کتاب 51: كتاب الهبة وفضلها والتحريض عليها
صحیح بخاری, حصہ 3
صحیح بخاری 2606
عبداللہ بن عثمان بن جبلہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میرے باپ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے سلمہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا، میں نے ابوسلمہ سے سنا۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کے ذمہ کسی شخص کا کچھ قرضہ تھا۔ (اس نے سختی سے مطالبہ کیا۔) آپؐ کے صحابہؓ اس کو مارنے کے لئے لپکے۔ آپؐ نے فرمایا: اسے چھوڑ دو کیونکہ حقدار کہتا ہی ہے اور فرمایا: اس کے لئے ایک سال کا اُونٹ خرید لو اور وہ اسے دے دو۔ صحابہؓ نے کہا: ہمیں یک سالہ اُونٹ نہیں ملتا، صرف وہ اُونٹ ہے جو اس کی عمر سے بڑھ کر ہے۔ آپؐ نے فرمایا: خرید لو اور وہی اس کو دے دو کیونکہ جو اپنے قرضہ کو اچھی طرح ادا کرتے ہیں وہی تم میں سے اچھے لوگ ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2607
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عُقَیل سے، عُقَیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے روایت کی کہ مروان بن حکم اور مِسوَر بن مخرمہ نے ان کو بتایا کہ نبی ﷺ نے جب آپؐ کے پاس ہوازن کے نمائندے مسلمان ہو کر آئے اور انہوں نے آپؐ سے درخواست کی کہ ان کے مال اور قیدی انہیں واپس کردیں۔ آپؐ نے ان سے فرمایا: میرے ساتھ وہ لوگ ہیں جنہیں تم دیکھ رہے ہو اور مجھے سب سے پیاری بات وہ ہے جو سچی ہو۔ اس لئے دو باتوں میں سے ایک بات جو بہتر ہو پسند کرلو۔ قیدیوں کو یا مال کو اور میں نے اسی لئے تقسیم میں دیر کی تھی۔ اور نبی ﷺ جب طائف سے لوٹے تھے تو دس سے کچھ اوپر راتیں ان کا انتظار کرتے رہے۔ جب انہیں اچھی طرح معلوم ہوگیا کہ نبی ﷺ انہیں واپس کرنے کے نہیں مگر دو چیزوں میں سے ایک چیز تو انہوں نے کہا: ہم اپنے قیدیوں کو ہی لینا پسند کرتے ہیں۔ اس پر آپؐ مسلمانوں میں کھڑے ہوئے اور اللہ کی وہ تعریف کی جو اس کی شان کے شایان ہے۔ پھر آپؐ نے فرمایا: اما بعد- دیکھو یہ تمہارے بھائی ہمارے پاس توبہ کر کے آئے ہیں اور میں مناسب سمجھتا ہوں کہ ان کو ان کے قیدی واپس کردوں۔ اس لئے جو خوشی سے ایسا کرنا چاہے واپس کردے اور جو یہ پسند کرے کہ اپنے حصے پر ہی رہے تو وہ بھی دے دے اور انتظار کرے، یہاں تک کہ اللہ اس کے بعد جو ہمیں پہلے مال غنیمت دے ہم اس میں سے اسے حصہ دے دیں۔ اس پر لوگوں نے کہا: یا رسول اللہ! ہم نے ان کیلئے یہ بات خوشی سے منظور کرلی ہے۔ پھر آپؐ نے صحابہؓ سے فرمایا: ہم نہیں جانتے کہ تم میں سے کس نے اجازت دی ہے اور کس نے اجازت نہیں دی۔ اس لئے تم واپس جاؤ اور تمہارے سربراہ ہمارے پاس تمہارے مشورہ کو پیش کریں۔ اس پر لوگ واپس چلے گئے اور ان کے سربراہوں نے ان سے گفتگو کی۔ اس کے بعد وہ نبی ﷺ کے پاس لَوٹ آئے۔ انہوں نے آپؐ کو بتایا کہ لوگوں نے خوشی سے اسے قبول کرلیا ہے اور ہوازن کو (قیدی لے جانے کی) اجازت دے دی ہے۔ اور یہ وہ خبر ہے جو ہوازن کے قیدیوں سے متعلق ہمیں پہنچی ہے۔ یہ الفاظ زہری کی بات کا آخری حصہ ہیں۔ یعنی یہ وہ خبر ہے جو ہمیں پہنچی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2608
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عُقَیل سے، عُقَیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے روایت کی کہ مروان بن حکم اور مِسوَر بن مخرمہ نے ان کو بتایا کہ نبی ﷺ نے جب آپؐ کے پاس ہوازن کے نمائندے مسلمان ہو کر آئے اور انہوں نے آپؐ سے درخواست کی کہ ان کے مال اور قیدی انہیں واپس کردیں۔ آپؐ نے ان سے فرمایا: میرے ساتھ وہ لوگ ہیں جنہیں تم دیکھ رہے ہو اور مجھے سب سے پیاری بات وہ ہے جو سچی ہو۔ اس لئے دو باتوں میں سے ایک بات جو بہتر ہو پسند کرلو۔ قیدیوں کو یا مال کو اور میں نے اسی لئے تقسیم میں دیر کی تھی۔ اور نبی ﷺ جب طائف سے لوٹے تھے تو دس سے کچھ اوپر راتیں ان کا انتظار کرتے رہے۔ جب انہیں اچھی طرح معلوم ہوگیا کہ نبی ﷺ انہیں واپس کرنے کے نہیں مگر دو چیزوں میں سے ایک چیز تو انہوں نے کہا: ہم اپنے قیدیوں کو ہی لینا پسند کرتے ہیں۔ اس پر آپؐ مسلمانوں میں کھڑے ہوئے اور اللہ کی وہ تعریف کی جو اس کی شان کے شایان ہے۔ پھر آپؐ نے فرمایا: اما بعد- دیکھو یہ تمہارے بھائی ہمارے پاس توبہ کر کے آئے ہیں اور میں مناسب سمجھتا ہوں کہ ان کو ان کے قیدی واپس کردوں۔ اس لئے جو خوشی سے ایسا کرنا چاہے واپس کردے اور جو یہ پسند کرے کہ اپنے حصے پر ہی رہے تو وہ بھی دے دے اور انتظار کرے، یہاں تک کہ اللہ اس کے بعد جو ہمیں پہلے مال غنیمت دے ہم اس میں سے اسے حصہ دے دیں۔ اس پر لوگوں نے کہا: یا رسول اللہ! ہم نے ان کیلئے یہ بات خوشی سے منظور کرلی ہے۔ پھر آپؐ نے صحابہؓ سے فرمایا: ہم نہیں جانتے کہ تم میں سے کس نے اجازت دی ہے اور کس نے اجازت نہیں دی۔ اس لئے تم واپس جاؤ اور تمہارے سربراہ ہمارے پاس تمہارے مشورہ کو پیش کریں۔ اس پر لوگ واپس چلے گئے اور ان کے سربراہوں نے ان سے گفتگو کی۔ اس کے بعد وہ نبی ﷺ کے پاس لوٹ آئے۔ انہوں نے آپؐ کو بتایا کہ لوگوں نے خوشی سے اسے قبول کرلیا ہے اور ہوازن کو (قیدی لے جانے کی) اجازت دے دی ہے۔ اور یہ وہ خبر ہے جو ہوازن کے قیدیوں سے متعلق ہمیں پہنچی ہے۔ یہ الفاظ زہری کی بات کا آخری حصہ ہیں۔ یعنی یہ وہ خبر ہے جو ہمیں پہنچی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2609
(محمد) بن مقاتل نے ہمیں بتایا کہ عبداللہ نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) شعبہ نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے سلمہ بن کہیل سے، سلمہ نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے ایک اُونٹ قرض لیا تھا۔ پھر اُونٹ والا آپؐ کے پاس آیا، آپؐ سے تقاضا کرنے لگا۔ صحابہ نے اس سے (سختی سے) بات کی۔ آپؐ نے فرمایا: حقدار کہا ہی کرتا ہے۔ پھر آپؐ نے اسے اس کے اُونٹ کی عمر سے بڑھ کر عمر والا اُونٹ دیا اور فرمایا: تم میں بہتر وہی ہیں جو قرضے کو خوبی سے ادا کریں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2610
عبداللہ بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ ابن عیینہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو سے، عمرو نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ وہ نبی ﷺ کے ساتھ کسی سفر میں تھے اور حضرت عمرؓ کے ایک اُونٹ پر سوار تھے جو منہ زور تھا اور نبی ﷺ سے آگے بڑھ جاتا اور ان کے والد انہیں کہتے: عبداللہؓ! نبی ﷺ سے کوئی آگے نہ بڑھے۔ نبی ﷺ نے حضرت عمرؓ سے فرمایا: میرے پاس یہ فروخت کر دو۔ حضرت عمرؓ نے کہا: یہ تو آپؐ ہی کا ہے۔ آپؐ نے اسے خرید لیا۔ اس کے بعد فرمایا: عبداللہؓ! یہ اب تمہارا ہی ہے۔ اس سے تم جو چاہو کام لو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2611
اور حمیدی نے کہا: سفیان نے ہم سے بیان کیا کہ عمرو (بن دینار) نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے ساتھ ہم ایک سفر میں تھے اور میں ایک منہ زور اُونٹ پر تھا۔ نبی ﷺ نے حضرت عمرؓ سے کہا: میرے پاس یہ بیچ دو۔ پھر آپؐ نے اسے خرید لیا اور نبی ﷺ نے فرمایا: عبداللہؓ یہ تمہارا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2612
عبداللہ بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت عمر بن خطابؓ نے مسجد کے دروازے کے پاس ایک ریشمی دھاریدار جوڑا (بکتے) دیکھا تو انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! اگر آپؐ اسے خرید لیں اور جمعہ کے دن اور نمائندوں سے ملنے کے وقت پہنا کریں تو مناسب ہوگا۔ آپؐ نے فرمایا: اسے تو وہی پہنتا ہے جس کا آخرت میں کوئی حصہ نہیں۔ اس کے بعد چند ریشمی جوڑے آئے تو رسول اللہ ﷺ نے اُن میں سے ایک جوڑا حضرت عمرؓ کو بھی دیا اور حضرت عمرؓ نے کہا: کیا آپؐ نے یہ مجھے پہننے کو دیا ہے حالانکہ عطارد کے جوڑے سے متعلق آپؐ فرما چکے ہیں جو فرما چکے ہیں۔ تو آپؐ نے فرمایا: میں نے تمہیں یہ اس لئے نہیں دیا کہ تم اسے پہنو۔ چنانچہ حضرت عمرؓ نے اپنے ایک بھائی کو وہ پہننے کے لئے دے دیا جو مکہ میں مشرک تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2613
محمد بن جعفر ابوجعفر نے ہم سے بیان کیا کہ ابن فضیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ حضرت فاطمہؓ کے گھر آئے۔ ان کے پاس اندر نہیں گئے (باہر سے ہی لَوٹ گئے۔) حضرت علیؓ آئے تو حضرت فاطمہؓ نے اُن سے یہ ذکر کیا۔ حضرت علیؓ نے نبی ﷺ سے اس کا ذکر کیا، تو آپؐ نے فرمایا: میں نے اس کے دروازہ پر منقش پردہ دیکھا تھا۔ آپؐ نے فرمایا: مجھے دنیا سے کیا واسطہ۔ یہ سن کر حضرت علیؓ حضرت فاطمہؓ کے پاس آئے اور ان سے یہ ماجرہ بیان کیا تو انہوں نے کہا: آنحضرت ﷺ سے عرض کریں آپؐ جو چاہیں مجھے اس کی نسبت فرمائیں۔ آپؐ نے فرمایا: فلاں گھر والوں کو وہ بھیج دو۔ انہیں اس کی ضرورت ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2614
حجاج بن منہال نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے کہا: مجھے عبدالملک بن میسرہ نے خبر دی کہ عبد الملک نے کہا: میں نے زید بن وہب سے سنا۔ وہ حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے تھے۔ انہوں نے کہا: نبیؐ نے مجھے ایک دھاری دار ریشمی جوڑا دیا۔ میں نے وہ پہن لیا۔ پھر میں نے آپؐ کے چہرے میں ناراضگی دیکھی۔ میں نے اسے پھاڑ کر اپنی عورتوں میں تقسیم کر دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2615
عبداللہ بن محمد نے ہمیں بتایا کہ یونس بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ شیبان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے روایت کی، (کہا:) حضرت انس رضی اللہ عنہ نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کو باریک ریشمی کپڑے کا ایک چوغہ تحفہ دیا گیا اور آپؐ ریشمی کپڑے پہننے سے منع فرمایا کرتے تھے۔ وہ کپڑا دیکھ کر لوگوں کو تعجب ہوا۔ آپؐ نے فرمایا: اُسی ذات کی قسم! جس کے ہاتھ میں محمدؐ کی جان ہے سعدؓ بن معاذ کے تو رومال جنت میں اس سے زیادہ خوبصورت ہوں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2616
اور سعید (بن ابی عروبہ) نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی کہ دومۃ الجندل کے اُکیدر نے نبی ﷺ کو تحفہ بھیجا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2617
عبداللہ بن عبدالوہاب نے ہمیں بتایا کہ خالد بن حارث نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن زید سے، ہشام نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ایک یہودی عورت نبی ﷺ کے پاس زہر آلودہ بکری لائی۔ آپؐ نے اس میں سے کچھ کھایا، پھر اس عورت کو لایا گیا۔ (آپؐ سے) دریافت کیا گیا: کیا ہم اسے قتل نہ کردیں؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔ (حضرت انسؓ کہتے تھے:) میں نے ہمیشہ محسوس کیا کہ اس زہر کا اثر رسول اللہ ﷺ کے تالوئوں میں ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2618
ابو النعمان نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ابوعثمان سے، ابوعثمان نے حضرت عبدالرحمن بن ابی بکر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے ساتھ ایک سو تیس آدمی تھے۔ نبی ﷺ نے پوچھا: کیا تم میں سے کسی کے پاس کھانا ہے؟ دیکھا تو ایک شخص کے پاس ایک صاع یا اس کے قریب قریب کچھ آٹا ہے۔ وہ گوندھا گیا، اس کے بعد ایک مشرک شخص پراگندہ بال، دراز قامت بکریاں ہانکتا ہوا پہنچا۔ نبی ﷺ نے پوچھا: بیچنی ہیں یا یونہی دینی ہیں۔ عطیہ کا لفظ فرمایا یا ہبہ کا۔ اس نے کہا: یونہی نہیں بلکہ بیچنی ہیں۔ تو آپؐ نے اس سے ایک بکری خریدی۔ وہ ذبح کرکے پکانے کے لئے تیار کی گئی۔ آپؐ نے فرمایا: کلیجی بھونی جائے اور بخدا ایک سو تیس آدمیوں میں ایک بھی نہ تھا جس کو نبی ﷺ نے اس بکری کی کلیجی سے ایک ٹکڑا کاٹ کر نہ دیا ہو۔ اگر کوئی موجود تھا تو اسے دے دیا اور اگر موجود نہ تھا تو آپؐ نے اس کے لئے محفوظ کرلیا اور اس کے گوشت سے دو بڑے بڑے پیالے تیار کئے گئے اور سب نے کھایا اور ہم سیر ہوگئے اور دونوں پیالوں میں گوشت بچ رہا۔ ہم نے اس کو اُونٹ پر رکھ لیا یا کچھ ایسے ہی الفاظ تھے جو راوی نے کہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2619
خالد بن مخلد نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان بن بلال نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبداللہ بن دینار نے مجھے بتایا۔ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: حضرت عمرؓ نے ایک شخص (عطارد بن حاجب) کے پاس ایک ریشمی جوڑا دیکھا جو فروخت کیا جا رہا تھا تو انہوں نے نبی ﷺ سے کہا: آپؐ یہ ریشمی جوڑا خرید لیں، اسے جمعہ کے دن پہنا کریں اور اس وقت بھی جب آپؐ کے پاس نمائندے آئیں۔ تو آپؐ نے فرمایا: یہ تو وہی پہنتا ہے جو آخرت میں بے نصیب ہو۔ پھر رسول اللہ ﷺ کے پاس ویسے ہی ریشمی جوڑے لائے گئے تو آپؐ نے اُن میں سے ایک جوڑا حضرت عمرؓ کو بھیجا۔ حضرت عمرؓ نے کہا: میں اسے کیسے پہنوں؛ حالانکہ آپؐ اس کی نسبت فرما چکے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: میں نے یہ تمہیں اس لئے نہیں دیا کہ تم اسے پہنو۔ تم اسے بیچ لو یا کسی اور کو پہنا دو، تو حضرت عمرؓ نے اسے اپنے ایک بھائی کو بھیج دیا جو ابھی تک مکہ والوں میں ہی تھا، ابھی مسلمان نہیں ہوا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2620
عبید بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہما سے روایت کی، کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں میری والدہ میرے پاس آئیں اور وہ ابھی مشرک ہی تھیں۔ میں نے رسول اللہ ﷺ سے فتویٰ پوچھا۔ میں نے کہا: میری والدہ شوق سے میرے پاس آئی ہیں۔ کیا میں ان سے نیک سلوک کروں؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ اپنی والدہ سے نیک سلوک کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2621
مسلم بن ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ ہشام اور شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ اُن دونوں نے کہا: قتادہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: اپنے ہبہ میں لَوٹنے والا ایسا ہی ہے جیسا وہ جو اپنی قے چاٹتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2622
اور عبدالرحمان بن مبارک نے مجھے بتایا کہ عبدالوارث نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) ایوب (سختیانی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: ہماری مثال اُس برے شخص کی سی نہیں جو اپنے ہبہ سے پھرتا ہے، جیسے کتا قے کرکے چاٹتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2623
یحيٰ بن قزعہ نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زید بن اسلم سے، زید نے اپنے باپ سے روایت کی کہ میں نے حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے سنا، کہتے تھے: میں نے اللہ کی راہ میں ایک گھوڑا سواری کے لئے دیا تو جس کے پاس وہ تھا اس نے اس کو خراب کردیا۔ اس لئے میں نے چاہا کہ اس سے وہ خرید لوں اور میں نے خیال کیا کہ وہ اس کو سستا ہی فروخت کرے گا۔ میں نے اس کے متعلق نبی ﷺ سے پوچھا تو آپؐ نے فرمایا: اسے نہ خریدیں اگر چہ وہ تمہیں ایک درہم پر ہی کیوں نہ دے کیونکہ اپنے صدقہ میں لَوٹنے والا اس کتے کی طرح ہے جو اپنی قے چاٹتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2624
ابراہیم بن موسیٰ نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشام بن یوسف نے ہمیں خبر دی کہ ابن جریج نے انہیں بتایا۔ کہتے تھے: عبداللہ بن عبید اللہ بن ابی ملیکہ نے مجھے بتایا کہ ابن جدعان کے آزاد کردہ غلام صہیب کے بیٹوں نے خواب گاہ کے دو کمروں اور ایک کوٹھڑی کا دعویٰ کیا۔ اس بنا پر کہ رسول اللہ ﷺ نے یہ صہیب کو دئیے تھے تو مروان نے کہا: تمہارے لئے اس بات کی کوئی گواہی دے گا؟ انہوں نے کہا: (حضرت عبداللہ) بن عمرؓ۔ مروان نے ان کو بلایا اور انہوں نے گواہی دی کہ رسول اللہ ﷺ نے صہیب کو یقینا دو سونے کے کمرے اور ایک کوٹھڑی دی تھی۔ چنانچہ مروان نے حضرت عبداللہؓ کی شہادت کی بناء پر اُن کے حق میں فیصلہ کر دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2625
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ شیبان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (ابن ابی کثیر) سے، یحيٰ نے ابو سلمہ سے، ابو سلمہ نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے عمریٰ سے متعلق فیصلہ فرمایا کہ وہ اسی کا ہے جسے دیا گیا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah