کتاب 25: كتاب الحج
صحیح بخاری, حصہ 9
صحیح بخاری 1673
آدم نے ہم سے بیان کیا کہ ابن ابی ذئب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے سالم بن عبداللہ سے، سالم نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے مزدلفہ میں مغرب و عشاء کی نمازیں جمع کرکے پڑھائیں۔ ان میں سے ہر ایک نماز الگ تکبیر کے ساتھ۔ نہ تو ان کے درمیان سنت و نفل پڑھے اور نہ آخر میں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1674
خالد بن مخلد نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان بن بلال نے ہمیں بتایا۔ یحيٰ بن سعید نے ہم سے بیان کیا، کہا: عدی بن ثابت نے مجھے خبر دی۔ کہا: عبداللہ بن یزید خطمی نے مجھ سے بیان کیا، کہا: حضرت ابو ایوب انصاریؓ نے مجھے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے حجۃ الوداع میں مزدلفہ کے مقام پر مغرب اور عشاء کی نمازیں جمع کیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1675
عمرو بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ زُھیر نے ہمیں بتایا کہ ابواسحق نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے عبدالرحمن بن یزید سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ نے حج کیا تو ہم مزدلفہ میں اس وقت پہنچے جب عشاء کی اذان ہوتی ہے یا اس کے قریب قریب۔ انہوں نے ایک شخص کو حکم دیا تو اس نے اذان دی اور تکبیر اقامت کہی۔ پھر مغرب کی نماز پڑھی۔ پھر اس کے بعد دو رکعتیں پڑھیں۔ پھر انہوں نے رات کا کھانا منگوایا اور کھایا۔ میرا خیال ہے کہ انہوں نے ایک شخص کو حکم دیا تو اس نے اذان دی۔ پھر تکبیر اقامت کہی۔ عمرو (بن خالد) نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ شک زہیر سے ہوا ہے۔ پھر انہوں نے دو رکعت نمازِ عشاء پڑھی۔ جب صبح نمودار ہوئی تو انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ اس وقت یہی نماز اس دن اس جگہ پڑھتے تھے۔ حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) نے کہا: یہ دو نمازیں ہیں جو اپنے معمولی وقت سے ہٹائی گئیں۔ مغرب کی نماز جبکہ لوگ مزدلفہ میں آئیں اور فجر کی نماز جبکہ فجر ہو رہی ہو۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو ایسا ہی کرتے دیکھا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1676
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے روایت کی کہ سالم نے کہا: حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما اپنے اہل بیت میں سے کمزور لوگوں کو پہلے بھیج دیتے تھے۔ وہ مزدلفہ میں رات کو مشعر الحرام کے قریب ٹھہرتے اور اللہ کا ذکر کرتے جیسا ان کے دل میں آتا۔ پھر واپس لوٹتے، بیشتر اس کے کہ امام وقوف کرتا اور واپس لوٹتا۔ ان میں سے بعض فجر کی نماز کے وقت منٰی میں پہنچتے اور بعض اس کے بعد اور جب وہ پہنچتے تو کنکریاں مارتے اور (حضرت عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے کمزور لوگوں کے لئے یہ اجازت دی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1677
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے مجھے مزدلفہ سے (منیٰ میں) رات کو ہی بھیج دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1678
علی (بن عبداللہ مدینی) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) سفیان نے ہمیں بتایا، کہا: عبیداللہ بن ابی یزید نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سنا۔ کہتے تھے کہ میں ان لوگوں میں سے تھا جنہیں نبی ﷺ نے مزدلفہ کی رات کو اپنے اہل بیت میں سے کمزور لوگوں کے ساتھ پہلے بھیجا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1679
مسدد نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے يحيٰ سے، يحيٰ نے ابن جریج سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت اسمائؓ کے آزاد کردہ غلام عبداللہ نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت اسمائؓ سے روایت کی کہ وہ مزدلفہ کی رات مزدلفہ کے قریب اُتریں اور کھڑے ہوکر نماز پڑھنے لگیں تو ایک گھڑی نماز پڑھی۔ پھر انہوں نے کہا: بیٹا! کیا چاند ڈوب گیا ہے؟ میں نے کہا: نہیں۔ پھر تھوڑی دیر اور نماز پڑھی۔ پھر کہنے لگیں: کیا چاند ڈوب گیا ہے؟ میں نے کہا: ہاں۔ تو انہوں نے کہا: اب کوچ کرو۔ تو ہم نے کوچ کیا اور چلے۔ یہاں تک کہ (منیٰ پہنچ کر) کنکریاں پھینکیں۔ پھر لوٹیں اور اپنے پڑاؤ میں آکر صبح کی نماز پڑھی۔ تو میں نے ان سے کہا: اجی بی بی! میں سمجھتا ہوں کہ ابھی ہم تاریکی ہی میں ہیں۔ (یعنی صبح نہیں ہوئی) تو انہوں نے کہا: اے میرے بیٹے! رسول اللہ ﷺ نے عورتوں کو اجازت دی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1680
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں خبر دی کہ عبدالرحمن نے ہمیں بتایا۔ یہ عبدالرحمن، قاسم (بن محمد) کے بیٹے ہیں۔ انہوں نے قاسم سے، قاسم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت سودہؓ نے نبی ﷺ سے مزدلفہ کی رات اجازت لی اور وہ بھاری بھرکم تھیں اور آپؐ نے انہیں اجازت دے دی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1681
ابونعیم نے ہم سے بیان کیا کہ افلح بن حمید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قاسم بن محمد سے، قاسم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم مزدلفہ میں آئے تو حضرت سودہؓ نے نبی ﷺ سے اجازت مانگی کہ وہ لوگوں کے ہجوم سے پہلے مزدلفہ سے لوٹ جائیں اور وہ تیز نہیں چل سکتی تھیں تو آپؐ نے انہیں اجازت دی۔ تو وہ لوگوں کے ہجوم سے پہلے روانہ ہوگئیں اور ہم وہاں صبح تک ٹھہرے اور پھر آپؐ کے واپس ہونے پر ہم بھی واپس ہوئے اور اگر میں بھی رسول اللہ ﷺ سے اجازت لے لیتی جیسا کہ حضرت سودہؓ نے اجازت لی تو یہ بات خوش کن باتوں میں سے میرے لئے بہت پسندیدہ ہوتی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1682
عمر بن حفص بن غیاث نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا، کہا: عمارہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمن (بن یزید) سے، انہوں نے حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو نہیں دیکھا کہ آپؐ نے کوئی نماز اپنے وقت پر نہ پڑھی ہو؛ سوائے مغرب اور عشاء کی دو نمازوں کے؛ جو آپؐ نے مزدلفہ میں جمع کیں اور صبح کی نماز اپنے وقت سے پہلے پڑھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1683
عبداللہ بن رجاء نے ہم سے بیان کیا کہ اسرائیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو اسحق سے، ابو اسحق نے عبدالرحمن بن یزید سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم حضرت عبداللہ (ابن مسعود) رضی اللہ عنہ کے ساتھ مکہ کی طرف نکلے۔ پھر ہم مزدلفہ میں آئے۔ تو انہوں نے دو نمازیں (ملا کر) پڑھیں۔ ہر نماز الگ اذان الگ تکبیر اقامت کے ساتھ اور رات کا کھانا ان دونوں کے درمیان کھایا۔ پھر انہوں نے صبح کی نماز فجر ہوتے ہی پڑھی۔ کہنے والا کہتا تھا کہ فجر ہو گئی اور کوئی کہنے والا کہتا تھا کہ فجر ابھی نہیں ہوئی۔ پھر حضرت عبداللہؓ نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس جگہ یہ دو نمازیں اپنے مقررہ وقت سے ہٹا دی گئی ہیں۔ یعنی مغرب اور عشاء اور لوگ مزدلفہ اس وقت آتے کہ اندھیرا ہو جاتا اور فجر کی نماز اس وقت پڑھی جاتی جس وقت پڑھی گئی ہے۔ پھر حضرت عبداللہؓ نے وقوف کیا۔ یہاں تک کہ خوب روشنی ہو گئی۔ پھر انہوں نے کہا: امیر المؤمنین (یعنی حضرت عثمانؓ ) اگر اس وقت مزدلفہ سے لوٹیں تو انہوں نے ٹھیک سنت کے مطابق کیا۔ (عبدالرحمن کہتے تھے:) میں نہیں جانتا کہ حضرت عبداللہ بن مسعودؓ کا یہ قول پہلے تھا یا حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی واپسی۔ حضرت ابن مسعودؓ لبیک کہتے رہے؛ یہاں تک کہ قربانی کے دن جمرۃ العقبہ میں کنکریاں پھینکیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1684
حجاج بن منہال نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے ابواسحق سے روایت کی کہ عمرو بن میمون سے میں نے سنا۔ کہتے تھے کہ میں حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے ساتھ موجود تھا۔ انہوں نے مزدلفہ میں صبح کی نماز پڑھی۔ پھر وقوف کیا اور کہا کہ مشرک مزدلفہ سے نہیں لوٹتے تھے جب تک کہ سورج نہ نکل آتا اور وہ کہا کرتے تھے: ثبیر (پہاڑ) چمک اور نبی ﷺ نے ان کے خلاف کیا۔ آپؐ لوٹے پہلے اس سے کہ سورج نکلتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1685
ابوعاصم ضحاک بن مخلد نے ہم سے بیان کیا۔ ابن جریج نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے عطاء سے، عطاء نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے حضرت فضل (بن عباسؓ ) کو اپنے پیچھے سواری پر بٹھایا اور حضرت فضلؓ نے خبر دی کہ آپؐ لبیک پکارتے رہے؛ یہاں تک کہ جمرئہ عقبہ میں کنکریاں پھینکیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1686
زہیر بن حرب نے ہم سے بیان کیا۔ وہب بن جریر نے ہمیں بتایا کہ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے یونس ایلی سے، یونس نے زہری سے، زہری نے عبیداللہ بن عبداللہ سے، انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما عرفات سے مزدلفہ تک نبی ﷺ کی سواری پر آپؐ کے پیچھے بیٹھے۔ پھر آپؐ نے حضرت فضلؓ کو مزدلفہ سے منیٰ تک اپنے ساتھ بٹھایا۔ کہا: تو ان دونوں نے بیان کیا کہ نبی ﷺ برابر لبیک کہتے تھے؛ یہاں تک کہ جمرئہ عقبہ میں کنکریاں پھینکیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1687
زہیر بن حرب نے ہم سے بیان کیا۔ وہب بن جریر نے ہمیں بتایا کہ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے یونس ایلی سے، یونس نے زہری سے، زہری نے عبیداللہ بن عبداللہ سے، انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما عرفات سے مزدلفہ تک نبی ﷺ کی سواری پر آپؐ کے پیچھے بیٹھے۔ پھر آپؐ نے حضرت فضلؓ کو مزدلفہ سے منیٰ تک اپنے ساتھ بٹھایا۔ کہا: تو ان دونوں نے بیان کیا کہ نبی ﷺ برابر لبیک کہتے تھے؛ یہاں تک کہ جمرئہ عقبہ میں کنکریاں پھینکیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1688
اسحق بن منصور نے ہم سے بیان کیا۔ نضر (بن شمیل) نے ہمیں خبر دی کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ ابوجمرہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے تمتع کی بابت پوچھا تو انہوں نے کہا کہ کر لو اور میں نے ان سے قربانی کی بابت پوچھا تو انہوں نے کہا: اس میں ایک اونٹ یا گائے یا ایک بکری کی قربانی ہے۔ یا اونٹ یا گائے کے ذبیحہ میں شریک ہو جاؤ۔ ابوجمرہ نے کہا: ایسے معلوم ہوتا ہے کہ بعض لوگوں نے ناپسند کیا ہے۔ پھر میں سو گیا۔ خواب میں دیکھتا ہوں۔ جیسے ایک انسان پکار رہا ہے کہ یہ حج مبارک ہے اور تمتع مقبول ہے۔ تو میں حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما کے پاس آیا۔ ان سے یہ خواب بیان کی۔ انہوں نے کہا: اللہ اکبر۔ کیوں نہ ہو۔ یہ ابوالقاسم ﷺ کی سنت ہے۔ ابوجمرہ نے کہا: آدم، وہب بن جریر اور غندر نے شعبہ سے یہ الفاظ نقل کئے ہیں: یہ عمرہ مقبول ہے اور حج مبارک۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1689
عبد اللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا۔ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ابوزناد سے، انہوں نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک شخص کو دیکھا کہ وہ قربانی کا اونٹ ہانکے لئے جا رہا ہے تو آپؐ نے فرمایا: اس پر سوار ہو جائو۔ اس نے کہا: قربانی کا جانور ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اس پر سوار ہو جائو۔ اس نے کہا: قربانی کا جانور ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اس پر سوار ہو جائو۔ تیسری دفعہ یا دوسری دفعہ فرمایا: کم بخت۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1690
مسلم بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا۔ ہشام اور شعبہ نے ہمیں بتایا۔ دونوں نے کہا: قتادہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہوئے ہم سے بیان کیا کہ نبی ﷺ نے ایک شخص کو دیکھا کہ وہ قربانی کا جانور ہانکے لئے جا رہا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اس پر سوار ہو جائو۔ اس نے کہا: یہ قربانی کا جانور ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اس پر سوار ہو جائو۔ اس نے کہا: یہ قربانی کا جانور ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اس پر سوار ہو جاؤ۔ تین بار یہی فرمایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1691
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سالم بن عبداللہ سے روایت کی کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے حجۃ الوداع میں تمتع کیا تھا۔ حج و عمرہ دونوں اور آپؐ نے قربانی کی اور قربانی کے جانور اپنے ساتھ ذوالحلیفہ سے لے گئے اور رسول اللہ ﷺ نے ہی پہلے شروع کیا اور عمرہ کا احرام باندھ کر لبیک پکارا۔ پھر حج کا احرام باندھ کر بلند آواز سے لبیک کہا۔ لوگوں نے بھی نبی ﷺ کے ساتھ تمتع کیا۔ یعنی عمرہ کو حج کے ساتھ۔ تو لوگوں میں سے بعض نے قربانی کی اور قربانی کے جانور ساتھ لے گئے اور ان میں سے بعض نے قربانی نہیں کی۔ جب نبی ﷺ مکہ پہنچے تو آپؐ نے لوگوں سے فرمایا کہ تم میں سے جو قربانی کا جانور لایا ہو۔ اس کے لئے جو باتیں حج میں ممنوع ہیں وہ اس وقت تک جائز نہیں جب تک کہ وہ اپنا حج پورا نہ کرلے اور تم میں سے جو قربانی کا جانور نہیں لایا؛ وہ بیت اللہ اور صفا مروہ کا طواف کر لے اور بال کٹوائے اور احرام کھول دے۔ پھر (حج کے دن) حج کا احرام باندھے اور جو کوئی قربانی کا جانور نہ پائے وہ حج کے دنوں میں تین روزے رکھے اور سات روزے جب لوٹ کر اپنے گھروالوں کے پاس پہنچے۔ جب آپؐ مکہ میں آئے تو پہلے آپؐ نے طواف کیا اور رُکن (حجر اسود) کو چوما۔ پھر تین پھیرے تیز رَوِی سے اور چار پھیرے معمولی رفتار سے طواف کیا۔ جب آپؐ بیت اللہ کا طواف کر چکے تو مقامِ ابراہیم میں دو رکعتیں پڑھیں۔ پھر آپؐ نے سلام پھیرا اور فارغ ہو کر صفا میں آئے اور صفا و مروہ کے سات پھیرے کئے۔ مگر آپؐ نے کوئی بات جائز نہیں سمجھی جو حج میں ممنوع ہو۔ یہاں تک کہ آپؐ نے اپنا حج پورا کیا اور قربانی کے دن اپنی قربانی دی اور (مکہ میں) واپس آئے اور بیت اللہ کا طواف کیا اور پھر احرام کھول کر ہر اس بات سے آزاد ہوگئے جو حج میں ناجائز تھی اور جیسا رسول اللہ ﷺ نے کیا؛ لوگوں نے بھی ویسا ہی کیا جو قربانی کے جانور اپنے ساتھ لائے تھے اور قربانی کی تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1692
اور عروہ سے مروی ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے ان کو نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے خبر دی کہ آپؐ نے اپنے تمتع میں عمرہ حج کے ساتھ ملا کر ادا کیا۔ (یعنی احرام نہیں کھولا) اور لوگوں نے بھی آپؐ کے ساتھ ویسے ہی تمتع کیا۔ سالم نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا۔ حضرت ابن عمرؓ نے رسول اللہ ﷺ سے یہی روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah