کتاب 56: كتاب الجهاد والسير
صحیح بخاری, حصہ 14
صحیح بخاری 3042
عبیداللہ (بن موسیٰ) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے ابو اسحق سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ایک شخص نے حضرت براء رضی اللہ عنہ سے پوچھا، کہنے لگا: ابو عمارہ! کیا تم نے حنین کے دن میدانِ جنگ سے پیٹھ پھیری تھی؟ حضرت براءؓ نے جواب دیا اور میں سن رہا تھا: مگر رسول اللہ ﷺ نے اس دن پیٹھ نہیں پھیری تھی۔ ابو سفیان بن حارثؓ آپؐ کی خچر کی لگام تھامے ہوئے تھے۔ جب مشرک آپؐ پر اُمڈ آئے تو آپؐ اتر پڑے۔ فرمانے لگے: میں موعود نبی ہوں اس میں کوئی جھوٹ نہیں میں عبدالمطلب کا بیٹا ہوں حضرت براءؓ کہتے تھے: اس دن آپؐ سے بڑھ کر بہادر لوگوں میں سے اور کوئی نہیں دیکھا گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3043
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعد بن ابراہیم سے، سعد نے ابوامامہ سے جو سہل بن حنیف کے بیٹے تھے۔ ابوامامہ نے حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جب بنو قریظہ سعد بن معاذؓ کے فیصلہ پر آمادہ ہوگئے تو رسول اللہ ﷺ نے ان کو بلا بھیجا۔ وہ آپؐ کے قریب ہی تھے۔ گدھے پر سوار ہو کر آئے۔ جب قریب پہنچے تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اپنے سردار کے استقبال کو اُٹھو۔ وہ آئے اور آ کر رسول اللہ ﷺ کے پاس بیٹھ گئے۔ آپؐ نے فرمایا: یہ لوگ آپؓ کے فیصلہ پر آمادہ ہیں۔ حضرت سعدؓ نے کہا: میں فیصلہ کرتا ہوں کہ ان میں سے لڑنے والوں کو مار ڈالا جائے اور ان کے بال بچے قید کر لئے جائیں۔ آنحضرت ﷺ نے فرمایا: آپؐ نے ان کے متعلق شاہی فیصلہ کیا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3044
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ جس سال مکہ فتح ہوا رسول اللہ ﷺ (مکہ میں) داخل ہوئے اور آپؐ کے سر پر خود تھا۔ جب آپؐ نے اسے اُتارا تو ایک شخص آیا اور کہنے لگا: ابن اَخطل کعبہ کے پردوں سے لٹکا ہوا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اسے قتل کر دو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3045
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عمرو بن ابی سفیان بن اَسید بن جاریہ ثقفی نے مجھے بتایا اور وہ بنو زہرہ کے حلیف اور حضرت ابوہریرہؓ کے ساتھیوں میں سے تھے کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے دس آدمیوں کا ایک دستہ حالات معلوم کرنے کے لئے بھیجا اور عاصم بن ثابت انصاریؓ کو جو عاصم بن عمر بن خطاب کے نانا تھے اس کا امیر مقرر فرمایا۔ یہ لوگ چلے گئے۔ جب ہدأۃ مقام پر پہنچے جو عسفان اور مکہ کے درمیان ہے تو ان کے متعلق کسی نے بنو لحیان کو خبر کردی جو ہذیل قبیلے کا ایک حصہ ہے۔ یہ خبر سن کر بنو لحیان کے تقریباً دو سو آدمی جو سب کے سب تیر انداز تھے نکل کھڑے ہوئے۔ وہ ان کے قدموں کے نشانوں پر ان کے پیچھے گئے۔ یہاں تک کہ انہوں نے ان کی وہ جگہ پالی۔ جہاں انہوں نے کھجوریں کھائی تھیں جو مدینہ سے بطور زاد کے لی تھیں۔ وہ (گٹھلیوں کو دیکھ کر) بولے یہ یثرب کی کھجوریں ہیں۔ وہ قدموں کے نشان پر ان کے پیچھے گئے۔ جب عاصمؓ اور ان کے ساتھیوں نے ان کو آتے دیکھا تو انہوں نے ایک ٹیلہ پر پناہ لی۔ ان لوگوں نے ان کو گھیر لیا اور ان سے کہنے لگے: نیچے اتر آئو اور تم اپنے آپ کو ہمارے سپرد کردو اور (ہماری طرف سے) تمہارے لئے یہ عہد و پیمان ہے کہ ہم تم میں سے کسی کو بھی قتل نہیں کریں گے۔ عاصم بن ثابتؓ جو اس دستہ کے امیر تھے بولے: میرا اپنے آپ کو سپرد کرنا، بخدا! میں تو آج کافر کی امان پر ٹیلے سے نہیں اتروں گا۔ اے اللہ اپنے نبیؐ کو ہمارے متعلق خبر دے۔ ان لوگوں نے ان پر تیر چلائے اور عاصمؓ کو سات آدمیوں سمیت مار ڈالا۔ یہ دیکھ کر تین آدمی عہد و پیمان پر اعتماد کرتے ہوئے ان کے پاس نیچے آگئے۔ ان میں خبیب انصاریؓ اور ابن دَثِنہؓ اور ایک اور شخص تھے۔ جب انہوں نے ان کو قابو کرلیا، انہوں نے اپنی کمانوں کے چلے کھولے اور ان کی مشکیں کسیں۔ تیسرا شخص کہنے لگا: یہ پہلا دغا ہے۔ بخدا میں تمہارے ساتھ نہیں جائوں گا۔ میرے لئے ان لوگوں میں راحت بخش نمونہ ہے جو شہید ہوئے۔ انہوں نے اس کو کھینچا اور کش مکش کی کہ وہ کسی طرح ان کے ساتھ جائیں مگر وہ نہ مانے۔ آخر انہوں نے ان کو مار ڈالا اور خبیبؓ اور ابن دثنہؓ کو پکڑ کر لے گئے اور جاکر مکہ میں ان کو بیچ دیا۔ یہ جنگ بدر کے بعد کا واقعہ ہے اور خبیبؓ کو بنو حارث بن عامر بن نوفل بن عبد مناف نے خرید لیا اور خبیبؓ ہی تھے جنہوں نے حارث بن عامر کو بدر کے دن قتل کیا تھا۔ خبیبؓ ان کے پاس قید رہے۔ (ابن شہاب کہتے تھے کہ) عبیداللہ بن عیاض نے مجھے بتایا کہ حارث کی بیٹی نے ان سے ذکر کیا کہ جب انہوں نے اتفاق کرلیا (کہ انہیں مار ڈالیں) تو خبیبؓ نے اس سے استرا مانگا کہ اسے استعمال کریں۔ چنانچہ اس نے انہیں استرا دے دیا۔ اس وقت میری بے خبری کی حالت میں میرا ایک بچہ خبیبؓ کے پاس آیا اور انہوں نے اس کو لے لیا۔ اس نے کہا: میں نے خبیبؓ کو دیکھا کہ وہ اسے اپنی ران پر بٹھائے ہوئے ہیں اور استرا اُن کے ہاتھ میں ہے۔ میں یہ دیکھ کر اتنا گھبرائی کہ خبیبؓ نے گھبراہٹ کو میرے چہرے سے پہچان لیا اور بولے۔ تم ڈرتی ہو کہ میں اسے مار ڈالوں گا۔ میں تو ایسا نہیں ہوں کہ یہ کروں۔ بخدا میں نے کبھی ایسا قیدی نہیں دیکھا جو خبیبؓ سے بہتر ہو۔ اللہ کی قسم میں نے ایک دن ان کو دیکھا کہ خوشہ انگور ان کے ہاتھ میں ہے اور وہ اس سے انگور کھا رہے ہیں اور وہ زنجیر میں جکڑے ہوئے تھے اور ان دنوں مکہ میں کوئی میوہ نہ تھا۔ کہتی تھیں: یہ اللہ کی طرف سے رزق تھا جو اس نے خبیبؓ کو دیا۔ جب لوگ ان کو حرم سے باہر لے گئے کہ ایسی جگہ قتل کریں جو حرم نہیں ہے تو خبیبؓ نے ان سے کہا: مجھے اجازت دو کہ میں دو رکعتیں نماز پڑھ لوں {اور انہوں نے ان کو اجازت دے دی تو انہوں نے دو رکعتیں پڑھیں } اور کہنے لگے: اگر تم یہ خیال نہ کرتے کہ میں اس وقت جس حالت (نماز) میں ہوں گھبراہٹ کا نتیجہ ہے تو میں ضرور یہ نماز لمبی پڑھتا۔ اے اللہ! ان کو ایک ایک کرکے ہلاک کر۔ (پھر آپؓ نے یہ شعر پڑھے:) جبکہ میں مسلمان ہونے کی حالت میں مارا جا رہا ہوں مجھے پرواہ نہیں کہ کس کروٹ اللہ کی خاطر گروں گا اور میرا یہ گرنا اللہ کی ذات کے لئے ہے اور اگر وہ چاہے تو ٹکڑے کئے ہوئے جسم کے جوڑوں کو برکت دے سکتا ہے۔ آخر حارث کے بیٹے نے ان کو قتل کیا اور یہ خبیب ہی تھے جنہوں نے ہر ایسے مسلمان کے لئے دو رکعت پڑھنے کی سنت قائم کی جو باندھ کر مارا جائے۔ اللہ نے عاصم بن ثابتؓ کی دعا جس دن وہ شہید ہوئے قبول فرمائی اور نبی ﷺ نے اپنے صحابہ کو بتایا جو ان لوگوں کے ساتھ واقعہ ہوا تھا اور جو انہیں تکلیف پہنچی تھی اور جب کفارِ قریش کو بعض لوگوں نے بتایا کہ عاصمؓ قتل کئے گئے ہیں تو انہوں نے عاصمؓ کی طرف کچھ آدمیوں کو بھیجا کہ ان کی لاش میں سے ایسا حصہ لائے کہ جس سے پہچانے جائیں اور عاصمؓ نے بدر کے دن ان کے بڑے بڑے لوگوں میں سے ایک شخص کو قتل کیا تھا تو عاصمؓ کی لاش پر بھڑوں کا ایک جُھنڈ بھیجا گیا جو سائبان کی طرح اوپر احاطہ کئے ہوئے تھا اور اس طرح ان کی لاش کو کفار کے بھیجے ہوئے آدمیوں سے بچا لیا گیا اور وہ ان کے گوشت سے کوئی ٹکڑا نہ کاٹ سکے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3046
قُتَیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور (بن معتمر) سے، منصور نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: گرفتار (یعنی قیدی) کو چھڑائو، بھوکے کو کھلائو اور بیمار کی عیادت کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3047
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ زُہیر نے ہمیں بتایا کہ مطرف (بن طریف) نے ہم سے بیان کیا کہ عامر نے انہیں حضرت ابوجُحَیفہ (وہب بن عبداللہ) رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے پوچھا: کیا آپؓ کے پاس اللہ کی کتاب کے علاوہ کچھ اور وحی بھی ہے؟ انہوں نے کہا: اس ذات کی قسم ہے جس نے دانہ کو پھاڑ کر اُگایا ہے اور جان پیدا کی ہے! مجھے کوئی ایسی وحی معلوم نہیں (جو قرآن میں نہ ہو) ہاں فہم ایک دوسری چیز ہے جو اللہ کسی شخص کو قرآن کے متعلق عطا کرے اور وہ قرآن میں سے مطالب اَخذ کرے اور جو اس صحیفہ میں ہے۔ میں نے کہا: اس صحیفہ میں کیا ہے؟ انہوں نے کہا: دیت کے احکام اور قیدی چھڑانا اور کوئی مسلم کافر کے بدلہ میں نہ مارا جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3048
اسماعیل بن ابی اویس نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن ابراہیم بن عقبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے موسیٰ بن عقبہ سے، موسیٰ نے ابن شہاب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے مجھے بتایا کہ انصار میں سے کچھ لوگوں نے رسول اللہ ﷺ سے اجازت مانگی، کہا: یا رسول اللہ! ہمیں اجازت دیں کہ ہم اپنے بھانجے عباس کو اُن کا فدیہ معاف کرکے چھوڑ دیں۔ آپؐ نے فرمایا: اس میں سے ایک درہم بھی نہ چھوڑو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3049
اور ابراہیم بن طہمان نے عبدالعزیز بن صُہَیب سے، عبدالعزیز نے حضرت انسؓ سے روایت نقل کی کہ انہوں نے کہا: بحرین سے نبی ﷺ کے پاس کچھ مال لایا گیا تو حضرت عباسؓ آپؐ کے پاس آئے اور کہنے لگے: یا رسول اللہ! مجھے بھی دیں۔ کیونکہ میں نے اپنا فدیہ دیا ہے اور عقیل کا بھی فدیہ دیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: لے لیں اور آپؐ نے مال ان کے کپڑے میں ڈال کر دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3050
محمود (بن غیلان) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے زُہری سے، زُہری نے محمد بن جبیر سے، انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی اور یہ بدر کے قیدیوں کو چھڑانے کے لئے آئے تھے۔ کہتے تھے: میں نے نبی ﷺ کو مغرب میں سورۃ وَالطُّوْر پڑھتے ہوئے سنا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3051
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا۔ ابو العمیس (عتبہ بن عبداللہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایاس بن سلمہ بن اکوع سے، ایاس نے اپنے باپ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: مشرکوں کا ایک جاسوس نبی ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ اس وقت سفر میں تھے۔ وہ آپؐ کے صحابہ کے پاس بیٹھ کر باتیں کرنے لگا۔ پھر واپس چلا گیا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اس کا پیچھا کرو اور اسے قتل کردو۔ (حضرت سلمہؓ نے کہا:) چنانچہ میں نے اس کو قتل کردیا۔ آنحضرت ﷺ نے حضرت سلمہؓ کو اس کا سامان دلایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3052
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حصین (بن عبدالرحمن) سے، حصین نے عمرو بن میمون سے، عمرو نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے بوقت وفات کہا: میں اس کو (جو میرے بعد خلیفہ ہو) اللہ کی اور اس کے رسول ﷺ کی ذمہ داری کے بارے میں وصیت کرتا ہوں کہ ان (ذمیوں) سے ان کا وہ عہد پورا کیا جائے (جو ان سے کیا گیا ہے) اور ان کو بچانے کے لئے دشمنوں سے جنگ کی جائے اور اُن سے اتنا ہی کام لیا جائے جتنا وہ برداشت کرسکیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3053
قبیصہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابن عیینہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سلیمان احول سے، سلیمان نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا کہ جمعرات کا دن اور جمعرات کا وہ دن کیسا تھا۔ یہ کہہ کر وہ اتنا روئے کہ ان کے آنسوؤں نے زمین کی کنکریاں تر کر دیں اور کہنے لگے: جمعرات کے دن رسول اللہ ﷺ کو آپؐ کی بیماری نے سخت نڈھال کر دیا۔ آپؐ نے فرمایا: لکھنے کا سامان میرے پاس لاؤ کہ میں تمہیں ایک ایسی تحریر لکھ دوں کہ اس کے بعد کبھی گمراہ نہ ہو گے۔ یہ سن کر صحابہ نے جھگڑا شروع کر دیا۔ حالانکہ نبی کے پاس جھگڑا زیبا نہیں تھا۔ کہنے لگے: رسول اللہ ﷺ بیماری کی شدت کی وجہ سے یہ سب کچھ کہہ رہے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: جاؤ مجھے چھوڑ دو۔ جس حال میں ہوں وہ بہتر ہے اس سے جس کی طرف تم بلاتے ہو۔ اور آپؐ نے بوقت وفات تین باتوں کی وصیت کی۔ مشرکوں کو جزیرۂ عرب سے نکال دینا اور ایلچیوں سے اسی طرح نیک سلوک کرنا جس طرح میں کرتا تھا اور تیسری بات میں بھول گیا۔ یعقوب بن محمد (زُہری) کہتے تھے: میں نے مغیرہ بن عبدالرحمن سے جزیرۂ عرب سے متعلق پوچھا تو انہوں نے کہا: اس سے مراد مکہ، مدینہ، یمامہ اور یمن ہے۔ اور یعقوب نے یہ بھی کہا کہ تہامہ (یعنی مدینہ کا علاقہ) عرج سے شروع ہوتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3054
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عُقَیل سے، عُقَیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سالم بن عبداللہ سے روایت کی کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا: حضرت عمرؓ نے بازار میں ایک ریشمی جوڑا (چادر اور تہہ بند) بکتے دیکھا اور وہ اسے رسول اللہ ﷺ کے پاس لے آئے اور کہنے لگے: یا رسول اللہ! یہ جوڑا خرید لیں اور عید کے موقعہ پر اور نمائندوں سے ملنے کے لئے زیب تن فرمایا کریں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ تو ان لوگوں کا لباس ہے جن میں کوئی بھلائی نہیں یا یہ فرمایا کہ اسے تو وہی پہنا کرتے ہیں جن کا آخرت میں کوئی حصہ نہیں۔ چند روز تک کہ جب تک اللہ کو منظور تھا حضرت عمرؓ خاموش رہے۔ پھر ایسا ہوا کہ خود آنحضرت ﷺ نے ایک ریشمی جُبّہ حضرت عمرؓ کو تحفۃً بھیجا۔ وہ اس کو لے کر رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے اور عرض کیا: یا رسول اللہ! آپؐ نے تو فرمایا تھا کہ یہ اس کا لباس ہے جس میں کوئی بھلائی نہیں یا اسے تو وہی پہنا کرتے ہیں جن کا آخرت میں کوئی حصہ نہیں اور پھر آپؐ نے مجھے یہ بھیج دیا۔ آپؐ نے فرمایا: اس لئے کہ تم اسے بیچو یا اپنے کسی کام میں لائو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3055
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف) نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ ان سے زُہری نے روایت کی کہ سالم بن عبداللہ نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے بتایا: حضرت عمرؓ نبی ﷺ کے صحابہ میں سے ایک جماعت کے ساتھ آنحضرت ﷺ کی معیت میں ابن صیاد کی طرف گئے۔ انہوں نے بنی مغالہ کے محلوں کے پاس اسے لڑکوں کے ساتھ کھیلتے پایا اور ان دِنوں ابن صیاد بلوغت کے قریب تھا۔ اسے اسی وقت معلوم ہوا جب نبی ﷺ نے اس کی پیٹھ پر اپنا ہاتھ رکھا اور فرمایا: کیا تم اقرار کرتے ہو کہ میں اللہ کا رسول ہوں؟ ابن صیاد نے آپ کی طرف دیکھا اور کہا: میں یہ اقرار کرتا ہوں کہ آپؐ اُمیّوں کے رسول ہیں۔ ابن صیاد نے نبی ﷺ سے پوچھا: کیا آپؐ اقرار کرتے ہیں کہ میں اللہ کا رسول ہوں؟ نبی ﷺ نے فرمایا: میں اللہ اور اس کے سب رسولوں پر ایمان لایا ہوں اور فرمایا: تم کیا دیکھتے ہو؟ ابن صیاد نے کہا: میرے پاس سچی اور جھوٹی خبریں آتی ہیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اصل حقیقت تم پر مشتبہ ہو گئی ہے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: میں نے تمہارے لئے ایک بات چھپائی ہے۔ ابن صیاد نے کہا: وہ دُخْ ہی ہے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: چل دور ہو تم اپنی بساط سے آگے نہیں بڑھ سکو گے۔ حضرت عمرؓ کہنے لگے: یا رسول اللہ! آپؐ اجازت دیں تو میں اس کی گردن اڑا دوں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اگر یہ وہی (دجال) ہوا (جس کی خبر دی گئی ہے) تو تم اس پر قابو نہیں پا سکو گے اور اگر وہ نہ ہوا تو پھر اس کے مار ڈالنے میں تمہارے لئے کوئی بھلائی نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3056
دوسری روایت حضرت ابن عمرؓ سے اسی سند سے یہ ہے کہ نبی ﷺ اور حضرت اُبیّ بن کعبؓ اس نخلستان میں گئے جہاں ابن صیاد تھا۔ جب اس نخلستان میں داخل ہوئے تو نبی ﷺ کھجوروں کی آڑ میں چلنے لگے اور آپؐ (ابن صیاد کے پاس) دبے پائوں آہستہ آہستہ جا رہے تھے تا آپؐ ابن صیاد سے پیشتر اس کے کہ وہ آپؐ کو دیکھے، کچھ سن لیں اور ابن صیاد اپنے بچھونے پر ایک کمبل اوڑھے ہوئے لیٹا تھا۔ اس میں کچھ گنگناہٹ کی سی آواز تھی۔ ابن صیاد کی ماں نے نبی ﷺ کو دیکھ لیا۔ جب آپؐ کھجوروں کی آڑ لئے (دبے پائوں) آرہے تھے۔ اس نے ابن صیاد کو پکار کر کہا: ارے صاف اور یہ اس کا نام تھا۔ (محمد آئے ہیں) یہ سنتے ہی ابن صیاد اُٹھ کھڑا ہوا۔ نبی ﷺ فرماتے تھے: اگر وہ اسے رہنے دیتی تو حال کھل جاتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3057
اور سالم (بن عبداللہ) نے کہا: حضرت ابن عمرؓ کہتے تھے: پھر اس کے بعد نبی ﷺ لوگوں میں کھڑے ہوئے اور اللہ کی وہ تعریف کی جس کا وہ مستحق ہے اور دجال کا ذکر کیا اور فرمایا: میں بھی تم کو اس کے خطرہ سے آگاہ کرتا ہوں اور کوئی ایسا نبی نہیں جس نے اپنی قوم کو اس کے خطرہ سے آگاہ نہ کیا ہو۔ نوحؑ نے بھی اپنی قوم کو اس کے خطرہ سے خبردار کیا تھا۔ مگر میں تمہیں اس کے متعلق ایک ایسی بات بتاتا ہوں جو کسی نبی نے اپنی قوم کو نہیں بتائی۔ تمہیں یہ علم ہے کہ وہ یک چشم ہے اور اللہ ایسا نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3058
محمود (بن غیلان) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ معمر نے زُہری سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ زُہری نے علی بن حسین سے، علی نے عمرو بن عثمان بن عفان سے، عمرو نے حضرت اسامہ بن زیدؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے میں نے پوچھا: یا رسول اللہ! آپؐ کل اپنے حج کے اثناء میں کہاں اتریں گے؟ آپؐ نے فرمایا: کیا عقیل نے ہمارے لئے کوئی ٹھکانا چھوڑا ہے؟ پھر آپؐ نے فرمایا: ہم کل خیف بنی کنانہ یعنی محصب میں اُتریں گے۔ جہاں قریش نے کفر پر رہنے کی قسمیں کھائی تھیں اور یہ واقعہ یوں ہوا تھا کہ بنی کنانہ نے قریش سے بنی ہاشم کے خلاف عہد و پیمان کیا تھا کہ نہ وہ ان سے خرید و فروخت کریں گے اور نہ انہیں اپنے گھروں میں آنے دیں گے۔ زُہری نے کہا اور خیف وادی کو کہتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3059
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ مالک نے زید بن اسلم سے، زید نے اپنے باپ سے روایت کی کہ حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے اپنے ایک غلام کو جسے ہنیا کہا کرتے تھے (سرکاری) رَکھ پر محافظ مقرر کیا اور اس سے کہا: ہنیا! مسلمانوں سے اپنا بازو سمیٹے رکھنا اور مظلوم کی بددعا سے بچنا۔ کیونکہ مظلوم کی دعا قبول ہوتی ہے اور تھوڑی سی اونٹنیوں والے اور تھوڑی سی بکریوں والے کو رَکھ میں آنے دینا اور میری ناراضگی سے بچنا اور (عبدالرحمن) بن عوفؓ اور (عثمان) بن عفانؓ کے جانوروں کو نہ چرنے دینا۔ کیونکہ (وہ دونوں امیر ہیں) اگر ان کے جانور مر بھی جائیں تو وہ نخلستانوں اور کھیتوں سے کام چلا سکتے ہیں اور تھوڑی سی اونٹنیوں والا یا تھوڑی سی بکریوں والا اگر اس کے مویشی مر گئے تو میرے پاس اپنے بچوں کو لائے گا اور کہے گا: امیر المؤمنین! (ان کو پالو) تیرا باپ نہ رہے تو کیا میں ان کو بھوکا چھوڑ دوں گا؟ دیکھنا گھاس اور پانی دینا مجھ پر سونے اور چاندی کے دینے سے زیادہ آسان ہے اور بخدا وہ تو یہی سمجھیں گے کہ میں نے ان پر ظلم کیا۔ یہ ان کی بستیاں ہیں جن کی وجہ سے وہ جاہلیت میں لڑتے رہے اور انہی کو بچانے کے لئے وہ اسلام میں داخل ہوئے اور اسی ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے اگر یہ مویشی نہ ہوتے جن پر اللہ کی راہ میں (مجاہدین کو) سوار کرتا ہوں تو میں ان کی جائیدادوں میں سے ایک بالشت زمین بھی محفوظ نہ رکھتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3060
محمد بن یوسف (فریابی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابو وائل سے، ابو وائل نے حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: جن لوگوں نے اسلام کا زبان سے اقرار کیا ہے ان کے نام مجھے لکھ دو اور ہم نے ڈیڑھ ہزار مردوں کے نام لکھ کر آپؐ کو دئیے اور ہم کہنے لگے: کیا اب بھی ہمیں ڈر ہے جبکہ ہم ڈیڑھ ہزار ہیں؟ ہم نے اپنے آپ کو آزمائش کے اس زمانہ میں بھی دیکھا ہے جب ایک شخص اکیلا نماز پڑھتا اور وہ خوف زدہ ہوتا۔ عبدان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابو حمزہ سے، ابو حمزہ نے اعمش سے پھر یہی حدیث روایت کی۔ اس میں یہ ذکر آتا ہے کہ ہم نے ان کو پانچ سو کی تعداد میں پایا۔ ابو معاویہ نے کہا: چھ سات سو کے درمیان تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3061
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے، ابن جریج نے عمرو بن دینار سے، عمرو بن دینار نے ابو معبد سے، ابو معبد نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک شخص نبی ﷺ کے پاس آیا۔ کہنے لگا: یا رسول اللہ! فلاں فلاں مہم میں جانے کے لئے میرا نام لکھا گیا ہے اور میری بیوی حج کو جا رہی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: واپس جاؤ اور اپنی بیوی کے ساتھ حج کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah