کتاب 49: كتاب العتق
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 2537
اسماعیل بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن ابراہیم بن عقبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے موسیٰ بن عقبہ سے، موسیٰ نے ابن شہاب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت انس رضی اللہ عنہ نے مجھ سے بیان کیا کہ چند انصار نے رسول اللہ ﷺ سے اجازت مانگی اور کہا: آپؐ ہمیں اجازت دیں کہ ہم اپنی بہن کے بیٹے عباسؓ کو اس کا فدیہ چھوڑ دیں۔ آپؐ نے فرمایا: اس کا ایک درہم بھی نہ چھوڑنا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2538
عبید بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا کہ ہشام سے مروی ہے۔ (انہوں نے کہا:) مجھے میرے باپ نے بتایا کہ حضرت حکیم بن حزام رضی اللہ عنہ نے جاہلیت میں ایک سو گردنیں آزاد کی تھیں اور ایک سو اُونٹ لوگوں کو سواری کے لئے دئیے۔ جب وہ مسلمان ہوئے تو انہوں نے پھر سو اُونٹ سواری کے لئے لوگوں کو دئیے اور ایک سو غلام آزاد کئے۔ کہتے تھے: میں نے رسول اللہ ﷺ سے پوچھا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ کو علم ہی ہے جو کام میں جاہلیت میں کیا کرتا تھا۔ میں انہیں عبادت سمجھ کر کیا کرتا تھا یعنی نیکی سمجھ کر کیا کرتا تھا۔ (کیا اُن پر بھی مجھے ثواب ملے گا؟) کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم کو ان بھلائیوں کی وجہ سے ہی اسلام قبول کرنے کی توفیق ملی ہے جو تم سے پہلے ہوئیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2539
ابن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ عروہ نے ذکر کیا۔ مروان اور مِسور بن مخرمہ نے انہیں بتایا کہ نبی ﷺ کے پاس جب ہوازن کے نمائندے آئے اور انہوں نے آپؐ سے درخواست کی کہ انہیں ان کے اموال اور قیدی واپس کر دئیے جائیں تو آنحضرت ﷺ (خطبہ دینے کیلئے) کھڑے ہوئے اور فرمایا: تم دیکھتے ہو جو لوگ میرے ساتھ ہیں (یعنی میں اکیلا نہیں۔ اکیلا ہوتا تو تم کو تمہارے اموال اور قیدی واپس دے دیتا) اور نہایت پیاری بات مجھے وہ لگتی ہے جو سچی ہو۔ اس لئے تم دو باتوں میں سے ایک بات پسند کر لو۔ یا تو مال لے لو یا قیدی۔ اور میں نے تو ان قیدیوں کے تقسیم کرنے میں اس لئے دیر کی تھی کہ تم آ جاؤ۔ اور نبی ﷺ نے، جب آپؐ طائف سے واپس لوٹے، اس پر دس سے کچھ زائد راتیں ان کا انتظار کیا تھا۔ جب انہیں یہ اچھی طرح معلوم ہوگیا کہ نبی ﷺ ان کو دو چیزوں میں سے ایک ہی چیز واپس کریں گے تو انہوں نے کہا: پھر ہم اپنے قیدیوں کو لینا پسند کرتے ہیں۔ اس پر نبی ﷺ لوگوں کے درمیان خطبہ دینے کیلئے کھڑے ہوئے اور اللہ کی وہ تعریف کی جو اس کے شایانِ شان ہے۔ پھر آپؐ نے اس کے بعد فرمایا: دیکھو! تمہارے بھائی ہمارے پاس توبہ کرکے آئے ہیں اور میں مناسب سمجھتا ہوں کہ ان کو ان کے قیدی واپس دے دوں۔ اس لئے جو تم میں سے بخوشی واپس کرنا چاہے تو چاہیے کہ وہ واپس کر دے اور جو یہ چاہے کہ وہ اپنے حصے پر ہی قائم رہے تو چاہیے کہ وہ بھی واپس کر دے اور اس وقت کا انتظار کرے جب اللہ تعالیٰ ہم کو (اس کے بعد) پہلا مال غنیمت دے تو ہم اس میں سے اس کو حصہ دے دیں گے۔ لوگوں نے کہا: ہم حضور کے فیصلہ پر راضی ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: ہم نہیں جانتے کہ تم میں سے کس نے اجازت دی اور کس نے اجازت نہیں دی۔ تم واپس جاؤ یہاں تک کہ تمہارے سربراہ ہمارے پاس تمہارا مشورہ پیش کریں۔ لوگ واپس چلے گئے اور ان کے سربراہوں نے ان سے گفتگو کی۔ اس کے بعد وہ نبی ﷺ کے پاس واپس آئے اور انہوں نے آپؐ کو بتایا کہ وہ لوگ خوش ہیں اور انہوں نے اجازت دے دی ہے۔ (زہری نے کہا:) سو یہ وہ خبر ہے جو ہمیں ہوازن کے قیدیوں سے متعلق پہنچی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2540
ابن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ عروہ نے ذکر کیا۔ مروان اور مِسور بن مخرمہ نے انہیں بتایا کہ نبی ﷺ کے پاس جب ہوازن کے نمائندے آئے اور انہوں نے آپؐ سے درخواست کی کہ انہیں ان کے اموال اور قیدی واپس کر دئیے جائیں تو آنحضرت ﷺ (خطبہ دینے کیلئے) کھڑے ہوئے اور فرمایا: تم دیکھتے ہو جو لوگ میرے ساتھ ہیں (یعنی میں اکیلا نہیں۔ اکیلا ہوتا تو تم کو تمہارے اموال اور قیدی واپس دے دیتا) اور نہایت پیاری بات مجھے وہ لگتی ہے جو سچی ہو۔ اس لئے تم دو باتوں میں سے ایک بات پسند کر لو۔ یا تو مال لے لو یا قیدی۔ اور میں نے تو ان قیدیوں کے تقسیم کرنے میں اس لئے دیر کی تھی کہ تم آ جاؤ۔ اور نبی ﷺ نے، جب آپؐ طائف سے واپس لوٹے، اس پر دس سے کچھ زائد راتیں ان کا انتظار کیا تھا۔ جب انہیں یہ اچھی طرح معلوم ہو گیا کہ نبی ﷺ ان کو دو چیزوں میں سے ایک ہی چیز واپس کریں گے تو انہوں نے کہا: پھر ہم اپنے قیدیوں کو لینا پسند کرتے ہیں۔ اس پر نبی ﷺ لوگوں کے درمیان خطبہ دینے کیلئے کھڑے ہوئے اور اللہ کی وہ تعریف کی جو اس کے شایانِ شان ہے۔ پھر آپؐ نے اس کے بعد فرمایا: دیکھو! تمہارے بھائی ہمارے پاس توبہ کرکے آئے ہیں اور میں مناسب سمجھتا ہوں کہ ان کو ان کے قیدی واپس دے دوں۔ اس لئے جو تم میں سے بخوشی واپس کرنا چاہے تو چاہیے کہ وہ واپس کر دے اور جو یہ چاہے کہ وہ اپنے حصے پر ہی قائم رہے تو چاہیے کہ وہ بھی واپس کر دے اور اس وقت کا انتظار کرے جب اللہ تعالیٰ ہم کو (اس کے بعد) پہلا مال غنیمت دے تو ہم اس میں سے اس کو حصہ دے دیں گے۔ لوگوں نے کہا: ہم حضور کے فیصلہ پر راضی ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: ہم نہیں جانتے کہ تم میں سے کس نے اجازت دی اور کس نے اجازت نہیں دی۔ تم واپس جاؤ یہاں تک کہ تمہارے سربراہ ہمارے پاس تمہارا مشورہ پیش کریں۔ لوگ واپس چلے گئے اور ان کے سربراہوں نے ان سے گفتگو کی۔ اس کے بعد وہ نبی ﷺ کے پاس واپس آئے اور انہوں نے آپؐ کو بتایا کہ وہ لوگ خوش ہیں اور انہوں نے اجازت دے دی ہے۔ (زہری نے کہا:) سو یہ وہ خبر ہے جو ہمیں ہوازن کے قیدیوں سے متعلق پہنچی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2541
علی بن حسن نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا: عبداللہ) ابن عون نے ہمیں بتایا۔ کہتے تھے: میں نے نافع کو لکھا تو انہوں نے مجھے جواب میں یہ لکھا کہ نبی ﷺ نے بنی مصطلق پر حملہ کیا۔ وہ غفلت میں تھے اور ان کے مواشی کو پانی پلایا جارہا تھا اور آپؐ نے ان میں سے لڑنے والوں کو جنگ میں قتل کردیا اور ان کی عورتوں اور بچوں کو قید کرلیا اور اسی جنگ میں حضرت جویریہؓ آپؐ کو (آپؐ کے) حصے میں ملیں۔ (نافع نے کہا:) یہ واقعہ حضرت (عبداللہ) بن عمرؓ نے مجھے بتایا تھا اور وہ اس لشکر میں شامل تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2542
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ربیعہ بن ابی عبدالرحمن سے، ربیعہ نے محمد بن یحيٰ بن حبان سے، انہوں نے (عبداللہ) بن محیریز سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں حضرت ابوسعید (خدری) رضی اللہ عنہ سے ملا۔ ان سے میں نے (عزل کا مسئلہ) پوچھا تو انہوں نے کہا: ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ بنی مصطلق کی جنگ میں نکلے تھے اور ہم نے عرب کے چند قیدی حصے میں پائے۔ ہمیں عورتوں کی خواہش ہوئی کیونکہ بے وطنی ہم پر بہت ہی شاق گزر رہی تھی اور ہم چاہتے تھے کہ مباشرت کے وقت حمل نہ ہو۔ رسول اللہ ﷺ سے ہم نے پوچھا۔ آپؐ نے فرمایا: عزل نہ بھی کرو تو مضائقہ نہیں۔ جو جان بھی قیامت تک ہونے والی ہے، وہ تو ضرور ہو کر رہے گی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2543
زہیر بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمارہ بن قعقاع سے، عمارہ نے ابوزُرعہ سے، ابوزُرعہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھے ہمیشہ ہی بنی تمیم سے محبت رہی ہے۔ نیز (محمد) بن سلام نے بھی مجھ سے بیان کیا کہ جریر بن عبدالحمید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مغیرہ سے، مغیرہ نے حارث (بن یزید) سے، حارث نے ابوزُرعہ سے، ابوزُرعہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ اور (مغیرہ نے) عمارہ سے، عمارہ نے ابوزُرعہ سے، ابوزُرعہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب سے میں نے رسول اللہ ﷺ سے تین باتیں سنی ہیں جو آپؐ نے ان کے متعلق فرمائیں؛ بنی تمیم سے مجھے محبت رہتی ہے۔ میں نے آپؐ سے سنا، آپؐ فرماتے تھے کہ وہ میری امت میں سے سب سے بڑھ کر دجال کے مخالف ہوں گے۔ کہتے تھے: ان کی زکوٰۃ کے اموال آئے تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ ہماری قوم کے زکوٰۃ کے اموال ہیں اور اُن میں سے ایک قیدی عورت حضرت عائشہؓ کے پاس تھی تو آپؐ نے فرمایا: اسے آزاد کردو کیونکہ یہ حضرت اسماعیلؑ کی اولاد میں سے ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2544
اسحاق بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے محمد بن فضیل سے سنا۔ انہوں نے مطرف سے، مطرف نے شعبی سے، شعبی نے ابی بردہ سے، ابو بردہ نے حضرت ابو موسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس کے پاس کوئی لونڈی ہو اور وہ اس کی اچھی طرح پرورش کرے۔ پھر اس کو آزاد کر دے اور اس سے شادی کر لے تو اس کو دو ثواب ملیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2545
آدم بن ابی ایاس نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ واصل اَحدب نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے معرور بن سُوید سے سنا۔ کہتے تھے: میں نے حضرت ابوذر غفاریؓ کو دیکھا۔ وہ ایک نیا کپڑوں کا جوڑا پہنے تھے اور ان کا غلام بھی ویسا ہی نیا جوڑا پہنے ہوئے تھا، تو ہم نے اس کے متعلق ان سے پوچھا تو انہوں نے کہا: میں نے ایک شخص کو گالی دی تھی تو اس نے نبی ﷺ سے میری شکایت کر دی۔ نبی ﷺ نے مجھ سے فرمایا: کیا تم نے اس کو اس کی ماں کا طعنہ دیا ہے؟ پھر آپؐ نے فرمایا: تمہارے بھائی ہی تمہارے نوکر چاکر ہوتے ہیں جنہیں اللہ نے تمہارے ماتحت کر دیا ہے۔ اس لئے جس کا بھائی اس کے ماتحت ہو تو چاہیے کہ وہ اس کو اسی کھانے سے کھلائے جو وہ خود کھاتا ہو اور اسی کپڑے سے پہنائے جو وہ خود پہنتا ہو اور تم ان کو ایسے کاموں کی تکلیف نہ دیا کرو جو انہیں نڈھال کر دیں اور اگر تم ان کو ایسے کاموں کی تکلیف دو جو اُن پر گراں ہوں تو ایسے کاموں میں ان کو مدد دیا کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2546
عبداللہ بن مسلمہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: غلام اگر اپنے مالک سے خیر خواہی کرے اور اپنے ربّ کی عبادت اچھی طرح بجا لائے تو اس کو دوہرا ثواب ملے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2547
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صالح سے، صالح نے شعبی سے، شعبی نے ابوبردہ سے، ابوبردہ نے حضرت ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: جس شخص کے پاس لونڈی ہو اور وہ اس کو آداب سکھائے اور نہایت اچھے آداب سکھائے اور پھر اسے آزاد کرکے اس سے شادی کرلے تو اس کو دو ثواب ملیں گے اور جو غلام اللہ کا حق بھی ادا کرے اور اپنے مالکوں کا حق بھی تو اس کو بھی دو ثواب ملیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2548
بشر بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) یونس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی (زہری نے کہا:) میں نے سعید بن مسیب سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: وہ نیک بندہ جو کسی کی ملکیت میں ہو، اس کو دو ثواب ملیں گے۔ (اور حضرت ابوہریرہؓ نے کہا:) اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے اگر اللہ کی راہ میں جہاد کرنا نہ ہوتا اور حج کرنا بھی نہ ہوتا اور اپنی ماں کی خدمت کرنی بھی نہ ہوتی تو میں ضرور ہی پسند کرتا کہ میں غلام ہونے کی حالت میں مروں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2549
اسحاق بن نصر نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے روایت کی کہ ہمیں ابو صالح نے بتایا۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: ان (غلاموں) میں سے اس کے لئے کیا ہی اچھی بات ہے کہ وہ اپنے ربّ کی عبادت بھی اچھی طرح کرے اور اپنے آقا کی خیر خواہی بھی کرتا رہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2550
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ سے روایت کی کہ نافع نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت عبداللہ (بن عمر) رضی اللہ عنہ سے، حضرت عبداللہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: اگر غلام اپنے آقا سے خیر خواہی کرے اور اپنے ربّ کی عبادت اچھی طرح کرے، اس کا اس کو دوہرا ثواب ہوگا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2551
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ ابواُسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے برید (بن عبداللہ) سے، برید نے ابوبردہ سے، ابوبردہ نے حضرت ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوموسٰیؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: وہ غلام جو اپنے ربّ کی عبادت اچھی طرح کرتا ہو اور اپنے آقا کا حق اور جو خیر خواہی اور فرمانبرداری اس کے ذمہ ہے اس کو ادا کرے تو اس کو دو ثواب ملیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2552
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہمام بن منبِّہ سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے کہ آپؐ نے فرمایا: تم میں سے کوئی اپنے غلام سے یہ نہ کہے کہ اپنے ربّ کو کھانا کھلا اور اپنے ربّ کو وضو کرا{ اور اپنے ربّ کو پانی پلا، } بلکہ یوں کہے : سیدی، مولائی یعنی میرے آقا۔ اسی طرح تم میں سے کوئی اپنے غلام کو اے میرے غلام، اے میری لونڈی کہہ کر نہ پکارے بلکہ یہ کہے: اے نوجوان لڑکے یا اے نوجوان لڑکی یا کہے: اے میرے بچے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2553
ابو نعمان نے مجھ سے بیان کیا کہ جریر بن حازم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: جو شخص کسی غلام میں اپنا حصہ آزاد کردے اور اس کے پاس اتنا مال ہو جو اس کی قیمت کو پورا کرتا ہو تو غلام کی منصفانہ قیمت لگائی جائے اور پھر وہ قیمت (شریک کو) دے کر غلام کو آزاد کر دیا جائے ورنہ وہ اتنا تو آزاد ہو چکا جتنا اسے کر دیا گیا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2554
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطّان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نافع نے مجھے بتایا۔ حضرت عبداللہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم میں سے ہر ایک پاسبان ہے اور وہ اپنی رعیت کے بارے میں جواب دِہ ہوگا۔ وہ حاکم بھی جو لوگوں پر مقرر ہے، اُن پر پاسبان ہے اور اس سے اپنے ماتحت لوگوں کے بارے میں باز پرس ہوگی، اور مرد بھی اپنے اہل بیت پر پاسبان ہے اور اس سے بھی ان کے بارے میں پوچھا جائے گا، اور عورت بھی اپنے خاوند کے گھر اور اس کی اولاد کی پاسبان ہے اور وہ بھی ان سے متعلق جوابدہ ہوگی اور غلام بھی اپنے آقا کے مال کا پاسبان ہے اور اس سے بھی اس کے لئے پوچھا جائے گا۔ اچھی طرح سن لو! تم میں سے ہر شخص پاسبان ہے اور تم میں سے ہر شخص سے اس کی رعیت کی نسبت پوچھا جائے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2555
مالک بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) عبید اللہ (بن عبد اللہ بن عتبہ بن مسعود) نے مجھے بتایا کہ میں نے حضرت ابوہریرہؓ اور حضرت زید بن خالدؓ سے سنا۔ یہ دونوں نبیؐ سے روایت کرتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: جب لونڈی زنا کرے تو اس کو کوڑے لگائو۔ پھر اگر زنا کرے تو پھر اس کو کوڑے لگائو۔ پھر اگر زنا کرے تو پھر اس کو کوڑے لگائو۔ تیسری یا چوتھی بار فرمایا کہ ایسی لونڈی کو بیچ دو خواہ ایک رسی ہی کے بدلے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2556
مالک بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) عبید اللہ (بن عبد اللہ بن عتبہ بن مسعود) نے مجھے بتایا کہ میں نے حضرت ابوہریرہؓ اور حضرت زید بن خالدؓ سے سنا۔ یہ دونوں نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: جب لونڈی زنا کرے تو اس کو کوڑے لگائو۔ پھر اگر زنا کرے تو پھر اس کو کوڑے لگائو۔ پھر اگر زنا کرے تو پھر اس کو کوڑے لگائو۔ تیسری یا چوتھی بار فرمایا کہ ایسی لونڈی کو بیچ دو خواہ ایک رسی ہی کے بدلے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah