کتاب 56: كتاب الجهاد والسير
صحیح بخاری, حصہ 9
صحیح بخاری 2942
عبداللہ بن مسلمہ قعنبی نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن ابی حازم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے نبی ﷺ کو غزوئہ خیبر میں یہ کہتے سنا کہ اب یہ جھنڈا میں ایسے شخص کو دوں گا جس کے ہاتھ پر اللہ فتح دے گا۔ یہ سن کر لوگ اُٹھے۔ آپؐ کی اس بات سے امید کرنے لگے کہ دیکھیں ان میں سے کس کو (یہ جھنڈا) دیا جاتا ہے۔ صبح اُٹھے اور ان میں سے ہر ایک کو یہ امید تھی کہ اسے (جھنڈا) ملے گا۔ آپؐ نے پوچھا: علیؓ کہاں ہیں؟ کہا گیا کہ ان کی آنکھیں دُکھتی ہیں۔ آپؐ نے (انہیں بلانے کے لئے) فرمایا اور وہ لائے گئے۔ آپؐ نے ان کی آنکھوں پر (اپنا) لعاب دہن لگایا اور انہوں نے اسی جگہ بیماری سے شفا پائی۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ ان کو بیماری ہوئی نہ تھی۔ حضرت علیؓ نے پوچھا: آیا ان سے اس وقت تک لڑتے رہیں جب تک کہ وہ ہماری طرح نہ ہو جائیں؟ آپؐ نے فرمایا: آہستہ نرمی سے۔ جب تم ان کے آنگن میں ڈیرے لگا دو تو پھر ان کو اِسلام کی دعوت دو اور جو باتیں ان کیلئے ضروری ہیں وہ انہیں بتائو۔ کیونکہ بخدا تمہارے ذریعہ اگر ایک آدمی بھی راہ راست پر آجائے تو یہ سرخ اونٹوں سے تمہارے لئے بہتر ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2943
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ معاویہ بن عمرو نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) ابو اسحاق نے ہمیں بتایا۔ حُمَید سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ جب کسی قوم سے جنگ کے لئے نکلتے تو جب تک صبح نہ ہوجاتی اس پر حملہ نہ کرتے اور پھر اگر آپؐ اذان سن لیتے تو رُک جاتے اور اگر نہ سنتے تو صبح ہونے کے بعد حملہ کر دیتے۔ اسی لئے خیبر میں رات کو جاکر ہم نے ڈیرے لگائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2944
(دوسری سند) قُتَیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حُمَید سے، حُمَید نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ (حضرت انسؓ نے کہا) کہ جب نبی ﷺ ہمارے ساتھ جہاد کرتے۔ (پھر وہی حدیث بیان کی)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2945
ہم سے عبداللہ بن مسلمہ نے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے حُمَید سے، حُمَید نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ خیبر کی طرف نکلے اور وہاں رات کو پہنچے اور جب آپؐ کسی قوم کے پاس رات کو پہنچتے تو جب تک صبح نہ ہوجاتی آپؐ ان پر حملہ نہ کرتے۔ جب صبح ہوئی یہود اپنے پھاوڑے اور ٹوکریاں لے کر نکلے۔ جب انہوں نے آپؐ کو دیکھا تو کہنے لگے: {محمد ہے بخدا} محمد لشکر سمیت آپہنچا۔ تب نبی ﷺ نے فرمایا: اللہ اکبر۔ خیبر برباد ہوگیا۔ ہم جب کسی قوم کے آنگن میں ڈیرا لگاتے ہیں تو پھر ان لوگوں کی صبح بری ہی ہوتی ہے جن کو قبل از وقت خطرے سے آگاہ کردیا گیا ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2946
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی کہ سعید بن مسیب نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مجھے یہ حکم دیا گیا ہے کہ لوگوں کا اس وقت تک مقابلہ کرتا رہوں جب تک کہ وہ یہ اقرار نہ کرلیں کہ اللہ کے سوا اَور کوئی معبود نہیں۔ سو جس نے اقرار کر لیا کہ اللہ کے سوا اَور کوئی معبود نہیں تو یقینا اس نے اپنی جان کو اور اپنے مال کو بچا لیا، اس کے سوا کہ وہ حق کے ساتھ لئے جائیں اور اس شخص کا محاسبہ تو اللہ کے ذمہ ہے۔ حضرت عمرؓ اور (حضرت عبد اللہ) بن عمرؓ نے نبی کریم ﷺ سے اسے روایت کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2947
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عُقَیل سے، عُقَیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عبدالرحمن بن عبداللہ{ بن کعب بن مالک نے مجھے بتایا کہ عبداللہ }بن کعب رضی اللہ عنہ نے کہا اور حضرت کعبؓ کے بیٹوں میں سے یہی تھے جو انہیں (بوجہ کمزور بینائی کے) پکڑ کر لے جایا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت کعب بن مالکؓ سے اس وقت سنا جب وہ (غزوئہ تبوک میں) رسول اللہ ﷺ سے پیچھے رہ گئے تھے کہ رسول اللہ ﷺ جس جنگ کے لئے نکلنے کا ارادہ فرماتے تو اس کے سوا کسی اور جگہ کا قصد کرکے وہ (اصل جگہ) ظاہر نہ فرماتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2948
احمد بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ یونس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عبدالرحمن بن عبداللہ بن کعب بن مالک نے مجھے بتایا، کہا: میں نے حضرت کعب بن مالک رضی اللہ عنہ سے سنا وہ کہتے تھے: ایسا کم ہی ہوتا کہ رسول اللہ ﷺ کسی جنگ میں نکلنے کا ارادہ فرماتے تو جہاں جانا ہوتا اس کے سوا کسی اور طرف کا قصد کرکے (اصل جگہ کو) ظاہر نہ کرتے۔ جب تبوک پر چڑھائی ہوئی تو رسول اللہ ﷺ سخت گرمی میں وہاں جانے کیلئے نکلے اور چونکہ آپؐ کو دور دراز کا سفر درپیش تھا اور ایک وسیع بیابان میں سے گذرنا تھا اور بڑی تعداد والے دشمن سے مقابلہ کرنا تھا۔ اس لئے آپؐ نے مسلمانوں کو ان کی اصلی حالت کھول کر بیان کر دی تا جو ساز و سامان انہیں اپنے دشمن سے مقابلہ کرنے کے لئے درکار ہو وہ اپنے ساتھ لے لیں اور جس رُخ آپؐ جانا چاہتے تھے وہ بھی انہیں بتا دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2949
اور (عبد اللہ بن مبارک نے) یونس سے، یونس سے زُہری سے روایت کی۔ زُہری نے کہا: عبدالرحمن بن کعب بن مالک نے مجھے بتایا کہ حضرت کعب بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے تھے: کم ہی ایسا ہوتا تھا کہ رسول اللہ ﷺ کسی سفر میں جمعرات کے سوا اَور کسی دِن نکلیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2950
عبد اللہ بن محمد (مسندی) نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف) نے ہم سے بیان کیا کہ معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے، زُہری نے عبد الرحمن بن کعب بن مالک سے، انہوں نے اپنے باپ (حضرت کعب بن مالک) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ غزوئہ تبوک کے لئے جمعرات کے دن نکلے اور آپؐ جمعرات کے دن سفر پسند کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2951
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے مدینہ میں ظہر کے وقت چار رکعت نماز پڑھی اور ذوالحلیفہ میں عصر کے وقت دو رکعت پڑھی اور میں نے اُن کو (حج اور عمرہ) دونوں کا اکٹھے لبیک پکارتے سنا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2952
عبداللہ بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے یحيٰ بن سعید سے، یحيٰ نے عمرہ بنت عبدالرحمن سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے سنا۔ وہ کہتی تھیں: ابھی ذوالقعدہ کی پانچ راتیں باقی تھیں کہ ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ نکلے اور ہم حج ہی سمجھ رہے تھے۔ جب ہم مکہ کے قریب پہنچے تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جن کے ساتھ قربانیاں نہ ہوں تو وہ جب بیت اللہ کا طواف کر لیں اور صفا اور مروہ کے درمیان سعی کر چکیں تو احرام کھول ڈالیں۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: قربانی کے دن ہمارے پاس گائے کا گوشت لایا گیا۔ میں نے پوچھا: یہ کیسا ہے؟ تو جواب دیا کہ رسول اللہ ﷺ نے اپنی ازواج کی طرف سے قربانی کی ہے۔ یحيٰ نے کہا: میں نے قاسم بن محمد سے یہ بات بیان کی تو انہوں نے کہا: بخدا! حضرت عائشہؓ نے یہ بات جیسی تھی ہو بہو ویسی تم سے بیان کی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2953
علی بن عبد اللہ (مدینی) نے ہمیں بتایا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: زُہری نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ سے، عبیداللہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ رمضان میں نکلے اور آپؐ کا روزہ بھی تھا۔ جب کدید میں پہنچے تو آپؐ نے افطار کیا۔ سفیان نے کہا کہ زُہری نے کہا ہے کہ عبیداللہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی اور پھر انہوں نے یہی حدیث بیان کی۔ { ابو عبد اللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: یہ زُہری کا قول ہے: رسول اللہ ﷺ کی اسی بات پر عمل ہوتا ہے جو سب سے آخری ہو۔}
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2954
(عبداللہ) بن وہب نے کہا: عمرو (بن حارث) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے بکیر سے، بکیر نے سلیمان بن یسار سے، سلیمان نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ہمیں ایک مہم کے سَر کرنے کے لئے بھیجا اور فرمایا: اگر تم فلاں فلاں کو پائو تو انہیں آگ میں جلا دو۔ آپؐ نے یہ قریش کے دو آدمیوں کی نسبت فرمایا جن کا آپؐ نے نام لیا تھا۔ پھر ہم آپؐ کے پاس آئے کہ ہم الوداع کہتے ہوئے آپؐ سے رخصت ہوں۔ جب ہم نے نکلنا چاہا تو آپؐ نے فرمایا: میں نے تم کو حکم دیا تھا کہ فلاں فلاں کو آگ میں جلا دینا۔ آگ سے صرف اللہ سزا دیتا ہے۔ اس لئے اگر تم انہیں پا جاؤ تو ان کو قتل کر دو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2955
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے روایت کی۔ کہا: مجھ سے نافع نے۔ نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ (دوسری سند) اور محمد بن صباح نے بھی ہمیں بتایا کہ اسماعیل بن زکریا نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ سے، عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: بات سننا اور اطاعت کرنا اس وقت تک ضروری ہے جب تک کہ احکامِ الٰہی کی نافرمانی کا حکم نہ دیا جائے۔ اگر احکامِ الٰہی کی نافرمانی کا حکم دیا جائے تو پھر نہ سننا چاہیے اور نہ اطاعت کرنا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2956
ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں خبر دی۔ ابو زناد نے ہمیں بتایا کہ اعرج نے ان سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: ہم (دنیا میں) سب سے پیچھے آنے والے ہیں۔ لیکن سب سے آگے بڑھنے والے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2957
اور اسی سند سے مروی ہے کہ (آپؐ نے فرمایا:) جس نے میری اطاعت کی اس نے اللہ کی اطاعت کی اور جس نے میری نافرمانی کی اس نے اللہ کی نافرمانی کی اور جس نے امیر کی بات مانی اس نے میری ہی اطاعت کی۔ جس نے امیر کی نافرمانی کی تو اس نے گویا میری ہی نافرمانی کی۔ امام تو ایک ڈھال ہے۔ جس کے پیچھے ہو کر لڑا جاتا ہے اور جس کے ذریعہ بچا جاتا ہے۔ پس اگر اس نے تقوی اللہ کا حکم دیا اور انصاف کیا تو اس کو اس کا اجر ملے گا اور اگر اس نے کچھ اَور کیا تو اس کا وبال اسی پر پڑے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2958
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: (حضرت عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے تھے: صلح حدیبیہ کے دوسرے سال ہم دوبارہ گئے تو ہم میں سے دو آدمیوں نے بھی متفق ہو کر یہ پتہ نہ دیا کہ یہی وہ درخت ہے جس کے نیچے ہم نے بیعت رضوان کی تھی۔ یہ اللہ کی طرف سے رحمت تھی۔ ہم نے نافع سے پوچھا کہ آنحضرت ﷺ نے ان سے کس بات پر بیعت لی، کیا موت پر؟ انہوں نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے ان سے ثابت قدم رہنے کی بیعت لی تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2959
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ وُہَیب نے ہمیں بتایا۔ عمرو بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عباد بن تمیم سے، عباد نے حضرت عبداللہ بن زید رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: واقعہ حرہ کے ایام میں ان کے پاس ایک آنے والا آیا۔ ان سے کہنے لگا کہ ابن حنظلہ لوگوں سے موت کی بیعت لے رہا ہے۔ تو انہوں نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ کے بعد کسی کی بھی اس امر پر بیعت نہیں کروں گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2960
مکی بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن ابی عبید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت سلمہ (بن اکوع) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ سے میں نے بیعت کی۔ پھر الگ ہو کر ایک سایہ دار درخت کے نیچے چلا گیا۔ جب لوگ کم ہوئے۔ آپؐ نے فرمایا: اکوع کے بیٹے! کیا تم بیعت نہیں کرتے؟ کہتے تھے: میں نے کہا: یا رسول اللہ! میں بیعت کر چکا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: پھر دوبارہ سہی۔ چنانچہ میں نے آپؐ سے دوسری دفعہ بیعت کی۔ (یزید کہتے تھے:) میں نے کہا: ابو مسلم! آپؓ ان دِنوں کس بات پر بیعت کیا کرتے تھے؟ انہوں نے کہا: موت پر۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2961
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ حمید سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے: انصار خندق کے دن یہ شعر پڑھتے تھے: ہم وہ لوگ ہیں جنہوں نے محمد ﷺ سے یہ بیعت کی کہ ہم جب تک زندہ رہیں گے جہاد کرتے رہیں گے یہ سن کر نبی ﷺ نے ان کو یہ جواب دیا: اے اللہ! اصل زندگی تو آخرت ہی کی زندگی ہے۔ اس لئے انصار اور مہاجرین پر کرم فرما اور ان کو (دین و دنیا میں) عزت دے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah