کتاب 51: كتاب الهبة وفضلها والتحريض عليها
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2566
عاصم بن علی (ابوالحسین واسطی) نے ہم سے بیان کیا کہ ابن ابی ذئب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (سعید) مقبری سے، (سعید) مقبری نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: اے مسلم خواتین! غور سے سنو۔ کوئی پڑوسن اپنی پڑوسن کو حقیر نہ سمجھے گو وہ بکری کا کھر ہی (بھیجے)۔
صحیح بخاری 2567
عبدالعزیز بن عبداللہ اویسی نے ہم سے بیان کیا کہ (عبدالعزیز) بن ابی حازم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے یزید بن رومان سے، یزید نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ انہوں نے عروہ سے کہا: میری بہن کے بیٹے! ہماری کبھی یہ حالت تھی کہ ہم ایک چاند دیکھتے، پھر دوسرا چاند دیکھتے۔ پھر تیسرا چاند دیکھتے؛ اس طرح دو مہینے گزر جاتے اور رسول اللہ ﷺ کے گھروں میں آگ نہیں جلتی تھی۔ میں نے کہا: خالہ! آپؓ کا گزارہ کن چیزوں پر ہوتا تھا؟ انہوں نے کہا: دو سیاہ چیزیں: کھجور اور پانی، مگر یہ بات تھی کہ رسول اللہ ﷺ کے کچھ انصاری ہمسائے تھے۔ ان کی دودھ دینے والی بکریاں تھیں اور وہ رسول اللہ ﷺ کو اپنے دودھ سے بطور تحفہ بھیجا کرتے تھے اور آپؐ ہم کو بھی پلاتے۔
صحیح بخاری 2568
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ ابن ابی عدی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے سلیمان (اعمش) سے، سلیمان نے ابوحازم سے، ابوحازم نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا کہ اگر مجھے بکری کی ایک دستی یا پایہ کھانے کی دعوت دی جائے تو میں (اس دعوت کو) ضرور قبول کروں اور اگر بکری کی دستی یا پایہ مجھے بطور ہدیہ بھیجا جائے تو میں اس کو ضرور لے لوں۔ راوی کہتا ہے کہ آنحضرت ﷺ نے لفظ ذِرَاعٌ فرمایا یا کُرَاعٌ۔
صحیح بخاری 2569
(سعید) بن ابی مریم نے ہمیں بتایا کہ ہم سے ابو غسان (محمد بن مطرف) نے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابو حازم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت سہل رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے مہاجرین میں سے ایک عورت کو کہلا بھیجا اور اس کا ایک غلام تھا جو بڑھئی تھا۔ آپؐ نے اسے کہا: اپنے غلام سے کہو کہ وہ ہمارے لئے لکڑی کا منبر بنا دے۔ اس نے اپنے غلام کو حکم دیا۔ وہ گیا اور اس نے جھائو کی لکڑی کا ٹی اور آپ کے لیے ایک منبر بنایا۔ جب اس نے وہ مکمل کر لیا تو اس عورت نے نبی ﷺ سے کہلا بھیجا کہ اس غلام نے کام ختم کر لیا ہے۔ آنحضرتﷺ نے فرمایا: وہ (منبر) میرے پاس بھیج دو اور لوگ اسے لے آئے۔ نبی ﷺ نے اس کو اُٹھوا کر وہاں رکھا جہاں تم (اب) دیکھتے ہو۔
صحیح بخاری 2570
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: محمد بن جعفر نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابوحازم سے، ابوحازم نے عبداللہ بن ابی قتادہ سلمی سے، انہوں نے اپنے باپ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: ایک دن میں نبی ﷺ کے چند صحابہ کے ساتھ مکہ کے راستہ پر ایک پڑائو میں بیٹھا ہوا تھا اور رسول اللہ ﷺ نے ہمارے آگے ڈیرا لگایا ہوا تھا اور لوگ احرام باندھے ہوئے تھے اور میں نے احرام نہیں باندھا تھا۔ لوگوں نے ایک گورخر دیکھا اور میں مشغول تھا اور اپنی جوتی گانٹھ رہا تھا۔ انہوں نے مجھے اس کی خبر نہ دی، مگر وہ دل سے چاہتے تھے کہ کاش میں اسے دیکھ لوں۔ میں جو مڑا تو میں نے اس کو دیکھ لیا۔ میں گھوڑے کی طرف اُٹھ کر گیا اور اس پر زین لگائی اور سوار ہوگیا اور کوڑا اور برچھا لینا بھول گیا۔ میں نے اپنے ساتھیوں سے کہا: مجھے کوڑا اور برچھا پکڑائو، تو کہنے لگے: نہیں۔ بخدا! ہم تو تمہیں اس پر حملہ کرنے کے لئے کسی چیز سے مدد نہیں دیں گے۔ مجھے غصہ آیا اور میں نے خود اُتر کر وہ دونوں چیزیں لے لیں اور پھر سوار ہوگیا اور اس گورخر پر زور سے حملہ کیا اور اسے زخمی کردیا اور اسے لے آیا اور وہ مرچکا تھا۔ پھر میرے ساتھی اس پر آپڑے، لگے اس کو (پکاکر) کھانے۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے احرام کی حالت میں اس کے کھانے کے بارے میں شک کیا۔ ہم وہاں سے چل پڑے اور میں نے اپنے ساتھ اگلی ران چھپا رکھی اور ہم رسول اللہ ﷺ سے جاملے اور آپؐ سے اس کے متعلق پوچھا تو آپؐ نے فرمایا: کیا تمہارے پاس اس میں سے کچھ ہے؟ میں نے کہا: ہاں، اور میں نے وہ اگلی ران آپؐ کو دے دی۔ آپؐ نے اسے کھایا یہاں تک کہ اسے ختم کردیا، حالانکہ آپؐ احرام باندھے ہوئے تھے۔ یہ روایت زید بن اسلم نے مجھ سے بیان کی۔ انہوں نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے ابوقتادہ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے اسے نقل کیا۔
صحیح بخاری 2571
مجھ سے خالد بن مخلد نے بیان کیا، (کہا:) سلیمان بن بلال نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابوطوالہ نے مجھے بتایا۔ ان کا نام عبداللہ بن عبدالرحمن ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انسؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ ہمارے پاس اس گھر میں آئے اور آپؐ نے پانی مانگا۔ ہم نے آپؐ کے لئے اپنی ایک بکری دوہی۔ پھر میں نے اس (دودھ) میں اپنے اُس کنوئیں کا پانی ملایا اور آپؐ کو دیا اور حضرت ابوبکرؓ آپؐ کے بائیں طرف تھے اور حضرت عمرؓ آپؐ کے سامنے اور ایک بدوی آپؐ کے داہنی طرف۔ جب آپؐ پی چکے تو حضرت عمرؓ نے کہا: یہ ابوبکرؓ ہیں۔ آپؐ نے اپنا بچا ہوا اُس بدوی کو دیا اور اس کے بعد فرمایا: جو داہنی طرف ہے وہی مقدم ہوگا۔ تم لوگ داہنی طرف سے ہی شروع کیا کرو۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: آپؐ کی سنت یہی ہے۔ تین بار کہا۔
صحیح بخاری 2572
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن زید بن انس بن مالک سے، ہشام نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مَرّ الظہران میں ایک خرگوش کو (جھاڑی سے) نکالا۔ لوگ اس کے پیچھے دوڑے اور تھک گئے۔ میں نے اس کو جا لیا اور اسے لے کر حضرت ابوطلحہؓ کے پاس آگیا۔ انہوں نے اسے ذبح کیا اور رسول اللہ ﷺ کے پاس اس کا پٹھہ یا اس کی رانیں بھجوائیں۔ (شعبہ نے) کہا: رانیں ہی بھیجی تھیں۔ اس میں شک نہیں۔ آپؐ نے اسے قبول کیا۔ (سلیمان کہتے تھے:) میں نے پوچھا اور آپؐ نے اس میں سے کھایا بھی۔ شعبہ نے کہا اور آپؐ نے اس میں سے کھایا۔ پھر انہوں نے کہا: آپؐ نے اس کو قبول کیا۔
صحیح بخاری 2573
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مجھے مالک نے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ بن مسعود سے، عبیداللہ نے حضرت عبداللہ بن عباسؓ سے، حضرت عبداللہؓ نے حضرت صعب بن جثامہ ث سے روایت کی کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو ایک گورخر بطور تحفہ ہدیہ بھیجا اور آپؐ اُس وقت ابواء یا ودّان مقام میں تھے، آپؐ نے واپس کر دیا مگر جب آپؐ نے ان کے چہرہ پر اثر پایا تو آپؐ نے فرمایا: ہم نے تمہیں صرف اس لئے لَوٹا دیا ہے کہ ہم احرام میں ہیں۔
صحیح بخاری 2574
ابراہیم بن موسیٰ نے مجھے بتایا۔ عبدہ (بن سلیمان) نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن عروہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ لوگ حضرت عائشہؓ کی باری میں اپنے ہدیئے بھیجنے کو ترجیح دیتے تھے۔ اس سے رسول اللہ ﷺ کی خوشنودی چاہتے تھے۔
صحیح بخاری 2575
آدم (بن ابی ایاس) نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا کہ جعفر بن ایاس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے سعید بن جبیر سے سنا۔ وہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے تھے۔ انہوں نے کہا: حضرت ابن عباسؓ کی خالہ حضرت امّ حفیدؓ نے نبی ﷺ کو پنیر اور گھی اور گوہ بطور ہدیہ بھیجی۔ نبی ﷺ نے پنیر اور گھی سے کچھ تناول فرمایا اور گوہ بوجہ کراہت چھوڑ دی۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے: مگر وہ رسول اللہ ﷺ کے دسترخوان پر کھائی گئی اور اگر حرام ہوتی تو رسول اللہ ﷺ کے دسترخوان پر نہ کھائی جاتی۔
صحیح بخاری 2576
ابراہیم بن منذر نے ہمیں بتایا۔ مَعْن (بن عیسیٰ) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابراہیم بن طہمان نے مجھے بتایا۔ انہوں نے محمد بن زیاد سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کے پاس جب کوئی کھانا لایا جاتا تو آپؐ اس کی بابت پوچھتے: آیا یہ ہدیہ ہے یا صدقہ؟ اگر کہا جاتا: صدقہ، تو آپؐ اپنے صحابہ سے فرماتے: کھائو اور خود نہ کھاتے اور اگر کہا جاتا کہ ہدیہ ہے تو آنحضرت ﷺ اپنا ہاتھ بڑھاتے اور ان کے ساتھ کھاتے۔
صحیح بخاری 2577
محمد بن بشار نے ہمیں بتایا۔ غندر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے پاس گوشت لایا گیا اور کہا گیا کہ بریرہؓ کو صدقہ دیا گیا۔ آپؐ نے فرمایا: یہ اس کے لئے صدقہ ہے اور ہمارے لئے ہدیہ۔
صحیح بخاری 2578
محمد بن بشار نے ہمیں بتایا کہ غندر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمن بن قاسم سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے یہ حدیث عبدالرحمن سے سنی۔ عبدالرحمن نے قاسم سے، قاسم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ انہوں نے بریرہؓ کو خریدنا چاہا اور ان لوگوں نے اس کے حق وراثت کی اپنے لئے شرط پیش کی۔ اس کا نبی ﷺ سے ذکر کیا گیا تو نبی ﷺ نے فرمایا: اسے خرید لو اور آزاد کردو، کیونکہ حق وراثت تو اسی کا ہوگا جس نے آزاد کیا اور بریرہؓ کو کچھ گوشت دیا گیا تو نبی ﷺ سے کہا گیا: یہ تو بریرہؓ کو صدقہ دیا گیا ہے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: یہ اس کے لئے صدقہ ہے اور ہمارے لئے ہدیہ، اور بریرہؓ کو (اپنے خاوند کے بارے میں) اختیار دیا گیا تھا۔ عبدالرحمن نے پوچھا: اس کا خاوند (مغیث) آزاد تھا یا غلام؟ شعبہ نے کہا: میں نے عبدالرحمن سے اس کے خاوند کی نسبت پوچھا، تو انہوں نے کہا: میں نہیں جانتا آیا وہ آزاد تھا یا غلام۔
صحیح بخاری 2579
محمد بن مقاتل ابوالحسن نے ہم سے بیان کیا کہ خالد بن عبداللہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے خالد حذاء سے، خالد نے حفصہ بنت سیرین سے، حفصہ نے حضرت امّ عطیہؓ سے روایت کی۔ کہتی تھیں: نبی ﷺ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس آئے اور آپؐ نے پوچھا: تمہارے پاس کچھ ہے؟ حضرت عائشہؓ نے کہا: نہیں، مگر یہ کچھ گوشت ہے جو امّ عطیہؓ نے بھیجا ہے، اس بکری کا ہے جو آپؐ نے اس کو اموال صدقہ سے دی تھی۔ آپؐ نے فرمایا: وہ اپنے محل پر پہنچ چکا۔
صحیح بخاری 2580
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ کہتی تھیں: لوگ اپنے ہدیئے بھیجنے کے لئے میری باری کو زیادہ مناسب سمجھ کر انتظار کرتے تھے اور حضرت امّ سلمہ ؓ نے کہا: میری ساتھنیں سب میرے پاس اکٹھی ہوئیں (اور انہوں نے اس کے بارے میں کچھ کہا۔) میں نے آپؐ سے ذکر کیا تو آپؐ نے منہ پھیر لیا۔ (یعنی جواب نہیں دیا۔)
صحیح بخاری 2581
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میرے بھائی (عبدالحمید بن ابی اویس) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سلیمان سے، سلیمان نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ کی ازواج دو ٹولیوں کی صورت میں تھیں۔ ایک میں عائشہؓ، حفصہؓ، صفیہؓ اور سودہؓ شامل تھیں اور دوسری میں امّ سلمہؓ اور رسول اللہ ﷺ کی باقی ازواج۔ اور مسلمانوں کو یہ علم ہو چکا تھا کہ رسول اللہ ﷺ حضرت عائشہؓ کو زیادہ محبوب رکھتے ہیں، تو جب ان میں سے کسی کے پاس کوئی ایسا ہدیہ ہوتا جسے وہ رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں پیش کرنا چاہتا تھا تو وہ اسے پیش کرنے میں اس وقت کا انتظار کرتا جبکہ رسول اللہ ﷺ عائشہؓ کے گھر میں ہوتے۔ امّ سلمہؓ کے فریق نے (امّ سلمہؓ سے) باتیں کیں اور اُن سے کہا: رسول اللہ ﷺ سے کہو کہ لوگوں سے یہ فرمائیں کہ جو رسول اللہ ﷺ کے پاس کوئی ہدیہ بھیجنا چاہے تو آپؐ جس بیوی کے گھر میں بھی ہوں؛ وہ وہاں بھیج دیا کرے۔ جو انہوں نے کہا تھا امّ سلمہؓ نے وہ آپؐ سے کہہ دیا، تو آپؐ نے انہیں کوئی جواب نہیں دیا اور ان ازواج نے (امّ سلمہؓ سے) پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ آپؐ نے مجھے کچھ جواب نہیں دیا۔ پھر انہوں نے امّ سلمہ سے کہا کہ تم آنحضرت (ﷺ) سے پھر کہو۔ امّ سلمہؓ کہتی تھیں: جب آپؐ میری باری پر میرے ہاں آئے تو میں نے آپؐ سے پھر کہا، تو آپؐ نے پھر انہیں جواب نہ دیا اور اُن ازواج نے امّ سلمہؓ سے پوچھا، تو انہوں نے کہا: آپؐ نے مجھے کچھ جواب نہیں دیا۔ تو ازواج نے پھر اُن سے کہا کہ تم آنحضرت (ﷺ) سے کہتی رہو، یہاں تک کہ آپؐ کچھ جواب دیں۔ جب آپؐ امّ سلمہؓ کے پاس باری پر آئے تو انہوں نے پھر کہا۔ آپؐ نے حضرت امّ سلمہؓ سے فرمایا: مجھے عائشہؓ کی وجہ سے تکلیف نہ دو کیونکہ وحی عائشہؓ کے سوا کسی اور بیوی کے بستر پر نہیں ہوئی۔ حضرت امّ سلمہؓ کہتی تھیں: {میں نے کہا:{ یا رسول اللہ! آپؐ کو تکلیف دینے سے اللہ کے حضور توبہ کرتی ہوں۔ پھر اس کے بعد ان ازواج نے رسول اللہ ﷺ کی بیٹی حضرت فاطمہؓ کو بلایا اور رسول اللہ ﷺ کے پاس انہیں بھیجا کہ آپؐ سے کہیں کہ آپؐ کی ازواج حضرت ابوبکرؓ کی بیٹی سے متعلق انصاف کرنے کے لئے آپؐ کو (اللہ کی) قسم دیتی ہیں۔ چنانچہ حضرت فاطمہؓ نے آپؐ سے کہا۔ آپؐ نے فرمایا: اے میری بیٹی! کیا تم وہ بات پسند نہیں کرتی جو میں پسند کرتا ہوں؟ (حضرت فاطمہؓ نے) کہا: کیوں نہیں اور وہ ازواج کے پاس لَوٹ آئیں اور انہیں بتایا تو انہوں نے کہا: تم آنحضرتؐ کے پاس پھر جاؤ تو حضرت فاطمہؓ نے پھر جانے سے انکار کر دیا۔ پھر انہوں نے حضرت زینب بنت جحشؓ کو بھیجا۔ وہ آپؐ کے پاس آئیں اور لب و لہجہ کچھ سخت تھا، یعنی انہوں نے کہا: آپؐ کی ازواج ابن ابی قحافہ کی لڑکی سے متعلق آپؐ کو انصاف کرنے کیلئے اللہ کی قسم دیتی ہیں اور اونچی آواز سے بولیں یہاں تک کہ حضرت عائشہؓ کو بھی برا بھلا کہنا شروع کر دیا اور حضرت عائشہؓ بیٹھی ہوئی تھیں۔ حضرت زینبؓ حضرت عائشہ ؓ کو سخت سُست کہنے لگیں جس پر رسول اللہ ﷺ حضرت عائشہؓ کی طرف دیکھنے لگے، آیا وہ بھی کچھ بولتی ہیں۔ (عروہ) کہتے تھے: آخر حضرت عائشہؓ حضرت زینبؓ کو ترکی بہ ترکی جواب دینے لگیں حتیٰ کہ حضرت زینبؓ کو چپ کرادیا۔ (انہوں نے کہا:) نبی ﷺ نے حضرت عائشہؓ کی طرف دیکھا اور فرمایا: آخر ابوبکرؓ کی بیٹی ہے۔ بخاری نے کہا: یہ آخری بات یعنی حضرت فاطمہؓ کا واقعہ ہشام بن عروہ سے بیان کیا جاتا ہے۔ ہشام نے ایک شخص سے، اس نے زہری سے، زہری نے محمد بن عبدالرحمن سے روایت کی اور ابومروان نے ہشام سے، ہشام نے عروہ سے روایت کرتے ہوئے بیان کیا۔ لوگ ہدئیے دینے کے لئے حضرت عائشہؓ کی باری کو زیادہ مناسب سمجھا کرتے تھے۔ }اور ہشام سے بھی مروی ہے۔} وہ ایک قریشی شخص سے اور ایک آزاد کردہ غلام سے بھی روایت کرتے تھے۔ ان دونوں نے زہری سے، زہری نے محمد بن عبدالرحمن بن حارث بن ہشام سے روایت کی کہ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: میں نبی ﷺ کے پاس تھی کہ فاطمہؓ نے اندر آنے کی اجازت چاہی۔
صحیح بخاری 2582
ابو معمر نے ہمیں بتایا۔ عبدالوارث نے ہم سے بیان کیا کہ عزرہ بن ثابت انصاری نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: ثمامہ بن عبداللہ نے مجھ سے بیان کیا۔ (عزرہ) کہتے تھے: میں ثمامہ کے پاس گیا۔ انہوں نے مجھے خوشبو دی۔ کہنے لگے: حضرت انس رضی اللہ عنہ خوشبو کو ردّ نہیں کیا کرتے تھے۔ (ثمامہ نے) کہا اور حضرت انسؓ کہتے تھے کہ نبی ﷺ خوشبو کو ردّ نہیں کرتے تھے۔
صحیح بخاری 2583
سعید بن ابی مریم نے ہمیں بتایا کہ لیث نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عُقَیل نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عروہ نے بیان کیا کہ مِسور بن مخرمہ رضی اللہ عنہما اور مروان نے انہیں خبر دی کہ جب نبی ﷺ کے پاس ہوازن کے نمائندے آئے تو آپؐ لوگوں میں کھڑے ہوئے اور اللہ کی وہ تعریف کی جس کا وہ اہل ہے۔ پھر آپؐ نے فرمایا: دیکھو تمہارے بھائی ہمارے پاس توبہ کرکے آئے ہیں اور میں نے مناسب خیال کیا کہ اُن کے قیدی انہیں واپس کردوں۔ اس لئے جو تم میں سے اپنے دل کی خوشی سے ایسا کرنا چاہتا ہو چاہیے کہ وہ واپس کر دے اور جو اپنا حق (غلام کا فدیہ) لینا چاہے تو اس کا حصہ ہم اس پہلی غنیمت سے دیں گے جو اللہ ہمیں دے گا۔ لوگوں نے کہا: ہم نے آپؐ کا ارشاد خوشی سے قبول کیا۔
صحیح بخاری 2584
سعید بن ابی مریم نے ہمیں بتایا کہ لیث نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عُقَیل نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عروہ نے بیان کیا کہ مِسور بن مخرمہ رضی اللہ عنہما اور مروان نے انہیں خبر دی کہ جب نبی ﷺ کے پاس ہوازن کے نمائندے آئے تو آپؐ لوگوں میں کھڑے ہوئے اور اللہ کی وہ تعریف کی جس کا وہ اہل ہے۔ پھر آپؐ نے فرمایا: دیکھو تمہارے بھائی ہمارے پاس توبہ کرکے آئے ہیں اور میں نے مناسب خیال کیا کہ اُن کے قیدی انہیں واپس کردوں۔ اس لئے جو تم میں سے اپنے دل کی خوشی سے ایسا کرنا چاہتا ہو چاہیے کہ وہ واپس کر دے اور جو اپنا حق (غلام کا فدیہ) لینا چاہے تو اس کا حصہ ہم اس پہلی غنیمت سے دیں گے جو اللہ ہمیں دے گا۔ لوگوں نے کہا: ہم نے آپؐ کا ارشاد خوشی سے قبول کیا۔
صحیح بخاری 2585
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ عیسیٰ بن یونس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپؓ بیان کرتی تھیں کہ رسول اللہ ﷺ ہدیہ قبول فرمایا کرتے تھے اور خود بھی ہدیہ بھیجا کرتے تھے۔ وکیع (ابن جراح) اور محاضر (بن مورع) نے اپنی روایت میں یہ ذکر نہیں کیا کہ یہ روایت ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔