کتاب 56: كتاب الجهاد والسير
صحیح بخاری, حصہ 12
صحیح بخاری 3002
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ حضرت عمر بن خطابؓ نے اللہ کی راہ میں گھوڑا سواری کے لئے دیا۔ پھر انہوں نے اسے بکتا دیکھا اور چاہا کہ اسے خود خرید لیں۔ انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے پوچھا۔ آپؐ نے فرمایا: اسے نہ خریدو اور اپنے صدقہ سے نہ پلٹو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3003
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے زید بن اسلم سے، زید نے اپنے باپ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے سنا، کہتے تھے: میں نے اللہ کی راہ میں ایک گھوڑا سواری کیلئے دیا۔ جس کے پاس تھا اس نے بیچنا چاہا۔ اس نے اس کو خراب کردیا۔ اس لئے میں نے اسے خریدنا چاہا اور میں نے خیال کیا کہ وہ اس کو سستا ہی بیچ دے گا۔ میں نے نبی ﷺ سے پوچھا۔ آپؐ نے فرمایا: اسے نہ خریدو خواہ وہ ایک درہم پر ہی کیوں نہ ملے۔ کیونکہ اپنی دی ہوئی چیز سے پلٹنے والا کتے کی طرح ہے جو اپنی قے چاٹتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3004
آدم نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ حبیب بن ابی ثابت نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے ابوالعباس شاعر سے سنا اور حدیث کی روایت میں وہ متہم نہ تھے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما سے سنا۔ کہتے تھے: ایک شخص نبی ﷺ کے پاس آیا اور اس نے جہاد کے متعلق اجازت مانگی۔ آپؐ نے پوچھا: کیا تمہارے والدین زندہ ہیں؟ اس نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: پھر تم ان کی خدمت میں رہ کر جہاد کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3005
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن ابی بکر سے، عبداللہ نے عباد بن تمیم سے روایت کی کہ حضرت ابوبشیر انصاری رضی اللہ عنہ نے انہیں بتایا کہ وہ رسول اللہ ﷺ کے ساتھ کسی سفر میں تھے۔ عبداللہ نے کہا: میں سمجھتا ہوں کہ حضرت ابوبشیرؓ نے کہا: لوگ اپنی اپنی خواب گاہوں میں تھے۔ رسول اللہ ﷺ نے پیغام بھیجا کہ کسی اونٹ کی گردن میں کوئی شئے گھنٹی تندی وغیرہ نہ رہے اور وہ کاٹ دی جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3006
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے ابومعبد (نافذ) سے، ابومعبد نے (حضرت عبداللہ) بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: کوئی مرد کسی عورت سے تنہائی میں نہ ملے اور نہ کوئی عورت بغیر اس کے کہ اس کے ساتھ محرم رشتہ دار ہو سفر کرے۔ اس پر ایک شخص کھڑا ہوا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! فلاں فلاں غزوہ میں میرا نام لکھا گیا ہے اور میری بیوی حج کرنے کے لئے نکلی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: جاؤ اور اپنی بیوی کے ساتھ حج کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3007
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ عمرو بن دینار نے ہم سے بیان کیا۔ میں نے یہ حدیث ان سے دو دفعہ سنی۔ انہوں نے کہا: حسن بن محمد نے مجھے بتایا، کہا: عبیداللہ بن ابی رافع نے مجھے بتایا، کہا: میں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے مجھے، زبیرؓ اور مقداد بن اسودؓ کو بھیجا۔ آپؐ نے فرمایا: تم چلے جائو۔ جب تم روضۂ خاخ میں پہنچو تو وہاں ایک شتر سوار عورت ہوگی اور اس کے پاس ایک خط ہے۔ تم وہ خط اس سے لے لو۔ ہم چل پڑے۔ ہمارے گھوڑے سرپٹ دوڑتے ہوئے ہمیں لے گئے۔ جب ہم روضۂ خاخ میں پہنچے تو ہم کیا دیکھتے ہیں کہ وہاں ایک شتر سوار عورت موجود ہے۔ ہم نے کہا: خط نکالو۔ وہ کہنے لگی: میرے پاس کوئی خط نہیں۔ ہم نے کہا: تمہیں خط نکالنا ہوگا ورنہ ہم تمہارے کپڑے اتار دیں گے (اور تلاشی لیں گے۔) اس پر اس نے وہ خط اپنے جوڑے سے نکالا اور ہم وہ خط رسول اللہ ﷺ کے پاس لے آئے۔ دیکھا تو اس میں یہ لکھا تھا کہ حاطب بن ابی بلتعہ کی طرف سے اہل مکہ {کے مشرکوں } کے نام۔ وہ رسول اللہ ﷺ کے کسی ارادے کی ان کو اِطلاع دے رہا تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے (اسے بلا بھیجا اور) پوچھا: حاطب یہ کیا؟ اس نے کہا: یا رسول اللہ! میرے متعلق جلدی نہ فرمائیں۔ میں ایک ایسا آدمی تھا جو قریش میں آکر مل گیا تھا۔ ان میں سے نہ تھا اور دوسرے مہاجرین جو آپؐ کے ساتھ تھے ان کی مکہ میں رشتہ داریاں تھیں جن کے ذریعہ وہ اپنے گھر بار اور مال و اسباب کو بچاتے رہے ہیں۔ میں نے چاہا کہ ان مکہ والوں پر کوئی احسان کردوں۔ کیونکہ ان میں کوئی رشتہ داری تو میری تھی ہی نہیں۔ شاید وہ اس احسان ہی کی وجہ سے میرا پاس کریں اور میں نے کسی کفر یا ارتداد کی وجہ سے یہ نہیں کیا اور اسلام قبول کرنے کے بعد کفر کبھی پسند نہیں کیا جاسکتا۔ یہ سن کر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس نے تم سے سچ بیان کیا ہے۔ حضرت عمرؓ نے کہا: یا رسول اللہ! مجھے اجازت دیں کہ میں اس منافق کی گردن مار دوں۔ آپؐ نے فرمایا: وہ تو جنگ بدر میں موجود تھا اور تمہیں کیا معلوم کہ اللہ نے اہل بدر کو دیکھا اور فرمایا: جو تم چاہو کرو۔ میں نے تمہارے گناہوں کی پردہ پوشی کردی ہے۔ سفیان نے کہا: یہ سند بھی کیا ہی عمدہ سند ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3008
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ ابن عیینہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ انہوں نے کہا: جب بدر کی جنگ ہوئی تو (کافروں کے) قیدی لائے گئے اور عباسؓ بھی لائے گئے۔ ان پر کوئی کپڑا نہ تھا۔ نبی ﷺ نے ان کے لئے کرتہ تلاش کیا۔ لوگوں نے عبداللہ بن اُبی ّ کا کرتہ ان کیلئے ٹھیک پایا۔ نبی ﷺ نے وہی ان کو پہنا دیا اور اس وجہ سے نبی ﷺ نے (عبداللہ بن اُبی ّ کے لئے اس کے مرنے پر) اپنا کرتہ اُتار کر اسے دے دیا کہ وہ اسے پہنایا جائے۔ ابن عیینہ کہتے تھے: نبی ﷺ سے اس نے نیک سلوک کیا تھا تو نبی ﷺ نے بھی چاہا کہ اس سے نیک سلوک فرمائیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3009
قُتَیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب بن عبدالرحمن بن محمد بن عبداللہ بن عبدالقاری نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوحازم سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت سہل بن سعد (انصاری) رضی اللہ عنہ نے مجھے بتایا، کہا: نبی ﷺ نے غزوئہ خیبر میں فرمایا: کل میں ایسے شخص کو پرچم دوں گا جس کے ہاتھوں سے اللہ تعالیٰ خیبر فتح کروائے گا۔ وہ اللہ اور اس کے رسول سے محبت رکھتا ہے اور اللہ اور اس کا رسول بھی اس سے محبت رکھتے ہیں۔ لوگ رات بھر اس خیال میں رہے کہ ان میں سے کس کو جھنڈا دیا جائے گا۔ صبح آئے، ہر ایک کو یہی آرزو تھی کہ پرچم اسے دیا جائے گا۔ آپؐ نے فرمایا: علیؓ کہاں ہیں؟ کہا گیا: ان کی آنکھیں دُکھتی ہیں۔ آپؐ نے ان کی آنکھوں میں لعابِ دہن لگایا اور دعا کی۔ وہ بالکل اچھے ہوگئے گویا ان کو کوئی بیماری ہی نہ ہوئی تھی۔ آپؐ نے ان کو پرچم دیا۔ انہوں نے پوچھا: کیا میں ان سے اس وقت تک لڑتا رہوں کہ وہ ہماری طرح مسلمان ہوجائیں؟ آپؐ نے فرمایا: آہستگی سے جاؤ یہاں تک کہ جب تم ان کے آنگن میں ڈیرے لگادو۔ پھر اس کے بعد ان سے اسلام قبول کرنے کے لئے کہو اور جو باتیں ان کے لئے ضروری ہوں وہ انہیں بتائو۔ بخدا اگر اللہ تمہارے ذریعہ کسی شخص کو راہ راست پر چلنے کی توفیق دے تو یہ تمہارے لئے سرخ اونٹوں سے بہتر ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3010
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں خبر دی (کہا:) شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن زیاد سے، ابن زیاد نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: اللہ ان لوگوں پر تعجب کرے گا جو جنت میں زنجیروں سے جکڑے ہوئے داخل ہوں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3011
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان بن عیینہ نے ہمیں بتایا۔ صالح بن حيّ ابو حسن نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے شعبی سے سنا۔ کہتے تھے کہ ابو بردہ نے مجھ سے بیان کیا کہ انہوں نے اپنے باپ (حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ) سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: تین شخص ایسے ہیں جنہیں دوہرا اَجر دیا جائے گا۔ ایک وہ شخص جس کی ایک لونڈی ہو اور وہ اس کو تعلیم دے اور نہایت عمدہ تعلیم دے اور اس کو آداب سکھائے اور بہترین آداب سکھائے۔ { پھر اس کے بعد وہ اس کو آزاد کر دے} اور اس سے نکاح کر لے۔ ایسے شخص کو دو ثواب ملیں گے اور اہل کتاب میں سے وہ شخص جو (اپنے پیغمبر پر) ایمان رکھتا ہو اور پھر وہ نبی ﷺ پر بھی ایمان لائے۔ اس کو بھی دو ثواب ملیں گے اور وہ غلام جو اللہ کا حق بجا لائے اور اپنے آقا کی خیر خواہی کرتا رہے۔ یہ حدیث بیان کرکے شعبی نے کہا: میں نے تم کو یہ تمہارے مشقت اُٹھانے کے بغیر سنائی ہے۔ بحالی کہ آدمی معمولی سی بات کے لئے مدینہ تک سفر کیا کرتا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3012
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا، کہا: زُہری نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ (بن عبداللہ بن عتبہ) سے، عبیداللہ نے حضرت ابن عباسؓ سے، حضرت ابن عباسؓ نے حضرت صعب بن جثامہ رضی اللہ عنہم سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ مقامِ ابواء یا ودان میں میرے پاس سے گزرے۔ آپؐ سے پوچھا گیا کہ جن مشرکوں سے لڑائی ہے اگر ان کے گھر والوں پر شب خون مارا جائے اور اس کے نتیجہ میں ان کی عورتیں اور بچے مارے جائیں تو اس بارہ میں حضورؐ کا کیا خیال ہے؟ آپؐ نے فرمایا: وہ بھی تو قوم کا حصہ ہی ہیں اور میں نے آپؐ کو یہ بھی فرماتے سنا: کوئی رَکھ نہیں مگر اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3013
اور زُہری سے روایت ہے کہ انہوں نے عبیداللہ سے سنا۔ وہ حضرت ابن عباسؓ سے روایت کرتے تھے کہ (انہوں نے کہا:) حضرت صعب (بن جثامہؓ) نے عورتوں اور بچوں کے بارے میں ہم سے مذکورہ بالا حدیث بیان کی۔ (سفیان نے کہا:) عمرو (بن دینار) یہ حدیث بسند ابن شہاب ہم سے بیان کیا کرتے تھے۔ انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ پھر ہم نے زُہری سے یہ حدیث یوں سنی انہوں نے کہا: عبیداللہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت ابن عباسؓ سے، حضرت ابن عباس نے حضرت صعب (بن جثامہؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے یہ الفاظ فرمائے: ’’وہ انہی میں سے ہیں‘‘ اور جس طرح عمرو نے بیان کیا ہے، آپؐ نے یہ نہیں فرمایا تھا کہ ’’وہ اپنے آباء ہی کی اولاد ہیں۔‘‘
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3014
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے روایت کی کہ عبداللہ (بن عمرو) نے انہیں خبر دی۔ نبی ﷺ کی جنگوں میں سے کسی ایک جنگ میں ایک عورت مقتول پائی گئی تو آپؐ نے عورتوں اور بچوں کے قتل کئے جانے کو ناپسند فرمایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3015
اسحق بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے ابواسامہ (حماد بن اسامہ) سے پوچھا: کیا عبیداللہ نے تمہیں یہ حدیث نافع سے روایت کرتے ہوئے بتائی کہ (حضرت عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کی جنگوں میں سے کسی جنگ میں ایک عورت مقتول پائی گئی تو رسول اللہ ﷺ نے عورتوں اور بچوں کو قتل کرنے سے منع فرمایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3016
قُتَیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے بکیر (بن عبداللہ) سے، بکیر نے سلیمان بن یسار سے، سلیمان نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ہمیں ایک لشکر کے ساتھ بھیجا اور آپؐ نے فرمایا: اگر تم فلاں فلاں شخص کو پائو تو انہیں آگ سے جلا دو۔ پھر جب ہم نکلنے لگے تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں نے تمہیں حکم دیا تھا کہ فلاں فلاں شخص کو آگ سے جلا دینا۔ مگر آگ سے تو صرف اللہ ہی سزا دیتا ہے۔ اس لئے اگر تم ان دونوں کو پائو تو انہیں قتل کر دو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3017
علی بن عبد اللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے عکرمہ سے روایت کی کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے کچھ لوگوں کو آگ سے جلوایا اور یہ خبر حضرت ابن عباسؓ کو پہنچی تو انہوں نے کہا: اگر میں ہوتا تو انہیں نہ جلاتا کیونکہ نبی ﷺ نے فرمایا ہے: اللہ کی سزا جیسی کسی کو سزا نہ دو اور میں انہیں قتل کروا دیتا جیسا کہ نبی ﷺ نے فرمایا ہے: جو اپنے دین کو تبدیل کرے (اور محاربین میں شامل ہو جائے تو) اسے قتل کر دو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3018
معلی بن اسد نے ہم سے بیان کیا کہ وہیب (بن خالد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ عُکل قبیلہ کے آٹھ آدمی نبیؐ کے پاس آئے (اور مسلمان ہوگئے۔) انہوں نے مدینہ کی آب و ہوا کو ناموافق پایا اور کہنے لگے یا رسول اللہ! ہمیں دودھ منگوا دیں۔ آپؐ نے فرمایا: تمہارے لئے یہی مناسب سمجھتا ہوں کہ جہاں اونٹوں کے ریوڑ ہیں وہاں چلے جائو۔ چنانچہ وہ چلے گئے اور انہوں نے ان کے پیشاب اور دودھ پئے۔ یہاں تک کہ تندرست اور موٹے ہوگئے اور چرواہے کو مار ڈالا اور اونٹ ہانک کر لے گئے اور مسلمان ہونے کے بعد وہ کافر ہوگئے۔ ایک فریادی نبیؐ کے پاس آیا۔ آپؐ نے سواروں کو اُن کا پیچھا کرنے کے لئے بھیجا۔ ابھی دن نہیں چڑھا تھا کہ ان کو پکڑ کر لے آئے۔ آپؐ نے (ان کے جرم کے بدلے) ان کے ہاتھ اور پائوں کٹوائے۔ پھر لوہے کی سلائیاں گرم کرنے کو فرمایا۔ وہ گرم کی گئیں اور ان کی آنکھوں میں پھیری گئیں اور حرّہ میدان میں وہ پھینکوا دیے گئے۔ پیاس کے مارے پانی مانگتے تھے اور انہیں پانی نہ دیا جاتا۔ یہاں تک کہ وہ مر گئے۔ ابوقلابہ کہتے تھے: ان لوگوں نے مسلمانوں کو قتل کیا۔ پھر چوری کی اور اللہ اور اس کے رسولؐ کے مقابلہ میں کھڑے ہوگئے اور ان سے لڑائی کی اور ملک میں فساد کیا۔ (اس لئے ان کو یہ سزا دی گئی۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3019
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سعید بن مسیب سے اور ابوسلمہ سے روایت کی کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: کسی نبی کو ایک نملہ نے کاٹ کھایا تو اس نبی نے نملہ کی بستی کو جلا دینے کا حکم دیا اور وہ جلا دی گئی تو اللہ نے انہیں وحی کی کہ ایک نملہ نے تجھے کاٹا تھا، تو نے ایک قوم کو جلا دیا جو اللہ کی تسبیح کرتی تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3020
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ اسماعیل سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: قیس بن ابی حازم نے مجھ سے بیان کیا۔ کہتے تھے: حضرت جریر (بن عبداللہ بجلیؓ) نے مجھ سے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے مجھ سے فرمایا: کیا ذوالخلصہ سے مجھے چھٹکارا نہیں دلائو گے اور یہ خثعم قبیلے میں ایک بت خانہ تھا جسے کعبۂ یمانی کہا کرتے تھے۔ حضرت جریرؓ کہتے تھے: میں احمس قبیلہ کے ایک سو پچاس سوار لے کر روانہ ہوگیا اور یہ لوگ سواری میں ماہر تھے۔ کہتے تھے: میں گھوڑے پر جم کر نہیں بیٹھ سکتا تھا۔ آنحضرت ﷺ نے میرے سینہ پر (اتنے زور سے) ہاتھ مارا {کہ آپؐ کی انگلیوں کے نشان میں نے اپنے سینے پر دیکھے{ اور آپؐ نے فرمایا: اے اللہ! اسے گھوڑے پر بیٹھنے کی توفیق دے اور اسے راہنما اور راست رَو بنا۔ چنانچہ حضرت جریر بن عبداللہ بجلیؓ وہاں چلے گئے اور اسے توڑ پھوڑ دیا اور جلا دیا۔ اس کے بعد انہوں نے رسول اللہ ﷺ کی طرف ایک شخص (ابو ارطاۃ حصین بن ربیعہ نامی) کو بھیجا کہ آپؐ کو خبر دے۔ حضرت جریرؓ کے ایلچی نے کہا: اسی ذات کی قسم ہے جس نے آپؐ کو حق کے ساتھ بھیجا ہے میں آپؐ کے پاس نہیں آیا جب تک ذوالخلصہ کو ایسا جلا بھنا نہیں چھوڑا جیسے کوئی کھوکھل اونٹ یا خارشی اونٹ ہوتا ہے۔ حضرت جریرؓ کہتے تھے: آپؐ نے احمس کے }گھوڑوں} اور ان کے سواروں کے لئے پانچ بار فرمایا: اللہ انہیں برکت دے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3021
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے موسیٰ بن عقبہ سے، موسیٰ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے بنو نضیر کی کھجوروں کے درخت جلا دئیے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah