کتاب 28: كتاب جزاء الصيد
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1821
معاذ بن فضالہ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن ابی کثیر) سے، یحيٰ نے عبداللہ بن ابی قتادہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حدیبیہ کے سال میرے باپ چل پڑے تو ان کے ساتھیوں نے احرام باندھے مگر انہوں نے نہیں باندھا اور نبی ﷺ کو بتایا گیا کہ ایک دشمن آپؐ پر دھاوا بولے گا تو نبی ﷺ روانہ ہوگئے۔ (حضرت ابوقتادہؓ کہتے ہیں:) اسی اثناء میں کہ میں آپؐ کے ساتھیوں کے ساتھ تھا۔ ایک دوسرے سے ہنسی مذاق کررہے تھے۔ میں نے دیکھا کہ ایک گورخر ہے تو میں نے اس پر حملہ کیا اور اسے برچھی سے زخمی کردیا اور اپنی جگہ پر ٹھہرا دیا اور میں نے ان سے مدد چاہی؛ مگر انہوں نے مجھے مدد دینے سے انکار کر دیا۔ سو ہم نے اس کے گوشت سے کھایا اور ہم ڈرے کہ کہیں (رسول اللہ ﷺ سے) الگ نہ ہوجائیں تو میں نے نبی ﷺ کی تلاش کی۔ اپنا گھوڑا کچھ فاصلہ تک تیز چلایا اور کچھ فاصلہ تک معمولی رفتار سے۔ میں آدھی رات کو ایک غفاری شخص سے ملا اور پوچھا کہ نبی ﷺ کو کہاں چھوڑا ہے؟ اس نے کہا: میں نے آپؐ کو تعہن میں چھوڑا ہے اور وہ سقیا میں قیلولہ کریں گے تو میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ کے ساتھی آپؐ کو سلامتی اور اللہ تعالیٰ کی رحمت کی دعا دیتے ہیں۔ وہ ڈر گئے تھے کہ کہیں آپؐ سے الگ نہ ہوجائیں اور آپؐ ان کا انتظار فرمائیں۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! میں نے گورخر شکار کیا اور میرے پاس بچا ہوا گوشت ہے۔ آپؐ نے لوگوں سے کہا: کھائو۔ بحالیکہ وہ بحالت احرام تھے۔
صحیح بخاری 1822
سعید بن ربیع نے ہم سے بیان کیا کہ علی بن مبارک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ سے، یحيٰ نے عبداللہ بن ابی قتادہ سے روایت کی کہ ان کے باپ نے ان سے بیان کیا، کہا: نبی ﷺ کے ساتھ حدیبیہ کے سال ہم چل پڑے تو آپؐ کے ساتھیوں نے احرام باندھے اور میں نے احرام نہیں باندھا۔ پھر ہمیں خبر دی گئی کہ غیق میں ایک دشمن ہے تو ہم ان کی طرف گئے۔ میرے ساتھیوں نے ایک گورخر دیکھا۔ وہ ایک دوسرے کو دیکھ کر ہنسنے لگے۔ میں نے جو نظر کی تو میں نے اسے دیکھ لیا۔ میں نے گھوڑے پر سوار ہو کر اس پر حملہ کر دیا۔ میں نے اس کو برچھا مارا اور اسے وہیں ٹھہرا دیا۔ پھر میں نے ان سے مدد مانگی تو انہوں نے مجھے مدد دینے سے انکار کر دیا۔ پھر ہم نے اسے کھایا اور اس کے بعد میں رسول اللہ ﷺ سے جا ملا اور ہم ڈرے کہ کہیں (آپؐ سے) الگ نہ ہو جائیں۔ کچھ فاصلہ مَیں اپنا گھوڑا تیز چلاتا اور کچھ فاصلہ معمولی چال چلتا کہ آدھی رات کو بنی غفار کے ایک شخص سے ملا اور اس سے کہا: رسول اللہ ﷺ کو کہاں تم نے چھوڑا ہے تو اس نے کہا: تعہن میں مَیں نے آپؐ کو چھوڑا ہے اور آپؐ سُقیا میں قیلولہ کریں گے۔ میں رسول اللہ ﷺ سے جا ملا۔ یہاں تک کہ آپؐ کے پاس آیا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ کے ساتھیوں نے کہلا بھیجا ہے۔ وہ آپؐ کو سلامتی اور اللہ تعالیٰ کی رحمت اور اس کی برکتوں کی دعا دیتے ہیں اور وہ ڈر گئے کہ کہیں دشمن آپؐ سے ان کو الگ نہ کر دے۔ آپؐ ان کا انتظار فرمائیں۔ تو آپؐ نے ایسا ہی کیا اور میں نے کہا: یا رسول اللہ! ہم نے گورخر کا شکار کیا ہے اور ہمارے پاس کچھ گوشت بچا ہوا ہے تو رسول اللہ ﷺ نے اپنے ساتھیوں سے فرمایا: کھائو۔ حالانکہ وہ بحالت احرام تھے۔
صحیح بخاری 1823
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ صالح بن کیسان نے ہم سے بیان کیا۔ ابوقتادہ کے آزاد کردہ غلام نافع ابومحمد سے مروی ہے کہ انہوں نے حضرت ابوقتادہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ انہوں نے کہا: ہم مدینہ سے تین منزل پر مقامِ قاحہ میں نبی ﷺ کے ساتھ تھے۔ اور علی بن عبد اللہ نے بھی ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ صالح بن کیسان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابومحمد سے، ابومحمد نے حضرت ابوقتادہؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے ساتھ مقامِ قاحہ میں تھے اور ہم میں سے کوئی محرم تھا اور کوئی غیر محرم۔ میں نے اپنے ساتھیوں کو دیکھا کہ وہ کوئی چیز ایک دوسرے کو دکھا رہے ہیں۔ میں نے جو نظر اٹھائی تو کیا دیکھتا ہوں کہ ایک گورخر ہے۔ … ان کا کوڑا گر گیا تو ساتھیوں نے کہا: ہم کسی چیز سے بھی اس گورخر کے خلاف آپؓ کی مدد نہیں کریں گے۔ کیونکہ ہم حالت احرام میں ہیں۔ (حضرت ابوقتادہؓ نے کہا:) میں نے خود ہی ہاتھ بڑھا کر لے لیا۔ پھر اس گورخر کے پاس ایک ٹیلے کے پیچھے سے آیا اور اس کو زخمی کردیا اور اپنے ساتھیوں کے پاس لے آیا تو ان میں سے بعض نے کہا: کھائو۔ بعض نے کہا: نہ کھائو۔ میں نبی ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ ہمارے آگے تھے۔ میں نے آپؐ سے پوچھا تو آپؐ نے فرمایا: اسے کھائو۔ وہ حلال ہے۔ عمرو (بن دینار) نے ہم سے کہا صالح کے پاس جاؤ اور ان سے اس کی اور دوسری باتوں کی بابت پوچھو اور وہ ان دنوں ہمارے پاس آتے جاتے۔
صحیح بخاری 1824
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ عثمان جو موہب کے بیٹے ہیں ؛ نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبداللہ بن ابی قتادہ نے مجھے خبر دی کہ ان کے باپ نے انہیں بتایا کہ رسول اللہ ﷺ حج کے ارادے سے نکلے۔ لوگ بھی آپؐ کے ساتھ نکلے تو آپؐ نے ان میں سے کچھ لوگ ایک طرف بھیجے۔ جن میں حضرت ابوقتادہؓ بھی تھے اور فرمایا کہ سمندر کے کنارے کا راستہ لو۔ یہاں تک کہ ہم آپس میں مل جائیں تو انہوں نے سمندر کا کنارہ اختیار کیا۔ جب وہ لوٹے تو ان سب نے احرام باندھا مگر حضرت ابوقتادہؓ نے نہ باندھا۔ اسی اثناء میں کہ وہ جا رہے تھے۔ انہوں نے کئی گورخر دیکھے تو حضرت ابوقتادہؓ نے ان گورخروں پر حملہ کر دیا اور ان میں سے ایک مادہ گورخر زخمی کی اور وہ اُترے اور اس کے گوشت سے کھایا۔ اور کہنے لگے: کیا ہم شکار کا گوشت کھائیں ایسی حالت میں کہ ہم محرم ہوں؟ اس کا جو گوشت باقی بچا تھا؛ وہ ہم نے اُٹھا لیا۔ جب وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے، انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! ہم نے احرام باندھے تھے اور ابوقتادہؓ نے نہیں باندھا تھا۔ پھر ہم نے کئی گورخر دیکھے۔ ابو قتادہؓ نے ان پر حملہ کیا اور ان میں سے ایک مادہ ماری اور ہم اُترے اور اس کے گوشت سے کھایا۔ پھر ہم کہنے لگے: کیا شکار کا گوشت ہم کھائیں جبکہ ہم محرم ہیں؟ ہم اس کا بچا ہوا گوشت اُٹھا لائے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا کہ کیا تم میں سے کسی نے ان سے کہا تھا کہ وہ اس پر حملہ کریں؟ یا اس کی طرف اشارہ کیا تھا؟ انہوں نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: پھر جو اس کا گوشت بچا ہوا ہے، کھائو۔
صحیح بخاری 1825
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ بن مسعود سے، عبیداللہ نے حضرت عبداللہ بن عباس سے، انہوں نے حضرت صعب بن جثامہ لیثیؓ سے روایت کی کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کے لئے گورخر بطور تحفہ بھیجا جبکہ آپؐ ابواء میں یا ودان میں تھے تو آپؐ نے وہ اُنہیں لوٹا دیا۔ جب انہوں نے آپؐ کے چہرے پر ناپسندیدگی دیکھی تو آپؐ نے فرمایا: ہم نے تمہیں وہ واپس نہیں کیا مگر اس لئے کہ ہم محرم ہیں۔
صحیح بخاری 1826
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: پانچ جانور ایسے ہیں جنہیں مارنے میں محرم کو کوئی گناہ نہیں۔ اور عبداللہ بن دینار سے بھی (امام مالک نے) روایت کی۔ حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا… (یعنی یہی بات فرمائی۔)
صحیح بخاری 1827
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا کہ زید بن جبیر سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ کی ازواج میں سے ایک نے نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا کہ محرم (بعض چیزیں) مار سکتا ہے۔
صحیح بخاری 1828
اصبغ نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبداللہ بن وہب نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سالم سے روایت کی کہ انہوں نے کہا۔ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے تھے: حضرت حفصہؓ نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: پانچ چیزیں ایسی ہیں جس نے انہیں مارا؛ اس پر کوئی مضائقہ نہیں۔ کوا، چیل، چوہا، بچھو اور کاٹنے والا کتا۔
صحیح بخاری 1829
یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابن وہب نے مجھے بتایا، کہا: یونس نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: پانچ چیزیں موذی ہیں۔ حرم میں بھی انہیں مار دیں۔ کوا، چیل، بچھو، چوہا اور کاٹنے والا کتا۔
صحیح بخاری 1830
عمر بن حفص بن غیاث نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا کہ اعمش نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابراہیم (نخعی) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اسود سے، اسود نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: اس اثناء میں کہ ہم نبی ﷺ کے ساتھ منیٰ کے ایک غار میں تھے؛ جب آپ پر (سورۃ) نازل ہوئی۔ وَالْمُرْسَلَاتِ۔ آپؐ اسے پڑھ رہے تھے اور میں سن کر یاد کر رہا تھا اور آپؐ کا چہرہ اس سورۃ سے تروتازہ تھا۔ اچانک ایک سانپ ہم پر لپکا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اسے مار ڈالو تو ہم جلدی سے اس پر جھپٹے تو وہ چلا گیا تو نبی ﷺ نے فرمایا: جانے دو؛ تمہارے شر سے وہ بچایا گیا۔ تم اس کے شر سے بچائے گئے۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: اس حدیث کے ذکر سے ہماری یہ مراد ہے کہ منیٰ حرم کا حصہ ہے اور انہوں نے سانپ کے مارنے میں کوئی حرج نہیں دیکھا۔
صحیح بخاری 1831
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ بن زبیر سے، عروہ نے نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے چھپکلی کو بھی موذی بتایا اور میں نے آپؐ سے نہیں سنا کہ آپؐ نے اس کے مارنے کا ارشاد فرمایا ہو۔
صحیح بخاری 1832
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید بن ابی سعید مقبری سے، سعید نے حضرت ابو شریح عدویؓ سے روایت کی کہ انہوں نے عمرو بن سعید سے کہا اور وہ مکہ کی طرف فوجیں بھیج رہے تھے۔ اے امیر! مجھے اجازت دیں کہ میں آپ سے ایک بات بیان کروں جو رسول اللہ ﷺ نے فتح مکہ کے دوسرے روز فرمائی تھی۔ میرے دونوں کانوں نے وہ سنی اور میرے دل نے محفوظ رکھی اور میری دونوں آنکھیں آپؐ کو دیکھ رہی تھیں جب آپؐ نے وہ بات فرمائی۔ آپؐ نے اللہ کی حمد و ثنا کی۔ پھر فرمایا کہ مکہ کو اللہ تعالیٰ نے حرم قرار دیا ہے اور لوگوں نے قرار نہیں دیا۔ کسی شخص کے لئے جو اللہ اور یومِ آخرت پر ایمان رکھتا ہو؛ جائز نہیں کہ وہاں خون ریزی کرے یا درخت کاٹے۔ اگر کوئی رسول اللہ ﷺ کی لڑائی کی وجہ سے جواز کی صورت نکالے تو اسے کہو کہ اللہ نے اپنے رسول ﷺ کو اجازت دی تھی اور تمہیں اجازت نہیں دی۔ اور مجھے بھی دن کی ایک گھڑی تک اجازت دی اور اس کی حرمت آج پھر ویسی ہی قائم ہوگئی ہے جیسی کل تھی اور چاہیے کہ جو حاضر ہو وہ غیر حاضر کو پہنچا دے۔ حضرت ابوشریحؓ سے کہا گیا: عمرو (بن سعید) نے آپؓ سے کیا کہا؟ انہوں نے کہا: ابو شریح! میں یہ بات آپؓ سے زیادہ جانتا ہوں۔ حرم باغی کو پناہ نہیں دیتا اور نہ اس شخص کو جو خون کر کے بھاگا ہو اور نہ اس شخص کو جو کوئی خرابی کر کے بھاگا ہو، ایسی خرابی جو کہ مصیبت کا باعث ہو۔
صحیح بخاری 1833
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوہاب نے ہمیں بتایا کہ خالد نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عکرمہ سے، انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبیﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ نے مکہ کو حرم قرار دیا ہے۔ مجھ سے پہلے کسی کے لئے یہ حلال نہیں ہوا اور نہ میرے بعد کسی کے لئے حلال ہوگا۔ میرے لئے بھی تو صرف دن کی ایک گھڑی بھر ہی حلال ہوا تھا۔ اس کا گھاس پات نہ توڑا جائے اور نہ اس کا درخت کاٹا چھانٹا جائے اور نہ اس کے شکار کو بدکایا جائے۔ نہ اس کی گری پڑی چیز اُٹھائی جائے مگر وہ (اُٹھا سکتا ہے) جو شناخت کروائے۔ اور حضرت عباسؓ نے کہا: یا رسول اللہ! سوائے اذخر گھاس کے جو ہمارے سناروں اور قبروں کے لئے ہوتی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: سوائے اذخر کے۔ اور خالد سے مروی ہے۔ انہوں نے عکرمہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: کیا آپ جانتے ہیں کہ اس کا شکار نہ بِدکانے سے کیا مراد ہے؟ یہ کہ اسے سایہ سے ہٹا کر خود اس جگہ ڈیرہ لگائے۔
صحیح بخاری 1834
عثمان بن ابی شیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے مجاہد سے، مجاہد نے طائوس سے، طائوس نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے جس دن مکہ فتح کیا، فرمایا: (اَب) کوئی ہجرت نہیں۔ لیکن جہاد اور نیت قائم رہے گی اور جب تمہیں جہاد کے لئے نکلنے کو کہا جائے تو نکلو۔ یہ وہ شہر ہے جسے اللہ تعالیٰ نے حرمت سے نوازا ہے، اس دن سے کہ اس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا اور وہ اللہ کی اس حرمت سے قیامت کے دن تک حرمت والا رہے گا۔ مجھ سے پہلے کسی کے لئے اس میں لڑائی جائز نہیں ہوئی اور مجھے بھی صرف ایک دن کی ایک گھڑی (لڑائی کی) اجازت دی گئی ہے۔ سو وہ اللہ کی حرمت کی وجہ سے قیامت تک (اپنی حرمت) پر قائم رہے گا۔ اس کا کانٹا نہ توڑا جائے گا۔ اس کا شکار نہ چونکا یا جائے گا اور اس کی گری پڑی چیز نہ اُٹھائی جائے؛ اس شخص کے سوا جو اس چیز کو پہچانے اور اس کی گھاس نہ کاٹی جائے۔ حضرت عباسؓ نے کہا: یا رسول اللہ! مگر اذخر گھاس کیونکہ وہ ان کے لوہاروں اور ان کے گھروں کے استعمال کی چیز ہے۔ (راوی نے) کہا: آپؐ نے فرمایا: اذخر کے سوا۔
صحیح بخاری 1835
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا، کہا: عمرو (بن دینار) نے پہلی بار (یہ) کہا: میں نے عطاء (بن ابی رباح) سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے پچھنا لگوایا جبکہ آپؐ بحالت احرام تھے۔ پھر میں نے ان کو کہتے سنا کہ طاؤس نے مجھے بتایا کہ حضرت ابن عباسؓ سے یہ بات مروی ہے۔ میں نے کہا: شاید انہوں نے ان دونوں سے سنا ہو۔
صحیح بخاری 1836
خالد بن مخلد نے ہم سے بیان کیا۔ سلیمان بن بلال نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے علقمہ بن ابی علقمہ سے، انہوں نے عبدالرحمن اعرج سے، عبدالرحمن نے حضرت ابن بُحَینہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے سر کے درمیان پچھنا لگوایا جبکہ آپؐ مقامِ لحي جمل میں بحالت احرام تھے۔
صحیح بخاری 1837
ابو مغیرہ عبدالقدوس بن حجاج نے ہم سے بیان کیا کہ اوزاعی نے ہمیں بتایا۔ عطاء بن ابی رباح نے ہم سے بیان کیا۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ نبی ﷺ نے حضرت میمونہؓ سے نکاح کیا جبکہ آپؐ بحالت احرام تھے۔
صحیح بخاری 1838
عبداللہ بن یزید نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ نافع نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: ایک شخص کھڑا ہوا اور اس نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ ہمیں احرام میں کونسا کپڑا پہننے کا حکم دیتے ہیں؟ تو نبی ﷺ نے فرمایا: نہ قمیص پہنو، نہ پاجامے۔ نہ دستار باندھو اور نہ بارانی پہنو۔ ہاں اگر کسی کے پاس جوتی نہ ہو تو وہ موزے پہن لے۔ چاہیے کہ وہ ٹخنوں سے نیچے موزوں کو کاٹ لے اور کوئی ایسی چیز نہ پہنو؛ جس میں زعفران اور ورس ہو اور محرمہ نقاب نہ پہنے اور نہ دستانے۔ لیث کی طرح موسیٰ بن عقبہ اور اسماعیل بن ابراہیم بن عقبہ اور جویریہ اور ابن اسحاق نے بھی نقاب اور دستانوں سے متعلق یہی بیان کیا ہے اور عبیداللہ بن عمر نے بھی (اپنی روایت میں) یہ کہا: اور نہ ورس۔ اور وہ یہ بھی کہتے تھے کہ محرمہ نقاب نہ ڈالے اور نہ دستانے پہنے۔ مالک نے نافع سے نقل کیا کہ حضرت ابن عمرؓ سے مروی ہے: محرمہ نقاب نہ ڈالے اور مالک کی طرح لیث بن ابی سلیم نے بھی یہی نقل کیا ہے۔
صحیح بخاری 1839
قتیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے حکم سے، حکم نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک محرم شخص کو اس کی اونٹنی نے گرا کر اُس کی گردن توڑ دی اور مار ڈالا۔ رسول اللہ ﷺ کے پاس اسے لایا گیا تو آپؐ نے فرمایا: اسے نہلائو اور اسے کفنائو اور اس کا سر نہ ڈھانپو، نہ اسے خوشبو لگائو؛ کیونکہ وہ لبیک کہتے ہوئے اُٹھایا جائے گا۔
صحیح بخاری 1840
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زید بن اسلم سے، زید نے ابراہیم بن عبداللہ بن حنین سے، انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی کہ حضرت عبداللہ بن عباسؓ اور حضرت مسور بن مخرمہؓ نے ابواء میں (مسئلہ غسل میں) اختلاف کیا۔ حضرت عبد اللہ بن عباسؓ نے کہا: محرم اپنا سر دھو سکتا ہے اور حضرت مسورؓ نے کہا: محرم اپنا سر نہیں دھو سکتا۔ حضرت عبداللہ بن عباسؓ نے مجھے حضرت ابوایوب انصاریؓ کے پاس بھیجا۔ میں نے انہیں دو لکڑیوں کے درمیان نہاتے ہوئے پایا۔ ان پر کپڑے سے پردہ کیا گیا تھا۔ میں نے اُن کو السلام علیکم کہا تو انہوں نے فرمایا: کون ہے؟ میں نے کہا: میں عبداللہ ابن حنین ہوں۔ حضرت عبداللہ بن عباسؓ نے مجھے آپؓ کے پاس بھیجا ہے کہ میں آپؓ سے پوچھوں کہ رسول اللہ ﷺ اپنا سر کس طرح دھوتے تھے جبکہ آپؐ احرام کی حالت میں ہوتے تھے؟ تو حضرت ابوایوبؓ نے اپنا ہاتھ کپڑے پر رکھا۔ اسے نیچے جھکایا؛ یہاں تک کہ ان کا سر مجھے نظر آیا۔ پھر انہوں نے ایک آدمی سے کہا: جو اُن پر پانی ڈال رہا تھا؛ پانی ڈالو تو اس نے ان کے سر پر پانی ڈالا۔ پھر انہوں نے اپنے دونوں ہاتھوں سے اپنے سر کو ملا۔ ہاتھوں کو آگے لائے اور پیچھے لے گئے اور کہا: اس طرح میں نے آنحضرت ﷺ کو کرتے دیکھا۔