کتاب 56: كتاب الجهاد والسير
صحیح بخاری, حصہ 11
صحیح بخاری 2982
بشر بن مرحوم نے ہم سے بیان کیا کہ حاتم بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ یزید بن ابوعبید نے حضرت سلمہ (بن اکوع) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: (ایک سفر میں) لوگوں کے زاد کم ہوگئے اور ان کے پاس کچھ نہ رہا اور وہ نبی ﷺ کے پاس اپنے اونٹ ذبح کرنے کی اجازت مانگنے آئے۔ آپؐ نے انہیں اجازت دے دی۔ پھر حضرت عمرؓ ان لوگوں سے ملے اور انہوں نے حضرت عمرؓ کو بتایا تو حضرت عمرؓ نے کہا: اپنے اونٹوں کے بعد تم کیسے گزارہ کرو گے؟ یہ کہہ کر حضرت عمرؓ نبی ﷺ کے پاس گئے اور کہا: یا رسول اللہ! وہ اپنے اونٹوں کے بعد کیسے گزارہ کریں گے؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: لوگوں میں منادی کرو کہ سب اپنا بچا ہوا زادِ راہ لے آئیں۔ پھر آپؐ نے دعا کی اور اس زادِ راہ کو برکت دی۔ پھر ان کے برتن منگوائے اور لوگوں نے لپ بھر بھر کر لینا شروع کیا۔ یہاں تک کہ جب وہ فارغ ہوگئے تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں شہادت دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور میں اللہ کا رسول ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2983
صدقہ بن فضل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے وہب بن کیسان سے، وہب نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم جہاد کیلئے نکلے اور ہم تین سو آدمی تھے۔ ہم اپنے مونڈھوں پر اپنے زادِ سفر اُٹھاتے تھے۔ پھر ہمارے زادِ سفر ختم ہوگئے اور حالت یہاں تک پہنچ گئی کہ ہم میں سے ایک شخص ہر روز ایک کھجور کھایا کرتا تھا۔ ایک شخص نے کہا: ابو عبداللہ! ایک کھجور سے آدمی کا کیا بنتا تھا؟ انہوں نے جواب دیا: جب ہمارے پاس وہ بھی نہ رہی تب نہ ملنے پر اس کی قدر معلوم ہوئی۔ آخر ہم سمندر پر پہنچے تو کیا دیکھتے ہیں کہ ایک مچھلی ہے جسے سمندر نے باہر پھینک دیا ہے۔ ہم اس سے اٹھارہ دن تک جس قدر بھی ہمیں خواہش ہوئی کھاتے رہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2984
عمرو بن علی (فلاس) نے ہمیں بتایا۔ ابوعاصم نے ہم سے بیان کیا کہ عثمان بن اسود نے ہمیں بتایا۔ ابومُلَیکہ کے بیٹے نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ حضرت عائشہؓ نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ کے صحابہ حج اور عمرہ کا ثواب لے کر لوٹیں گے اور میں نے حج سے زیادہ کچھ نہیں کیا تو آپؐ نے حضرت عائشہؓ سے فرمایا: تم جاؤ اور عبدالرحمنؓ تمہیں پیچھے بٹھا لے۔ پھر آپؐ نے عبدالرحمنؓ سے فرمایا کہ انہیں تنعیم سے عمرہ کرائو اور رسول اللہ ﷺ مکہ کی بالائی سمت میں ان کا انتظار کرنے لگے یہاں تک کہ وہ آگئیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2985
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہم سے بیان کیا کہ (سفیان) بن عیینہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن دینار سے، عمرو بن دینار نے عمرو بن اوس سے، انہوں نے حضرت عبدالرحمن بن ابی بکر صدیق رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے مجھ سے فرمایا کہ میں حضرت عائشہؓ کو پیچھے بٹھا لوں اور ان کو تنعیم سے عمرہ کرائوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2986
قُتَیبہ بن سعید نے ہمیں بتایا۔ عبدالوہاب نے ہم سے بیان کیا کہ ایوب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں ابوطلحہ ؓ کے پیچھے ایک ہی جانور پر سوار تھا اور لوگ حج اور عمرہ دونوں ہی کے لئے اکٹھے لبیک پکار رہے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2987
قُتَیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ ابوصفوان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس بن یزید سے، یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے، عروہ نے حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ گدھے پر سوار ہوئے۔ اس پر پالان تھا اور پالان پر چادر تھی اور آپؐ نے حضرت اسامہؓ کو اپنے پیچھے بٹھا لیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2988
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا کہ یونس نے کہا: نافع نے مجھے بتایا۔ حضرت عبداللہ (بن عمر) رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ فتح مکہ کے دن مکہ کی بالائی سمت سے آئے۔ اپنی اونٹنی پر سوار تھے۔ اسامہ بن زیدؓ کو اپنے پیچھے بٹھایا ہوا تھا اور بلالؓ اور عثمان بن طلحہؓ بھی جو کعبہ کے کلید بردار تھے آپؐ کے ساتھ تھے۔ آپؐ نے صحن مسجد میں اپنی اونٹنی بٹھائی اور عثمانؓ سے فرمایا کہ وہ بیت اللہ کی چابی لائیں۔ انہوں نے بیت اللہ کا دروازہ کھولا اور رسول اللہ ﷺ اندر گئے اور آپؐ کے ساتھ اسامہؓ، بلالؓ اور عثمانؓ تھے۔ آپؐ دن کا بڑا حصہ کعبہ میں ٹھہرے رہے۔ پھر آپؐ باہر آئے اور لوگ اندر جانے کے لئے ایک دوسرے سے آگے بڑھے اور حضرت عبداللہ بن عمرؓ پہلے شخص تھے جو داخل ہوئے اور حضرت بلالؓ کو دروازے کے پیچھے کھڑا پایا۔ انہوں نے ان سے پوچھا کہ رسول اللہ ﷺ نے نماز کہاں پڑھی ہے؟ تو انہوں نے اس جگہ کی طرف اشارہ کرکے ان کو بتایا جہاں آپؐ نے نماز پڑھی تھی۔ حضرت عبداللہ (بن عمرؓ ) کہتے تھے کہ میں بلالؓ سے یہ پوچھنا بھول گیا کہ آپؐ نے کتنی رکعتیں پڑھیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2989
اسحق (بن منصور بن بہرام) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہمام سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہر دن جبکہ سورج نکلتا ہے لوگوں کے ہر جوڑ کی ہڈی کے ذمہ ایک صدقہ ہوتا ہے۔ جو شخص دو آدمیوں کے درمیان عدل کرے تو یہ بھی ایک صدقہ ہے اور کسی آدمی کو اس کے جانور پر سوار ہونے میں مدد دے اور اس کو اس پر چڑھائے یا اس کا سامان اس پر اُٹھا کر رکھ دے تو یہ بھی ایک صدقہ ہے اور اچھی بات کہنا بھی ایک صدقہ ہے اور ہر قدم جو وہ نماز کے لئے اُٹھاتا ہے صدقہ ہے اور تکلیف دینے والی چیز کو راستہ سے ہٹا دینا بھی صدقہ ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2990
عبداللہ بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے دشمن کے ملک میں قرآن کو ساتھ لے کر سفر کرنے سے منع فرمایا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2991
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے محمد (بن سیرین) سے، انہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے خیبر پر صبح کے وقت حملہ کیا اور وہ اپنے کندھوں پر کدالیں لئے ہوئے باہر نکل چکے تھے۔ جب انہوں نے آپؐ کو دیکھا تو کہا: یہ لو - محمد مع لشکر آگیا ہے۔ محمد مع لشکر آگیا ہے اور انہوں نے بھاگ کر قلعہ میں پناہ لی۔ انہیں بھاگتے ہوئے دیکھ کر نبی ﷺ نے اپنے دونوں ہاتھ اُٹھائے اور فرمایا: اللہ اکبر خیبر برباد ہوگیا۔ ہم جب کسی قوم کے آنگن میں ڈیرے لگاتے ہیں تو پھر ان لوگوں کی صبح بری ہوتی ہے جنہیں قبل از وقت خطرے سے آگاہ کر دیا ہو اور ہم نے غنیمت میں کچھ گدھے پائے اور نہیں پکایا۔ نبی ﷺ کے منادی نے پکارا کہ اللہ اور اس کا رسول دونوں تمہیں گدھوں کے گوشت سے منع کرتے ہیں۔ ہانڈیاں مع اس کے جو اُن میں تھا انڈیل دی گئیں۔ عبداللہ بن محمد کی طرح علی (بن مدینی) نے بھی سفیان سے یہی نقل کیا ہے۔ (اس میں بھی یہ الفاظ ہیں) نبی ﷺ نے اپنے دونوں ہاتھ اُٹھائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2992
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عاصم سے، عاصم نے ابوعثمان سے، ابوعثمان نے حضرت ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ تھے۔ جب بھی کسی وادی کے کنارے پر آنکلتے تو ہم لا الٰہ الا اللہ اور اللہ اکبر کہتے۔ ہماری آوازیں بلند ہو جاتی۔ نبی ﷺ نے فرمایا: لوگو! آہستہ، ضبط سے کام لو۔ کیونکہ تم کسی بہرے کو نہیں پکار رہے اور نہ ایسے کو جو یہاں موجود نہیں۔ وہ تو تمہارے ساتھ ہے۔ وہ تو بہت ہی شنوا ہے۔ بہت ہی نزدیک ہے۔ اس کا نام بہت ہی مبارک ہے اور اس کی شان بہت ہی بلند ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2993
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حصین بن عبدالرحمن سے، حصین نے سالم بن ابی جعد سے، سالم نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم جب بلندی پر چڑھتے اللہ اکبر کہتے اور جب نیچے اُترتے تو سبحان اللہ کہتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2994
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ ابن عدی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے حصین سے، حصین نے سالم سے، سالم نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب ہم بلندی پر چڑھتے تو اللہ اکبر کہتے اور جب نیچے اُترتے تو سبحان اللہ کہتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2995
عبداللہ (بن یوسف) نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالعزیز بن ابی سلمہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے صالح بن کیسان سے، صالح نے سالم بن عبداللہ سے، سالم نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ جب حج یا عمرہ سے لوٹتے اور میں یہی جانتا ہوں کہ انہوں نے کہا: جب غزوہ سے لوٹتے، کہتے تھے: جب آپؐ کسی گھاٹی یا اونچے میدان میں پہنچتے تو آپؐ تین بار اللہ اکبر کہتے، اس کے بعد فرماتے: لا الہ الا اللہ یعنی ایک اللہ کے سوا اور کوئی معبود نہیں۔ اس کا کوئی شریک نہیں۔ ساری بادشاہت اسی کی ہے اور اسی کے لئے تمام کی تمام خوبیاں ہیں اور وہ ہر بات پر قدرت رکھتا ہے۔ ہم سفر سے لوٹ رہے ہیں۔ اپنی غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے اقرار کرتے ہیں کہ ہم آئندہ غلطیاں نہیں کریں گے۔ ہم اپنے ربّ ہی کی عبادت کرنے والے ہیں، اپنے ربّ ہی کے سامنے سر جھکانے والے ہیں، اپنے ربّ ہی کی حمد بیان کرنے والے ہیں۔ اللہ نے یقینا اپنا وعدہ سچا کر دیا اور اپنے بندے کی یاوری فرمائی اور تمام جتھوں کو تنہا شکست دے کر بھگا دیا۔ صالح نے کہا: میں نے سالم سے پوچھا: کیا حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) نے انشاء اللہ نہیں کہا تھا؟ کہا: نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2996
مطر بن فضل نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن ہارون نے ہمیں بتایا۔ عوام (بن حوشب) نے ہم سے کہا کہ ابراہیم ابو اسماعیل سکسکی نے ہمیں بتایا، کہا: میں نے ابو بردۃ (بن ابی موسیٰ) سے سنا اور وہ اَور یزید بن ابی کبشہ کسی سفر میں اکٹھے رہے تھے اور یزید اس سفر میں روزے رکھتے تھے تو ابو بردہ نے ان سے کہا: میں نے حضرت ابو موسیٰ (اشعریؓ) سے بارہا سنا ہے۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے: جب بندہ بیمار ہو جائے یا وہ سفر کرے تو اس کے لئے ویسے ہی عمل لکھے جاتے ہیں جو وہ بحالت صحت گھر میں کیا کرتا تھا۔ اکیلے سفر کرنا
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2997
حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ محمد بن منکدر نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ کہتے تھے: نبی ﷺ نے غزوئہ خندق میں لوگوں سے پوچھا کہ ان میں سے کون فلاں کام کرے گا؟ حضرت زبیرؓ نے جلدی سے جواب دیا کہ میں کروں گا۔ پھر آپؐ نے ان سے پوچھا کہ کون ان میں سے فلاں کام کرے گا؟ پھر حضرت زبیرؓ نے جلدی سے جواب دیا کہ میں کروں گا۔ پھر آپؐ نے ان سے پوچھا کہ کون ان میں سے فلاں کام کرے گا؟ پھر حضرت زبیرؓ نے جلدی سے جواب دیا کہ میں کروں گا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: ہر نبی کا ایک حواری ہوتا ہے اور میرا حواری زبیرؓ ہے۔ سفیان نے کہا: حواری کے معنی ہوتے ہیں مددگار۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2998
ابوالولید نے ہمیں بتایا کہ عاصم بن محمد نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے باپ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے (حضرت عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ (دوسری سند) اور ابونعیم نے بھی ہم سے بیان کیا کہ عاصم بن محمد بن زید بن عبداللہ بن عمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابن عمرؓ سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: تنہا سفر کرنے میں جو خطرے میں جانتا ہوں اگر لوگ انہیں جانتے تو رات کو کوئی سوار اکیلا سفر نہ کرتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2999
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے روایت کی، کہا کہ میرے باپ (عروہ) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما سے پوچھا گیا کہ نبی ﷺ حجۃ الوداع میں کیسے چلتے تھے۔ یحيٰ کہا کرتے تھے: (انہوں نے یہ بھی کہا تھا) اور میں سن رہا تھا مگر میرے ذہن سے جاتا رہا۔ حضرت اسامہؓ نے کہا: آپؐ تیز رفتار چلتے اور جب آپؐ کھلی جگہ پاتے تو اونٹ کو دوڑاتے اور نَصّ (عربی میں اونٹ کی وہ چال ہے) جو عَنَق یعنی تیز رفتار سے بڑھ کر ہوتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3000
سعید بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا، کہا: زید بن اسلم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی، کہا: میں مکہ کے راستے میں حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کے ساتھ تھا۔ انہیں صفیہ بنت ابی عبید (ان کی بیوی) کے متعلق خبر پہنچی کہ وہ سخت بیمار ہیں۔ انہوں نے رفتار تیز کر دی اور جب شفق غائب ہوگئی، وہ اُترے، مغرب اور عشاء کی نمازیں جمع کیں اور کہا: میں نے نبی ﷺ کو دیکھا۔ جب آپؐ کو چلنے میں جلدی ہوتی تو مغرب میں دیر کرتے اور پھر مغرب و عشاء دونوں کو جمع کرتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3001
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوبکر کے آزاد کردہ غلام سُمَیّ سے، سُمَیّ نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: سفر ایک قسم کا عذاب ہے۔ تم میں سے ایک کو اس کی نیند سے اور اس کے کھانے اور پینے سے محروم کر دیتا ہے۔ سو جب تم میں سے کوئی اپنا کام پورا کر چکے تو اپنے گھر والوں کے پاس جلدی چلا آئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah