کتاب 52: كتاب الشهادات
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2637
حجاج (بن منہال) نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن عمر نمیری نے ہمیں بتایا کہ ثوبان نے ہم سے بیان کیا۔ اور لیث (بن سعد) نے کہا: یونس نے مجھے بتایا کہ ابن شہاب سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: عروہ بن زبیر اور (سعید) بن مسیب اور علقمہ بن وقاص اور عبیداللہ بن عبداللہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے واقعہ سے متعلق مجھے بتایا اور ان کی روایت کی بعض باتیں ایک دوسرے کی تصدیق کرتی ہیں۔ یعنی جب بہتان باندھنے والوں نے (حضرت عائشہؓ پر) بہتان باندھا تھا، تو رسول اللہ ﷺ نے حضرت علیؓ اور حضرت اُسامہؓ کو بلایا۔ یہ اس وقت ہوا جب وحی رُک گئی تھی۔ آپؐ نے ان دونوں سے اپنی زوجہ کو چھوڑ دینے کے بارے میں مشورہ چاہا۔ حضرت اُسامہؓ نے تو یہ کہا: آپؐ کی زوجہ ہیں اور ہم بھلائی کے سوا کچھ نہیں جانتے۔ بریرہؓ نے کہا: میں نے ان میں کوئی ایسی بات نہیں دیکھی جس کو میں ان کے لیے معیوب سمجھوں۔ زیادہ سے زیادہ یہ بات ہے ایک کم عمر لڑکی ہیں۔ اپنے گھر والوں کا گُندھا آٹا چھوڑ کر سوجاتی ہیں اور بکری آتی ہے اسے کھا جاتی ہے۔ اس پر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کون ہے جو ایسے شخص کا الزام ہم سے دور کرے جس نے میری بیوی کی نسبت مجھے سخت تکلیف دی ہے؟ بخدا مجھے اپنی بیوی کے بارے میں سوائے بھلائی کے اور کسی بات کا علم نہیں۔ اور وہ لوگ ایسے شخص کا ذکر کرتے ہیں۔ جس کی نسبت بھی میں یہی جانتا ہوں کہ وہ اچھا (انسان) ہے۔
صحیح بخاری 2638
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی کہ سالم نے کہا: میں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابی بن کعبؓ انصاری چل پڑے۔ دونوں کا رخ اس نخلستان کی طرف تھا جس میں ابن صیاد رہتا تھا۔ جب رسول اللہ ﷺ وہاں پہنچے تو آپؐ کھجوروں کے تنوں کی آڑ میں اپنے آپ کو چھپائے ہوئے چلنے لگے اور آپؐ کی کوشش تھی کہ چپکے سے ابن صیاد سے کچھ سن لیں، پیشتر اس کے کہ وہ آپؐ کو دیکھ پائے اور ابن صیاد اپنے بستر پر اپنی چادر میں لپٹا ہوا تھا۔ چادر میں سے گنگناہٹ کی آواز آرہی تھی۔ ابن صیاد کی ماں نے نبی ﷺ کو دیکھ لیا جبکہ آپؐ کھجوروں کے تنوں کی آڑ میں بچتے بچاتے آرہے تھے۔ اس نے ابن صیاد سے کہا: یہ محمدؐ آگئے ہیں۔ ابن صیاد رک گیا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اگر (اس کی ماں) اسے رہنے دیتی تو وہ (اپنے آپ کو) ظاہر کردیتا۔
صحیح بخاری 2639
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے مجھ سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ رفاعہ قرظی کی بیوی (تمیمہ) نبی ﷺ کے پاس آئی اور اس نے کہا: میں رفاعہ کے پاس تھی تو اس نے مجھے طلاق دے دی ہے اور طلاق بھی قطعی۔ اس پر میں نے عبدالرحمن بن زبیرؓ سے نکاح کر لیا مگر اس کا تو کپڑے کے حاشیہ کی طرح ہے۔ آپؐ نے پوچھا: کیا تو رفاعہ کے پاس واپس جانا چاہتی ہے۔ یہ نہیں ہو سکتا جب تک کہ تو اس سے فائدہ نہ اٹھائے اور وہ تجھ سے فائدہ نہ اٹھائے۔ اس وقت حضرت ابوبکرؓ آپؐ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے اور حضرت خالد بن سعیدؓ بن عاص دروازے پر انتظار کر رہے تھے کہ ان کو اندر آنے کی اجازت دی جائے۔ (خالدؓ نے پُکار کر) کہا: ابوبکرؓ کیا آپؓ اس کی بات سن رہے ہیں جو یہ نبی ﷺ کے پاس کھلم کھلا بیان کر رہی ہے؟
صحیح بخاری 2640
حبان (بن موسیٰ) نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی کہ عمر بن سعید بن ابی حسین نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: عبداللہ بن ابی ملیکہ نے حضرت عقبہ بن حارثؓ سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا کہ انہوں نے ابواِہاب بن عزیز کی بیٹی سے شادی کی تو ان کے پاس ایک عورت آئی تو اس نے کہا: میں نے عقبہؓ کو اور اسی عورت کو جس سے انہوں نے شادی کی ہے، دودھ پلایا تھا تو عقبہؓ نے اس سے کہا: میں نہیں جانتا کہ تم نے مجھے دودھ پلایا تھا اور نہ تم نے مجھے بتایا۔ پھر عقبہؓ نے ابواِہاب کے خاندان سے پچھوا بھیجا۔ انہوں نے کہا: ہم نہیں جانتے کہ اس عورت نے ہمارے ساتھی کو دودھ پلایا ہو۔ اس پر وہ سوار ہو کر نبی ﷺ کے پاس مدینہ پہنچے اور انہوں نے آپؐ سے پوچھا، تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اب کیا ہو جبکہ یہ بات کہی گئی ہے۔ اس پر عقبہؓ نے اس عورت کو چھوڑ دیا اور ایک اور بیوی سے نکاح کیا۔
صحیح بخاری 2641
حکم بن نافع نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حمید بن عبدالرحمن بن عوف نے مجھ سے بیان کیا کہ عبداللہ بن عتبہ نے کہا: میں نے حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں بعض لوگوں سے وحی کی بناء پر مؤاخذہ کیا جاتا تھا اور اب وحی تو منقطع ہو چکی ہے اور ہم تم سے صرف تمہارے انہی عملوں کی بناء پر مواخذہ کریں گے جو ہم پر ظاہر ہوں۔ سو جس نے ہمیں بھلے کام دکھائے ہم اس سے مطمئن ہوں گے اور اس کو ہم اپنے قریب کریں گے اور اس کے اَندرُونے کا ہم سے کچھ واسطہ نہیں۔ اللہ اس کے اَندرُونے کا (اس سے) حساب لے گا۔ اور جس نے ہمیں برے کام دِکھلائے ہم اس سے مطمئن نہیں ہوں گے اور نہ اسے سچا سمجھیں گے، اگرچہ وہ یہ دعویٰ کرے کہ اس کا اَندرُونہ اچھا ہے۔
صحیح بخاری 2642
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ثابت سے، ثابت نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے پاس سے ایک جنازہ لے کر گزرے۔ لوگوں نے اس کی اچھی تعریف کی۔ آپؐ نے فرمایا: اس کے لئے (جنت) واجب ہوگئی۔ پھر اس کے بعد ایک اور (جنازہ) لے کر آپؐ کے پاس سے گزرے اور لوگوں نے اس کی مذمت کی یا راوی نے اس کے علاوہ اور لفظ کہا: تو آپؐ نے فرمایا: اس کے لئے (دوزخ) واجب ہوگئی۔ آپؐ سے کہا گیا: یا رسول اللہ! آپؐ نے اس کے لئے بھی فرمایا کہ (جنت) واجب ہو گئی اور اس کے لئے بھی فرمایا (آگ) واجب ہوگئی۔ آپؐ نے فرمایا: جماعت کی گواہی ہے۔ مومن تو زمین میں اللہ کے گواہ ہیں۔
صحیح بخاری 2643
موسیٰ بن اسماعیل نے ہمیں بتایا کہ دائود بن ابی الفرات نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن بریدہ نے ابوالاسود سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ انہوں نے کہا: میں مدینہ میں آیا اور اس میں وبا تھی اور لوگ بری موت مر رہے تھے۔ میں حضرت عمر ص کے پاس بیٹھ گیا تو اتنے میں ایک جنازہ گزرا۔ اس کی اچھی تعریف کی گئی اور حضرت عمرؓ نے کہا: واجب ہوگئی۔ پھر دوسرا جنازہ گزرا اور اس کی بھی اچھی تعریف کی گئی اور حضرت عمرؓ نے کہا: واجب ہوگئی۔ پھر تیسرا گزرا اور اس کی مذمت کی گئی، تو حضرت عمرؓ نے کہا: واجب ہوگئی۔ میں نے پوچھا: امیر المؤمنین! یہ واجب ہوگئی کیا ہے؟ انہوں نے کہا: میں نے وہی کہا جو نبی ﷺ نے فرمایا تھا۔ جس مسلمان کے حق میں چار شخص بھلائی کی گواہی دیں اس کو اللہ جنت میں داخل کر دے گا۔ ہم نے پوچھا: اور تین بھی۔ آپ نے فرمایا: تین بھی۔ ہم نے کہا: دو بھی۔ آپ نے فرمایا: دو بھی۔ پھر اس کے بعد ہم نے ایک کے متعلق نہیں پوچھا۔
صحیح بخاری 2644
آدم نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا ( کہ انہوں نے کہا:) حکم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عراک بن مالک سے، عراک نے عروہ بن زبیر سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی، کہتی تھیں: افلح نے مجھ سے اندر آنے کی اجازت مانگی۔ میں نے ان کو اجازت نہیں دی۔ انہوں نے کہا: کیا تم مجھ سے پردہ کرتی ہو بحالیکہ میں تمہارا چچا ہوں۔ میں نے کہا: یہ کیسے؟ تو انہوں نے کہا: میری بھاوج نے تم کو میرے بھائی کا دودھ پلایا ہے، کہتی تھیں: میں نے اس کی بابت رسول اللہ ﷺ سے پوچھا تو آپؐ نے فرمایا: افلح نے سچ کہا ہے، اسے اندر آنے کی اجازت دو۔
صحیح بخاری 2645
مسلم بن ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ ہمام نے ہم سے بیان کیا کہ قتادہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے جابر بن زید سے، جابر نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے حضرت حمزہؓ کی بیٹی سے متعلق فرمایا کہ وہ میرے لئے جائز نہیں۔ جو رشتہ نسب کی وجہ سے حرام ہوتا ہے وہ رضاعت کی وجہ سے بھی حرام ہوتا ہے۔ وہ میری رضاعی بھتیجی ہے۔
صحیح بخاری 2646
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن ابی بکر سے، عبداللہ نے عمرہ بنت عبدالرحمن سے روایت کی کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے انہیں بتایا کہ نبی ﷺ ان کے پاس تھے اور انہوں نے ایک شخص کی آواز سنی جو حضرت حفصہؓ کے گھر میں آنے کی اجازت مانگ رہا تھا۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: میں نے کہا: یا رسول اللہ! میرا خیال ہے کہ یہ فلاں شخص ہے، حفصہؓ کا رضاعی چچا۔ (ایک نسخہ بخاری میں یوں ہے:) حضرت عائشہؓ نے کہا: یا رسول اللہ! یہ مرد آپؐ کے گھر میں آنے کی اجازت مانگتا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میرا خیال ہے یہ فلاں ہے جو حفصہؓ کا رضاعی چچا ہے، تو حضرت عائشہؓ نے کہا: اگر فلاں زندہ ہوتا یعنی اپنے رضاعی چچا کی نسبت کہا تو وہ بھی میرے پاس آتا۔ رسول اللہ ﷺ نےفرمایا: ہاں۔ رضاعت بھی انہی رِشتوں کو محرم بنا دیتی ہے جو پیدائش کی وجہ سے محرم ہوتے ہیں۔
صحیح بخاری 2647
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اشعث بن ابی شعثاء سے، اشعث نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے مسروق سے روایت کی کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں کہ نبی ﷺ (میرے پاس) آئے اور اُس وقت میرے پاس ایک شخص تھا، فرمایا: عائشہؓ یہ کون ہے؟ میں نے کہا: میرا رضاعی بھائی۔ آپؐ نے فرمایا: عائشہؓ! تم عورتیں دیکھ لیا کرو، کون تمہارا بھائی ہے؟ کیونکہ رضاعت (دراصل) وہی ہے جس میں دودھ کی مقدار اتنی ہو جس سے بچہ سیر ہو جائے۔ (محمد بن کثیر کی طرح عبدالرحمن) بن مہدی نے بھی سفیان (ثوری) سے نقل کرتے ہوئے یہی روایت بیان کی۔
صحیح بخاری 2648
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، کہا: (عبداللہ) بن وہب نے مجھے بتایا۔ انہوں نے یونس سے روایت کی۔ اور لیث نے کہا: یونس نے مجھے بتایا۔ ابن شہاب سے روایت ہے کہ عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا۔ ایک عورت نے فتح مکہ کے دِنوں میں چوری کی اور وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس لائی گئی۔ آپؐ نے اس کے متعلق فیصلہ فرمایا اور اس کا ہاتھ کاٹا گیا۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: اس کی توبہ اچھی ہوئی اور اس نے شادی کی اور اس کے بعد جب بھی وہ آتی تو میں اس کی ضرورت رسول اللہ ﷺ کے حضور پیش کر دیتی۔
صحیح بخاری 2649
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبید اللہ بن عبداللہ سے، عبیداللہ نے حضرت زید بن خالد رضی اللہ عنہ سے، حضرت زیدؓ نے رسول اللہ ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے اس شخص کو سو کوڑے لگائے اور ایک سال جلا وطن کئے جانے کا حکم دیا جس نے زنا کیا تھا اور وہ شادی شدہ نہ تھا۔
صحیح بخاری 2650
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ ابوحیان (یحيٰ بن سعید) تیمی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبی سے، شعبی نے حضرت نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہما سے روایت کی، کہتے تھے: میری ماں نے میرے باپ سے کہا کہ نعمان کیلئے اپنے مال سے کچھ ہبہ کردیں (وہ نہ مانے) پھر انہیں خیال آیا اور انہوں نے میرے لئے ہبہ کردیا۔ میری ماں نے کہا: میں خوش نہ ہوں گی جب تک تم نبی ﷺ کو گواہ نہ ٹھہرائو گے تو انہوں نے میرا ہاتھ پکڑا اور میں اُس وقت بچہ ہی تھا اور نبی ﷺ کے پاس مجھے لے گئے اور کہا: اس کی ماں نے جو رواحہ کی بیٹی ہیں مجھ سے مطالبہ کیا ہے کہ میں اس کے لئے ہبہ کردوں۔ آپؐ نے پوچھا: کیا اس کے سوا تمہاری اور اولاد بھی ہے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ (نعمان) کہتے تھے: میں سمجھتا ہوں، آپؐ نے فرمایا: مجھے ظلم کی بات پر گواہ نہ ٹھہرائو۔ اور ابوحریز نے شعبی سے یوں نقل کیا: میں ظلم کی بات پر گواہ نہیں بنتا۔
صحیح بخاری 2651
آدم نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابو جمرہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے زہدم بن مضرب سے سنا۔ زہدم نے کہا: میں نے حضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہما سے سنا۔ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا ہے: تم میں سب سے اچھے وہ لوگ ہیں جو میرے زمانے کے ہیں۔ پھر وہ لوگ جو اُن کے بعد ہیں۔ پھر وہ جو اُن کے بعد ہوں گے۔ عمران کہتے تھے: میں نہیں جانتا کہ نبی ﷺ نے اس کے بعد دو زمانوں کا ذکر کیا یا تین کا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: تمہارے بعد ایسے لوگ ہوں گے جو خیانتیں کریں گے اور ان پر اعتبار نہیں کیا جائے گا اور وہ خود بخود گواہی دیں گے حالانکہ ان سے گواہی طلب نہ کی جائے گی اور نذر مانیں گے اور پوری نہ کریں گے اور موٹاپا انہیں خوب ہوگا۔
صحیح بخاری 2652
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے عبیدہ (سلمانی) سے، عبیدہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: سب سے بہتر لوگ وہ ہیں جو میرے زمانہ کے ہیں۔ پھر وہ جو اس کے بعد ہیں۔ پھر وہ جو اُن کے بعد ہوں گے۔ پھر ایسے لوگ آئیں گے کہ ان میں سے ایک حلفیہ شہادت سے پہلے ہی شہادت دینے لگے گا بحالیکہ دیکھا کچھ بھی نہیں ہوگا اور قسم طلب کئے جانے پر فوراً قسم کھا لے گا۔ ابراہیم (نخعی) نے کہا: ہم تو (بچپن میں) گواہ بننے اور قول و پیمان کرنے کی وجہ سے پیٹے جاتے تھے۔
صحیح بخاری 2653
عبداللہ بن منیر نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے وہب بن جریر اور عبدالملک بن ابراہیم سے سنا کہ ان دونوں نے کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ بن ابی بکر بن انس سے، عبیداللہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ سے بڑے گناہوں کی نسبت دریافت کیا گیا تو آپؐ نے فرمایا: اللہ کا شریک ٹھہرانا اور والدین کی نافرمانی اور کسی نفس کا ناحق قتل کرنا اور جھوٹی گواہی دینا (یہ سب سے بڑے گناہ ہیں۔) (وہب بن جریر کی طرح) غندر (محمد بن جعفر) اور ابوعامر (عقدی) اور بہز (بن اَسد) اور عبدالصمد (بن عبدالوارث) نے بھی شعبہ سے یہی روایت نقل کی ہے۔
صحیح بخاری 2654
مسدد نے ہمیں بتایا۔ بشر بن مفضل نے ہم سے بیان کیا کہ جریری نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمن بن ابوبکرہ سے، عبدالرحمن نے اپنے باپ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے تین بار فرمایا: کیا میں تمہیں بڑے گناہ نہ بتائوں؟ صحابہ نے کہا: کیوں نہیں یا رسول اللہ! فرمائیں؟ آپؐ نے فرمایا: اللہ کا شریک ٹھہرانا اور والدین کی نافرمانی اور آپؐ تکیہ لگائے تھے، اُٹھ کر بیٹھ گئے اور فرمایا: ہوشیار رہو جھوٹ بولنا بھی۔ کہتے تھے: آپؐ اسے اتنی بار دہراتے رہے کہ ہم نے کہا: کاش! آپؐ خاموش ہو جائیں۔ اور اسماعیل بن ابراہیم نے یوں روایت کی: ہم سے جریری نے بیان کیا کہ عبدالرحمن نے ہمیں بتایا۔
صحیح بخاری 2655
محمد بن عبید بن میمون نے ہم سے بیان کیا کہ عیسیٰ بن یونس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ نے ایک شخص کو مسجد میں (قرآن مجید) پڑھتے سنا تو آپؐ نے فرمایا: اللہ اس پر رحم کرے، اس نے تو مجھے فلاں فلاں آیت یاد دِلا دی ہے جنہیں میں فلاں فلاں سورۃ میں بھول گیا تھا۔ اور عباد بن عبداللہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کرتے ہوئے اتنا اور بڑھایا کہ نبی ﷺ میرے گھر میں تہجد کی نماز پڑھ رہے تھے کہ اتنے میں آپؐ نے عباد (بن بشیرؓ ) کی آواز سنی جو مسجد میں نماز پڑھ رہے تھے۔ تو آپؐ نے پوچھا۔ عائشہؓ ! کیا یہ عباد کی آواز ہے؟ میں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: اے اللہ! عباد پر رحم کر۔
صحیح بخاری 2656
مالک بن اسماعیل نے ہمیں بتایا کہ عبدالعزیز بن ابی سلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابن شہاب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سالم بن عبداللہ سے، سالم نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: دیکھو بلالؓ رات کو اذان دیتے ہیں، تم کھاتے پیتے رہو، یہاں تک کہ ابن امّ مکتومؓ اذان دے یا فرمایا: یہاں تک کہ تم ابن امّ مکتومؓ کی اذان سنو۔ اور حضرت ابن امّ مکتومؓ نابینا شخص تھے وہ اذان نہیں دیا کرتے تھے جب تک کہ لوگ ان کو نہ کہتے کہ صبح ہوگئی ہے۔