کتاب 28: كتاب جزاء الصيد
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 1841
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا، کہا: عمرو بن دینار نے مجھے خبر دی۔ میں نے جابر بن زید سے سنا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے عرفات میں سنا۔ آپؐ لوگوں سے مخاطب ہوئے۔ (فرمایا:) جس کے پاس جوتا نہ ہو، چاہیے کہ وہ موزے پہن لے اور جس کے پاس تہ بند نہ ہو، وہ پاجامہ پہن لے۔ یہ بات آپؐ نے محرم کی نسبت فرمائی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1842
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ ابن شہاب نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے سالم سے، سالم نے حضرت عبد اللہ (بن عمر) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ سے پوچھا گیا کہ محرم کونسے کپڑے پہنے؟ تو آپؐ نے فرمایا: نہ قمیص پہنے اور نہ دستار باندھے۔ نہ پاجامہ پہنے، نہ بارانی اور نہ ایسا کپڑا جس میں زعفران ہو اور نہ وہ جس میں ورس ہو اور اگر جوتے نہ ہوں تو چاہیے کہ موزے پہن لے اور ان کو اتنا کاٹ لے کہ دونوں ٹخنوں سے نیچے ہو جائیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1843
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ عمرو بن دینار نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے جابر بن زید سے، جابر نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ عرفات میں ہم سے مخاطب ہوئے اور آپؐ نے فرمایا: جس کے پاس تہہ بند نہ ہو؛ چاہیے کہ وہ پاجامہ پہن لے۔ جس کے پاس جوتا نہ ہو؛ چاہیے کہ وہ موزے پہن لے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1844
عبیداللہ (بن موسیٰ) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے ابو اسحق سے، ابو اسحق نے حضرت براء رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے جب ذیقعدہ میں عمرہ کیا تو اہل مکہ نے آپؐ کو داخل ہونے کی اجازت دینے سے انکار کردیا؛ جب تک کہ آپؐ یہ شرط نہ کر لیں کہ وہ مکہ مکرمہ میں برہنہ ہتھیار لے کر داخل نہیں ہوں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1845
مسلم نے ہم سے بیان کیا۔ وہیب نے ہمیں بتایا۔ (عبداللہ) بن طائوس نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے مدینہ والوں کے لئے ذوالحلیفہ کو میقات مقرر کیا اور نجد والوں کے لئے قرن المنازل کو اور یمن والوں کے لئے یلملم کو۔ یہ میقات ان کے لئے ہیں اور ہر اُس آنے والے کے لئے جس کا گذر وہاں سے ہو۔ یعنی وہ حج و عمرہ کا ارادہ کریں اور جو اِن مقامات کے ورے ہوں، اُن کے لئے جہاں سے وہ چلیں۔ حتیٰ کہ مکہ والے مکہ سے (احرام باندھیں)۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1846
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ابن شہاب سے، انہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ (مکہ میں) فتح کے سال داخل ہوئے اور آپؐ کے سر پر خَود تھا۔ جب آپؐ نے اسے اتارا تو ایک شخص آیا اور کہنے لگا کہ ابن خطل کعبہ کے پردوں سے لٹکا ہوا ہے تو آپؐ نے فرمایا: اسے قتل کر دو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1847
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام نے ہمیں بتایا۔ عطاء نے ہم سے بیان کیا، کہا: صفوان بن یعلی نے مجھے بتایا۔ ان کے باپ سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ تھا کہ ایک شخص آپؐ کے پاس آیا جو جبہ پہنے تھا اور اس پر زرد یا اسی طرح کا نشان تھا۔ حضرت عمرؓ مجھ سے کہا کرتے تھے: کیا تم آنحضرت ﷺ کو ایسی حالت میں دیکھنا چاہتے ہو۔ جب آپؐ پر وحی نازل ہو رہی ہو۔ آپؐ پر وحی نازل ہوئی۔ پھر آپؐ سے وحی کی حالت جاتی رہی اور آپؐ نے فرمایا: اپنے عمرہ میں وہ کر جو تو اپنے حج میں کرتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1848
اور ایک شخص نے ایک شخص کا ہاتھ دانت سے کاٹا۔ اس نے جھٹکا دے کر اس کا سامنے کا دانت نکال دیا۔ نبی ﷺ نے اسے باطل قرار دیا۔ (یعنی اس کا کوئی قصاص نہیں دلایا۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1849
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن دینار سے، عمرو نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: اسی اثناء میں کہ ایک شخص نبی ﷺ کے ساتھ عرفات میں بحالت وقوف تھا کہ وہ اپنی اونٹنی سے گرا۔ اس نے اس کی گردن توڑ دی یا کہا کہ (وہیں) اسے مار ڈالا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اسے پانی اور بیری کے پتوں سے غسل دو اور دو کپڑوں میں کفنائو۔ یا فرمایا: اس کے دو کپڑوں میں (کفن دو) اور اسے خوشبو نہ لگائو اور نہ اس کا سر ڈھانپو۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ اسے قیامت کے دن لبیک کہتے ہوئے اُٹھائے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1850
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے سعید بن جبیر سے، انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: اسی اثناء میں کہ نبی ﷺ کے ساتھ ایک شخص عرفات میں بحالت وقوف تھا کہ اپنی اونٹنی سے گر پڑا تو اس نے اس کی گردن توڑ دی۔ وَقَصَتْہُ کہا یا اَوْقَصَتْہُ کہا۔ تو نبی ﷺ نے فرمایا کہ پانی اور بیری کے پتوں سے اسے نہلائو اور دو کپڑوں سے اسے کفنائو۔ اسے خوشبو نہ لگائو اور اس کا سر نہ ڈھانپو۔ اسے خوشبو نہ لگائو کیونکہ اللہ تعالیٰ اسے قیامت کے دن لبیک کہتے ہوئے اٹھائے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1851
یعقوب بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ ہشیم نے ہمیں بتایا۔ ابوبشر نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ ایک شخص نبی ﷺ کے ساتھ تھا۔ اس کی اونٹنی نے (نیچے گرا کر) اس کی گردن توڑ دی جبکہ وہ بحالت احرام تھا۔ وہ فوت ہوگیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ پانی اور بیری کے پتوں سے اسے نہلائو اور اس کے دو کپڑوں میں اسے کفنائو۔ اسے خوشبو نہ لگائو اور اس کا سر نہ ڈھانپو۔ کیونکہ وہ قیامت کے دن ایسی حالت میں اُٹھایا جائے گا کہ وہ لبیک کہہ رہا ہوگا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1852
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوبشر سے، ابوبشر نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ جہینہ قبیلہ کی ایک عورت نبی ﷺ کے پاس آئی اور کہنے لگی: میری ماں نے نذر مانی تھی کہ وہ حج کرے گی۔ مگر اس نے حج نہیں کیا اور مر گئی تو کیا میں اس کی طرف سے حج کروں؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں اس کی طرف سے حج کرو۔ بھلا بتائو تو سہی! اگر تمہاری ماں پر کوئی قرضہ ہو تو کیا تم اسے ادا کرو گی؟ اللہ کا قرضہ بھی ادا کرو۔ کیونکہ اللہ زیادہ حقدار ہے کہ اس کے ساتھ وفا کی جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1853
ابو عاصم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابن جریج سے، ابن جریج نے ابن شہاب سے، انہوں نے سلیمان بن یسار سے، سلیمان نے حضرت ابن عباس سے، انہوں نے حضرت فضل بن عباس رضی اللہ عنہم سے روایت کی کہ ایک عورت…۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1854
(نیز) موسیٰ بن اسماعیل نے بھی ہم سے بیان کیا کہ عبد العزیز بن ابی سلمہ نے ہمیں بتایا۔ ابن شہاب نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے سلیمان بن یسار سے، سلیمان نے (حضرت فضل) ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حجۃ الوداع کے سال قبیلہ خثعم کی ایک عورت آئی۔ کہنے لگی: یا رسول اللہ! حج سے متعلق اللہ تعالیٰ کا فرض جو اپنے بندوں پر ہے، وہ ایسی حالت میں نازل ہوا ہے کہ باپ میرا بہت ہی بوڑھا ہو چکا تھا۔ سواری پر جم کر بیٹھ نہیں سکتا تھا تو کیا اس کی طرف سے ادا ہو جائے گا، اگر میں اس کی جگہ حج کروں؟ فرمایا: ہاں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1855
عبداللہ بن مسلم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ابن شہاب سے، انہوں نے سلیمان بن یسار سے، سلیمان نے حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی، کہا: فضلؓ نبی ﷺ کے پیچھے سوار تھے تو خثعم قبیلہ کی ایک عورت آئی اور فضلؓ اس کی طرف دیکھنے لگے۔ وہ بھی ان کی طرف دیکھ رہی تھی تو نبی ﷺ فضلؓ کا منہ دوسری جانب پھیرنے لگے تو اس (عورت) نے کہا: اللہ کے فریضہ (حج) نے میرے باپ کو ایسی حالت میں پایا ہے کہ وہ بہت بوڑھے تھے۔ اونٹنی پر جم کر نہیں بیٹھ سکتے تھے۔ کیا میں ان کی طرف سے حج کروں۔ فرمایا: ہاں اور یہ واقعہ حجۃ الوداع میں ہوا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1856
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ عبیداللہ بن ابی یزید سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ نبی ﷺ نے مجھے مزدلفہ سے رات کو بھیجا۔ یا کہا مجھے سامان (سفر) کے ساتھ پہلے بھیج دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1857
اسحق (بن منصور) نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب بن ابراہیم نے ہمیں خبر دی۔ ابن شہاب کے بھتیجے نے اپنے چچا (ابن شہاب) سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ (کہا:) عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ بن مسعود نے مجھے خبر دی کہ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا: میں اپنی ایک گدھی پر سوار ہو کر چلا آیا اور جوانی کے قریب تھا جبکہ رسول اللہ ﷺ منیٰ میں کھڑے نماز پڑھا رہے تھے۔ یہاں تک کہ پہلی صف کے آگے سے گزرا۔ اس گدھی سے اُتر کر میں آگیا اور وہ چرتی رہی۔ میں رسول اللہ ﷺ کے پیچھے لوگوں کے ساتھ صف میں شریک ہوگیا۔ اور یونس نے ابن شہاب سے روایت کرتے ہوئے یہ لفظ کہے: منیٰ مقام پر حجۃ الوداع میں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1858
عبدالرحمن بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ حاتم بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن یوسف سے، محمد بن یوسف نے سائب بن یزیدؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کے ساتھ مجھے حج کرایا گیا اور میں سات سال کا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1859
عمرو بن زرارہ نے ہم سے بیان کیا کہ قاسم بن مالک نے ہمیں خبر دی۔ جعید بن عبدالرحمن سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: عمر بن عبدالعزیز سے میں نے سنا۔ وہ حضرت سائب بن یزیدؓ سے کہہ رہے تھے اور حضرت سائبؓ کو نبی ﷺ کی بار برداری کے قافلہ میں حج کرایا گیا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1860
اور احمد بن محمد نے مجھ سے کہا کہ ابراہیم (بن سعد) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ان کے دادا سے روایت کی کہ حضرت عمرؓ نے نبی ﷺ کی ازواج کو اس آخری حج میں جو انہوں نے کیا، اجازت دی (کہ وہ بھی حج کریں) اور حضرت عمرؓ نے ان کے ساتھ حضرت عثمان بن عفانؓ اور حضرت عبدالرحمن بن عوفؓ کو بھیجا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah