کتاب 52: كتاب الشهادات
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 2657
زیاد بن یحيٰ نے ہمیں بتایا۔ حاتم بن وردان نے ہم سے بیان کیا کہ ایوب (سختیاتی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن ابی ملیکہ سے، عبداللہ نے حضرت مِسور بن مخرمہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی، انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے پاس کچھ قبائیں آئیں تو میرے باپ مخرمہؓ نے مجھ سے کہا کہ آنحضرت (ﷺ) کے پاس میرے ساتھ چلو، اُمید ہے کہ آپؐ ان میں سے ہمیں بھی دیں گے۔ میرے باپ دروازے پر کھڑے ہو گئے اور باتیں کرنے لگے۔ نبی ﷺ نے ان کی آواز پہچانی اور باہر نکلے۔ آپؐ کے پاس ایک قبا تھی۔ آپؐ ان کو اس قبا کی خوبیاں دکھانے لگے اور آپؐ یہ بھی فرماتے تھے کہ یہ میں نے تمہارے لئے چھپا رکھی تھی۔ یہ میں نے تمہارے لیے چھپا رکھی تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2658
(سعید) بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا: زید (بن اسلم) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عیاض بن عبداللہ سے، عیاض نے حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: کیا عورت کی شہادت مرد کی شہادت کے نصف کے برابر نہیں؟ انہوں نے کہا: کیوں نہیں۔ آپؐ نے فرمایا کہ یہ اس کی عقل کی کمی کے سبب سے ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2659
ابوعاصم (ضحاک بن مخلد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے، ابن جریج نے ابن ابی ملیکہ سے، انہوں نے عقبہ بن حارث سے روایت کی۔ اور علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا۔ یحيٰ بن سعید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے ابن ابی ملیکہ سے سنا۔ کہتے تھے: حضرت عقبہ بن حارثؓ نے مجھ سے بیان کیا یا (کہا:) میں نے ان سے سنا کہ انہوں نے امّ یحيٰ بنت ابی اہاب (تمیمہ) سے شادی کی، کہتے تھے: پھر ایک کالی لونڈی آئی اور اس نے کہا: میں تم دونوں کو دودھ پلا چکی ہوں۔ میں نے اس کا ذکر نبی ﷺ سے کیا تو آپؐ نے مجھ سے منہ پھر لیا۔ کہتے تھے: میں دوسری طرف سے آپؐ کے سامنے آیا۔ میں نے آپؐ سے یہ ذکر کیا۔ آپؐ نے فرمایا: اب کیسے اکٹھے رہ سکتے ہو، جب وہ کہتی ہے کہ وہ تم دونوں کو دودھ پلا چکی ہے۔ تو آپؐ نے ان کو اس عورت سے روک دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2660
ابو عاصم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمر بن سعید سے، عمر نے ابن ابی ملیکہ سے، انہوں نے عقبہ بن حارث سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے ایک عورت سے شادی کی۔ پھر ایک عورت آئی اور کہنے لگی: میں نے تم دونوں کو دودھ پلایا ہے۔ میں نبی ﷺ کے پاس آیا تو آپؐ نے فرمایا: اب کیسے ہو جبکہ یہ کہا گیا ہے، اسے چھوڑ دو یا آپؐ نے کچھ ایسا ہی فرمایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2661
ابو ربیع سلیمان بن دائود نے ہم سے بیان کیا اور احمد (بن یونس) نے بھی اس حدیث کا ایک حصہ مجھے سمجھایا۔ (انہوں نے کہا:) ہمیں فلیح بن سلیمان نے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب زہری سے، ابن شہاب نے عروہ بن زبیر اور سعید بن مسیب اور علقمہ بن وقاص لیثی اور عبید اللہ بن عبداللہ بن عتبہ سے، انہوں نے نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ جب تہمت لگانے والوں نے ان کی نسبت کہا جو کہا اور پھر اللہ تعالیٰ نے ان کو اس تہمت سے بری کیا۔ زہری کہتے تھے کہ ان میں سے ہر ایک نے حضرت عائشہؓ کے واقعہ کا ایک ایک ٹکڑہ مجھ سے بیان کیا اور ان میں سے بعض دوسروں سے زیادہ یاد رکھنے والے تھے اور بیان کرنے میں زیادہ ثقہ۔ اور میں نے ان میں سے ہر ایک کی بات یاد رکھی ہے جو اس نے حضرت عائشہؓ سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتائی اور ان کے بیان کا ایک حصہ دوسرے کی تصدیق کرتا تھا۔ وہ کہتے تھے کہ حضرت عائشہؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ جب کسی سفر میں نکلنے کا ارادہ فرماتے تو آپؐ اپنی بیویوں کے درمیان قرعہ ڈالتے۔ پھر جس کا قرعہ نکلتا آپؐ اس کو اپنے ساتھ لے جاتے۔ چنانچہ آپؐ نے ایک حملے کے وقت جو آپؐ نے کیا، ہمارے درمیان قرعہ ڈالا، میرا قرعہ نکلا۔ میں آپؐ کے ساتھ گئی۔ اس وقت حجاب کا حکم اتر چکا تھا۔ میں ہودج میں بٹھائی جاتی اور ہودج سمیت اُتاری جاتی رہی۔ ہم اسی طرح سفر میں رہے جب رسول اللہ ﷺ اپنے اس حملے سے فارغ ہوئے اور واپس آئے اور ہم مدینہ کے قریب ہی تھے کہ ایک رات آپؐ نے کوچ کا حکم دیا۔ جب لوگوں نے کوچ کا اعلان کیا تو میں بھی چل پڑی اور فوج سے آگے نکل گئی۔ جب میں اپنی حاجت سے فارغ ہوئی تو اپنے ہودج کی طرف آئی اور میں نے اپنے سینہ کو ہاتھ لگایا تو کیا دیکھتی ہوں کہ ظفار کے کالے نگینوں کا ہار ٹوٹ کر گر گیا ہے۔ میں لَوٹی اور اپنا ہار ڈھونڈنے لگی۔ اس کی تلاش نے مجھے روکے رکھا۔ اتنے میں وہ لوگ جو میرے اونٹ کو تیار کرتے تھے، آئے اور انہوں نے میرا ہودج اٹھا لیا اور وہ ہودج میرے اونٹ پر رکھ دیا جس پر میں سوار ہوا کرتی تھی اور وہ سمجھے کہ میں اسی میں ہوں اور عورتیں ان دنوں ہلکی پھلکی ہوا کرتی تھیں، بھاری بھرکم نہ تھیں۔ ان کے بدن پر زیادہ گوشت نہ ہوتا۔ وہ تھوڑا ہی سا تو کھانا کھایا کرتی تھیں۔ لوگوں نے جب ہودج کو اٹھایا تو اس کے بوجھ کو غیر معمولی نہ سمجھے۔ انہوں نے اس کو اٹھا لیا اور میں کم عمر لڑکی تھی۔ انہوں نے اونٹ کو اٹھا کر چلا دیا اور خود بھی چل پڑے۔ جب سارا لشکر گزر چکا۔ اس کے بعد میں نے اپنا ہار پا لیا۔ میں ان کے ڈیرے پر آئی اور اس میں کوئی نہ تھا۔ پھر میں اپنے اس ڈیرے کی طرف گئی جس میں مَیں تھی اور میں نے خیال کیا کہ وہ مجھے نہ پائیں گے اور میرے پاس لَوٹ آئیں گے۔ میں بیٹھی ہوئی تھی کہ اسی اثناء میں میری آنکھ لگ گئی اور میں سو گئی۔ صفوان بن معطلؓ سلمی ذکوانی فوج کے پیچھے رہا کرتے تھے۔ وہ صبح میرے ڈیرے پر آئے اور انہوں نے ایک سوئے ہوئے انسان کا وجود دیکھا اور میرے پاس آئے اور حجاب کے حکم سے پہلے وہ مجھے دیکھا کرتے تھے۔ ان کے اِنا للہ پڑھنے پر میں جاگ اٹھی۔ جب انہوں نے اپنی اُونٹنی بٹھائی میں نے اپنا پائوں ان کے ایک ہاتھ پر رکھا اور میں اس پر سوار ہو گئی اور وہ اُونٹنی کی نکیل پکڑ کر چل پڑے۔ یہاں تک کہ ہم فوج میں اس وقت پہنچے جبکہ لوگ ٹھیک دوپہر کے وقت آرام کرنے کے لئے ڈیروں میں تھے۔ پھر جس کو ہلاک ہونا تھا ہلاک ہو گیا اور اس تہمت کا بانی عبداللہ بن ابی بن سلول تھا۔ ہم مدینہ پہنچے۔ میں وہاں ایک ماہ تک بیمار رہی۔ تہمت لگانے والوں کی باتوں کا لوگ چرچا کرتے رہے اور میری اس بیماری کے اثناء میں جو بات مجھے شک میں ڈالتی تھی وہ یہ تھی کہ میں نبی ﷺ سے وہ مہربانی نہ دیکھتی تھی جو میں آپؐ سے اپنی بیماری میں دیکھا کرتی تھی۔ آپؐ صرف اندر آتے اور السلام علیکم کہتے پھر پوچھتے اب وہ کیسی ہے۔ مجھے اس تہمت کا کچھ بھی علم نہ تھا۔ یہاں تک کہ جب میں نے بیماری سے شفا پائی، حالت نقاہت میں تھی کہ میں اور امّ مسطح مناصع کی طرف گئیں جو قضائے حاجت کی جگہ تھی۔ ہم رات ہی کو نکلا کرتے تھے اور یہ اس وقت سے پہلے کی بات ہے جب ہم نے اپنے گھروں کے قریب بیوت الخلاء بنائے اور اس سے قبل ہماری حالت پہلے عربوں کی سی تھی جو جنگل میں یا باہر الگ جا کر قضائے حاجت کیا کرتے تھے۔ میں اور امّ مسطح بنت ابی رہم دونوں جا رہی تھیں کہ اتنے میں وہ اپنی اَوڑھنی سے اٹکی اور ٹھوکر کھائی۔ تب بولی مسطح بدنصیب۔ میں نے اس سے کہا: کیا ہی بری بات ہے جو تم نے کہی ہے۔ کیا تو ایسے شخص کو برا کہہ رہی ہے جو جنگ بدر میں موجود تھا تو اس نے کہا: اری بھولی بھالی! کیا تم نے نہیں سنا جو لوگوں نے افتراء کیا ہے؟ تب اس نے مجھے تہمت لگانے والوں کی بات سنائی۔ اس پر میری بیماری بڑھ گئی۔ جب اپنے گھر کو لَوٹی تو رسول اللہ ﷺ میرے پاس آئے اور آپؐ نے السلام علیکم کہا اور آپؐ نے پوچھا: اب تم کیسی ہو؟ میں نے کہا: مجھے اپنے والدین کے پاس جانے کی اجازت دیں۔ کہتی تھیں: میں اس وقت یہ چاہتی تھی کہ میں ان کے پاس جا کر اس کی نسبت معلوم کر لوں۔ آپؐ نے مجھے اجازت دے دی۔ میں اپنے والدین کے پاس آئی تو میں نے اپنی ماں سے پوچھا: لوگ کیا باتیں کر رہے ہیں؟ انہوں نے کہا: بیٹی، اس بات سے اپنی جان کو جنجال میں نہ ڈال۔ اطمینان سے رہو۔ اللہ کی قسم! کم ہی ایسا ہوا ہے کہ کبھی کسی شخص کے پاس کوئی خوبصورت عورت ہو، جس سے وہ محبت رکھے اور اس کی سوکنیں ہوں اور پھر اس کے برخلاف باتیں نہ کریں۔ میں نے کہا: سبحان اللہ! لوگ ایسی بات کا چرچا کر رہے ہیں۔ کہتی تھیں: میں نے وہ رات اس طرح کاٹی کہ صبح تک نہ میرے آنسو تھمے اور نہ مجھے نیند آئی۔ جب میں صبح اُٹھی تو رسول اللہ ﷺ نے علی بن ابی طالبؓ اور اُسامہ بن زیدؓ کو بلایا؛ اس وقت جب وحی کے آنے میں دیر ہوئی تا ان دونوں سے اپنی بیوی کو چھوڑنے کے بارے میں مشورہ کریں۔ اُسامہؓ نے تو آپؐ کو اس محبت کی بناء پر مشورہ دیا، جو ان کو آپؐ کی بیویوں سے تھی۔ اُسامہؓ نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ کی بیوی ہیں اور ہم اللہ کی قسم! سوائے بھلائی کے اور کچھ نہیں جانتے۔ لیکن علی بن ابی طالبؓ نے کہا: یا رسول اللہ! اللہ نے آپؐ پر کچھ تنگی نہیں رکھی اور اس کے سوا اور عورتیں بہت ہیں، اور اس خادمہ سے پوچھئے۔ وہ آپؐ سے سچ سچ کہہ دے گی۔ اس پر رسول اللہ ﷺ نے بریرہؓ کو بلایا اور آپؐ نے کہا: بریرہؓ! کیا تم نے اس میں کوئی ایسی بات دیکھی جو تمہیں شبہ میں ڈالے۔ بریرہؓ نے کہا: ہرگز نہیں۔ اس ذات کی قسم! جس نے آپؐ کو حق کے ساتھ بھیجا ہے۔ میں نے حضرت عائشہؓ میں اس سے زیادہ کوئی اور بات نہیں دیکھی جس کو میں ان کے لئے معیوب سمجھوں کہ وہ کم عمر لڑکی ہے۔ آٹا چھوڑ کر سو جاتی ہے۔ گھر کی بکری آتی ہے اور وہ اسے کھا جاتی ہے۔ یہ سن کر اسی دن رسول اللہ ﷺ نے صحابہؓ کو مخاطب فرمایا اور عبداللہ بن ابی بن سلول کی شکایت کی اور رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ایسے شخص کو کون سنبھلے، جس نے میری بیوی کے بارے میں مجھے دُکھ دیا ہے۔ میں اللہ کی قسم کھا تا ہوں کہ اپنی بیوی میں سوائے بھلائی کے اور کوئی بات مجھے معلوم نہیں اور ان لوگوں نے ایسے شخص کا ذکر کیا ہے جس کی بابت بھی مجھے بھلائی کے سوا کوئی علم نہیں اور میرے گھر والوں کے پاس جب بھی وہ آیا کرتے میرے ساتھ ہی آتے۔ اس پر حضرت سعد بن معاذ ؓ کھڑے ہوئے اور انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! بخدا میں اس سے آپؐ کا بدلہ لوں گا۔ اگر وہ اَوس کا ہوا تو میں اس کی گردن اُڑا دوں گا اور اگر وہ ہمارے بھائیوں خزرج سے ہوا تو جو بھی آپؐ ہمیں حکم دیں گے ہم آپؐ کا حکم بجا لائیں گے۔ اس پر حضرت سعد بن عبادہؓ کھڑے ہوئے اور وہ خزرج کے سردار تھے اور اس سے پہلے وہ اچھے آدمی تھے لیکن قومی عزت نے انہیں بھڑکا دیا اور انہوں نے کہا: تم نے غلط کہا۔ اللہ کی قسم! تم اسے نہیں مارو گے اور نہ ایسا کر سکو گے۔ اس پر اسید بن حضیرؓ کھڑے ہو گئے اور انہوں نے کہا: تم نے غلط کہا ہے۔ اللہ کی قسم! اللہ کی قسم! ہم اسے ضرور مار ڈالیں گے۔ تو تو منافق ہے جو منافقوں کی طرف سے جھگڑتا ہے۔ اس پر دونوں قبیلے اَوس اور خزرج بھڑک اٹھے۔ یہاں تک کہ وہ لڑنے پر آمادہ ہو گئے اور رسول اللہ ﷺ منبر پر کھڑے تھے۔ آپؐ اُترے اور ان کو ٹھنڈا کیا یہاں تک کہ وہ خاموش ہو گئے اور آپؐ بھی خاموش ہو رہے۔ اور میں سارا دن روتی رہی نہ میرے آنسو تھمتے اور نہ مجھے نیند آتی۔ میرے ماں باپ میرے پاس آ گئے۔ میں دو راتیں اور ایک دن اتنا روئی کہ میں سمجھی کہ یہ رونا میرے جگر کو شق کر دے گا۔ کہتی تھیں کہ اس اثناء میں وہ دونوں میرے پاس بیٹھے ہوئے تھے اور میں رو رہی تھی کہ اتنے میں ایک انصاری عورت نے اندر آنے کی اجازت چاہی اور میں نے اسے اجازت دی۔ وہ بھی بیٹھ کر میرے ساتھ رونے لگی۔ ہم اسی حال میں تھے کہ رسول اللہ ﷺ اندر آئے اور بیٹھ گئے اور اس سے پہلے جس دن سے مجھ پر تہمت لگائی گئی آپؐ میرے پاس نہیں بیٹھے تھے اور آپؐ ایک مہینہ منتظر رہے مگر میرے متعلق آپؐ کو کوئی وحی نہ ہوئی۔ کہتی تھیں: آپؐ نے تشہد پڑھا۔ پھر آپؐ نے فرمایا: عائشہؓ! مجھے تمہارے متعلق یہ بات پہنچی ہے سو اگر تم بَری ہو تو ضرور اللہ تعالیٰ تمہیں بَری فرمائے گا اور اگر تم سے کوئی کمزوری ہو گئی ہو تو اللہ سے مغفرت مانگو اور اس کے حضور توبہ کرو کیونکہ بندہ جب اپنے گناہ کا اقرار کرتا ہے اور اس کے بعد توبہ کرتا ہے تو اللہ بھی اس پر رحم کرتا ہے۔ جب رسول اللہ ﷺ اپنی بات ختم کر چکے میرے آنسو خشک ہو گئے، یہاں تک کہ آنسوئوں کا ایک قطرہ بھی محسوس نہ ہوا، اور میں نے اپنے باپ سے کہا: رسول اللہ ﷺ کو میری طرف سے جواب دیجئے۔ تو انہوں نے کہا: بخدا میں نہیں جانتا کہ میں رسول اللہ ﷺ سے کیا کہوں۔ پھر میں نے اپنی ماں سے کہا: آپ ہی رسول اللہ ﷺ کو جو آپؐ نے فرمایا ہے اس کا میری طرف سے جواب دیں۔ انہوں نے کہا: بخدا میں نہیں جانتی کہ میں رسول اللہ ﷺ سے کیا کہوں۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: میں کم عمر لڑکی تھی۔ قرآن مجید زیادہ نہیں جانتی تھی، تو میں نے کہا: بخدا مجھے معلوم ہو چکا ہے کہ آپ لوگوں نے وہ بات سنی ہے جس کا لوگ آپس میں تذکرہ کرتے ہیں اور آپ کے دِلوں میں وہ بات بیٹھ گئی ہے اور آپ نے اسے درست سمجھ لیا ہے اور اگر میں آپؐ سے کہوں کہ میں بَری ہوں اور اللہ جانتا ہے کہ میں فی الواقع بَری ہوں آپؐ مجھے اس میں سچا نہیں سمجھیں گے اور اگر میں آپؐ کے پاس کسی بات کا اقرار کر لوں حالانکہ اللہ جانتا ہے کہ میں بَری ہوں مگر آپؐ اس اقرار میں مجھے سچا سمجھ لیں گے۔ اللہ کی قسم! میں اپنی اور آپؐ کی کوئی مثال نہیں پاتی سوائے یوسف کے باپ کی۔ انہوں نے کہا تھا: صبر کرنا ہی اچھا ہے اور اللہ ہی سے مدد مانگنی چاہیے اس بات میں جو تم لوگ بیان کر رہے ہو۔ اس کے بعد میں ایک طرف ہٹ کر اپنے بستر پر آ گئی اور میں امید کرتی تھی کہ اللہ مجھے بَری کرے گا۔ لیکن بخدا! مجھے گمان بھی نہ تھا کہ میرے متعلق بھی کوئی وحی نازل ہوگی، بلکہ میں اپنے خیال میں اس سے بہت ادنیٰ تھی کہ میری نسبت قرآن میں بیان کیا جائے۔ لیکن مجھے یہ ضرور امید تھی کہ رسول اللہ ﷺ نیند میں کوئی ایسی خواب دیکھ لیں کہ اللہ مجھے بَری قرار دیتا ہے۔ اللہ کی قسم! آپؐ ابھی بیٹھنے کی جگہ سے الگ نہیں ہوئے تھے اور نہ اہل بیت میں سے کوئی باہر گیا تھا کہ اتنے میں آپؐ پر وحی نازل ہوئی اور سخت تکلیف آپؐ کو ہوا کرتی تھی وہ آپؐ کو ہونے لگی (اور آپؐ کو اِتنا پسینہ آتا) کہ سردی کے دن میں بھی آپؐ سے پسینہ موتیوں کی طرح ٹپکتا۔ جب رسول اللہ ﷺ سے وحی کی حالت جاتی رہی تو آپؐ مسکرا رہے تھے اور پہلی بات جو آپؐ نے فرمائی، یہ تھی: عائشہؓ اللہ کا شکر بجا لاؤ کیونکہ اللہ نے تمہاری بریت کر دی ہے۔ میری ماں نے مجھ سے کہا: اُٹھو رسول اللہ ﷺ کے پاس جاؤ۔ میں نے کہا: اللہ کی قسم! ہرگز نہیں۔ میں ان کے پاس اُٹھ کر نہیں جاؤں گی اور اللہ کے سوا کسی کا شکریہ ادا نہیں کروں گی۔ اللہ تعالیٰ نے یہ وحی کی تھی: وہ لوگ جنہوں نے بہتان باندھا ہے وہ تمہیں میں سے ایک جتھا ہے۔ جب اللہ تعالیٰ نے میری بریت میں یہ وحی نازل کی تو حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے کہا اور وہ مسطح بن اثاثہ کو بوجہ اس کے قریبی ہونے کے خرچ دیا کرتے تھے۔ اللہ کی قسم! جو مسطح نے عائشہؓ پر افتراء کیا ہے، میں اس کے بعد اس کو اَب کبھی خرچ نہیں دوں گا۔ مگر اللہ تعالیٰ نے فرمایا: {اور تم میں سے صاحب فضیلت اور صاحب توفیق اپنے قریبیوں اور مسکینوں اور اللہ کی راہ میں ہجرت کرنے والوں کو کچھ نہ دینے کی قسم نہ کھائیں۔ پس چاہیے کہ وہ معاف کردیں اور درگزر کریں۔ کیا تم یہ پسند نہیں کرتے کہ اللہ تمہیں بخش دے اور اللہ بہت بخشنے والا (اور) بار بار رحم کرنے والا ہے} حضرت ابوبکرؓ کہنے لگے: کیوں نہیں۔ اللہ کی قسم! میں ضرور چاہتا ہوں کہ اللہ میرے گناہوں کی پردہ پوشی کرتے ہوئے مجھے بخش دے۔ مسطح کو جو خوراک وہ دیا کرتے تھے پھر ملنے لگی۔ اور رسول اللہ ﷺ حضرت زینبؓ بنت جحش سے بھی میرے معاملہ کے بارے میں پوچھا کرتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: زینبؓ! تم کیا سمجھتی ہو جو تم نے دیکھا ہے؟ تو وہ کہتیں: یا رسول اللہ! میں اپنی شنوائی اور بینائی محفوظ رکھوں گی۔ میں تو عائشہؓ کو پاک دامن ہی سمجھتی ہوں۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں اور یہی زینبؓ وہ تھیں جو (آنحضرت ﷺ کی اَزواج میں سے) میری برابری کیا کرتی تھیں۔ اللہ نے انہیں پرہیزگاری کی وجہ سے بچائے رکھا۔ (ابو ربیع سلیمان بن دائود نے) کہا: فلیح نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، (انہوں نے عروہ سے) عروہ نے حضرت عائشہؓ اور عبداللہ بن زبیرؓ سے اسی طرح روایت کی۔ (ابو ربیع نے) کہا: اور فلیح نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ربیعہ بن ابی عبدالرحمن اور یحيٰ بن سعید سے اور ان دونوں نے قاسم بن محمد بن ابی بکر سے اسی طرح روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2662
محمد بن سلام نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالوہاب نے ہمیں بتایا۔ خالد حذاء نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمن بن ابی بکرہ سے، عبدالرحمن نے اپنے باپ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے پاس کسی شخص نے ایک شخص کی تعریف کی، تو آپؐ نے فرمایا: وائے تجھ پر، تو نے تو اپنے ساتھی کی گردن کاٹ ڈالی۔ تو نے اپنے ساتھی کی گردن کاٹ ڈالی۔ آپؐ نے کئی بار یہ فرمایا۔ پھر فرمایا: تم میں سے جس نے اپنے بھائی کی ضرور تعریف ہی کرنی ہو تو چاہیے کہ وہ یوں کہے کہ میں فلاں کو یوں سمجھتا ہوں اور اللہ ہی اس سے خوب واقف ہے۔ میں اللہ کے سامنے کسی کو بے عیب نہیں کہہ سکتا۔ میں سمجھتا ہوں کہ وہ ایسا ایسا ہے۔ وہ بیان کر سکتا ہے بشرطیکہ وہ اسے ویسا ہی جانتا ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2663
محمد بن صباح نے ہمیں بتایا۔ اسماعیل بن زکریا نے ہم سے بیان کیا کہ برید بن عبداللہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابوبردہ سے، ابوبردہ نے حضرت ابو موسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے ایک شخص کو کسی شخص کی تعریف کرتے سنا اور وہ اس کی تعریف میں مبالغہ کر رہا تھا تو آپؐ نے فرمایا: تم نے اس شخص کو ہلاک کر دیا یا فرمایا: تم نے اس شخص کی پیٹھ توڑ ڈالی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2664
عبیداللہ بن سعید نے ہمیں بتایا کہ ابو اُسامہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عبیداللہ (بن عمر) نے مجھے بتایا، کہا: نافع نے مجھے بتایا، کہا: حضرت (عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما نے مجھ سے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے غزوۂ اُحد کے دن ان کا جائزہ لیا۔ وہ اس وقت چودہ برس کے تھے تو آپؐ نے مجھے جنگ میں شریک ہونے کی اجازت نہ دی۔ پھر آپؐ نے غزوئہ خندق کے موقع میرا جائزہ لیا اور اس وقت مَیں پندرہ سال کا تھا تو آپؐ نے مجھے اجازت دی۔ نافع نے کہا: عمر بن عبدالعزیز کے پاس میں آیا اور وہ اس وقت خلیفہ تھے۔ میں نے ان سے یہی حدیث بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور بڑے کے درمیان یہی حد ہے اور اپنے عمال کو لکھا کہ جو پندرہ برس کے ہو چکے ہوں ان کے لئے بھی راشن مقرر کر دیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2665
علی بن عبداللہ نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) ہم سے سفیان (بن عیینہ) نے بیان کیا کہ صفوان بن سلیم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ یہ اس حدیث کو نبی ﷺ تک پہنچاتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: جمعہ کے دن نہانا ہر ایک بالغ پر واجب ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2666
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا کہ ابومعاویہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے شقیق سے، شقیق نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے اس لئے قسم کھائی کہ وہ کسی مسلمان آدمی کے مال سے کچھ لے لے اور وہ اس قسم میں جھوٹا ہو تو اللہ سے ایسی حالت میں ملے گا کہ اللہ اس سے ناخوش ہوگا۔ (شقیق) کہتے تھے کہ حضرت اشعث بن قیسؓ (یہ سن کر) بولے: یہ تو بخدا میرے ہی متعلق تھا۔ میرے اور ایک یہودی کے درمیان ایک مشترکہ زمین تھی۔ اس نے میرے حصہ کا انکار کردیا۔ میں نے اُسے نبی ﷺ کے سامنے پیش کیا، تو رسول اللہ ﷺ نے مجھے پوچھا: کیا تمہارے پاس کوئی شہادت ہے؟ کہتے تھے: میں نے کہا: نہیں۔ انہوں نے کہا: تب آپؐ نے اس یہودی سے کہا: قسم کھائو۔ کہتے تھے: میں نے کہا: یا رسول اللہ! یہ تو قسم کھا کر میرا مال اُڑا لے جائے گا۔ (حضرت اشعث) کہتے تھے: اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت وحی کی: وہ لوگ جو اللہ کے عہد اور اپنی قسموں کے عوض تھوڑی سی پونجی خریدتے ہیں …
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2667
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا کہ ابو معاویہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے شقیق سے، شقیق نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے اس لئے قسم کھائی کہ وہ کسی مسلمان آدمی کے مال سے کچھ لے لے اور وہ اس قسم میں جھوٹا ہو تو اللہ سے ایسی حالت میں ملے گا کہ اللہ اس سے ناخوش ہوگا۔ (شقیق) کہتے تھے کہ حضرت اشعث بن قیسؓ (یہ سن کر) بولے: یہ تو بخدا میرے ہی متعلق تھا۔ میرے اور ایک یہودی کے درمیان ایک مشترکہ زمین تھی۔ اس نے میرے حصہ کا انکار کردیا۔ میں نے اُسے نبی ﷺ کے سامنے پیش کیا، تو رسول اللہ ﷺ نے مجھے پوچھا: کیا تمہارے پاس کوئی شہادت ہے؟ کہتے تھے: میں نے کہا: نہیں۔ انہوں نے کہا: تب آپؐ نے اس یہودی سے کہا: قسم کھائو۔ کہتے تھے: میں نے کہا: یا رسول اللہ! یہ تو قسم کھا کر میرا مال اُڑا لے جائے گا۔ (حضرت اشعث) کہتے تھے: اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت وحی کی: وہ لوگ جو اللہ کے عہد اور اپنی قسموں کے عوض تھوڑی سی پونجی خریدتے ہیں …
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2668
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ نافع بن عمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن ابی ملیکہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: (حضرت عبداللہ) بن عباس رضی اللہ عنہما نے مجھے لکھا کہ نبی ﷺ نے مدعیٰ علیہ کو قسم دِلانے کا حکم دیا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2669
عثمان بن ابی شیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابو وائل سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہؓ (بن مسعود) کہتے تھے: جس نے اس غرض سے قسم کھائی کہ مال اس کا ہو جائے تو وہ اللہ تعالیٰ سے ایسی حالت میں ملاقات کرے گا کہ وہ اس سے ناراض ہوگا۔ اور اللہ تعالیٰ نے اس بارہ میں یہ آیت نازل کی ہے: {یقینا وہ لوگ جو اللہ کے عہدوں اور قَسموں کو معمولی قیمت میں بیچ دیتے ہیں … اور ان کے لیے دردناک عذاب (مقدر) ہے۔} پھر اس کے بعد حضرت اشعث بن قیسؓ (اپنے گھر سے) باہر ہمارے پاس آئے اور انہوں نے پوچھا: ابو عبدالرحمن (حضرت عبداللہ بن مسعودؓ) تمہیں کیا بتا رہے تھے؟ ہم نے انہیں جو انہوں نے کہا تھا، بتایا۔ انہوں نے کہا: سچ کہا ہے۔ میرے ہی متعلق یہ آیت نازل کی گئی تھی۔ میرے اور ایک شخص کے درمیان کسی چیز کی بابت جھگڑا تھا تو ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس فیصلہ کے لئے گئے۔ آپؐ نے مجھ سے فرمایا: تمہارے دو گواہ چاہئیں ورنہ اس سے قسم لی جائے گی۔ میں نے آپؐ سے کہا: تب تو یہ قسم کھا لے گا اور کچھ پرواہ نہیں کرے گا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: جس شخص نے اس لئے قسم کھائی کہ وہ اس کے ذریعے کسی مال کو اپنا بنا لے اور اس قسم میں جھوٹا ہو تو وہ اللہ سے ایسی حالت میں ملے گا کہ وہ اس سے ناراض ہوگا۔ پھر اللہ تعالیٰ کے کلام سے اس کی تصدیق ہوتی ہے اور انہوں نے یہ آیت پڑھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2670
عثمان بن ابی شیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابو وائل سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہؓ (بن مسعود) کہتے تھے: جس نے اس غرض سے قسم کھائی کہ مال اس کا ہو جائے تو وہ اللہ تعالیٰ سے ایسی حالت میں ملاقات کرے گا کہ وہ اس سے ناراض ہوگا۔ اور اللہ تعالیٰ نے اس بارہ میں یہ آیت نازل کی ہے: {یقینا وہ لوگ جو اللہ کے عہدوں اور قسموں کو معمولی قیمت میں بیچ دیتے ہیں … اور ان کے لیے دردناک عذاب (مقدر) ہے۔} پھر اس کے بعد حضرت اشعث بن قیسؓ (اپنے گھر سے) باہر ہمارے پاس آئے اور انہوں نے پوچھا: ابو عبدالرحمن (حضرت عبداللہ بن مسعودؓ ) تمہیں کیا بتا رہے تھے؟ ہم نے انہیں جو انہوں نے کہا تھا، بتایا۔ انہوں نے کہا: سچ کہا ہے۔ میرے ہی متعلق یہ آیت نازل کی گئی تھی۔ میرے اور ایک شخص کے درمیان کسی چیز کی بابت جھگڑا تھا تو ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس فیصلہ کے لئے گئے۔ آپؐ نے مجھ سے فرمایا: تمہارے دو گواہ چاہئیں ورنہ اس سے قسم لی جائے گی۔ میں نے آپؐ سے کہا: تب تو یہ قسم کھا لے گا اور کچھ پرواہ نہیں کرے گا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: جس شخص نے اس لئے قسم کھائی کہ وہ اس کے ذریعے کسی مال کو اپنا بنا لے اور اس قسم میں جھوٹا ہو تو وہ اللہ سے ایسی حالت میں ملے گا کہ وہ اس سے ناراض ہوگا۔ پھر اللہ تعالیٰ کے کلام سے اس کی تصدیق ہوتی ہے اور انہوں نے یہ آیت پڑھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2671
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ (محمد) بن ابی عدی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن حسان) سے، انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ ہلال بن امیہ نے نبی ﷺ کے پاس اپنی بیوی پر تہمت لگائی کہ اس نے شریک بن سحماء سے زنا کیا ہے تو نبی ﷺ نے فرمایا: شہادت لاؤ ورنہ تمہاری پیٹھ پر کوڑے لگائے جائیں گے تو اس نے کہا: یا رسول اللہ! اگر ہم میں سے کوئی اپنی بیوی پر کسی شخص کو دیکھے تو وہ شہادت ڈھونڈنے کے لئے چل پڑے؟ تو آپؐ یہی فرماتے رہے: شہادت لاؤ ورنہ تمہاری پیٹھ پر کوڑے لگائے جائیں گے۔ پھر (حضرت ابن عباسؓ نے) لعان کی حدیث بیان کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2672
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ جریر بن عبدالحمید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تین آدمی ہیں جن سے اللہ بات نہیں کرے گا اور نہ ان کی طرف دیکھے گا اور نہ ان کو پاک کرے گا اور انہیں دردناک عذاب ہوگا: ایک وہ شخص جس کے پاس ضرورت سے زیادہ پانی ہو اور وہ اس سے مسافروں کو محروم کرتا ہے اور وہ شخص جس نے کسی شخص کی بیعت کی اور صرف دنیا ہی کی خاطر بیعت کی۔ اگر اس نے اس کو جو وہ چاہتا ہے دے دیا تو اس کا وفادار رہا ورنہ اس نے وفاداری نہ کی اور وہ شخص جس نے عصر کے بعد کسی شخص سے کسی سامان کا بھاؤ کیا اور اللہ کی قسم کھائی کہ اس چیز کا اتنا معاوضہ ملتا تھا اور لینے والا اس چیز کو لے لے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2673
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد (بن زیاد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابووائل سے، ابووائل نے (حضرت عبداللہ) بن مسعود رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: جس نے اس غرض سے قسم کھائی کہ اس کے ذریعے کسی کا مال مارے تو وہ اللہ سے ایسی حالت میں ملے گا کہ وہ اس سے ناراض ہوگا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2674
اسحاق بن نصر نے مجھے بتایا۔ عبدالرزاق نے ہم سے بیان کیا کہ معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہمام سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے کچھ آدمیوں کو قسم کھانے کے لئے فرمایا تو وہ جلدی کرنے لگے۔ آپؐ نے فرمایا: ان کے درمیان قسم کھانے کے لئے قرعہ ڈالا جائے کہ کون ان میں سے قسم کھائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2675
اسحاق نے مجھ سے بیان کیا کہ یزید بن ہارون نے ہمیں خبر دی کہ عوام (بن حوشب) نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) ابراہیم ابو اسماعیل سکسکی نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت عبداللہ بن ابی اوفیٰ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ایک شخص نے اپنا سامان بیچنے کے لئے رکھا اور اللہ کی قسم کھائی کہ اسے اس مال کے لئے اتنی قیمت دی جاتی رہی ہے، (مگر حقیقت میں اتنی قیمت پیش نہیں کی گئی تھی) اس پر یہ آیت نازل ہوئی کہ جو لوگ اللہ کے عہد اور اپنی قسموں کے بدلے تھوڑی سی پونجی لیتے ہیں۔ ابن ابی اوفیٰ نے کہا: نَاجِش سُود خور اور خیانت کرنے والا ہوتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2676
بشر بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے سلیمان سے، سلیمان نے ابو وائل سے، ابو وائل نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: جو جھوٹا ہو کر اس غرض سے قسم کھائے کہ کسی شخص کا یا فرمایا کہ اپنے بھائی کا مال مارے تو وہ اللہ سے ایسی حالت میں ملے گا کہ اللہ اس سے ناراض ہوگا اور اللہ عزوجل نے قرآن مجید میں اس بارہ میں یہ آیت نازل کی ہے: وہ لوگ جو اللہ کے عہد اور اپنی قسموں کے بدلے تھوڑی سی پونجی لیتے ہیں … ان کے لیے دردناک عذاب (مقدر) ہے۔ پھر مجھ سے حضرت اشعثؓ ملے۔ انہوں نے پوچھا: آج عبداللہؓ نے تمہیں کیا بتایا تھا۔ میں نے کہا: یہ یہ باتیں۔ تو انہوں نے کہا: میرے ہی متعلق یہ آیت نازل ہوئی تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah