کتاب 51: كتاب الهبة وفضلها والتحريض عليها
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 2586
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے حمید بن عبدالرحمن اور محمد بن نعمان بن بشیر سے روایت کی کہ ان دونوں نے نعمان بن بشیر سے روایت کی کہ ان کے باپ رسول اللہ ﷺ کے پاس ان کو لائے اور کہا: میں نے اپنے اس بیٹے کو ایک غلام دیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم نے اپنے سب بیٹوں کو اسی طرح دیا ہے جیسے اس کو؟ انہوں نے کہا: نہیں۔ تو آپؐ نے فرمایا: اس کو واپس لے لو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2587
حامد بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حصین (بن عبدالرحمن) سے، حصین نے عامر (شعبی) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہما سے سنا اور وہ منبر پر تھے، کہتے تھے: میرے باپ نے ایک عطیہ مجھے دیا تو عمرہ بنت رواحہؓ نے کہا: میں اس وقت تک راضی نہیں ہوں گی جب تک تم رسول اللہ ﷺ کو گواہ نہ ٹھہرائو۔ اس پر وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے اور کہا: میں نے اپنے اس بیٹے کو جو عمرہ بنت رواحہؓ سے ہے، ایک عطیہ دیا ہے اور اس نے مجھ سے کہا ہے کہ میں آپؐ کو یا رسول اللہ گواہ ٹھہرائوں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم نے اپنے باقی تمام بیٹوں کو اسی طرح دیا ہے۔ انہوں نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کی ناراضگی سے بچو اور اپنی اولاد کے درمیان انصاف کرو۔ انہوں نے کہا: اس پر وہ لَوٹ آئے اور انہوں نے اپنا عطیہ واپس لے لیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2588
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے زہری سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: مجھے عبیداللہ بن عبداللہ نے بتایا۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں: جب نبی ﷺ بیمار ہوئے اور آپؐ کی بیماری سخت ہوگئی تو آپؐ نے اپنی ازواج سے اجازت لی کہ آپؐ بیماری کے دِنوں میں میرے گھر میں رہیں۔ انہوں نے آپؐ کو اجازت دی۔ آپؐ دو آدمیوں کے درمیان سہارا لئے ہوئے باہر نکلے۔ آپؐ کے پائوں زمین پر لکیر ڈالتے جاتے تھے اور آپؐ حضرت عباسؓ کے درمیان اور ایک اور شخص کے درمیان تھے۔ اور عبیداللہ نے کہا: میں نے حضرت ابن عباسؓ سے جو حضرت عائشہؓ نے کہا تھا، ذکر کیا۔ تو انہوں نے (مجھ سے) کہا: کیا تم جانتے ہو کہ وہ شخص کون تھا جس کا حضرت عائشہؓ نے نام نہیں لیا؟ میں نے کہا: نہیں۔ انہوں نے کہا: وہ حضرت علی بن ابی طالبؓ تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2589
مسلم بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ وہیب نے ہمیں بتایا (انہوں نے کہا: عبداللہ) بن طائوس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: اپنے ہبہ سے پھر جانے والا کتے کی طرح ہے جو قے کرتا ہے پھر اپنی قے واپس (کھا) لیتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2590
ابوعاصم (ضحاک بن مخلد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے، ابن جریج نے ابن ابی ملیکہ سے، انہوں نے عباد بن عبداللہ سے، عباد نے حضرت اسماء رضی اللہ عنہا سے روایت کی، کہتی تھیں: میں نے کہا: یا رسول اللہ! میرے پاس اور تو کوئی مال نہیں مگر وہی جو زبیرؓ نے مجھے لا کر دیا ہے۔ کیا میں اس میں سے صدقہ دوں؟ آپؐ نے فرمایا: صدقہ دو، بند کرکے نہ رکھا کرو، ورنہ تم سے بھی بند کرکے رکھا جائے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2591
عبیداللہ بن سعید نے ہمیں بتایا۔ عبداللہ بن نمیر نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام بن عروہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے فاطمہ (بنت منذر) سے، فاطمہ نے (اپنی دادی) حضرت اسماءؓ (بنت ابی بکرؓ) سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے (ان سے) فرمایا: خرچ کرو، گنتی نہ رہا کرو، ورنہ اللہ تعالیٰ بھی تمہیں گن گن کر ہی دے گا۔ اور نہ روپیہ بند کرکے رکھا کرو، ورنہ اللہ بھی تم سے روک ہی رکھے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2592
یحيٰ بن بکیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے لیث (بن سعد) سے، لیث نے یزید سے، یزید نے بکیر سے، بکیر نے حضرت ابن عباسؓ کے آزاد کردہ غلام کریب سے روایت کی کہ حارث کی بیٹی حضرت میمونہ رضی اللہ عنہا (جو آنحضرت ﷺ کی زوجہ تھیں) نے انہیں بتایا کہ انہوں نے ایک لونڈی آزاد کردی اور نبی ﷺ سے اجازت نہ لی۔ جب ان کی باری کا وہ دن آیا جس میں آپؐ ان کے پاس آیا کرتے تھے، کہنے لگیں: یا رسول اللہ! کیا آپؐ کو علم ہے کہ میں نے اپنی لونڈی آزاد کردی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم نے اسے آزاد کردیا ہے؟ میں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: واہ اگر تم وہ لونڈی اپنے ننھیال والوں کو دے دیتیں تو یہ بات تمہارے ثواب کو زیادہ بڑھانے والی ہوتی۔ اور بکر بن مضر نے عمرو (بن حارث) سے، عمرو نے بکیر سے، بکیر نے کریب سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ حضرت میمونہؓ نے اپنی لونڈی کو آزاد کردیا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2593
حبان بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ (انہوں نے کہا:) یونس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی، کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ جب کسی سفر کا ارادہ کرتے تو اپنی ازواج کے درمیان قرعہ ڈالتے۔ پھر ان میں سے جس کا قرعہ نکلتا آپؐ اس کو اپنے ساتھ لے جاتے اور آپؐ ان میں سے ہر زوجہ کا دن اور اس کی رات مقرر کر دیتے تھے۔ مگر حضرت سودہؓ بنت زمعہ نے اپنا دِن اور اپنی رات نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہؓ کو دے دیا تھا۔ اس سے وہ رسول اللہ ﷺ کی خوشنودی چاہتی تھیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2594
اور بکر (بن مضر) نے عمرو (بن حارث) سے ہمیں بتایا۔ انہوں نے بکیر سے، بکیر نے حضرت ابن عباسؓ کے غلام کریب سے روایت کی کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت میمونہؓ نے اپنی ایک لونڈی آزاد کردی تو آپؐ نے ان سے فرمایا: اگر تم اپنے ننھیال والوں سے کسی کو دے کر صلہ رحمی کرتیں تو یہ بات تمہارے ثواب کو زیادہ کرنے کا موجب ہوتی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2595
محمد بن بشار نے مجھے بتایا۔ محمد بن جعفر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (عبدالمالک) ابوعمران جونی سے، انہوں نے طلحہ بن عبداللہ سے جو قبیلہ بنی تیم بن مرہ میں سے ایک شخص تھے۔ طلحہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: میں نے کہا: یا رسول اللہ! میرے دو پڑوسی ہیں ؛ تو ان میں سے کس کو میں ہدیہ بھیجوں؟ آپؐ نے فرمایا: ان میں سے اس کو جس کا دروازہ تم سے زیادہ نزدیک ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2596
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ نے مجھے بتایا۔ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے انہیں خبر دی کہ انہوں نے حضرت صعبؓ بن جثامہ لیثی سے سنا۔ وہ نبی ﷺ کے صحابہ میں سے تھے، بتلاتے تھے کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو ایک گورخر ہدیہ پیش کیا اور آپؐ اس وقت ابواء یا ودّان میں تھے اور احرام باندھے ہوئے تھے۔ آپؐ نے اسے لَوٹا دیا۔ حضرت صعبؓ کہتے تھے: جب آپؐ نے میرے چہرے سے معلوم کیا کہ میں نے آپؐ کے ہدیہ قبول نہ کرنے کو محسوس کیا ہے تو آپؐ نے فرمایا: یہ بات نہیں کہ ہم تمہارا ہدیہ واپس کر رہے ہیں، بلکہ بات یہ ہے کہ ہم احرام میں ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2597
عبداللہ بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عروہ بن زبیر سے، عروہ نے حضرت ابوحمید ساعدیؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے قبیلہ اَزد میں سے ایک شخص کو جسے ابن اُتبیہ کہتے تھے، زکوٰۃ وصول کرنے پر (کارکن) مقرر فرمایا۔ جب وہ آیا تو اس نے کہا: یہ تو آپ کا ہے اور یہ مجھے تحفہ دیا گیا تھا۔ آپؐ نے فرمایا: تو پھر وہ اپنے باپ کے گھر یا اپنی ماں کے گھر ہی کیوں نہ بیٹھا رہا اور پھر دیکھتا اسے تحفہ دیا جاتا ہے یا نہیں۔ اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، جو کوئی بھی تم میں سے (اس زکوٰۃ کے مال سے) کچھ لے گا تو وہ ضرور ہی قیامت کے دن اپنی گردن پر اس (مال) کو اٹھائے ہوئے آئے گا۔ اگر اُونٹ ہوگا تو وہ بڑبڑا رہا ہوگا، یا گائے ہوگی تو وہ بائیں بائیں کر رہی ہوگی، یا بکری ہوگی تو وہ مَیں مَیں کر رہی ہوگی۔ پھر آپؐ نے اپنے ہاتھ اُٹھائے، یہاں تک کہ ہم نے آپؐ کی بغلوں کی سپیدی دیکھ لی۔ (آپؐ نے فرمایا:) اے میرے اللہ! کیا میں نے تیرے حکم کو پہنچا دیا ہے۔ اے میرے اللہ! کیا میں نے تیرے حکم کو پہنچا دیا ہے۔ یہ فقرہ تین دفعہ فرمایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2598
علی بن عبداللہ نے ہمیں بتایا۔ سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا کہ (محمد) بن منکدر نے ہمیں بتایا (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت جابر ص سے سنا، کہتے تھے: نبی ﷺ نے مجھ سے فرمایا: اگر بحرین کا مال آیا تو میں تمہیں اس طرح دوں گا۔ تین بار فرمایا۔ تو وہ مال اس وقت آیا جب نبی ﷺ فوت ہوگئے تھے اور حضرت ابوبکرؓ نے ایک مُنادی کو حکم دیا تو اس نے مُنادی کی کہ نبی ﷺ کے ذمہ جس کا کوئی وعدہ یا قرضہ ہو تو چاہیے کہ وہ ہمارے پاس آئے۔ چنانچہ میں ان کے پاس گیا اور میں نے کہا: نبی ﷺ نے مجھ سے یہ وعدہ کیا تھا۔ تو حضرت ابوبکرؓ نے مجھے تین لپ بھر کر دئیے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2599
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن ابی ملیکہ سے، انہوں نے حضرت مِسور بن مخرمہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے کچھ قبائیں تقسیم کیں اور مخرمہؓ کو ان میں سے کوئی قبانہ دی۔ مخرمہؓ نے (اپنے لڑکے کو) کہا: بیٹا ! تم میرے ساتھ رسول اللہ ﷺ کے پاس چلو۔ میں ان کے ساتھ چلا گیا تو انہوں نے کہا: اندر جاؤ اور آنحضرت ﷺ سے کہو کہ میں آپؐ کو بلاتا ہوں۔ (مِسور) کہتے تھے: میں نے آپؐ سے کہا کہ میرے والد آپؐ کو بلاتے ہیں۔ آپؐ ان کے پاس باہر آئے اور آپؐ کے کندھوں پر ان میں سے ایک قبا تھی۔ آپؐ نے فرمایا: میں نے تمہارے لئے یہ چھپا رکھی تھی۔ (مِسور) کہتے تھے: میرے والد نے اسے دیکھا اور کہا: مخرمہ اب تو خوش ہوگیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2600
محمد بن محبوب نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد نے ہمیں بتایا (انہوں نے کہا:) معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے ، زہری نے حمید بن عبدالرحمن سے ، حمید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور اس نے کہا: میں ہلاک ہوگیا۔ آپؐ نے پوچھا: کیوں؟ اُس نے کہا: میں رمضان میں اپنی بیوی سے مباشرت کر بیٹھا۔ آپؐ نے فرمایا: ایک گردن آزاد کرنے کی طاقت رکھتے ہو؟ اس نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا دو ماہ لگاتار روزے رکھنے کی طاقت ہے؟ اس نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: آیا ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلا سکتے ہو؟ اس نے کہا: نہیں۔ حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے کہ اتنے میں ایک انصاری شخص کھجور کا ایک ٹوکرا لایا اور عرق یعنی یہ ٹوکرا پندرہ صاع کا ہوتا ہے۔ اس میں کھجوریں تھیں۔ آپؐ نے فرمایا: اسے لے جاؤ اور اسے صدقہ میں دے دو۔ اس نے پوچھا: یا رسول اللہ! جو ہم سے زیادہ محتاج ہو اُس کو دوں؟ اُسی ذات کی قسم جس نے آپؐ کو سچائی کے ساتھ بھیجا ہے، مدینہ کے دونوں پتھریلے کناروں کے درمیان کوئی گھر والے ہم سے بڑھ کر محتاج نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: جاؤ اپنے گھر والوں کو ہی کھلاؤ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2601
ہم سے عبدان نے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) ہمیں عبداللہ نے بتایا۔ (انہوں نے کہا:) ہمیں یونس نے خبر دی۔ اور لیث (بن سعد) نے کہا: مجھ سے یونس نے بیان کیا کہ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے کہا: مجھے ابن کعب بن مالک نے بتایا۔ ان کو حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما نے بتایا کہ ان کے باپ حضرت عبداللہ ؓ جنگ اُحد میں شہید ہوگئے تو ان کے قرض خواہوں نے اپنے قرضوں کا سختی سے مطالبہ شروع کردیا۔ میں رسول اللہ ﷺ کے پاس حاضر ہوا اور میں نے ساری بات آپؐ سے عرض کی۔ آپؐ نے قرض خواہوں سے کہا کہ وہ میرے باغ کا میوہ قبول کر لیں اور میرے باپ کو قرضہ سے آزاد کر دیں۔ انہوں نے یہ ماننے سے انکار کردیا۔ اِس پر رسول اللہ ﷺ نے اُن کو میرا باغ نہ دیا اور نہ ان کے لئے میوہ تڑوایا بلکہ فرمایا: میں کل صبح انشاء اللہ تمہارے پاس آؤں گا۔ چنانچہ جب صبح ہوئی تو آپؐ ہمارے پاس آئے اور کھجور کے درختوں میں اِدھر اُدھر پھرے اور ان کے لئے پھلوں میں برکت کی دعا مانگی۔ پھر میں نے ان خوشوں کو کاٹا اور ان قرض خواہوں کو ان کے حقوق ادا کر دئیے اور ان کھجوروں کے پھلوں سے تھوڑی سی کھجوریں ہمارے لئے بھی بچ رہیں۔ پھر میں رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا۔ آپؐ بیٹھے ہوئے تھے۔ میں نے آپؐ سے واقعہ بیان کیا تو رسول اللہ ﷺ نے حضرت عمر ؓ سے فرمایا: عمر ؓ سنو! اور وہ بھی بیٹھے ہوئے تھے۔ حضرت عمر ؓ نے کہا: یہ کیوں نہ ہوتا۔ بخدا ہمیں تو علم ہے کہ آپؐ یقینا اللہ کے رسول ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2602
یحيٰ بن قزعہ نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حازم سے، ابو حازم نے حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ کے پاس پینے کی کوئی شئے لائی گئی۔ آپؐ نے پی۔ آپؐ کے داہنی طرف ایک لڑکا تھا اور آپؐ کے بائیں طرف بڑی عمر والے تھے۔ آپؐ نے لڑکے سے پوچھا: تم مجھے اجازت دو کہ میں انہیں دیدوں۔ تو اس نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ سے جو حصہ مجھے ملا ہے میں تو اپنے سوا کسی کو نہ دوں گا۔ اس پر آپؐ نے اس کے ہاتھ میں پیالہ دے دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2603
ثابت بن محمد نے مجھ سے بیان کیا: مِسعر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محارب سے، محارب نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ میں نبی ﷺ کے پاس مسجد میں آیا اور آپؐ نے مجھے قیمت ادا کی اور زیادہ دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2604
محمد بن بشار نے ہمیں بتایا۔ غندر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محارب (بن دثار) سے روایت کی (محارب نے کہا:) میں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا، کہتے تھے: میں نے نبی ﷺ کے پاس ایک سفر میں ایک اُونٹ بیچا۔ جب ہم مدینہ میں آئے تو آپؐ نے فرمایا: مسجد میں آئو اور دو رکعتیں پڑھو۔ پھر آپؐ نے قیمت تول کر دی۔ شعبہ نے کہا: میں سمجھتا ہوں۔ (حضرت جابرؓ نے یوں کہا:) مجھے تول کر دیا اور ترازو کو جھکا دیا۔ تو اس میں سے کچھ میرے پاس ہمیشہ ہی رہا؛ یہاں تک کہ حرہ کی جنگ میں شام والوں نے اس کو لے لیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2605
قتیبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ابو حازم سے، ابو حازم نے حضرت سہل بن سعد ص سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ کے پاس پینے کی کوئی چیز لائی گئی اور آپؐ کے دائیں طرف ایک لڑکا تھا اور بائیں طرف بڑی عمر والے۔ آپؐ نے اس لڑکے سے فرمایا: کیا تم مجھے اجازت دیتے ہو کہ میں ان کو دے دوں؟ تو اس لڑکے نے کہا: اللہ کی قسم! آپؐ سے جو حصہ مجھے ملے؛ میں تو اسے کسی کو بھی نہ دوں گا۔ اس پر آپؐ نے وہ پیالہ اس کے ہاتھ میں دے دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah