھے۔ گویا اَب بھی میں ان کو اُترتے دیکھ رہا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1556
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ بن زبیر سے، عروہ نے نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: ہم نبی ﷺ کے ساتھ حجۃ الوداع کے لئے نکلے اور ہم نے عمرہ کا احرام باندھا۔ پھر نبی ﷺ نے فرمایا: جن لوگوں کے ساتھ قربانی ہو تو وہ حج کا مع عمرہ احرام باندھیں۔ پھر اس وقت تک احرام نہ کھولیں جب تک کہ وہ ان دونوں سے فارغ نہ ہو جائیں۔ چنانچہ میں مکہ میں پہنچی اور میں حائضہ تھی اور میں نے بیت اللہ کا طواف نہیں کیا تھا اور نہ صفا و مروہ کے درمیان سعی کی تھی۔ میں نے نبی ﷺ کے پاس اس کی شکایت کی تو آپؐ نے فرمایا: اپنا سر کھول دو اور کنگھی کر لو اور حج کا احرام باندھو اور عمرہ کو رہنے دو۔ چنانچہ میں نے ایسا ہی کیا۔ جب ہم حج کر چکے تو نبی ﷺ نے مجھے عبدالرحمن بن ابی بکرؓ کے ساتھ تنعیم کی طرف بھیجا۔ میں نے وہاں سے عمرہ کیا اور آپؐ نے فرمایا: یہ عمرہ تمہارے اس عمرہ کے بدلے میں ہے۔ کہتی تھیں کہ جن لوگوں نے عمرہ کا احرام باندھا تھا، انہوں نے بیت اللہ اور صفا و مروہ کا طواف کیا اور پھر احرام کو کھول ڈالا۔ پھر منیٰ سے لوٹنے کے بعد انہوں نے ایک اور طواف کیا اور جنہوں نے حج اور عمرہ اکٹھا کیا تھا تو انہوں نے صرف ایک ہی طواف کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1557
مکی بن ابراہیم نے ہمیں بتایا، (کہا:) ابن جریج سے مروی ہے کہ عطاء (بن ابی رباح) نے کہا: حضرت جابر رضی اللہ عنہ نے بتایا کہ نبی ﷺ نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے فرمایا: وہ اپنے احرام پر قائم رہیں۔ نیز حضرت جابر ؓ نے حضرت سراقہ ؓ (بن مالک) کی بات کا ذکر کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1558
حسن بن علی خلال ہذلی نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبدالصمد (بن عبدالوارث) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) سلیم بن حیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے مروان اصفر سے سنا کہ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: حضرت علی رضی اللہ عنہ نبی ﷺ کے پاس یمن سے آئے تو آنحضرت ﷺ نے ان سے پوچھا: تم نے کس کا احرام باندھا ہے؟ انہوں نے کہا: اسی کا جس کا نبی ﷺ نے۔ آپؐ نے فرمایا: اگر میرے ساتھ قربانی نہ ہوتی تو میں احرام کھول دیتا۔ { اور محمد بن بکر نے ابن جریج سے یوں روایت کیا کہ نبی ﷺ نے حضرت علیؓ سے فرمایا: علی! تم نے کیا احرام باندھا؟ انہوں نے کہا: میں نے یہ پکارا کہ جو احرام نبی ﷺ کا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: تو قربانی دے اور احرام میں رہ؛ جیسے اَب ہے۔ }
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1559
محمد بن یوسف (فریابی) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قیس بن مسلم سے، قیس نے طارق بن شہاب سے، طارق نے حضرت ابوموسیٰ (اشعری) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے مجھے میری قوم کی طرف یمن کی طرف بھیجا۔ میں واپس آیا اور اس وقت آپؐ بطحاء میں تھے۔ آنحضرت ﷺ نے فرمایا: تم نے کس کا احرام باندھا ہے؟ تو میں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کے احرام کی طرح ہی احرام باندھا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تمہارے ساتھ قربانی ہے؟ میں نے کہا: نہیں تو آپؐ نے مجھ سے فرمایا کہ میں بیت اللہ کا طواف کرلوں۔ چنانچہ میں نے بیت اللہ اور صفا ومروہ کا طواف کیا۔ پھر آپؐ نے مجھ سے فرمایا (کہ میں احرام کھول دوں۔) میں اپنی قوم کی ایک عورت کے پاس آیا تو اس نے مجھے کنگھی کی۔ یا کہا: میرا سر دھویا۔ جب حضرت عمر رضی اللہ عنہ آئے (یعنی خلیفہ ہوئے) تو انہوں نے کہا: اگر ہم اللہ کی کتاب پر عمل کریں تو وہ یہی حکم دیتی ہے کہ حج اور عمرہ کو پورا کیا جائے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: حج اور عمرہ اللہ کے لئے پورے طور پر ادا کرو۔ اگر ہم نبی ﷺ کی سنت پر عمل کریں تو آپؐ نے بھی جب تک قربانی نہ کرلی؛ احرام نہیں کھولا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1560
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابوبکر حنفی نے مجھ سے بیان کیا، (کہا:) افلح بن حمید نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے قاسم بن محمد کو حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کرتے سنا۔ وہ کہتی تھیں: ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ حج کے مہینوں اور حج کی راتوں میں اور حج کے محرمات ملحوظ رکھ کر نکلے اور مقامِ سرف میں اترے۔ وہ کہتی تھیں: آنحضرت ﷺ اپنے صحابہؓ کے پاس آئے اور فرمایا: تم میں سے جس کے ساتھ قربانی نہ ہو اور وہ چاہتا ہو کہ اس (حج) کو عمرہ کر دے تو وہ ایسا کرے اور جس کے ساتھ قربانی ہو تو وہ ایسا نہ کرے۔ (اپنے احرام میں رہے) انہوں نے کہا: پس آپؐ کے صحابہ میں سے کچھ ایسا کرنے والے تھے اور کچھ اسے چھوڑنے والے تھے۔ وہ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ اور آپؐ کے صحابہؓ میں سے وہ لوگ جو صاحبِ استطاعت تھے اور اُن کے ساتھ قربانی تھی۔ وہ یہ عمرہ نہ کر سکے۔ وہ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ میرے پاس آئے اور میں رو رہی تھی۔ آپؐ نے فرمایا: ارے بھولی! تمہیں کیا بات رُلا رہی ہے؟ میں نے کہا: آپؐ نے جو بات صحابہؓ سے فرمائی ہے میں نے سن لی ہے۔ میں تو عمرہ سے محروم ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: تمہیں کیا ہوا ہے؟ میں نے کہا: میں نماز نہیں پڑھتی۔ آپؐ نے فرمایا: تو یہ بات تمہیں نقصان نہیں دے گی۔ تم تو آدم کی بیٹیوں میں سے ایک عورت ہو۔ اللہ تعالیٰ نے تم پر وہی فرض کیا ہے جو اُن پر فرض کیا ہے۔ اس لئے تم اپنے حج ہی میں رہو۔ امید ہے کہ اللہ تعالیٰ تمہیں عمرہ بھی نصیب کرے۔ انہوں نے کہا: چنانچہ ہم (آپؐ کے ساتھ) اس حج میں نکلے۔ جب ہم منیٰ میں پہنچے تو میں اس وقت حیض سے پاک ہوئی۔ پھر میں منیٰ سے نکلی اور جاکر بیت اللہ کا طواف کیا۔ کہتی تھیں: اس کے بعد پھر میں آپؐ کے ساتھ آخری کوچ میں بھی نکلی۔ جب آپؐ مقامِ محصب میں آئے اور ہم بھی آپؐ کے ساتھ اُترے تو آپؐ نے عبدالرحمن بن ابی بکرؓ کو بلایا اور کہا: اپنی بہن کو حرم سے باہر لے جائو۔ (وہاں سے) وہ عمرہ کا احرام باندھ لے۔ پھر دونوں عمرہ سے فارغ ہو کر یہیں آجانا۔ میں تم دونوں کے آنے تک انتظار کروں گا۔ کہتی تھیں کہ ہم نکلے۔ جب میں طواف سے فارغ ہوئی اور وہ بھی فارغ ہوئے تو میں سحری کے وقت رسول اللہ ﷺ کے پاس آئی۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم فارغ ہوچکے ہو؟ میں نے کہا: ہاں۔ تب آپؐ نے اپنے صحابہؓ میں کوچ کا اعلان کیا۔ لوگ چل پڑے۔ آپؐ مدینہ کا رخ کئے ہوئے (ان کے پاس سے) گزرے۔ {ابوعبداللہ نے کہا: }ضَیْرٌ (کا لفظ) ضَارَ یَضِیْرُ ضَیْرًا سے ہے۔ اور یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ضَارَ یَضُوْرُ ضَوْرًا سے اور ضَرَّ یَضُرُّ ضَرًّا سے ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1561
عثمان (بن ابی شیبہ) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے اسود سے، اسود نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ (وہ کہتی تھیں:) ہم نبی ﷺ کے ساتھ نکلے اور ہم یہی سمجھتے تھے کہ یہ حج ہے۔ جب ہم (مکے میں) پہنچے؛ ہم نے بیت اللہ کا طواف کیا۔ پھر نبی ﷺ نے حکم دیا: جو قربانی کا جانور نہ لایا ہو وہ احرام کھول ڈالے۔ چنانچہ جو قربانی نہیں لائے تھے انہوں نے احرام کھول ڈالے اور آنحضرت ﷺ کی ازواج قربانی نہیں لائی تھیں۔ اس لئے انہوں نے بھی احرام کھول ڈالے۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں: مجھے حیض آگیا۔ اس لئے میں نے بیت اللہ کا طواف نہیں کیا۔ جب محصب کی رات ہوئی (حضرت عائشہؓ) نے کہا: یا رسول اللہ! لوگ تو عمرہ اور حج کر کے لوٹیں گے اور میں صرف حج ہی کرکے واپس ہوں گی۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم نے ان راتوں میں طواف نہیں کیا تھا جب ہم مکہ میں آئے تھے؟ میں نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: اچھا تم اپنے بھائی کے ساتھ تنعیم تک جائو۔ وہاں سے عمرے کا احرام باندھ لو۔ پھر عمرے سے فارغ ہو کر فلاں جگہ پر مجھ سے مل جانا۔ (امّ المؤمنین) حضرت صفیہؓ کہنے لگیں: میں شاید آپؐ کو روک رکھوں گی۔ آپؐ نے فرمایا: اے بھلی مانس! کیا تم نے دسویں تاریخ طواف نہیں کیا تھا۔ کہنے لگیں: میں نے کہا کہ ہاں کیوں نہیں۔ (طواف تو کر چکی ہوں۔) آپؐ نے فرمایا: کوئی حرج نہیں؛ کوچ کرو۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں: پھر نبی ﷺ مجھ سے ملے اور آپؐ اس وقت مکہ سے چڑھائی پر جا رہے تھے اور میں مکہ کی طرف آرہی تھی یا کہا: میں چڑھائی پر جا رہی تھی اور آپؐ اُتر رہے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1562
عبد اللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوالاسود محمد بن عبدالرحمن بن نوفل سے، ابوالاسود نے عروہ بن زبیر سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ حجۃ الوداع کے سال نکلے اور ہم میں سے وہ بھی تھے جنہوں نے عمرہ کا احرام باندھا اور وہ بھی جنہوں نے حج اور عمرہ دونوں کا احرام باندھا تھا اور ہم میں سے وہ بھی تھے جنہوں نے حج کا احرام باندھا تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے حج کا احرام باندھا۔ وہ جنہوں نے حج کا احرام باندھا تھا یا حج اور عمرہ کو اکٹھا کیا تھا؛ انہوں نے احرام نہیں کھولے جب تک کہ ذبح کرنے کا دن یعنی دسویں تاریخ نہیں ہوئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1563
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) غندر نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حکم سے، حکم نے علی بن حسین (امام زین العابدین) سے، انہوں نے مروان بن حکم سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عثمان اور حضرت علی رضی اللہ عنہما کا زمانہ پایا ہے اور حضرت عثمانؓ تمتع اور قِران سے منع کیا کرتے تھے۔ جب حضرت علیؓ نے یہ دیکھا تو انہوں نے ان دونوں کا احرام باندھ کر پکارا کہ میں عمرہ اور حج کے لئے حاضر ہو رہا ہوں اور کہنے لگے کہ میں کسی کے کہنے سے نبی ﷺ کی سنت ہرگز نہیں چھوڑوں گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1564
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) وہیب (بن خالد) نے ہم سے بیان کیا، (کہا: عبداللہ) ابن طائوس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: (عرب) لوگ سمجھتے تھے کہ حج کے مہینوں میں عمرہ کرنا زمین میں بڑا گناہ ہے اور محرم کو صفر کر لیتے اور کہتے کہ جب اونٹ کی پیٹھ اچھی ہو جائے گی اور زخم کا اثر مٹ جائے گا اور صفر کا مہینہ گزر جائے گا تو جو عمرہ کرنا چاہے اس کے لئے عمرہ جائز ہوگا۔ نبی ﷺ اور آپؐ کے صحابہ چوتھی تاریخ ذوالحجہ کی صبح کو حج کا احرام باندھ کر مکے میں آئے۔ آپؐ نے انہیں حکم دیا کہ حج کو عمرہ کر دیں اور یہ بات ان کے نزدیک بہت ہی بڑی تھی اس لئے انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! کون سی بات حلال ہے؟ فرمایا: سب حلال باتیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1565
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) غندر (محمد بن جعفر) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قیس بن مسلم سے، قیس نے طارق بن شہاب سے، طارق نے حضرت ابوموسیٰ (اشعری) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نبی ﷺ کے پاس آیا۔ آپؐ نے انہیں احرام کھولنے کا حکم دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1566
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا اور عبداللہ بن یوسف نے بھی ہم سے بیان کیا، (کہا:) مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ کی زوجہ حضرت حفصہ رضی اللہ عنہم سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! لوگوں کو کیا ہوا؟ عمرہ کی نیت کر کے انہوں نے احرام کھول ڈالے اور آپؐ نے عمرہ (کی نیت) کرکے احرام نہیں کھولا؟ آپؐ نے فرمایا: میں نے اپنے سر کے بال جما لئے تھے اور اپنی قربانی کے گلے میں ہار ڈالا تھا اس لئے میں جب تک ذبح نہ کر لوں ؛ احرام نہیں کھولوں گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1567
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شعبہ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ابوجمرہ نصر بن عمران ضبعی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے تمتع کیا تو لوگوں نے مجھے منع کیا۔ اس لئے میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے پوچھا۔ انہوں نے مجھے (تمتع کرنے کے لئے) فرمایا۔ پھر میں نے خواب میں دیکھا جیسے کوئی شخص مجھ سے کہہ رہا ہے: تمہارا حج سراسر نیکی پر مبنی ہے اور عمرہ بھی تمہارا مقبول ہے۔ میں نے حضرت ابن عباسؓ کو بتایا۔ انہوں نے کہا: (تمتع) نبی ﷺ کی سنت ہے۔ انہوں نے مجھ سے کہا: میرے پاس رہو اور میں تمہارے لئے اپنے مال میں سے ایک حصہ مقرر کر دوں گا۔ شعبہ کہتے تھے کہ میں نے پوچھا: کس لئے؟ انہوں نے جواب دیا: اس خواب کی وجہ سے جو میں نے دیکھی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1568
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ ابو شہاب نے ہمیں بتایا۔ وہ کہتے تھے: میں تمتع کی نیت سے عمرہ کا احرام باندھ کر مکے میں آیا۔ ہم آٹھویں ذوالحج سے تین دن پہلے (مکہ میں) پہنچے۔ اہل مکہ میں سے چند لوگوں نے مجھے کہا: آپ کا حج مکی ہو جائے گا۔ میں عطاء (بن ابی رباح) کے پاس ان سے مسئلہ پوچھنے کے لئے گیا۔ انہوں نے کہا: مجھ سے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما نے بیان کیا۔ انہوں نے نبی ﷺ کے ساتھ اس وقت حج کیا تھا کہ جب آپؐ اپنے ساتھ قربانی کے جانور لے گئے تھے اور لوگوں نے صرف حج کا ہی احرام باندھا تھا۔ آپؐ نے ان سے فرمایا: بیت اللہ کا طواف کرکے اور صفا و مروہ کے درمیان سعی کر کے احرام کھول دو اور بال کٹالو۔ پھر اسی طرح بغیر احرام ٹھہرے رہو۔ یہاں تک کہ جب آٹھویں تاریخ ہو تو حج کا احرام باندھو اور جو تم نے پہلے کیا تھا اس کو تمتع کردو۔ انہوں نے کہا: ہم اسے تمتع کیسے کر دیں بحالیکہ ہم نے حج کا نام لیا تھا۔ آنحضرت ﷺ نے فرمایا: میں نے تم کو جو حکم دیا ہے، اسے کرو۔ اگر میں قربانی نہ لایا ہوتا تو میں بھی ویسا ہی کرتا جیسا میں نے تم کو حکم دیا ہے لیکن جب تک قربانی اپنے ٹھکانے نہ پہنچ جائے وہ کام جو کہ حقیقت میں حرام ہے مجھ سے اگر ہو جائے تو حلال نہیں ہوسکتا۔ چنانچہ انہوں نے احرام کھول ڈالے۔ {ابو عبداللہ نے کہا: ابو شہاب کی یہی ایک مستند حدیث ہے۔ }
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1569
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) حجاج بن محمد اعور نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے عمرو بن مرہ سے، عمرو نے سعید بن مسیب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت علی اور حضرت عثمان رضی اللہ عنہما نے تمتع سے متعلق جبکہ وہ دونوں (مقام) عسفان میں تھے؛ اختلاف کیا۔ حضرت علیؓ نے کہا: آپؓ کا مقصد کیا ہے کہ آپؓ اس کام سے منع کرتے ہیں جو رسول اللہ ﷺ نے کیا؟ حضرت عثمانؓ نے کہا: جانے دیجئے؛ بحث چھوڑئے۔ سعید کہتے تھے: جب حضرت علیؓ نے یہ دیکھا تو انہوں نے ان دونوں کا اکٹھے ہی احرام باندھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1570
مسدد نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے مجاہد سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہما نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ (مکہ میں) آئے اور ہم یہ کہہ رہے تھے: لَبَّیْکَ اللّٰہُمَّ لَبَّیْکَ بِالْحَجِّ۔ یعنی ہم حاضر ہیں۔ اے اللہ! ہم حاضر ہیں حج کرنے کے لئے۔ رسول اللہ ﷺ نے ہم سے فرمایا اور ہم نے حج کو عمرہ کر دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1571
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ہمام (بن یحيٰ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے روایت کی۔ کہا: مطرف نے مجھے بتایا کہ حضرت عمران (بن حصین) رضی اللہ عنہ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: ہم نے رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں تمتع کیا اور اس کے متعلق وحی بھی نازل ہوئی مگر ایک شخص نے اپنی رائے سے جو چاہا کہہ دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1572
ابو کامل فضیل بن حسین بصری نے کہا: ابو معشر (یوسف بن یزید برائ) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عثمان بن غیاث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ ان سے حج میں تمتع کرنے کی بابت پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا: مہاجرین اور انصار اور نبی ﷺ کی ازواج نے حجۃ الوداع میں احرام باندھا اور ہم نے بھی احرام باندھا۔ جب ہم مکے میں پہنچے تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم اپنے اس حج کا احرام عمرہ میں بدل دو؛ سوائے ان کے جنہوں نے قربانی کے گلے میں ہار ڈالا ہو۔ ہم نے بیت اللہ کا اور صفا و مروہ کے درمیان طواف کیا۔ پھر ہم نے اپنی عورتوں سے مباشرت بھی کی اور سلے کپڑے پہنے۔ آپؐ نے فرمایا: جس نے قربانی کے گلے میں ہار ڈالا ہو؛ اس کے لئے یہ باتیں جائز نہیں جب تک کہ قربانی ذبح نہ ہو لے۔ پھر آپؐ نے ہمیں ذوالحج کی آٹھویں تاریخ کی شام کو حکم دیا کہ ہم حج کا احرام باندھیں اور جب ہم حج کی عبادتوں سے فارغ ہوئے تو ہم (مکے میں) آئے اور بیت اللہ اور صفا و مروہ کا طواف کیا کیونکہ ہمارا حج پورے طور پر ادا ہو چکا تھا اور ہم پر قربانی واجب ہو گئی کیونکہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: جو قربانی میسر ہو، وہ کرے اور جو نہ پائے تو وہ تین روزے حج کے دنوں میں رکھے اور (پھر) سات روزے رکھو جب تم اپنے شہروں کو لوٹو۔ ایک بکری بھی قربانی میں کافی ہے۔ چنانچہ صحابہ نے ایک ہی سال میں دونوں عبادتیں جمع کیں یعنی حج اور عمرہ۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ نے اس کی اجازت اپنی کتاب میں نازل فرمائی ہے اور نبی ﷺ نے اس کو عملاً جاری فرمایا اور ان لوگوں کے لئے جو مکے کے رہنے والے نہیں؛ تمتع جائز قرار دیا۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: یہ اجازت ان لوگوں کے لئے ہے جن کے اہل بیت مسجدِ حرام کے باشندے نہ ہوں اور حج کے مہینے جن کا ذکر اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب میں فرمایا ہے؛ یہ ہیں: شوال، ذیقعدہ اور ذوالحج۔ اور جس نے ان مہینوں میں تمتع کیا تو اس کے لئے قربانی دینا یا روزہ رکھنا لازم ہے۔ اور رَفَث کے معنی جماع اور فُسُوْق کے معنی احکامِ الٰہی کی نافرمانی اور جِدَال کے معنی جھگڑا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah