کتاب 49: كتاب العتق
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2517
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ عاصم بن محمد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: واقد بن محمد نے مجھے بتایا۔ واقد نے کہا: سعید بن مرجانہ نے جو (امام زین العابدین) حضرت علی بن حسین کے مصاحب تھے، مجھ سے بیان کیا۔ وہ کہتے تھے: حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے مجھ سے کہا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: جس شخص نے بھی کسی مسلمان شخص کو آزاد کیا تو اللہ تعالیٰ اس کے ہر ایک عضو کے بدلے میں آزاد کرنے والے کے ہر عضو کو آگ سے بچائے گا۔ سعید بن مرجانہ کہتے تھے: یہ سن کر میں حضرت علی بن حسین کے پاس گیا (اور انہیں یہ حدیث سنائی) تو حضرت علی بن حسین رضی اللہ عنہما نے اپنا ایک غلام آزاد کردیا جس کے عبداللہ بن جعفر انہیں دس ہزار درہم یا ایک ہزار دینار دیتے تھے۔
صحیح بخاری 2518
عبیداللہ بن موسیٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، انہوں نے ابی مراوح سے، انہوں نے حضرت ابوذر (غفاری) ص سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے پوچھا: کونسا عمل افضل ہے؟ آپؐ نے فرمایا: اللہ پر ایمان لانا اور اس کی راہ میں جہاد کرنا۔ میں نے کہا: گردنوں میں سے کون سی گردن آزاد کرنا بہتر ہے؟ آپؐ نے فرمایا: وہ جو قیمت میں سب سے زیادہ ہو اور جو اپنے مالکوں کو زیادہ پسندیدہ ہو۔ میں نے کہا: اگر میں یہ نہ کرسکوں؟ تو آپؐ نے فرمایا: تو پھر کسی بے کار کی مدد کرکے اسے باکار بنائے یا بے ہنر کو جو کما نہ سکے، کما کر مدد دے۔ انہوں نے کہا: اگر میں یہ بھی نہ کرسکوں تو آپؐ نے فرمایا: تو پھر لوگوں کو شر پہنچانے سے علیحدہ رہ کیونکہ یہ صدقہ ہوگا جو تو اپنے نفس کے لئے کرے گا۔
صحیح بخاری 2519
موسیٰ بن مسعود نے ہم سے بیان کیا کہ زائدہ بن قدامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے فاطمہ بنت منذر سے، فاطمہ نے حضرت اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ کہتی تھیں: نبی ﷺ نے سورج گرہن کے وقت غلام آزاد کرنے کا حکم دیا۔ موسیٰ کی طرح علی (بن مدینی) نے ( عبدالعزیز بن محمد) دَرَاوَرْدِی سے، دَرَاوَرْدِی نے ہشام سے یہ حدیث نقل کی۔
صحیح بخاری 2520
محمد بن ابی بکر (مقدمی) نے ہمیں بتایا کہ عثام نے ہم سے بیان کیا۔ ہشام نے ہمیں بتایا کہ انہوں نے فاطمہ بنت منذر سے، فاطمہ نے حضرت اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہا سے یہی روایت کی۔ کہتی تھیں: سورج گرہن کے وقت غلام آزاد کرنے کا ہمیں حکم دیا جاتا تھا۔
صحیح بخاری 2521
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے سالم سے، سالم نے اپنے باپ (حضرت ابن عمر) رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: جس نے ایسے شخص کو آزاد کیا جو دو شخصوں کا مشترکہ غلام ہو۔ اگر وہ آزاد کرنے والا مالدار ہو تو غلام کی قیمت کا اندازہ کرکے آزاد کرنے والے سے وہ رقم لے کر دوسرے حصہ داروں کو ادا کی جائے پھر وہ غلام آزاد کردیا جائے۔
صحیح بخاری 2522
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص اپنا وہ حصہ آزاد کرے جو کسی غلام میں رکھتا ہو اور پھر اس کے پاس اتنا مال ہو کہ جو اس غلام کی قیمت پوری کرے تو اس غلام کی منصفانہ قیمت لگائی جائے اور وہ اپنے شریکوں کو ان کا حصہ دے دے اور غلام اس کی طرف سے آزاد ہو جائے گا ورنہ پھر اس کا جتنا حصہ آزاد ہوا، اتنا ہو گیا۔
صحیح بخاری 2523
عبید بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو اُسامہ سے، ابو اُسامہ نے عبیداللہ سے، عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص اپنا وہ حصہ جو کسی غلام میں ہے آزاد کرے تو اس کے ذمّے ہے کہ وہ اسے سارے کا سارا آزاد کرائے بشرطیکہ اس کے پاس اتنا مال ہو جو غلام کی قیمت کے برابر ہو۔ اگر اس کے پاس مال نہ ہو تو آزاد کرنے والے پر ہے کہ غلام کی منصفانہ قیمت لگائی جائے اور جو اس نے آزاد کیا وہ حصہ اس کا آزاد کردیا جائے۔ مسدّد نے ہم سے بیان کیا کہ بشر نے بھی عبیداللہ سے یہی حدیث نقل کرتے ہوئے ہمیں بتائی۔ انہوں نے اس کو مختصر بیان کیا۔
صحیح بخاری 2524
ابونعمان نے ہم سے بیان کیا کہ حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: جس نے اپنا حصہ کسی غلام میں آزاد کردیا یا فرمایا اپنی شراکت کسی غلام میں آزاد کردی اور اس کے پاس اتنا مال ہو جو غلام کی منصفانہ قیمت کے برابر ہو، (اس سے اتنی رقم لے کر حصہ داروں کو دے دی جائے گی) اور غلام آزاد ہوگا۔ نافع نے کہا: ورنہ پھر جو غلام کا حصہ آزاد ہو چکا وہ تو آزاد ہو ہی چکا۔ ایوب کہتے تھے: میں نہیں جانتا کہ یہ بات نافع نے خود کہی یا اس حدیث میں ہے۔
صحیح بخاری 2525
احمد بن مقدام نے ہمیں بتایا۔ فضیل بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا کہ موسیٰ بن عقبہ نے ہمیں بتایا۔ نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے ہوئے مجھے خبر دی کہ وہ اس غلام یا لونڈی سے متعلق جو شریکوں کی مشترکہ ہو اور پھر حصہ داروں میں سے ایک اپنا حصہ آزاد کردے، یہ فتویٰ دیتے تھے کہ اب ایک حصہ آزاد کرنے والے کے ذمہ ہے کہ اسے سارا آزاد کرادے بشرطیکہ جس نے آزاد کیا ہے اس کے پاس اتنا مال ہو جو اس کی منصفانہ قیمت کے برابر ہو اور اس کے شریکوں کو ان کے حصے ادا کردئیے جائیں اور آزاد کردہ غلام چھوڑ دیا جائے۔ حضرت ابن عمرؓ اس فتوے کو نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے بیان کرتے تھے۔ اور لیث اور ابن ابی ذئب اور ابن اسحاق اور جویریہ اور یحيٰ بن سعید اور اسماعیل بن امیہ نے بھی یہی روایت اختصار سے نقل کی ہے۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ سے روایت نقل کی۔
صحیح بخاری 2526
احمد بن ابی رجاء نے مجھ سے بیان کیا کہ یحيٰ بن آدم نے ہمیں بتایا۔ جریر بن حازم نے ہم سے بیان کیا، کہتے تھے: میں نے قتادہ سے سنا۔ انہوں نے کہا: نضر بن انس بن مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے بشیر بن نہیک سے، بشیر نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا ہے: جس نے غلام کا ایک حصہ آزاد کر دیا ہو…
صحیح بخاری 2527
مسدد نے (بھی) ہمیں بتایا۔ یزید بن زُرَیع نے ہم سے بیان کیا کہ سعید (بن ابی عروبہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے نضر بن انس سے، نضر نے بشیر بن نہیک سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: جس نے کسی غلام میں حصہ یا فرمایا: تھوڑا سا ٹکڑا آزاد کر دیا ہو تو پھر اپنے مال سے اس کو آزاد کروانا اس کے ذمہ ہو جاتا ہے اگر اُس کے پاس مال ہو ورنہ اس کی قیمت اندازہ کرکے اُس سے محنت کرائی جائے (تا وہ پورا آزاد ہو جائے) مگر اس پر محنت لینے میں تشدد نہ کیا جائے۔ سعید کی طرح اس حدیث کو حجاج بن حجاج اور ابان اور موسٰی بن خلف نے بھی قتادہ سے نقل کیا۔ شعبہ نے اسے مختصر بیان کیا۔
صحیح بخاری 2528
حُمَیدی نے ہمیں بتایا۔ سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا کہ مِسعر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے زرارہ بن اوفٰی سے، زرارہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: اللہ نے میرے لئے میری امت کے ان وسوسوں کو جو اُن کے سینے میں پیدا ہوں نظر انداز کردیا ہے ، جب تک کہ کوئی ان پر عمل یا ان کا اظہار نہ کرے۔
صحیح بخاری 2529
محمد بن کثیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے روایت کی کہ یحيٰ بن سعید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن ابراہیم تیمی سے، ابن تیمی نے علقمہ بن وقاص لیثی سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے کہ آپؐ نے فرمایا: اعمال نیت کے مطابق ہوتے ہیں اور آدمی کو جو اس نے نیت کی ہے وہی ملتا ہے۔ سو جس کی ہجرت اللہ اور اس کے رسول کے لئے ہو، اس کی ہجرت اللہ اور اس کے رسول کے لئے ہوگی۔ اور جس کی ہجرت دنیا حاصل کرنے یا کسی عورت سے شادی کی غرض سے ہو تو اس کی ہجرت اسی امر کے لئے ہوگی جس کے لئے اس نے ہجرت کی۔
صحیح بخاری 2530
محمد بن عبداللہ بن نمیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن بشر سے، محمد بن بشر نے اسماعیل سے، اسماعیل نے قیس سے، قیس نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ جب وہ مسلمان ہونے کے ارادہ سے آئے اور ان کے ساتھ ان کا غلام بھی تھا تو ان میں سے ہر ایک راستہ بھول کر اپنے ساتھی سے الگ ہوگیا۔ پھر وہ غلام اس کے بعد آگیا اور حضرت ابوہریرہؓ اس وقت نبی ﷺ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: ابوہریرہؓ یہ لو تمہارا غلام تمہارے پاس آگیا ہے۔ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: سن لیجئے! میں آپؐ کو گواہ ٹھہراتا ہوں کہ وہ آزاد ہے۔ حضرت ابوہریرہؓ نے جب وہ (مدینہ) پہنچے تھے، یہ شعر کہے تھے: ہائے وہ رات جو کتنی طولانی اور کیسی ایذا رساں تھی ہاں یہ بات ہے کہ اس نے کفر کے گھر سے نجات دلادی۔
صحیح بخاری 2531
عبیداللہ بن سعید نے ہمیں بتایا۔ (کہا:) ابواُسامہ نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قیس سے، قیس نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب میں نبی ﷺ کے پاس آیا تو میں نے راستہ میں یہ شعر کہا تھا: ہائے وہ رات جو کتنی طولانی اور کیسی ایذارساں تھی ہاں یہ بات ہے کہ اس نے کفر کے گھر سے نجات دلادی کہتے تھے: اور میرا ایک غلام راستے میں مجھ سے بھاگ گیا۔ اسی طرح بیان کرتے تھے کہ جب میں نبی ﷺ کے پاس آیا تو میں نے آپؐ سے بیعت کی۔ ابھی میں آپؐ کے پاس ہی تھا کہ وہ غلام بھی آگیا۔ رسول اللہ ﷺ نے مجھے فرمایا: ابوہریرہؓ! یہ ہے تمہارا غلام۔ میں نے کہا: وہ اللہ کے لئے آزاد ہے۔ چنانچہ میں نے اسے آزاد کردیا۔ ابو عبد اللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: ابوکریب نے ابواُسامہ سے جو روایت کی اس میں لفظ ’’آزاد‘‘ نہیں۔
صحیح بخاری 2532
شہاب بن عباد نے مجھ سے بیان کیا کہ ابراہیم بن حمید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل سے، اسماعیل نے قیس سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ آئے اور ان کے ساتھ ان کا غلام بھی تھا اور وہ مسلمان ہونا چاہتے تھے تو ان میں سے ایک اپنے ساتھی سے راستہ بھول کر الگ ہو گیا۔ پھر یہی حدیث بیان کی۔ اس میں یوں ہے کہ سنئے! میں آپ کو گواہ ٹھہراتا ہوں کہ وہ اللہ کیلئے ہے۔
صحیح بخاری 2533
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ زہری سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں کہ عتبہ بن ابی وقاص نے اپنے بھائی سعد بن ابی وقاص کو وصیت کی کہ وہ زمعہ کی لونڈی کے لڑکے کو اپنے پاس لے لے۔ عتبہ نے کہا: وہ میرا بیٹا ہے۔ جب رسول اللہ ﷺ فتح مکہ کے وقت وہاں آئے تو سعد نے زمعہ کی لونڈی کے لڑکے کو لے لیا اور اس کو رسول اللہ ﷺ کے پاس لائے اور عبد بن زمعہ کو بھی اپنے ساتھ لائے۔ سعد نے کہا: یا رسول اللہ! یہ میرے بھائی کا بیٹا ہے۔ اس نے مجھے وصیت کی تھی کہ وہ اس کا بیٹا ہے۔ عبد بن زمعہ نے کہا: یا رسول اللہ! یہ میرا بھائی ہے جو (میرے باپ) زمعہ کی لونڈی کا بیٹا ہے۔ انہی کے بستر پر پیدا ہوا۔ رسول اللہ ﷺ نے زمعہ کی لونڈی کے بیٹے کی طرف غور سے دیکھا تو کیا دیکھتے ہیں کہ وہ تمام لوگوں سے اس (عتبہ) کے بہت مشابہ ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: عبد بن زمعہ یہ لڑکا تمہارے پاس رہے گا۔ (آپؐ نے یہ اس لئے فرمایا) کیونکہ یہ اپنے باپ کے بستر پر پیدا ہوا تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے حضرت سودہؓ بنت زمعہ سے فرمایا: تم اس سے پردہ کیا کرو کیونکہ آپؐ نے دیکھا کہ وہ شکل میں عتبہ سے ہم مشابہ ہے اور حضرت سودہؓ نبی ﷺ کی زوجہ تھیں۔
صحیح بخاری 2534
آدم بن ابی ایاس نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) ہم سے شعبہ نے بیان کیا کہ عمرو بن دینار نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ہم میں سے ایک شخص نے اپنے غلام کو اپنے مرنے کے بعد آزاد قرار دیا۔ نبی ﷺ نے اُس غلام کو بلوا بھیجا اور بیچ دیا۔ حضرت جابرؓ کہتے تھے: وہ غلام پہلے سال ہی مر گیا۔
صحیح بخاری 2535
ابوالولید نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عبداللہ بن دینار نے مجھے بتایا کہ میں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے غلام اور لونڈی کے ورثہ کو بیچنے اور اس کے ہبہ کرنے سے منع فرمایا ہے۔
صحیح بخاری 2536
عثمان بن ابی شیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابراہیم سے، ابراہیم نے اَسود سے، اَسود نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ کہتی تھیں: میں نے بریرہؓ کو خریدا تو اس کے مالکوں نے اس کی وراثت لینے کی شرط کی۔ میں نے نبی ﷺ سے اس کا ذکر کیا تو آپؐ نے فرمایا: تم اس کو لے کر آزاد کردو کیونکہ وراثت تو اسی کی ہوگی جس نے روپیہ خرچ کیا۔ تو میں نے اس کو آزاد کردیا۔ پھر نبی ﷺ نے بریرہؓ کو بلوایا اور آپؐ نے اس کو اس کے خاوند سے متعلق بھی اختیار دیا۔ وہ کہنے لگی کہ اگر وہ مجھے اتنا اتنا مال بھی دے تب بھی میں اس کے پاس نہیں رہوں گی پھر اس نے اپنی مرضی کے مطابق کیا۔