کتاب 25: كتاب الحج
صحیح بخاری, حصہ 8
صحیح بخاری 1653
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) اسحق ازرق نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ عبدالعزیز بن رفیع سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے پوچھا۔ میں نے کہا: مجھے نبی ﷺ کی ایک بات بتائیں جو آپؓ نے اچھی طرح یاد رکھی ہو۔ آٹھویں ذوالحج کو آپؐ نے ظہر و عصر کی نماز کہاں پڑھی تھی؟ تو انہوں نے کہا: منیٰ میں۔ میں نے پوچھا: کوچ کے دن آپؐ نے عصر کی نماز کہاں پڑھی تھی؟ انہوں نے کہا: ابطح (محصب) میں۔ پھر اس کے بعد انہوں نے کہا: جیسا تمہارے امیر کرتے ہیں تم بھی ویسا ہی کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1654
علی (بن عبد اللہ مدینی) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابوبکر بن عیاش سے سنا۔ (ابوبکر نے کہا:) عبدالعزیز (بن رفیع) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) میں حضرت انس ؓ سے ملا اور اسماعیل بن ابان نے مجھ سے بیان کیا، (کہا:) ابوبکر (بن عیاش) نے ہمیں بتایا۔ عبدالعزیز سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: میں آٹھویں ذوالحج کو منیٰ کی طرف گیا اور حضرت انس رضی اللہ عنہ سے ملا۔ ایک گدھے پر سوار جا رہے تھے۔ میں نے پوچھا: نبی ﷺ نے آج کے دن ظہر کی نماز کہاں پڑھی تھی؟ تو انہوں نے کہا: دیکھو جہاں تمہارے امیر نماز پڑھیں تم بھی وہیں پڑھو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1655
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا کہ ابن وہب نے ہمیں بتایا۔ یونس نے مجھے خبر دی کہ ابن شہاب سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: عبیداللہ بن عبداللہ بن عمر نے مجھے خبر دی کہ ان کے باپ سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے منیٰ میں دو رکعتیں پڑھیں اسی طرح حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عمرؓ نے بھی اور حضرت عثمانؓ بھی اپنی خلافت کے شروع میں دو رکعتیں پڑھتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1656
آدم نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ ابو اسحق ہمدانی سے روایت ہے۔ انہوں نے حضرت حارثہ بن وہب خزاعی رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے منیٰ میں دو رکعتیں ہمیں نماز پڑھائی اور ہم اس وقت بہت بڑی تعداد میں تھے اور پورے امن میں تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1657
قبیصہ بن عقبہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم سے، ابراہیم نے عبدالرحمن بن یزید سے، انہوں نے حضرت عبد اللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کے ساتھ دو رکعتیں نماز پڑھی اور حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کے ساتھ بھی اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے ساتھ بھی دو رکعتیں۔ پھر اس کے بعد تم میں کئی اختلاف ہو گئے۔ کاش مجھے چار رکعتوں کے بدلے دو رکعتیں نصیب ہوں جو مقبول ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1658
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ زہری سے مروی ہے کہ (انہوں نے کہا:) سالم نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت ام فضلؓ کے آزاد کردہ غلام عمیر سے سنا کہ حضرت ام فضلؓ سے روایت ہے کہ عرفہ کے روز لوگوں کو نبی ﷺ کے روزہ کی نسبت شک ہوا تو میں نے نبی ﷺ کے پاس شربت بھیجا تو آپؐ نے وہ پی لیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1659
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی کہ محمد بن ابی بکر ثقفی سے مروی ہے کہ انہوں نے حضرت انس بن مالکؓ سے پوچھا جبکہ وہ دونوں صبح کے وقت منیٰ سے عرفات کی طرف روانہ ہو رہے تھے۔ رسول اللہ ﷺ کے ساتھ آپؓ اس دن کیا کیا کرتے تھے؟ تو انہوں نے کہا کہ ہم میں سے لبیک پکارنے والا لبیک پکارتا تو کوئی اس کی یہ بات بُری نہ مانتا اور ہم میں سے تکبیر کہنے والا تکبیر کہتا تو کوئی اس کی یہ بات بھی بُری نہ سمجھتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1660
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سالم سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عبدالملک نے حجاج کو لکھا کہ وہ حج کے بارہ میں حضرت ابن عمرؓ کے خلاف نہ کرے۔ حضرت ابن عمرؓ عرفہ کے دن آئے اور میں ان کے ساتھ ہی تھا؛ اس وقت جبکہ سورج ڈھل چکا تھا اور حجاج کے ڈیرے پر پہنچ کر انہوں نے زور سے آواز دی تو حجاج نکلے اور وہ کسم میں رنگی ہوئی زرد چادر اوڑھے تھے تو انہوں نے کہا: ابوعبدالرحمن کیا بات ہے؟ تو (حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے) کہا کہ چلنا ہوگا، اگر آپ سنت کی پیروی چاہتے ہیں تو حجاج نے کہا: کیا اسی وقت؟ کہا: ہاں۔ تو انہوں نے کہا کہ مجھے اتنی مہلت دیجئے کہ میں سر پر پانی ڈال لوں۔ پھر میں نکلوں گا۔ حضرت عبداللہ بن عمرؓ سواری سے اُترے۔ یہاں تک کہ حجاج باہر آئے اور وہ میرے اور میرے باپ کے درمیان چلنے لگے۔ میں نے حجاج سے کہا: اگر آپ سنت کی پیروی چاہتے ہیں تو خطبہ مختصر پڑھیں اور وقوف میں جلدی کریں۔ وہ حضرت عبداللہؓ کی طرف دیکھنے لگے۔ جب حضرت عبداللہؓ نے یہ دیکھا تو انہوں نے کہا: (سالم نے) سچ کہا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1661
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ابونضر سے، انہوں نے حضرت عبداللہ بن عباسؓ کے آزاد کردہ غلام عمیر سے، عمیر نے حضرت ام الفضل بنت حارثؓ سے روایت کی کہ کچھ لوگوں نے ان کے پاس عرفات کے روز نبی ﷺ کے روزے کے بارہ میں اختلاف کیا۔ ان میں سے بعض نے کہا کہ آپؐ روزے سے ہیں اور ان میں سے بعض نے کہا کہ آپؐ روزے سے نہیں۔ تو انہوں نے آپؐ کو دودھ کا پیالہ بھیجا جبکہ آپؐ اپنے اونٹ پر وقوف کی حالت میں تھے۔ آپؐ نے وہ پی لیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1662
اور لیث نے کہا کہ عقیل نے مجھ سے بیان کیا کہ ابن شہاب سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: سالم نے مجھے خبر دی کہ حجاج بن یوسف جس سال حضرت عبد اللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما سے لڑائی کے لئے مکہ میں خیمہ زن ہوئے تو انہوں نے حضرت عبداللہ (بن عمر) رضی اللہ عنہ سے پوچھا کہ عرفات کے روز آپؓ وقوف کے مقام میں کیا کرتے ہیں؟ تو سالم نے کہا: اگر آپ سنت کی پیروی چاہتے ہیں تو پھر عرفات کے دن نماز دوپہر ڈھلنے پر پڑھیں۔ حضرت عبد اللہ بن عمرؓ نے کہا کہ سالم نے سچ کہا ہے۔ سنت تو یہی ہے کہ وہ ظہر و عصر جمع کیا کرتے تھے۔ (زہری کہتے ہیں کہ) میں نے سالم سے کہا: کیا رسول اللہ ﷺ نے بھی ایسا ہی کیا تھا تو سالم نے کہا کہ آپ لوگ اس مسئلہ میں آپؐ کی سنت کے سوا کسی اور کی پیروی نہیں کرتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1663
عبد اللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سالم بن عبد اللہ سے روایت کی کہ عبدالملک بن مروان نے حجاج کو لکھا کہ وہ حج میں حضرت عبد اللہ بن عمرؓ کی پیروی کریں۔ جب عرفات کا روز ہوا تو (حضرت عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما جب سورج جھکا یا ڈھل چکا تو حجاج کے خیمہ کے پاس آئے اور میں ان کے ساتھ ہی تھا تو انہوں نے پوچھا کہ یہ کہاں ہے؟ تو حجاج ان کے پاس آئے۔ حضرت ابن عمرؓ نے کہا کہ چلنا ہے تو انہوں نے کہا: کیا ابھی؟ فرمایا: ہاں۔ کہا کہ مجھے مہلت دیجئے کہ میں اپنے اوپر پانی ڈال کر نہا لوں۔ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما اُترے؛ یہاں تک کہ حجاج باہر آئے۔ میرے اور میرے باپ کے درمیان چلنے لگے تو میں نے کہا: اگر آپ آج سنت کی پیروی چاہتے ہیں تو خطبہ مختصر پڑھیں اور وقوف میں جلدی کریں۔ حضرت ابن عمرؓ نے کہا کہ (سالم نے) سچ کہا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1664
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا۔ سفیان نے ہمیں بتایا کہ عمرو (بن دینار) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) محمد بن جبیر بن مطعم نے ہم سے بیان کیا کہ ان کے باپ سے مروی ہے (کہ انہوں نے کہا) کہ میں (عرفات کے دن) اپنا ایک اونٹ تلاش کر رہا تھا۔ اور مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا کہ عمرو (بن دینار) سے مروی ہے کہ انہوں نے محمد بن جبیر سے سنا۔ انہوں نے اپنے باپ حضرت جبیر بن مطعمؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنا ایک اونٹ کھو دیا اور میں عرفہ کے دن اسے تلاش کرنے لگا تو میں نے نبی ﷺ کو عرفات میں وقوف کی حالت میں دیکھا۔ میں نے کہا: بخدا آپؐ تو حُمس (یعنی پکے دیندار قریش میں سے) ہیں۔ آپؐ کا یہاں کیا کام؟
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1665
فروہ بن ابی مغراء نے ہم سے بیان کیا۔ علی بن مسہر نے ہمیں بتایا کہ ہشام بن عروہ سے مروی ہے کہ عروہ نے کہا کہ زمانہ جاہلیت میں لوگ ننگے ہو کر طواف کیا کرتے تھے۔ سوائے حُمس کے اور حمس قریش اور اُن کی اولاد ہیں۔ قریش لوگوں کو خدا کے واسطے پہننے کے کپڑے دیا کرتے تھے۔ مرد مرد کو کپڑے دیتا کہ انہیں پہن کر طواف کرے اور عورت عورت کو کپڑے دیتی کہ انہیں پہن کر طواف کرے اور جسے قریشی کپڑے نہ دیتے؛ وہ بیت اللہ کا ننگے ہی طواف کرتا اور سب لوگ (وقوفِ) عرفات سے لوٹتے اور قریش مزدلفہ سے ہی لوٹ آتے۔ ہشام نے کہا کہ میرے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا کہ یہ آیت حمس کے بارے میں ہی نازل ہوئی تھی۔ یعنی پھر تم (بھی) وہاں سے لوٹو جہاں سے لوگ لَوٹتے ہیں۔ (ہشام نے) کہا کہ وہ مزدلفہ سے لوٹا کرتے تھے تو انہیں عرفات تک جانے کے لئے کہا گیا کہ وہاں سے لوٹا کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1666
عبد اللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت اسامہؓ سے پوچھا گیا اور میں بیٹھا ہوا تھا کہ رسول اللہ ﷺ حجۃ الوداع میں کس رفتار سے چلتے تھے؛ جب آپؐ عرفات سے لوٹے؟ تو انہوں نے کہا کہ آپؐ تیز قدم چلتے تھے اور جب آپؐ کھلی جگہ پاتے تو تیز قدم سے بھی زیادہ۔ ہشام نے کہا: نَصَّ تیز قدم سے زیادہ رفتار چلنے کو کہتے ہیں۔ ابو عبد اللہ (بخاریؒ) نے کہا: اور فَجْوَۃٌ کے معنی ہیں کشادہ جگہ اور اس کی جمع فَجَوَات اور فِجَائٌ ہے اور اسی طرح رَکْوَۃٌ کی جمع رِکَائٌ ہے۔ سورئہ صٓ میں جو مَنَاصٌ کا لفظ ہے اس کے معنی ہیں بھاگنے کا وقت نہیں ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1667
مسدد نے ہم سے بیان کیا۔ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ بن سعید سے، یحيٰ نے موسیٰ بن عقبہ سے، انہوں نے حضرت ابن عباسؓ کے آزاد کردہ غلام کریب سے، کریب نے حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ جب عرفات سے لوٹے تو آپؐ ایک گھاٹی کے نشیب میں مڑے اور وہاں آپؐ حاجت سے فارغ ہوئے اور وضو کیا تو میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ نماز پڑھیں گے؟ تو آپؐ نے فرمایا: نماز آگے چل کر۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1668
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا۔ جویریہ نے ہمیں بتایا کہ نافع سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما مزدلفہ میں آکر مغرب و عشاء جمع کیا کرتے تھے۔ لیکن وہ اس گھاٹی سے گذرتے جس گھاٹی کی سمت رسول اللہ ﷺ نے بھی اختیار کی۔ حضرت عبداللہؓ وہاں جاتے اور حاجت سے فارغ ہوتے اور وضو کرتے اور نماز وہاں نہ پڑھتے۔ مزدلفہ میں آکر پڑھتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1669
قتیبہ نے ہم سے بیان کیا۔ اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن ابی حرملہ سے، انہوں نے حضرت ابن عباسؓ کے آزاد کردہ غلام کریب سے، کریب نے حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں عرفات سے رسول اللہ ﷺ کے پیچھے سواری پر بیٹھا۔ جب رسول اللہ ﷺ بائیں گھاٹی پر پہنچے جو کہ مزدلفہ سے ورے ہے تو آپؐ نے اپنا اونٹ بٹھایا اور پیشاب کیا۔ پھر آپؐ آئے تو میں نے آپؐ پر وضو کا پانی ڈالا۔ آپؐ نے ہلکا سا وضو کیا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! نماز ہوگی؟ فرمایا: نماز آگے چل کر۔ رسول اللہ ﷺ سوار ہوئے؛ یہاں تک کہ مزدلفہ پہنچے اور وہاں نماز پڑھی۔ پھر مزدلفہ کی صبح (دسویں ذوالحجہ) حضرت فضل (بن عباسؓ) آپؐ کے پیچھے سواری پر بیٹھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1670
کریب نے کہا: حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے حضرت فضل ؓ سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ برابر لبیک کہتے رہے۔ یہاں تک کہ آپؐ جمرہ پر پہنچے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1671
سعید بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سوید نے ہمیں بتایا۔ عمرو بن ابی عمرو نے مجھ سے بیان کیا جو مطلب کے آزاد کردہ غلام تھے کہ سعید بن جبیر نے جو والبہ کوفی کے آزاد کردہ غلام تھے مجھے خبر دی کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے مجھ سے بیان کیا کہ وہ عرفہ کے دن نبیﷺ کے ساتھ (عرفات سے) لوٹے تو نبیﷺ نے اپنے پیچھے سخت ڈانٹ ڈپٹ، اونٹوں کو مارنے اور آوازوں کا شور سنا تو آپؐ نے ان کو اپنے کوڑے سے اشارہ کیا اور فرمایا: اے لوگو! آہستگی سے چلو۔ کیونکہ نیکی دوڑ دھوپ سے نہیں حاصل ہوتی۔ سورئہ توبہ میں اَوْضَعُوْا آیا ہے، اس کے معنی ہیں کہ تمہارے درمیان ریشہ دوانیاں کریں۔ خِلَالَکُمْ کا لفظ تَخَلُّل سے مشتق ہے۔ جس کے معنی ہیں۔ وہ تمہارے اندر خلل پیدا کریں اور سورئہ کہف میں جو فَجَّرْنَا خِلَالَھُمَا آیا ہے، اس کے معنی ہیں کہ ان کے درمیان نہر چلائی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1672
عبد اللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے موسیٰ بن عقبہ سے، انہوں نے کریب سے، کریب نے حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما کو کہتے سنا کہ رسول اللہ ﷺ عرفات سے لوٹے تو ایک گھاٹی میں اُترے اور پیشاب کیا۔ پھر وضو کیا اور پورے طور پر وضو نہیں کیا۔ (یعنی ہلکا سا کیا۔) تو میں نے آپؐ سے کہا کہ کیا نماز پڑھی جائے گی؟ تو آپؐ نے فرمایا کہ نماز آگے چل کر۔ پھر آپؐ مزدلفہ میں آئے اور وضو کیا اور پورے طور پر کیا۔ پھر نماز کے لئے تکبیر اقامت ہوئی اور آپؐ نے مغرب کی نماز پڑھی۔ پھر ہر انسان نے اپنا اونٹ اپنے ٹھکانے میں بٹھایا۔ پھر نماز (عشائ) کی تکبیر اقامت ہوئی تو آپؐ نے نماز پڑھی۔ ان دونوں کے درمیان نفل نہیں پڑھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah