کتاب 25: كتاب الحج
صحیح بخاری, حصہ 6
صحیح بخاری 1613
مسدد نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) خالد بن عبداللہ (طحان) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) خالد حذاء نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے اونٹ پر سوار ہو کر بیت اللہ کا طواف کیا۔ جب آپؐ حجر اسود کے پاس آتے تو آپؐ اس کی طرف کسی چیز سے جو آپؐ کے پاس تھی؛ اشارہ کر کے اللہ اکبر کہتے۔ خالد طحان کی طرح ابراہیم بن طہمان نے خالد حذاء سے روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1614
اصبغ (بن فرج) نے ہمیں بتایا کہ (عبداللہ) بن وہب سے مروی ہے کہ (انہوں نے کہا:) عمرو (بن حارث) نے مجھے بتایا۔ محمد بن عبدالرحمن سے روایت ہے۔ (انہوں نے کہا:) میں نے عروہ سے ذکر کیا۔ انہوں نے کہا: حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے مجھے بتایا کہ جب نبی ﷺ (مکہ میں) آئے تو پہلا کام جس سے آپؐ نے حج شروع کیا؛ یہ تھا کہ آپؐ نے وضو کیا۔ اس کے بعد طواف کیا۔ یہ عمرہ نہیں تھا۔ آپؐ کے بعد حضرت ابوبکر اور حضرت عمر رضی اللہ عنہما نے اسی طرح حج کیا۔ (عروہ نے کہا:) پھر میں نے اپنے والد حضرت زبیرؓ کے ساتھ حج کیا۔ پہلا کام جس سے انہوں نے حج شروع کیا؛ طواف تھا۔ پھر میں نے مہاجرین و انصار کو یہی کرتے دیکھا اور میری والدہ (حضرت اسماءؓ) نے بھی مجھے بتایا کہ انہوں نے اور ان کی بہن (حضرت عائشہؓ) اور حضرت زبیرؓ اور فلاں فلاں لوگوں نے عمرہ کا احرام باندھا۔ جب انہوں نے حجرِ اسود کو چوما؛ اس وقت انہوں نے احرام کھولا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1615
اصبغ (بن فرج) نے ہمیں بتایا کہ (عبداللہ) بن وہب سے مروی ہے کہ (انہوں نے کہا:) عمرو (بن حارث) نے مجھے بتایا۔ محمد بن عبدالرحمن سے روایت ہے۔ (انہوں نے کہا:) میں نے عروہ سے ذکر کیا۔ انہوں نے کہا: حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے مجھے بتایا کہ جب نبی ﷺ (مکہ میں) آئے تو پہلا کام جس سے آپؐ نے حج شروع کیا؛ یہ تھا کہ آپؐ نے وضو کیا۔ اس کے بعد طواف کیا۔ یہ عمرہ نہیں تھا۔ آپؐ کے بعد حضرت ابوبکر اور حضرت عمر رضی اللہ عنہما نے اسی طرح حج کیا۔ (عروہ نے کہا:) پھر میں نے اپنے والد حضرت زبیر ص کے ساتھ حج کیا۔ پہلا کام جس سے انہوں نے حج شروع کیا؛ طواف تھا۔ پھر میں نے مہاجرین و انصار کو یہی کرتے دیکھا اور میری والدہ (حضرت اسماءؓ ) نے بھی مجھے بتایا کہ انہوں نے اور ان کی بہن (حضرت عائشہؓ ) اور حضرت زبیرؓ اور فلاں فلاں لوگوں نے عمرہ کا احرام باندھا۔ جب انہوں نے حجرِ اسود کو چوما؛ اس وقت انہوں نے احرام کھولا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1616
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ابوضمرہ انس (بن عیاض) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) موسیٰ بن عقبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ جب حج اور عمرہ کے لئے (مکہ میں) آتے تو پہلے طواف کرتے۔ تین پھیرے دوڑ کر چلتے اور چار پھیرے حسب معمول چلتے۔ پھر دو رکعتیں پڑھتے۔ اس کے بعد صفا و مروہ کے درمیان طواف کرتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1617
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) انس بن عیاض نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے، عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ جب بیت اللہ کا پہلا طواف (طوافِ قدوم) کرتے تو تین پھیرے دوڑ کر چلتے اور چار پھیرے حسب معمول چلتے اور جب صفا و مروہ کے درمیان طواف کرتے تو آپؐ نالے کے نشیب میں دوڑتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1618
اور عمرو بن علی نے (مجھ سے) کہا: ابوعاصم نے ہم سے بیان کیا کہ ابن جریج نے کہا: عطاء نے مجھے بتایا۔ جب ابن ہشام نے عورتوں کو مردوں کے ساتھ طواف کرنے سے منع کیا تو عطاء نے کہا: تم ان کو کیسے منع کرتے ہو بحالیکہ نبی ﷺ کی ازواج نے بھی مردوں کے ساتھ طواف کیا۔ (ابن جریج کہتے تھے:) میں نے پوچھا: حجاب کے بعد یا پہلے؟ تو انہوں نے کہا: ہاں مجھے اپنے عقیدہ کی قسم! حجاب کے بعد میں نے یہ طواف کرتے پایا۔ (ابن جریج) کہتے تھے: میں نے کہا: عورتیں مردوں سے کیسے مل جل جاتی تھیں؟ انہوں نے کہا: عورتیں ملتی جلتی نہ تھیں۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا لوگوں سے ایک طرف جدا طواف کرتیں۔ ان سے ملا جلا نہیں کرتی تھیں۔ ایک عورت نے ان سے کہا: ام المؤمنین! چلیں حجرِ اسود چومیں۔ انہوں نے کہا: خود جاؤ اور انکار کیا۔ عورتیں رات کو اپنی ہیئت بدل کر نکلتیں اور مردوں کے ساتھ طواف کرتیں۔ البتہ جب بیت اللہ میں داخل ہوتیں تو داخل ہوتے وقت ٹھہر جاتیں اور مرد باہر کر دئیے جاتے۔ میں اور عبید بن عمیر حضرت عائشہؓ کے پاس آیا کرتے اور وہ ثبیر پہاڑ کے میدان میں ٹھہری تھیں۔ میں نے کہا: (ابن جریج کہتے تھے میں نے پوچھا:) ان کا پردہ کیسا تھا؟ تو انہوں نے کہا: وہ ایک ترکی خیمہ میں تھیں جس کا ایک پردہ تھا۔ ہمارے اور ان کے درمیان اس کے سوا اور کچھ نہیں تھا اور میں نے دیکھا کہ وہ ایک گلابی قمیص پہنے ہوئے تھیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1619
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن عبدالرحمن بن نوفل سے، انہوں نے عروہ بن زبیر سے، عروہ نے حضرت زینب بنت ابی سلمہؓ سے، حضرت زینبؓ نے نبی ﷺ کی زوجہ حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے شکایت کی کہ میں بیمار ہوں تو آپؐ نے فرمایا: سوار ہو کر لوگوں کے پیچھے پیچھے طواف کر لو۔ میں نے (لوگوں کے پیچھے) طواف کیا اور رسول اللہ ﷺ اس وقت بیت اللہ کے پہلو میں نماز ادا کر رہے تھے اور آپؐ سورۃ ’’وَالطُّوْرِ وَکِتَابٍ مَّسْطُوْرٍ‘‘ تلاوت فرما رہے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1620
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (صنعانی) نے ہمیں بتایا کہ ابن جریج نے ان سے بیان کیا، (کہا:) سلیمان (بن ابی مسلم) احول نے مجھے بتایا کہ طائوس نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ نبی ﷺ جبکہ آپؐ کعبہ کا طواف کر رہے تھے؛ ایک آدمی کے پاس سے گزرے کہ جس نے اپنا ہاتھ ایک دوسرے آدمی سے تسمہ یا دھاگہ یا کسی اور چیز کے ذریعے باندھ رکھا تھا۔ آپؐ نے اس کو اپنے ہاتھ سے کاٹ دیا۔ پھر فرمایا: اسے اپنے ہاتھ سے پکڑ کر لے چلو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1621
ابوعاصم (نبیل) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے، ابن جریج نے سلیمان احول سے، سلیمان نے طائوس سے، طائوس نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے ایک شخص کو دیکھا کہ وہ ڈوری یا کسی اور چیز سے باندھے کعبہ کا طواف کر رہا تھا۔ آپؐ نے وہ کاٹ دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1622
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) لیث (بن سعد) نے ہم سے بیان کیا۔ یونس نے کہا کہ ابن شہاب نے کہا: حمید بن عبدالرحمن نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے انہیں بتایا: حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے دسویں تاریخ ذوالحجہ کو انہیں چند لوگوں سمیت حج کے لئے بھیجا جو حجۃ الوداع سے پہلے تھا جس میں رسول اللہ ﷺ نے حضرت ابوبکرؓ کو امیر مقرر کیا تھا کہ وہ لوگوں میں منادی کر دیں کہ اس سال کے بعد کوئی مشرک حج نہ کرے اور نہ کوئی برہنہ بیت اللہ کا طواف کرے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1623
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے روایت کی کہ (انہوں نے کہاـ:) ہم نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے پوچھا: کیا آدمی عمرہ میں صفا اور مروہ کے درمیان طواف کرنے سے پہلے اپنی بیوی سے مباشرت کر سکتا ہے؟ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ (مکہ میں) آئے۔ آپؐ نے بیت اللہ کا سات بار طواف کیا۔ پھر آپؐ نے مقامِ ابراہیم کے پیچھے دو رکعتیں پڑھیں اور صفا و مروہ کے درمیان طواف کیا۔ پھر انہوں نے کہا: تمہارے لئے رسول اللہ ﷺ میں عمدہ نمونہ ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1624
عمرو بن دینار نے کہا: اور میں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے پوچھا تو انہوں نے کہا: جب تک صفا و مروہ کے درمیان طواف نہ کرے، اپنی بیوی کے پاس نہ جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1625
محمد بن ابی بکر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) فضیل نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) موسیٰ بن عقبہ نے ہمیں بتایا، (کہا:) کریب نے مجھے بتایا۔ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ مکہ میں آئے۔ آپؐ نے (سات بار) طواف کیا اور صفا و مروہ کے درمیان سعی کی اور اپنے طواف کے بعد کعبہ کے قریب نہیں گئے۔ یہاں تک کہ آپؐ عرفات سے لوٹ آئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1626
عبد اللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن عبدالرحمن سے، محمد نے عروہ سے، عروہ نے زینب (بنت ابی سلمہ) سے، زینب نے حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ (وہ کہتی تھیں:) میں نے رسول اللہ ﷺ سے بیماری کی شکایت کی۔ (امام بخاریؒ نے کہا:) اور محمد بن حرب نے مجھ سے بیان کیا۔ ابومروان یحيٰ بن ابی زکریا غسانی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے عروہ سے، عروہ نے نبی ﷺ کی زوجہ حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ جب رسول اللہ ﷺ مکہ میں تھے اور آپؐ نے نکلنے کا ارادہ کیا اور حضرت ام سلمہؓ نے بیت اللہ کا طواف نہیں کیا تھا اور وہ بھی روانہ ہونا چاہتی تھیں تو آپؐ نے ان سے فرمایا: جب صبح کی نماز کے لئے تکبیر ہو تو تم اونٹ پر سوار ہو کر طواف کر لینا جبکہ لوگ نماز پڑھ رہے ہوں۔ چنانچہ انہوں نے ایسا ہی کیا اور نماز نہیں پڑھی جب تک کہ مکہ سے باہر نہیں نکلیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1627
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شعبہ نے ہمیں بتایا، (کہا:) عمرو بن دینار نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ (مکہ میں) آئے۔ آپؐ نے بیت اللہ کا سات بار طواف کیا اور مقامِ ابراہیم کے پیچھے دو رکعت نماز پڑھی۔ پھر آپؐ صفا کی طرف نکلے اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا: رسول اللہ ہی تمہارے لئے عمدہ نمونہ ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1628
حسن بن عمر بصری نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) یزید بن زُرَیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حبیب سے، حبیب نے عطاء سے، عطاء نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ کچھ لوگوں نے صبح کی نماز کے بعد بیت اللہ کا طواف کیا۔ پھر اس کے بعد واعظ کے پاس جا بیٹھے۔ پھر جب سورج نکلنے لگا تو اُٹھ کر نماز (دوگانہ طواف) پڑھنے لگے۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا کہ وہ بیٹھے رہے۔ یہاں تک کہ جب وہ گھڑی ہوئی جس میں نماز مکروہ ہے؛ اُٹھ کر نماز پڑھنے لگے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1629
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ابو ضمرہ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) موسیٰ بن عقبہ نے ہمیں بتایا۔ نافع سے مروی ہے کہ حضرت عبداللہ (بن عمر) رضی اللہ عنہ نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو سورج کے نکلنے اور غروب ہونے کے وقت نماز سے منع کرتے ہوئے سنا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1630
حسن بن محمد (صباح) جو زعفرانی ہیں ؛ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبیدہ بن حمید نے ہمیں بتایا (کہا:) عبدالعزیز بن رفیع نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما کو صبح کی نماز کے بعد طواف کرتے دیکھا اور دو رکعت نماز پڑھتے دیکھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1631
عبدالعزیز نے کہا: اور میں نے حضرت عبداللہ بن زبیرؓ کو عصر کی نماز کے بعد دو رکعت پڑھتے دیکھا اور وہ کہتے تھے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے ان سے بیان کیا کہ نبی ﷺ ان کے گھر میں جب بھی آتے تو آپؐ یہ دو رکعتیں ضرور پڑھتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1632
اسحق (بن شاہین) واسطی نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) خالد (طحان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے خالد حذاء سے، خالد نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے بیت اللہ کا طواف کیا اور آپؐ ایک اونٹ پر سوار تھے۔ جب آپؐ حجرِ اسود کے سامنے آتے تو آپؐ اس کی طرف ایک چیز سے جو آپؐ کے ہاتھ میں تھی؛ اشارہ کرتے اور اللہ اکبر کہتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah