کتاب 56: كتاب الجهاد والسير
صحیح بخاری, حصہ 4
صحیح بخاری 2842
محمد بن سنان نے ہمیں بتایا کہ فلیح نے ہم سے بیان کیا کہ ہلال نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ منبر پر کھڑے ہوئے اور آپؐ نے فرمایا: میں اپنے پیچھے جس بات سے تمہارے لئے ڈرتا ہوں وہ یہ ہے کہ زمین کی برکتیں تمہارے لئے کھول دی جائیں گی۔ پھر آپؐ نے دنیا کی آرائش کا بیان کیا۔ آپؐ نے ایک بات بیان کی اور پھر دوسری۔ اس پر ایک آدمی کھڑا ہوا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! کیا خیر شر لے کر آئے گا؟ نبی ﷺ خاموش رہے، اُسے جواب نہ دیا۔ ہم سمجھے کہ آپؐ کو وحی ہو رہی ہے اور لوگ ساکت رہے گویا کہ ان کے سروں پر پرندے بیٹھے ہیں۔ پھر آپؐ نے اپنے چہرہ سے پسینہ پونچھا اور فرمایا: کہاں ہے وہ شخص جو ابھی پوچھ رہا تھا (کہ کیا خیر بھی شر لائے گا؟) حضورؐ نے تین دفعہ یہ فرمایا: (پھر فرمایا:) بھلائی تو بھلائی ہی کو لاتی ہے مگر یہ تو دیکھو کہ جب موسم بہار میں گھاس اُگتی ہے تو وہ اس (جانور) کو مار ڈالتی ہے یا مرنے کے قریب کر دیتی ہے جسے کھانے سے اپھارہ ہو جاتا ہے۔ مگر وہ (جانور) جو ہری گھاس کھاتا ہے اور جب اس کی دونوں کوکھیں بھر جاتی ہیں تو وہ سورج کے سامنے جا کھڑا ہوتا ہے اور بول و براز کرتا ہے۔ پھر چرتا پھرتا ہے (تو وہ بچ جاتا ہے) دیکھو یہ مال بھی ہرا بھرا اور میٹھا ہے اور مسلمان کا اچھا رفیق ہے خصوصاً اس کا جس نے اس کو جائز طریق سے لیا اور اسے اللہ کی راہ میں اور یتیموں اور مسکینوں کے لئے خرچ کر دیا اور جس نے اس کو اس کے صحیح طریقہ سے نہ لیا تو وہ اس (بیمار) پیٹو کھانے والے کی طرح ہے جو سیر نہیں ہوتا اور وہ مال اس کے خلاف قیامت کے دن گواہ ہوگا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2843
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا کہ عبد الوارث نے ہمیں بتایا کہ حسین (بن ذکوان) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: یحيٰ (بن ابی کثیر) نے مجھ سے بیان کیا، کہا: ابو سلمہ نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ بسر بن سعید نے مجھ سے بیان کیا، کہا: حضرت زید بن خالد رضی اللہ عنہ نے مجھے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے اللہ کی راہ میں کسی غازی کو ساز و سامان سے تیار کیا تو گویا خود ہی جنگ کے لئے نکلا اور جس شخص نے اللہ کی راہ میں کسی غازی کی اچھی جانشینی کی تو گویا وہ خود بھی جنگ کے لئے نکلا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2844
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسحق بن عبداللہ سے، اسحق نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ مدینہ کے کسی گھر نہیں جایا کرتے تھے سوائے اُمّ سُلَیمؓ کے یا اپنی ازواج کے گھر کے۔ آپؐ سے پوچھا گیا تو آپؐ نے فرمایا: مجھے اس پر رحم آتا ہے۔ اس کا بھائی (حرام بن ملحانؓ) میری معیت میں مارا گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2845
عبداللہ بن عبدالوہاب نے ہمیں بتایا کہ خالد بن حارث نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن عون نے ہمیں بتایا۔ موسیٰ بن انس سے روایت ہے۔ وہ یمامہ کی جنگ کا ذکر کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت انس بن مالکؓ حضرت ثابت بن قیسؓ کے پاس آئے۔ حضرت ثابتؓ نے اپنی رانوں سے کپڑا ہٹایا ہوا تھا اور وہ حنوط لگا رہے تھے۔ انہوں نے کہا: چچا کس بات نے آپؓ کو روک رکھا ہے کہ نہیں آتے؟ انہوں نے کہا: میرے بھتیجے ابھی آتا ہوں اور وہ حنوط لگانے لگے۔ یعنی وہ خوشبو جو مُردوں کو لگائی جاتی ہے۔ پھر وہ آئے اور بیٹھ گئے۔ حضرت انسؓ نے اس حدیث میں بیان کیا ہے کہ لوگوں کی طرف سے جنگ میں کچھ کمزوری کا اظہار ہوا اور وہ پسپا ہونے لگے تو حضرت ثابتؓ نے کہا: ہمارے سامنے سے ہٹ جاؤ کہ ہم ان لوگوں کا مقابلہ کریں۔ ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ہو کر اس طرح نہیں لڑا کرتے تھے۔ تم نے اپنے مدمقابل کے لوگوں کی عادت کیسی بگاڑ دی ہے۔ اس حدیث کو حماد نے ثابت سے، ثابت نے حضرت انسؓ سے روایت کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2846
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن منکدر سے، محمد بن منکدر نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے جنگ ِ احزاب میں فرمایا: کون میرے پاس اس قوم کی خبر لائے گا؟ زبیرؓ نے کہا: مَیں۔ پھر آپؐ نے فرمایا: کون میرے پاس (چڑھائی کرنے والی) قوم کی خبر لائے گا؟ زبیرؓ نے کہا: مَیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: ہر ایک نبی کا ایک حواری یعنی سچا مددگار ہوتا ہے اور میرا حواری زبیرؓ ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2847
صدقہ (بن فضل) نے ہم سے بیان کیا کہ (سفیان) بن عیینہ نے ہمیں بتایا۔ ابن منکدر نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ انہوں نے کہا: نبی کریم ﷺ نے لوگوں کو پکارا (کہ بنی قریظہ کی خبر لائیں) صدقہ نے کہا: میرا خیال ہے کہ آپؐ نے یہ بات غزوئہ خندق میں فرمائی تو حضرت زبیرؓ نے اپنے آپ کو اس کام کیلئے پیش کیا۔ پھر آپؐ نے لوگوں کو پکارا۔ پھر حضرت زبیرؓ نے اپنے آپ کو پیش کیا۔ پھر آپؐ نے لوگوں کو پکارا تو پھر حضرت زبیرؓ نے اپنے آپ کو پیش کیا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: ہر نبی کا ایک حواری (یعنی مخلص مددگار) ہوتا ہے اور میرا حواری زبیرؓ بن عوام ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2848
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ ابو شہاب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے خالد حذاء سے، خالد نے ابو قلابہ سے، ابو قلابہ نے حضرت مالک بن حویرثؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں نبی ﷺ کے پاس سے لوٹا تو آپؐ نے مجھے اور میرے ایک ساتھی سے فرمایا: تم دونوں اذان دینا اور اقامت کہنا اور چاہیے کہ تم دونوں میں سے جو بڑا ہو وہ نماز میں امام بنے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2849
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: گھوڑوں کی پیشانیوں سے بھلائی قیامت تک بندھی ہوئی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2850
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حصین (بن عبدالرحمن) اور (عبداللہ) بن ابی سفر سے، انہوں نے شعبی سے، شعبی نے حضرت عروہ بن جعدؓ سے، حضرت عروہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ قیامت کے دن تک بھلائی گھوڑوں کی پیشانیوں سے بندھی رہے گی۔ سلیمان (بن حرب) نے اس حدیث کو شعبہ سے، شعبہ نے حضرت عروہ بن ابی جعدؓ سے نقل کیا۔ اور سلیمان کی طرح مسدد نے بھی ہشیم سے، ہشیم نے حصین (بن عبدالرحمن) سے، حصین نے شعبی سے، شعبی نے حضرت عروہ بن ابی جعدؓ سے روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2851
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے ابو تیاح سے، ابو تیاح نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: برکت تو گھوڑوں کی پیشانیوں میں ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2852
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ زکریا نے ہمیں بتایا کہ عامر (شعبی) سے روایت ہے۔ (انہوں نے کہا:) حضرت عروہ بارقیؓ نے ہم سے بیان کیا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: قیامت کے دن تک بھلائی گھوڑوں کی پیشانیوں سے بندھی رہے گی۔ یعنی (آخرت میں) ثواب اور (دنیا میں) مالِ غنیمت۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2853
علی بن حفص نے ہمیں بتایا۔ (عبداللہ) بن مبارک نے ہم سے بیان کیا کہ طلحہ بن ابی سعید نے ہمیں بتایا، کہا: میں نے سعید مقبری کو بیان کرتے سنا کہ انہوں نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: جس نے اللہ کی راہ میں اللہ پر ایمان رکھتے اور اس کے وعدہ کو سچا سمجھتے ہوئے گھوڑا باندھے رکھا تو اس گھوڑے کا پیٹ بھر کر کھانا اور پینا اور اس کی لید اور اس کا پیشاب قیامت کے دن اس کی نیکیوں کے حساب میں شمار ہوگا۔ اطرافہُ: ۲۳۷۱، ۲۸۶۰، ۳۶۴۶، ۴۹۶۲، ۴۹۶۳، ۷۳۵۶۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2854
محمد بن ابی بکر نے ہم سے بیان کیا کہ فضیل بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوحازم سے، ابوحازم نے عبداللہ بن ابی قتادہ سے، عبداللہ نے اپنے باپ سے روایت کی کہ وہ رسول اللہ ﷺ کے ساتھ (ایک سفر میں) نکلے اور حضرت ابوقتادہؓ اپنے بعض ساتھیوں کے ساتھ پیچھے رہ گئے۔ ان کے ساتھی تو احرام باندھے ہوئے تھے مگر وہ خود محرم نہ تھے۔ ان کے ساتھیوں نے ایک گورخر دیکھا پیشتر اس کے کہ حضرت ابوقتادہؓ اسے دیکھتے۔ جب ان کے ساتھیوں نے اسے دیکھا تو اس کی طرف توجہ نہیں کی۔ مگر جب حضرت ابوقتادہؓ نے اسے دیکھا تو وہ اپنے گھوڑے پر سوار ہوگئے جسے جرادہ کہتے تھے۔ حضرت ابوقتادہؓ نے اپنے ساتھیوں سے کہا کہ ان کا کوڑا تو ان کو دے دیں۔ انہوں نے انکار کیا تو انہوں نے خود ہی لے لیا اور حملہ کرکے اسے شکار کرلیا۔ حضرت ابوقتادہؓ نے بھی کھایا اور ان کے ساتھیوں نے بھی کھایا اور اس کے بعد وہ آئے اور آنحضرت ﷺ سے ملے تو آپؐ نے پوچھا: کیا تمہارے پاس اس میں سے کچھ ہے؟ حضرت ابوقتادہؓ نے کہا: اس کی ایک ران ہے تو نبی ﷺ نے وہ لے لی اور اس میں سے کھایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2855
علی بن عبداللہ بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ معن بن عیسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ اُبیَّ بن عباس بن سہل نے مجھ بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ان کے دادا (حضرت سہل بن سعد ساعدیؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کا ایک گھوڑا ہمارے باغ میں تھا جسے لُحَیف کہتے تھے۔ ابو عبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: اور ان میں سے بعض نے کہا: لُخَیف۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2856
اسحق بن ابراہیم نے مجھ سے بیان کیا کہ انہوں نے یحيٰ بن آدم سے سنا۔ (یحيٰ نے کہا:) ابوالاحوص نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسحق سے، ابواسحق نے عمرو بن میمون سے، عمرو نے حضرت معاذ (بن جبل) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نبی ﷺ کے پیچھے ایک گدھے پر سوار تھا۔ جسے عُفَیر کہتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: معاذ! کیا تم جانتے ہو جو اللہ کا حق اس کے بندوں پر ہے اور جو بندوں کا حق اللہ پر ہے؟ میں نے کہا: اللہ اور اس کا رسول ہی بہتر جانتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کا حق تو بندوں پر یہ ہے کہ وہ اس کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں اور بندوں کا حق اللہ پر یہ ہے کہ وہ ان کو سزا نہ دے جو اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! کیا میں لوگوں کو اس بات کی خبر نہ دوں؟ آپؐ نے فرمایا: ایسا نہ کرو ورنہ وہ بھروسہ کر بیٹھیں گے (اور دوسرے اعمالِ خیر میں کوشش کم کر دیں گے۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2857
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا، (کہا:) شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ (کہا:) میں نے قتادہ سے سنا۔ وہ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے تھے کہ انہوں نے کہا: مدینہ میں گھبراہٹ ہوئی تو نبی ﷺ نے ہمارا ایک گھوڑا مستعار لیا جسے مندوب کہتے تھے۔ (پھر اس پر سوار ہو کر باہر گئے اور واپس تشریف لائے) آپؐ نے فرمایا: ہم نے کوئی گھبراہٹ کی بات نہیں دیکھی اور ہم نے اس گھوڑے کو دریا پایا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2858
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سالم بن عبداللہ نے مجھے بتایا کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: نحوست تو تین ہی چیزوں میں ہوتی ہے؛ گھوڑے، عورت اور مکان میں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2859
عبداللہ بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ابو حازم بن دینار سے، ابو حازم نے حضرت سہل بن سعد ساعدی رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اگر کسی چیز میں (نحوست) ہے تو پھر عورت میں ہے اور گھوڑے میں اور گھر میں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2860
عبداللہ بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے زید بن اسلم سے، زید نے ابوصالح سمان سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ گھوڑے تین قسم کے لوگوں کے لئے ہوتے ہیں۔ ایک کے لئے تو وہ موجب ثواب ہیں اور ایک کے لئے بطور پردہ ہیں اور ایک کے لئے وبال۔ جس کے لئے موجب ثواب ہیں وہ ایسا شخص ہے جس نے ان کو اللہ کی راہ میں باندھا اور ان کی رسی مرغزار یا باغ میں لمبی کردی اور جہاں تک رسی کی لمبائی میں باغ یا مرغزار میں چریں گے تو اسی قدر (لمبائی کے مطابق) اس کے لئے نیکیاں ہوں گی اور اگر انہوں نے اس کی رسی توڑ دی اور ایک میل یا دو میل کلیلیں کرتے ہوئے بھاگ گئے تو ان کی لِید اور ان کے قدموں کے نشان اس کے لئے نیکیوں کا موجب ہوں گے۔ اگر وہ کسی ندی پر سے گذریں گے اور ان سے پانی پئیں گے اور وہ شخص نہ چاہتا ہوگا کہ اس سے پانی پئیں تو یہ اَمر بھی اس کے لئے نیکی کا موجب ہو گا۔ اور وہ شخص جس کے لیے یہ وبال ہوں گے تو وہ ایسا شخص ہے جس نے ان کو فخر اور دکھلاوے اور مسلمانوں سے دشمنی کرنے کے لئے باندھا ہے۔ وہ ایسے شخص کے لئے وبال ہوں گے اور رسول اللہ ﷺ سے گدھوں کی بابت پوچھا گیا۔ آپؐ نے فرمایا: مجھ پر ان کے بارے میں سوائے اس ایک جامع آیت کے کوئی وحی نازل نہیں ہوئی۔ یعنی جو ذرہ بھر نیکی کرے گا وہ اس کے ثواب کو حاصل کرے گا اور جو ذرہ بھر بدی کرے گا وہ اس کے عذاب کو دیکھ لے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2861
مسلم (بن ابراہیم) نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعقیل (بشیر بن عقبہ) نے ہمیں بتایا کہ ابوالمتوکل ناجی (علی بن دائود) نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں حضرت جابر بن عبداللہ انصاریؓ کے پاس آیا اور ان سے کہا: آپؓ نے رسول اللہ ﷺ سے جو بات سنی ہو بیان کریں۔ حضرت جابرؓ نے کہا: میں ایک سفر میں آپؐ کے ساتھ تھا۔ ابوعقیل (راوی) کہتے تھے: میں نہیں جانتا سفر جنگ کا تھا یا عمرہ کا۔ جب ہم (مدینہ کی طرف) لوٹے تو نبی ﷺ نے فرمایا: جو اپنے گھر والوں کے پاس جلدی جانا چاہتا ہو وہ جلدی چلا جائے۔ حضرت جابرؓ کہتے تھے: (یہ سن کر) ہم (جلدی) چلے اور میں اپنے ایک اونٹ پر سوار تھا جس کا رنگ خاکی تھا؛ کوئی داغ نہ تھا اور لوگ میرے پیچھے تھے۔ میں اسی طرح جا رہا تھا کہ وہ اونٹ اَڑ گیا۔ میرے چلانے سے نہ چلا تو نبی ﷺ نے مجھ سے کہا: جابر اسے تھامو۔ یہ کہہ کر آپؐ نے اس کو اپنے کوڑے کی ایک ضرب لگائی تو وہ اونٹ اپنی جگہ سے کود کر چل پڑا۔ آپؐ نے فرمایا: کیا اس اونٹ کو بیچتے ہو؟ میں نے کہا: جی ہاں بیچتا ہوں۔ جب ہم مدینہ پہنچے اور نبی ﷺ اپنے کئی صحابہ کے ساتھ مسجد میں داخل ہوئے تو میں بھی آپؐ کے ساتھ گیا اور اس اونٹ کو مسجد کے سامنے پتھر کے فرش کے ایک کونے میں باندھ دیا اور میں نے آپؐ سے کہا: یہ آپؐ کا اونٹ ہے۔ آپؐ باہر نکلے اور اس اونٹ کے اردگرد پِھر کر فرمایا: یہ اونٹ ہمارا اونٹ ہے۔ نبی ﷺ نے سونے کے کئی اوقئے بھیجے اور فرمایا: یہ جابر کو دے دو۔ پھر آپؐ نے فرمایا: کیا تم نے قیمت پوری کی پوری لے لی ہے؟ میں نے کہا: جی ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: یہ قیمت اور یہ اونٹ تمہارا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah