کتاب 34: كتاب البيوع
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 2067
محمد بن ابو یعقوب کرمانی نے ہم سے بیان کیا کہ حسان (بن ابراہیم) نے ہمیں بتایا (وہ کہتے ہیں) یونس نے ہمیں بتایا۔ محمد (بن مسلم) جو زہری ہیں، نے کہا: حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے سنا: جس کی یہ پسند ہو کہ اُس کے رزق میں کشائش ہو (اور نیکیوں کا زیادہ سے زیادہ اُسے موقع ملے) اور اُس کی عمر دراز ہو تو چاہیے کہ وہ صلہ رحمی کرے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2068
معلی بن اسد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد (بن زیاد) نے ہمیں بتایا کہ اعمش نے ہم سے بیان کیا، کہا کہ ہم نے ابراہیم (نخعی) سے اِس اَمر کا اِستفسار کیا کہ (کیا) اُدھار کے سودے میں رہن (رکھنے کے بارے میں کوئی روایت ہے؟) تو انہوں نے بتایا کہ اسود نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا: نبی ﷺ نے ایک یہودی سے مقررہ میعاد کے لئے غلہ خریدا اور لوہے کی ایک زِرہ اُس کے پاس گرو رکھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2069
مسلم (بن ابراہیم) نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ قتادہ نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت انسؓ سے مروی ہے۔ اس کی دوسری سند یوں ہے: اور محمد بن عبداللہ بن حوشب نے مجھ سے بیان کیا کہ اسباط ابوالیسع بصری نے ہمیں بتایا کہ ہشام دستوائی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے قتادہ سے، انہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ وہ نبی ﷺ کے پاس جَو کی روٹی اور کچھ چربی جو بودار تھی لائے۔ اور نبی ﷺ مدینہ میں اپنی زرہ ایک یہودی کے پاس رہن رکھ کر اس سے اپنے گھر والوں کے لیے جَو لائے تھے۔ اور میں نے انہیں (حضرت انسؓ کو) یہ کہتے سنا کہ حضرت محمد ﷺ کی آل کے پاس ایک صاع گندم یا ایک صاع کسی غلے کا شام تک نہیں رہا جبکہ آپؐ کے پاس نو بیویاں تھیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2070
اسماعیل بن عبداللہ نے مجھ سے بیان کیا، (کہا:) علی بن وہب نے مجھے بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے خبر دی کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا: جب حضرت ابوبکر صدیقؓ خلیفہ ہوئے تو انہوں نے فرمایا: میری قوم کو علم ہی ہے کہ میرا پیشہ ایسا نہ تھا کہ جس سے میں اپنے گھر والوں کی خوراک مہیا نہ کر سکتا۔ مگر اب میں مسلمانوں کے کام میں مشغول ہوگیا ہوں۔ سو ابوبکر کے اہل و عیال اب بیت المال سے کھائیں گے اور وہ (ابوبکر) مسلمانوں کے لئے اِس مال میں کاروبار کرے گا (اور تجارت سے ان کا مال بڑھاتا رہے گا۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2071
محمد نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن یزید نے ہمیں بتایا۔ سعید (بن ابی ایوب) نے ہم سے بیان کیا، کہا کہ ابواسود نے مجھے بتایا کہ عروہ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں کہ رسول اللہ ﷺ کے صحابہؓ اپنے کام خود کرتے اور اُن سے پسینے کی بو آتی تو اُن سے کہا گیا: اگر تم نہا لیا کرو تو اچھا ہے۔ ہمام نے بھی یہ روایت کی۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2072
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عیسیٰ بن یونس نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ثور سے، ثور نے خالد بن معدان سے، خالد نے حضرت مقدام (بن معدی کرب) رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا کہ انسان کا اپنے ہاتھ کی کمائی سے کھانا کھانے سے بڑھ کر کوئی کھانا نہیں اور اللہ تعالیٰ کے نبی حضرت دائود علیہ السلام اپنے ہاتھ کی کمائی ہی کھایا کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2073
یحيٰ بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ ہمام بن منبّہ سے روایت ہے۔ (انہوں نے کہا:) حضرت ابوہریرہؓ نے رسول اللہ ﷺ سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ نبی دائود علیہ السلام نہیں کھاتے تھے مگر اپنے ہاتھ کی کمائی سے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2074
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، انہوں نے ابو عبید سے، جو حضرت عبدالرحمنؓ بن عوف کے آزاد کردہ غلام تھے، روایت کی کہ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم میں سے کوئی لکڑیاں کاٹ کر اپنی پیٹھ پر گٹھا لائے تو یہ اس سے بہتر ہے کہ وہ کسی سے مانگے؛ خواہ وہ اُسے دے یا نہ دے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2075
یحیٰ بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا۔ ہشام بن عروہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت زبیر بن عوام رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: تم میں سے کسی ایک کا اپنی رسیاں لینا (اور لکڑیاں باندھ کر لانا سوال کرنے سے بہتر ہے۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2076
علی بن عیاش نے ہم سے بیان کیا کہ ابو غسان محمد بن مطرف نے ہمیں بتایا، کہا کہ محمد بن منکدر نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے ہوئے مجھ سے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ اُس خوش خلق شخص پر رحم کرے (جو اپنی خوش خلقی کا نمونہ اس وقت دِکھاتا ہے) جب وہ بیچے اور جب وہ خریدے اور جب وہ تقاضا کرے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2077
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ زُہیر نے ہمیں بتایا کہ منصور نے ہم سے بیان کیا۔ ربعی بن حراش نے ان کو بتایا کہ حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ نے ان سے بیان کیا، کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: ان لوگوں میں جو تم سے پہلے تھے، ملائکہ نے جب ایک شخص کی روح کا اِستقبال کیا تو انہوں نے کہا: کیا تو نے کوئی نیک کام کیا ہے؟ تو اُس نے کہا: میں اپنے نوجوانوں کو یہ حکم دیا کرتا تھا کہ وہ آسودہ حال کو مہلت دیا کریں اور اس سے درگذر کریں۔ (حضرت حذیفہؓ کہتے تھے کہ نبی ﷺ نے) فرمایا: فرشتوں نے بھی اس سے درگذر کی۔ ابو عبد اللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: اور ابو مالک نے ربعی سے یوں نقل کیا ہے: میں آسودہ حال سے نرمی کرتا اور تنگ دست کو مہلت دیتا تھا۔ شعبہ نے بھی ربعی سے بروایت عبدالملک ابومالک کی طرح بیان کیا۔ اور ابوعوانہ نے بروایت عبد الملک ربعی سے یوں نقل کیا کہ میں آسودہ حال کو مہلت دیتا اور تنگ دست سے درگذر کرتا تھا۔ اور نُعیم بن ابی ہند نے ربعی سے یوں نقل کیا کہ میں آسودہ حال سے (عذر) قبول کرلیتا تھا اور تنگ دست سے درگذر کرتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2078
ہشام بن عمار نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن حمزہ نے ہم سے بیان کیا۔ (محمد بن ولید) زبیدی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عبیداللہ بن عبداللہ سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کو نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے سنا کہ آپؐ نے فرمایا: ایک تاجر تھا جو لوگوں کو قرض پر مال دیا کرتا تھا۔ جب وہ تنگدست کو دیکھتا تو اپنے نوجوانوں کو کہتا: اس سے درگذر کرو، شاید اللہ تعالیٰ بھی ہم سے درگذر فرمائے۔ سو اللہ تعالیٰ نے اس سے درگذر فرمایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2079
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے صالح ابوالخلیل سے، صالح نے عبداللہ بن حارث سے روایت کی۔ انہوں نے یہ روایت حضرت حکیم بن حزام ص تک پہنچائی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے: بیچنے والا اور خریدنے والا دونوں (بیع فسخ کردینے کا) اِختیار رکھتے ہیں، جب تک کہ وہ جدا نہ ہو جائیں۔ یا فرمایا: اس وقت تک کہ وہ جدا ہو جائیں۔ اگر اُن دونوں نے سچائی سے کام لیا اور صاف صاف بات کی تو دونوں کی خرید و فروخت میں برکت دی جائے گی۔ اور اگر اُن دونوں نے چھپایا ہو اور جھوٹ بولا ہو تو اُن کی خرید و فروخت کی برکت مٹا دی جائے گی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2080
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ شیبان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن ابی کثیر) سے، یحيٰ نے ابو سلمہ سے، انہوں نے حضرت ابو سعید رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہمیں اکٹھی کھجوروں کا راشن دیا جاتا تھا اور وہ مختلف قسم کی ملی جلی کھجوریں ہوتی تھیں اور ہم ایک صاع (اچھی کھجوروں) کے بدلے دو صاع وہ کھجوریں بیچتے۔ تو نبی ﷺ نے فرمایا: ایک صاع کے بدلے دو صاع اور ایک درہم کے بدلے دو درہم نہ لیا کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2081
عمر بن حفص (بن غیاث) نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا، کہا: شقیق نے مجھے بتایا۔ حضرت ابومسعودؓ سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: ایک انصاری شخص آیا، جس کی کنیت ابوشعیبؓ تھی۔ اُس نے اپنے ایک لڑکے کو جو قصاب تھا کہا کہ میرے لئے کھانا تیار کر دو، جو پانچ آدمیوں کے لئے کافی ہو۔ کیونکہ میں چاہتا ہوں کہ نبی ﷺ کو دعوت دوں۔ آپؐ پانچویں ہوں گے۔ میں نے آپؐ کے چہرہ میں بھوک محسوس کی ہے۔ چنانچہ اُس نے ان (احباب) کو بلایا تو اُن کے ساتھ ایک اور شخص بھی آگیا۔ نبی ﷺ نے فرمایا کہ یہ ہمارے ساتھ آگیا ہے۔ اگر تم اِسے چاہو تو اِجازت دے دو اور اگر چاہو کہ لَوٹ جائے تو لَوٹ جائے گا۔ اُس نے کہا: نہیں بلکہ میں نے اِس کو اِجازت دے دی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2082
بدل بن محبّر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ قتادہ سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے ابو خلیل کو عبداللہ بن حارث سے حدیث بیان کرتے ہوئے سنا۔ انہوں نے حضرت حکیم بن حزام رضی اللہ عنہ سے، حضرت حکیمؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: بائع اور مشتری کو (بیع فسخ کرنے کا) اِختیار ہے، جب تک وہ دونوں ایک دوسرے سے جدا نہ ہو جائیں۔ یا (یہ) فرمایا: اُس وقت تک کہ جدا ہو جائیں۔ اگر اُن دونوں نے سچائی سے کام لیا اور صفائی سے بات کی تو اُن دونوں کو خرید و فروخت کے سودے میں برکت دی جائے گی اور اگر اُن دونوں نے اخفاء سے کام لیا اور جھوٹ بولا تو اُن دونوں کے سودے کی برکت مٹا دی جائے گی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2083
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا، کہا کہ ابن ابی ذئب نے ہمیں بتایا کہ سعید مقبری نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: لوگوں پر ایک ایسا زمانہ ضرور آئے گا کہ آدمی مال لینے میں اِس کی پرواہ نہیں کرے گا کہ آیا حلال سے ہے، یا حرام سے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2084
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابوالضحیٰ سے، ابوالضحیٰ نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب سورئہ بقرہ کی آخری آیتیں نازل ہوئیں تو نبی ﷺ نے مسجد میں پڑھ کر انہیں سنائیں اور آپؐ نے شراب کی تجارت بھی حرام قرار دی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2085
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ جریر بن حازم نے ہمیں بتایا۔ ابو رجاء (بصری) نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: آج رات میں نے دو اَشخاص کو خواب میں دیکھا کہ وہ میرے پاس آئے ہیں اور مجھے ایک مقدس زمین کی طرف لے گئے ہیں۔ ہم چلتے گئے یہاں تک کہ ایک خون کی ندی پر پہنچے۔ جس میں ایک شخص کھڑا تھا اور ندی کے عین وسط میں ایک اور شخص تھا جس کے سامنے پتھر رکھے ہوئے تھے۔ تب وہ پہلا شخص جو ندی میں کھڑا تھا، جب آگے بڑھا اور نکلنے کا قصد کیا تو اُس دوسرے شخص نے اُس کے منہ پر پتھر مارا اور اُسے وہیں لَوٹا دیا، جہاں وہ کھڑا تھا۔ اِسی طرح جب بھی وہ باہر نکلنے کے لئے بڑھتا تو اُس کے منہ پر پتھر مارتا، جس سے وہ ویسا ہی لَوٹ جاتا۔ میں نے کہا: یہ کیا ماجرا ہے؟ تو اُس نے کہا: جس شخص کو آپؐ نے ندی میں دیکھا ہے۔ وہ سود خوار ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2086
ابوالولید (ہشام بن عبدالملک) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ عون بن ابی جحیفہ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے اپنے باپ کو دیکھا کہ انہوں نے ایک غلام خریدا، جو حجام تھا (اور اُس کی حجامت کے آلات توڑ ڈالے) میں نے ان سے وجہ پوچھی تو انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے کتے کی قیمت اور خون کی قیمت لینے سے منع کیا ہے اور گودنے والی گدوانے والی سے بھی منع کیا اور سود خور اور سود کھلانے والے سے متعلق منع فرمایا ہے اور مصور پر لعنت کی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah