کتاب 56: كتاب الجهاد والسير
صحیح بخاری, حصہ 5
صحیح بخاری 2862
احمد بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ قتادہ سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے سنا۔ حضرت انسؓ نے کہا: مدینہ میں گھبراہٹ ہوئی تو نبی ﷺ نے ابو طلحہؓ کا گھوڑا مستعار لیا جسے مندوب کہتے تھے۔ آپؐ اس پر سوار ہوگئے۔ (پھر آپؐ واپس لوٹے) اور آپؐ نے فرمایا: ہم نے تو کوئی گھبرانے کی بات نہیں دیکھی اور ہم نے اس گھوڑے کو ایک دریا پایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2863
عبید بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو اسامہ سے، ابو اسامہ نے عبید اللہ (عمری) سے، انہوں نے نافع سے، نافع نے (حضرت عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے (جہاد میں شامل ہونے والے) گھوڑے کے دو حصے رکھے اور اس کے مالک کا ایک حصہ۔ اور (امام) مالکؒ نے کہا: عربی گھوڑوں کے لئے بھی حصہ رکھا گیا اور ترکی گھوڑوں کے لئے بھی کیونکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: اور ہم نے گھوڑے، خچر اور گدھے سواری کے لئے پیدا کئے ہیں۔ (مالک نے کہا:) ہر سوار کو ایک ہی گھوڑے کا حصہ دیا جائے زیادہ نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2864
قُتَیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ سہل بن یوسف نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے ابواسحق سے روایت کی کہ ایک شخص نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہ سے پوچھا: کیا تم حنین کی جنگ میں رسول اللہ ﷺ کو چھوڑ کر بھاگ گئے تھے۔ انہوں نے کہا: (ہاں) مگر رسول اللہ ﷺ نے میدان نہیں چھوڑا۔ ہوازن تیر انداز لوگ تھے اور جب ہماری ان سے مڈبھیڑ ہوئی تو ہم نے ان پر حملہ کیا اور وہ شکست کھا گئے اور مسلمان مالِ غنیمت سمیٹنے لگ گئے لیکن انہوں نے سامنے سے تیر برسانے شروع کر دیئے۔ رسول اللہ ﷺ اپنی جگہ سے نہیں ہٹے۔ میں نے آپؐ کو دیکھا کہ آپؐ اپنی سفید خچر پر سوار تھے اور ابوسفیانؓ (بن حارث بن عبدالمطلب) اس کی لگام پکڑے ہوئے تھے اور نبی ﷺ یہ شعر پڑھ رہے تھے: میں موعود نبی ہوں اس میں کوئی جھوٹ نہیں میں عبد المطلب کا بیٹا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2865
عبید بن اسماعیل نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابواسامہ سے، ابواسامہ نے عبیداللہ سے، عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے (حضرت عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ جب اپنا پائوں رکاب میں رکھتے اور اونٹنی آپؐ کو لے کر سیدھی کھڑی ہو جاتی تو ذی الحلیفہ کی مسجد کے پاس سے لبیک پکارتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2866
عمرو بن عون نے ہم سے بیان کیا کہ حماد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ثابت سے، ثابت نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ ان کو سامنے سے آتے ہوئے ملے۔ آپؐ گھوڑے کی ننگی پیٹھ پر سوار تھے۔ یعنی اس پر کوئی زین نہ تھی۔ آپؐ کی گردن میں تلوار لٹک رہی تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2867
عبدالاعلیٰ بن حماد نے ہمیں بتایا۔ یزید بن زُرَیع نے ہم سے بیان کیا کہ سعید (بن ابی عروبہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ایک بار مدینہ والے یکایک گھبرا گئے۔ نبی ﷺ حضرت ابوطلحہؓ کے گھوڑے پر سوار ہوئے جو آہستہ چلتا تھا یا یہ کہا کہ جس کی رفتار سُست تھی۔ جب آپؐ لوٹے تو آپؐ نے فرمایا: ہم نے تو تمہارے اس گھوڑے کو ایک دریا پایا ہے۔ اس کے بعد اس گھوڑے کا چلنے میں کوئی مقابل نہ رہا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2868
قبیصہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبید اللہ سے، عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جو گھوڑے تیار کئے گئے تھے، ان کو نبی ﷺ نے حفیاء سے ثنیۃ الوداع تک دوڑایا اور جو تیار نہیں کیے گئے تھے ان کو ثنیۃ الوداع سے مسجد بنی زُرَیق تک دوڑایا۔ حضرت ابن عمرؓ کہتے تھے: اور میں بھی ان لوگوں میں تھا جنہوں نے گھوڑے دوڑائے۔ عبداللہ (بن ولید) نے کہا کہ سفیان (ثوری) نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبید اللہ نے مجھے بتایا۔ سفیان نے کہا: حفیاء اور ثنیۃ الوداع کے درمیان پانچ یا چھ میل کا فاصلہ ہے اور ثنیہ سے مسجد بنی زُرَیق تک ایک میل۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2869
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے ان گھوڑوں کے درمیان مقابلہ کرایا جو تیار نہیں کئے گئے تھے اور ان کے دوڑنے کی حدّ ثنیہ سے مسجد بنی زُرَیق تک تھی اور حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے اس گھوڑ دوڑ میں اپنا گھوڑا دوڑایا تھا۔ ابو عبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: اس سے مراد انتہائی حدّ ہے قرآنِ مجید میں آتا ہے: زمانہ ان کے لئے لمبا ہوگیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2870
عبداللہ بن محمد نے ہمیں بتایا۔ معاویہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسحق نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے موسیٰ بن عقبہ سے، موسیٰ نے نافع سے، نافع نے (حضرت عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے ان گھوڑوں کا مقابلہ کرایا جو گھوڑ دوڑ کے لئے تیار کئے گئے تھے۔ آپؐ نے ان کو حفیاء کے مقام سے چھوڑا اور دوڑ کی انتہائی حدّ ثنیۃ الوداع تھی۔ میں نے موسیٰ (بن عقبہ) سے پوچھا: حفیاء اور ثنیہ کے درمیان کتنا فاصلہ تھا؟ انہوں نے کہا: چھ یا سات میل۔ اور آپؐ نے ان گھوڑوں کا مقابلہ کرایا جو گھوڑ دوڑ کے لئے تیار نہیں کئے گئے تھے۔ آپؐ نے ان کو ثنیۃ الوداع سے چھوڑا اور ان کی انتہائی حدّ بنی زُرَیق کی مسجد تھی۔ ابواسحاق کہتے تھے: میں نے پوچھا ان کے درمیان کتنا فاصلہ تھا؟ موسیٰ نے کہا: ایک میل یا کچھ ایسا ہی۔ اور (حضرت عبداللہ) بن عمرؓ بھی ان لوگوں میں تھے جنہوں نے اس گھوڑ دوڑ میں گھوڑا دوڑایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2871
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہمیں بتایا کہ معاویہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسحق نے ہمیں بتایا۔ حُمَید سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ کی ایک اونٹنی تھی جسے عضباء کہتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2872
مالک بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ زُہَیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حُمَید سے، حمید نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کی ایک اونٹنی تھی جس کا نام عضباء تھا۔ اس سے آگے کوئی اونٹ نہیں نکل سکتا تھا۔ حُمَید کہتے یا (یوں کہا کہ) ممکن نہ تھا کہ کوئی اونٹ اس سے آگے نکل سکے۔ ایک بدوی (نوجوان) اونٹ پر سوار آیا اور وہ اس سے آگے نکل گیا تو مسلمانوں پر یہ شاق گذرا اور نبی ﷺ بھی پہچان گئے۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ یہ ضرور کرتا ہے کہ دنیا میں جو چیز بھی بلند ہوتی ہے اسے (کبھی نہ کبھی) ضرور ہی نیچا دکھاتا ہے۔ موسیٰ (بن عقبہ) نے یہ حدیث حماد سے روایت کرتے ہوئے بیان کی ہے۔ حماد نے ثابت سے، ثابت نے حضرت انسؓ سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2873
عمرو بن علی نے ہمیں بتایا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: ابواسحق نے مجھ سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت عمرو بن حارثؓ سے سنا۔ کہتے تھے: نبی ﷺ نے کوئی ترکہ نہیں چھوڑا سوائے اپنی سفید خچر کے اور اپنے چند ہتھیاروں کے اور کچھ زمین کے، وہ بھی آپؐ بطور صدقہ چھوڑ گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2874
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ یحيٰ بن سعید (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ابواسحق نے مجھے بتایا کہ حضرت براء (بن عازب) رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ان سے ایک شخص نے کہا: ابوعمارہ! حُنَین کی جنگ میں تم پیٹھ پھر کر چل دئیے تھے۔ انہوں نے کہا: نہیں اللہ کی قسم! نبی ﷺ نے پیٹھ نہیں پھیری۔ بلکہ جلد باز لوگوں نے پیٹھ پھیری تھی۔ ہوازن نے ان کا تیروں سے مقابلہ کیا اور نبی ﷺ اپنی سفید خچر پر سوار تھے۔ ابوسفیانؓ بن حارث اس کی لگام پکڑے ہوئے تھے اور نبی ﷺ یہ (شعر) پڑھ رہے تھے: میں موعود نبی ہوں اس میں جھوٹ نہیں میں عبد المطلب کا بیٹا ہوں
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2875
ـ محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معاویہ بن اسحق سے، معاویہ نے عائشہ بنت طلحہ سے، انہوں نے حضرت عائشہ ام المؤمنین رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: میں نے نبی ﷺ سے جہاد کے لئے اجازت مانگی۔ آپؐ نے فرمایا: تمہارا جہاد حج ہے۔ اور عبد اللہ بن ولید نے کہا کہ سفیان (ثوری) نے معاویہ سے یہی حدیث نقل کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2876
قبیصہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا کہ معاویہ سے یہی روایت ہے۔ اور حبیب بن ابی عمرہ سے بھی یہی روایت مروی ہے۔ انہوں نے عائشہ بنت طلحہ سے، عائشہ بنت طلحہ نے حضرت عائشہ امّ المومنینؓ سے، حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آنحضرت ﷺ کی ازواج نے آپؐ سے جہاد کی بابت پوچھا۔ آپؐ نے فرمایا: بہت اچھا جہاد حج ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2877
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہمیں بتایا۔ معاویہ بن عمرو نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسحق فزاری نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن عبدالرحمن انصاری سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس (بن مالک) رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ ملحان کی بیٹی (حضرت امّ حرامؓ) کے پاس گئے اور تکیہ لگا کر لیٹ گئے۔ پھر آپؐ ہنسے۔ (حضرت امّ حرامؓ) نے پوچھا: یارسول اللہ! آپؐ کیوں ہنستے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: میری امت میں سے کچھ لوگ اللہ کی راہ میں اس سبز سمندر میں سوار ہو رہے ہیں۔ وہ ایسے ہیں جیسے بادشاہ تختوں پر بیٹھے ہوں۔ امّ حرامؓ نے کہا: یارسول اللہ! اللہ سے دعا کریں کہ اللہ مجھے بھی ان میں شامل کرے۔ آپؐ نے دعا کی: اے اللہ! اس کو بھی ان میں شامل کر پھر آپؐ سو گئے اور ہنس پڑے۔ پھر امّ حرامؓ نے آپؐ سے اسی طرح کہا، یا ایسا ہی کچھ پوچھا تو آپؐ نے ویسا ہی جواب دیا۔ امّ حرامؓ نے کہا: آپؐ اللہ سے دعا کریں کہ اللہ مجھے بھی ان میں سے کردے۔ آپؐ نے فرمایا: تم تو اوّلین میں سے ہو اور پچھلوں میں سے نہیں۔ (عبداللہ نے) کہا: حضرت انسؓ کہتے تھے: امّ حرام نے عبادہ بن صامتؓ سے شادی کی اور وہ بنت قرظہ کے ساتھ سمندر میں سوار ہوئیں۔ جب وہ لوٹیں تو اپنے جانور پر سوار ہوئیں جس نے ان کی گردن توڑ ڈالی۔ وہ اس پر سے گریں پھر وہ فوت ہوگئیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2878

صحیح بخاری 2879
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن عمر نمیری نے ہمیں بتایا کہ یونس (بن یزید) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے زُہری سے سنا۔ زُہری نے کہا: میں نے عروہ بن زبیر، سعید بن مسیب، علقمہ بن وقاص اور عبیداللہ بن عبداللہ سے سنا۔ یہ سب حضرت عائشہؓ کی حدیث روایت کرتے تھے۔ ہر ایک نے مجھے اس حدیث کا کچھ نہ کچھ حصہ بتایا۔ وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ جب (سفر پر) جانے کا ارادہ کرتے تو اپنی ازواج کے ناموں کا قرعہ ڈالتے۔ پھر جس کا قرعہ نکلتا، نبی ﷺ اس کو اپنے ساتھ لے جاتے۔ ایک جنگ میں جو آپؐ نے کی ہمارے درمیان آپؐ نے قرعہ ڈالا۔ اس میں میرا نام نکلا۔ تو میں نبی ﷺ کے ساتھ گئی۔ یہ واقعہ حجاب کا حکم نازل ہونے کے بعد کا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2880
ابو معمر نے ہمیں بتایا۔ عبدالوارث نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت انس (بن مالک) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب اُحد کی جنگ ہوئی تو لوگ شکست کھا کر نبی ﷺ سے جدا ہوگئے۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: میں نے حضرت عائشہ بنت ابی بکرؓ اور حضرت امّ سُلَیمؓ کو (اپنی آنکھوں سے) دیکھا کہ ان دونوں نے اپنی پنڈلیوں سے کپڑا اُٹھایا ہوا تھا۔ ان کی پازیبیں مجھے نظر آرہی تھیں۔ وہ مشکیں بھر بھر کر دے رہی تھیں اور دوسرے راوی نے کہا کہ اپنی پیٹھوں پر مشکیں لا رہی تھیں۔ پھر وہ لوگوں کے منہ میں پانی ڈالتی تھیں۔ پھر واپس جاتی تھیں۔ پھر ان کو بھرتیں اور پھر آتی تھیں اور لوگوں کے منہ میں پانی ڈالتی تھیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2881
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ {عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ } یونس نے ہمیں بتایا۔ ابن شہاب سے روایت ہے کہ ثعلبہ بن ابی مالک نے کہا کہ حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے مدینہ کی بعض عورتوں کے درمیان اوڑھنیاں تقسیم کیں تو ایک عمدہ اوڑھنی بچ رہی۔ جو لوگ ان کے پاس تھے، ان میں سے کسی نے کہا: یہ رسول اللہ ﷺ کی اس بیٹی کو دے دیں جو آپؐ کے پاس ہیں۔ ان کی مراد اُمّ کلثوم بنت علی تھیں۔ حضرت عمرؓ نے کہا: امّ سلیطؓ زیادہ حقدار ہیں اور امّ سلیطؓ ان انصاری عورتوں میں سے تھیں جنہوں نے رسول اللہ ﷺ سے بیعت کی تھی۔ حضرت عمرؓ نے کہا: اُحد کی جنگ میں مشکیں لاد لاد کر ہمارے پاس لاتی تھیں۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: تَزْفِرُ کے معنی ہیں تَخِیْطُ یعنی سیتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah