کتاب 25: كتاب الحج
صحیح بخاری, حصہ 5
صحیح بخاری 1593
احمد (بن حفص) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) میرے باپ نے ہم سے بیان کیا۔ ابراہیم (بن طہمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حجاج بن حجاج (اسلمی) سے، حجاج نے قتادہ سے، قتادہ نے عبداللہ بن ابی عتبہ سے، عبداللہ نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: یاجوج ماجوج کے نکلنے کے بعد بھی بیت اللہ کا حج ہوتا رہے گا اور عمرہ بھی ہوتا رہے گا۔ حجاج بن حجاج کی طرح یہی حدیث ابان اور عمران نے بھی قتادہ سے روایت کی اور عبدالرحمن نے کہا: شعبہ سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: وہ ساعت اس وقت آئے گی جب بیت اللہ کا حج نہیں کیا جائے گا۔ {ابوعبداللہ نے کہا: }پہلی روایت زیادہ مشہور ہے۔ قتادہ نے عبداللہ (بن ابی عتبہ) سے اور عبداللہ نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے سنا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1594
عبداللہ بن عبدالوہاب نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) خالد بن حارث نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا کہ واصل احدب نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابووائل سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں حضرت شیبہؓ (بن عثمان) کے پاس آیا۔ اور قبیصہ نے بھی ہم سے بیان کیا، (کہا:) سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے واصل سے، واصل نے ابووائل سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں حضرت شیبہؓ کے ساتھ کعبہ میں شاہ نشین پر بیٹھا تھا۔ حضرت شیبہؓ نے کہا: حضرت عمر رضی اللہ عنہ بھی اس جگہ بیٹھے تھے اور انہوں نے کہا: میں ارادہ کر چکا ہوں کہ کعبہ میں نہ سونا رہنے دوں نہ چاندی؛ سبھی بانٹ دوں۔ میں نے کہا: آپؓ کے دونوں ساتھیوں نے تو ایسا نہیں کیا۔ حضرت عمرؓ نے کہا: انہی دونوں آدمیوں کی میں پیروی کروں گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1595
عمرو بن علی (فلاس) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) یحيٰ بن سعید (قطان) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبیداللہ بن اخنس نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) ابن ابی ملیکہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عباسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: گویا کہ میں دیکھ رہا ہوں کہ اس میں ایک کالا پِھڈا ہے جو ایک ایک پتھر کرکے اس کو اکھیڑ رہا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1596
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سعید بن مسیب سے روایت کی کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کعبہ کو حبشیوں میں سے چھوٹی پنڈلیوں والا برباد کرے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1597
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے عابس بن ربیعہ سے، عابس نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ وہ حجر اسود کے پاس آئے اور اس کو چوما اور کہا: میں خوب جانتا ہوں کہ تو ایک پتھر ہی ہے؛ نہ نقصان دے سکتا ہے نہ نفع اور اگر میں نے نبی ﷺ کو تجھے چومتے نہ دیکھا ہوتا تو تجھے ہرگز نہ چومتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1598
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سالم سے، سالم نے اپنے باپ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ، اُسامہ بن زیدؓ، بلالؓ اور عثمانؓ بن طلحہ بیت اللہ میں داخل ہوئے۔ انہوں نے اپنے لیے {اندر سے دروازہ} بند کر دیا۔ جب انہوں نے دروازہ کھولا تو میں پہلے تھا جو اندر گیا اور میں بلالؓ سے ملا اور ان سے پوچھا: کیا رسول اللہ ﷺ نے اس میں نماز پڑھی ہے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ دو یمنی ستونوں کے درمیان۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1599
احمد بن محمد نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا، (کہا:) موسیٰ بن عقبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ وہ جب کعبہ میں داخل ہوتے تو داخل ہوتے وقت سیدھے چلے جاتے اور اپنی پیٹھ دروازے کے مقابل رکھتے۔ اتنا چلتے کہ آپؓ کے اور اس دیوار کے درمیان جو آپؓ کے منہ کے سامنے ہوتی تقریباً تین ہاتھ کا فاصلہ رہ جاتا تو آپؓ وہاں نماز کے لئے اس جگہ کا قصد کرتے جس سے متعلق حضرت بلالؓ نے انہیں بتایا تھا کہ رسول اللہ ﷺ نے وہاں نماز پڑھی ہے اور کسی پر کچھ قباحت نہیں کہ بیت اللہ کے جس کونے میں چاہے نماز پڑھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1600
مسدد نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) خالد بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن ابی خالد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت عبداللہ بن ابی اوفیٰؓ سے روایت کی، کہا: رسول اللہ ﷺ نے عمرہ کیا تو بیت اللہ کا طواف کیا اور مقامِ ابراہیم کے پیچھے دو رکعتیں پڑھیں اور آپؐ کے ساتھ وہ صحابہ بھی تھے جنہوں نے آپؐ کو لوگوں سے اوٹ میں کر لیا تھا۔ ایک شخص نے (حضرت ابن ابی اوفیٰؓ) سے پوچھا کہ کیا رسول اللہ ﷺ کعبہ میں داخل ہوئے تھے؟ انہوں نے کہا: نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1601
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبدالوارث نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) ایوب نے ہمیں بتایا، (کہا:) عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ جب (مکہ میں) آئے تو آپؐ نے بیت اللہ کے اندر جانے سے ایسی حالت میں انکار کیا کہ بت وہاں ہوں۔ آپؐ نے ان کے نکالنے کا حکم دیا۔ چنانچہ وہ نکالے گئے اور لوگوں نے حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی مورتیں بھی نکالیں۔ ان کے ہاتھوں میں قرعہ ڈالنے کے تیر تھے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ ان مشرکوں کا ناس کرے۔ اللہ کی قسم! انہیں خوب معلوم ہے کہ وہ دونوں (یعنی ابراہیمؑ اور اسماعیلؑ) ان تیروں کے ذریعہ سے کبھی تقسیم نہیں کرتے تھے۔ آپؐ بیت اللہ میں داخل ہوئے اور اس کے کونوں میں اللہ اکبر کہا اور اس میں نماز نہیں پڑھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1602
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ اور آپؐ کے صحابہ (مکہ میں) آئے تو مشرک کہنے لگے: تمہارے پاس ایسے لوگ آرہے ہیں جن کو مدینہ کے بخار نے بودا (کمزور) کر دیا ہے۔ نبی ﷺ نے انہیں حکم دیا کہ وہ طواف کے تین پھیرے سینہ اُبھار کر فوجی چال سے چلیں اور دو (یمانی) رکنوں کے درمیان حسب معمول۔ اور آپؐ نے انہیں سارے پھیرے فوجی چال سے چلنے کے لئے اس وجہ سے حکم نہیں دیا کہ انہیں سہولت رہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1603
اصبغ بن فرج نے ہم سے بیان کیا، (کہا: عبداللہ) بن وہب نے مجھے بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب (زہری) سے، زہری نے سالم سے، سالم نے اپنے باپ (حضرت عبداللہ بن عمر) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا۔ جب آپؐ مکہ میں آتے تو طواف شروع کرنے سے پہلے حجر اسود کو چھوتے۔ سات پھیروں میں سے تین پھیرے فوجی چال سے چل کر طے کرتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1604
محمد (بن سلام) نے مجھ سے بیان کیا، (کہا:) سریج بن نعمان نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) فلیح نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ حج اور عمرہ میں تین پھیرے دوڑ کر چلے اور چار پھیرے معمولی چال سے۔ سریج کی طرح لیث نے بھی یہی بات روایت کی، کہا: کثیر بن فرقد نے مجھے بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1605
سعید بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: زید بن اسلم نے مجھے بتایا اور انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی کہ حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے (دورانِ طواف) حجر اسود کو مخاطب کرکے کہا: اللہ کی قسم! میں تو جانتا ہوں کہ تُو تو ایک پتھر ہے۔ نہ نقصان دے سکتا ہے اور نہ نفع اور اگر میں نے نبی ﷺ کو نہ دیکھا ہوتا کہ آپؐ نے تجھے بوسہ دیا تو میں تجھے کبھی بوسہ نہ دیتا۔ یہ کہہ کر انہوں نے اسے چوما۔ پھر اس کے بعد کہا: اب ہمیں (طواف میں) فوجی انداز سے چلنے کی کیا ضرورت ہے۔ ہم نے تو یہ مشرکوں کو دکھانا تھا۔ اب تو اللہ تعالیٰ نے ان کو تباہ کر دیا ہے۔ پھر کہنے لگے: وہ بات جو نبی ﷺ نے کی تھی؛ ہمیں پسند نہیں کہ ہم اسے چھوڑ دیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1606
مسدد نے ہم سے بیان کیا۔ یحيٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے، عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا کہ میں نے حجر اسود اور رکن یمانی کا چومنا نہ تکلیف میں چھوڑا اور نہ آرام میں؛ جب سے کہ میں نے نبی ﷺ کو ان دونوں کو چومتے دیکھا۔ (عبیداللہ نے کہا:) میں نے نافع سے پوچھا: کیا حضرت ابن عمرؓ دونوں یمانی رکنوں کے درمیان حسب معمول چلتے تھے؟ انہوں نے جواب دیا: صرف اس لئے معمولی چال چلتے تھے کہ اس کے چومنے میں آسانی ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1607
احمد بن صالح اور یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا۔ ان دونوں نے کہا: (عبداللہ) بن وہب نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: یونس نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبیداللہ بن عبداللہ سے، عبیداللہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے حجۃ الوداع میں (اپنے) اونٹ پر سوار ہو کر طواف کیا۔ آپؐ حجر اسود کو ایک چھڑی کے ذریعہ سے چھوتے۔ یونس کی طرح (عبدالعزیز) دراوردی نے بھی یہ بات کہی۔ انہوں نے زہری کے بھتیجے سے روایت کی۔ انہوں نے اپنے چچا سے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1608
اور محمد بن بکر نے کہا: ہمیں ابن جریج نے بتایا کہ عمرو بن دینار نے ابو شعثاء سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: کعبہ کی کسی چیز سے کون پرہیز کرتا ہے۔ (سب چیزیں قابل بوسہ ہیں) اور معاویہؓ (چاروں) ستونوں کو چومتے تھے تو حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے ان سے کہا: ہم ان دو ستونوں (یعنی شامی اور عراقی) کو نہیں چوما کرتے تو معاویہؓ نے (ان سے) کہا: بیت اللہ کی کوئی ایسی چیز نہیں جو چھوڑی جائے۔ اور حضرت (عبداللہ) بن زبیر رضی اللہ عنہما سبھی کو چومتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1609
ابوالولید (طیالسی) نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سالم بن عبداللہ سے، سالم نے اپنے باپ (حضرت عبد اللہ بن عمر) رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو نہیں دیکھا کہ آپؐ بیت اللہ میں سوا دو یمنی ستونوں کے کسی اور کو بھی چومتے ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1610
احمد بن سنان نے ہم سے بیان کیا۔ یزید بن ہارون نے ہم سے بیان کیا کہ ہمیں ورقاء نے بتایا۔ زید بن اسلم نے ہمیں خبر دی کہ ان کے باپ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کو دیکھا کہ انہوں نے حجرِ اسود کو بوسہ دیا اور کہا: اگر میں نے رسول اللہ ﷺ کو نہ دیکھا ہوتا کہ آپؐ نے تجھے چوما ہے تو میں کبھی تجھے نہ چومتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1611
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ زبیر بن عربی سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: ایک شخص نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے حجرِ اسود کو چومنے کی بابت پوچھا تو انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو اسے (ہاتھ سے) چھوتے اور چومتے دیکھا ہے۔ اس نے کہا کہ میں نے پوچھا: بھلا بتائیں اگر مَیں ہجوم میں ہوں اور بے بس ہو جائوں؟ تو انہوں نے کہا: یہ اگر مگر یمن میں رکھو۔ میں نے رسول اللہ ﷺ کو اسے چھوتے اور چومتے دیکھا ہے۔{ (اور) محمد بن یوسف فربری نے کہا: میں نے ابوجعفر (بن ابی حاتم) کی کتاب میں (یہ لکھا ہوا) دیکھا۔ ابو عبداللہ نے کہا کہ زبیر بن عدی کوفہ کے رہنے والے ہیں اور زبیر بن عربی بصرہ کے رہنے والے۔ }
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1612
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبدالوہاب نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) خالد (حذائ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے اونٹ پر سوار ہو کر بیت اللہ کا طواف کیا۔ جب آپؐ حجرِ اسود کے سامنے آتے تو آپؐ اس کی طرف اشارہ کرتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah