کتاب 56: كتاب الجهاد والسير
صحیح بخاری, حصہ 8
صحیح بخاری 2922
محمد بن بشار نے مجھ سے بیان کیا کہ غُندر (محمد بن جعفر) نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا کہ میں نے قتادہ سے سنا۔ انہوں نے حضرت انسؓ سے یوں روایت کی کہ آپؐ نے اجازت دی یا اجازت دی گئی خارش کی وجہ سے جو ان دونوں کو تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2923
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابراہیم بن سعد نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے جعفر بن عمرو بن امیہ ضمری سے، جعفر نے اپنے باپ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو دیکھا۔ آپؐ شانے کا گوشت کھا رہے تھے اور آپؐ اسے چھری سے کاٹ رہے تھے۔ پھر نماز کے لئے آپؐ بلائے گئے۔ آپؐ نے نماز پڑھائی اور (باوضو ہونے کی وجہ سے) وضو نہیں کیا۔ ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی اور انہوں نے یہ زائد بیان کیا کہ (جب آپؐ نماز کیلئے بلائے گئے تو) آپؐ نے چھری رکھ دی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2924
اسحق بن یزید دمشقی نے مجھے بتایا کہ یحيٰ بن حمزہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: ثور بن یزید نے مجھے بتایا۔ انہوں نے خالد بن معدان سے روایت کی کہ عمیر بن اسود عنسی نے ان سے بیان کیا کہ وہ حضرت عبادہ بن صامتؓ کے پاس آئے جبکہ وہ حمص میں ندی کے کنارے پر اُترے ہوئے تھے اور وہ اپنی ایک عمارت میں تھے اور ان کے ساتھ حضرت امّ حرامؓ تھیں۔ عمیر نے کہا: حضرت امّ حرامؓ نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: میری امت میں سے پہلا لشکر جو سمندر میں جنگ کے لئے نکلے گا وہ ضرور بہشت میں داخل کیا جائے گا۔ حضرت امّ حرامؓ کہتی تھیں: میں نے پوچھا: یا رسول اللہ! میں بھی ان میں سے ہوں؟ آپؐ نے فرمایا: تم بھی ان میں سے ہو۔ پھر نبی ﷺ نے فرمایا: میری امت میں سے پہلا لشکر جو قیصر کے ملک پر حملہ کرے گا ان کے تمام گناہ بخشے جائیں گے۔ میں نے پوچھا: یا رسول اللہ! میں بھی ان میں سے ہوں؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2925
اسحق بن محمد فروِی نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم یہودیوں سے لڑو گے یہاں تک کہ ان میں سے کوئی پتھر کے پیچھے چھپ جائے گا تو وہ پتھر پکار اُٹھے گا: اے اللہ کے بندے یہ ایک یہودی میرے پیچھے ہے، اس کو بھی قتل کر دے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2926
اسحق بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمارہ بن قعقاع سے، عمارہ نے ابوزُرعہ سے، ابوزُرعہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے رسول اللہ ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: وہ گھڑی اس وقت تک نہیں آئے گی جب تک کہ تم یہود سے نہ لڑو گے۔ یہاں تک کہ وہ پتھر بھی پکار اُٹھے گا جس کے پیچھے یہودی ہوگا: اے مسلمان! یہ ایک یہودی میرے پیچھے ہے اسے بھی قتل کردے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2927
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ جریر بن حازم نے ہمیں بتایا، کہا: میں نے حسن (بصری) سے سنا۔ وہ کہتے تھے: عمرو بن تغلب نے ہم سے بیان کیا، کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: اس گھڑی کی نشانیوں میں سے ایک یہ ہے کہ تم ایسی قوم سے لڑو گے جو بالوں کی جوتیاں پہنتے ہیں اور اس گھڑی کی نشانیوں میں سے یہ بھی ہے کہ تم ایسے لوگوں سے لڑو گے جو چوڑے منہ والے ہیں۔ ایسے کہ گویا ان کے منہ ڈھالیں ہیں، جن پر تہہ بہ تہہ چمڑا منڈھا ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2928
سعید بن محمد نے مجھے بتایا۔ یعقوب (بن ابراہیم) نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ (ابراہیم بن سعد) نے ہمیں بتایا کہ صالح (بن کیسان) نے اَعرج سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: وہ گھڑی نہیں آئے گی جب تک کہ تم ترکوں سے نہ لڑو گے جو چھوٹی آنکھوں والے، سرخ چہرے اور چھوٹی پھیلی ہوئی ناکوں والے ہیں۔ گویا ان کے منہ ڈھالیں ہیں جن پر تہہ بہ تہہ چمڑا منڈھا ہو۔ اور وہ گھڑی اس وقت تک نہ آئے گی جب تک کہ تم ان لوگوں سے نہ لڑو جو بالوں کے جوتے پہنتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2929
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ زُہری نے سعید بن مسیب سے روایت کرتے ہوئے کہا۔ سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: وہ گھڑی قائم نہیں ہوگی جب تک تم اس قوم سے نہ لڑو جن کی جوتیاں بالوں کی ہیں اور نہ وہ گھڑی اس وقت تک قائم ہوگی جب تک کہ تم اس قوم سے نہ لڑو کہ جن کے منہ گویا ڈھالیں ہیں جن پر چمڑا تہہ بہ تہہ ہو۔ سفیان نے کہا: اور ابوزناد نے اس حدیث میں اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کرتے ہوئے اتنا اَور بڑھایا کہ وہ چھوٹی آنکھوں والے، چھوٹی پھیلی ہوئی ناکوں والے ہیں۔ گویا ان کے منہ ڈھالیں ہیں جن پر چمڑا تہہ بہ تہہ ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2930
عمرو بن خالد نے ہمیں بتایا۔ زُہَیر نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسحق نے ہمیں بتایا۔ کہتے تھے: میں نے حضرت براءؓ سے سنا اور ان سے ایک شخص نے پوچھا تھا: ابوعمارہ! تم حنین کے دن بھاگ گئے تھے۔ انہوں نے کہا: نہیں، اللہ کی قسم! رسول اللہ ﷺ نے کبھی پیٹھ نہیں پھیری۔ لیکن بات یہ تھی کہ آپؐ کے ساتھیوں میں سے کچھ نوجوان اور ان میں سے وہ جن کے پاس ساز و سامان نہ تھا (نہ سر پر خود، نہ بدن پر زِرہ)، نہ کوئی اور ہتھیار تھا ان کا ایسے لوگوں سے سامنا ہوا جو تیر انداز تھے۔ جن میں ہوازن اور بنو نصر دونوں قبیلے تھے۔ ان کا ایک تیر بھی خالی نہ جاتا تھا۔ انہوں نے ان پر تیروں کی ایسی بوچھاڑ کی کہ کسی کو بھی خالی نہ جانے دیا۔ پھر وہ نبی ﷺ کے پاس (بھاگے) آئے۔ آپؐ اپنی سفید خچر پر سوار تھے اور آپؐ کے چچا کے بیٹے ابوسفیان بن حارث بن عبدالمطلبؓ اس کی لگام پکڑے لئے آرہے تھے۔ آپؐ نیچے اُترے اور نصرت کی دعا مانگی۔ پھر آپؐ نے فرمایا: میں نبی ہوں اس میں کوئی جھوٹ نہیں اور میں عبدالمطلب کا بیٹا ہوں اس کے بعد آپؐ نے اپنے ساتھیوں کو صف بستہ کھڑا کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2931
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عیسیٰ (بن یونس) نے ہمیں خبر دی۔ ہشام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد (بن سیرین) سے، محمد بن سیرین نے عبیدہ (سلمانی) سے، عبیدہ نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: غزوئہ احزاب کے موقع پر ایک دفعہ رسول اللہ ﷺ نے دعا کی: اے اللہ! ان کے گھر اور ان کی قبریں آگ سے بھر دے۔ انہوں نے ہمیں درمیانی نماز نہ پڑھنے دی یہاں تک کہ سورج غروب ہو گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2932
قبیصہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ (عبداللہ) بن ذکوان سے مروی ہے۔ انہوں نے اَعرج سے، اَعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ قنوت میں یہ دعا کیا کرتے تھے: اے اللہ! سلمہ بن ہشام کو (کافروں کے پنجہ سے) رہائی دے۔ اے اللہ! ولید بن ولید کو رہائی دے۔ اے اللہ! عیاش بن ابی ربیعہ کو رہائی دے۔ اے اللہ! مومنوں میں سے جو کمزور ہیں انہیں رہائی دے۔ اے اللہ! مضر کو سختی سے لتاڑ۔ اے اللہ! یوسف کے زمانہ کی قحط سالیوں جیسی قحط سالیوں سے ان کو واسطہ ڈال۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2933
احمد بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ اسماعیل بن ابی خالد نے ہمیں بتایا کہ انہوں نے حضرت عبداللہ بن ابی اوفیؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے احزاب کی جنگ میں مشرکوں کے خلاف دعا کی۔ آپؐ نے فرمایا: اے اللہ! قرآنِ مجید کے نازل کرنے والے، حساب جلد لینے والے! ان (کافروں کے) گروہوں کو شکست دے اور ان کے قدم اُکھاڑ دے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2934
عبداللہ بن ابی شیبہ نے ہمیں بتایا۔ جعفر بن عون نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسحق سے، ابواسحق نے عمرو بن میمون سے، عمرو نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ ایک دفعہ کعبہ کے سایہ میں نماز پڑھ رہے تھے۔ ابوجہل اور قریش میں سے کچھ لوگوں نے مشورہ کیا اور مکہ کی کسی جہت میں ایک اونٹنی ذبح کی گئی تھی۔ انہوں نے اس کی اوجھڑی منگوا بھیجی اور وہ آپؐ پر ڈال دی۔ حضرت فاطمہؓ آئیں تو انہوں نے وہ آپؐ سے اُتاری۔ آپؐ نے یہ دعا کی: اے اللہ! قریش کو تو ہی سمجھ۔ اے اللہ! قریش کو تو ہی سمجھ۔ اے اللہ! قریش کو تو ہی سمجھ۔ ابوجہل بن ہشام اور عتبہ بن ربیعہ اور شیبہ بن ربیعہ اور ولید بن عتبہ اور اُبیّ بن خلف اور عقبہ بن ابی مُعَیط کو۔ حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) نے کہا: میں نے ان کو خود بدر کے کنوئیں میں دیکھا وہ قتل کئے گئے تھے۔ ابو اسحاق نے کہا: میں ساتویں شخص کا نام بھول گیا۔ یوسف بن ابی اسحاق نے ابو اسحاق سے (کبھی اُبیّ بن خلف کی بجائے) امیہ بن خلف نقل کیا۔ اور شعبہ نے کہا: اُمیہ ہے یا اُبی۔ اور صحیح اُمیہ ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2935
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے ابن ابی مُلَیکہ سے، ابن ابی مُلَیکہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ یہود نبی ﷺ کے پاس آئے اور انہوں نے کہا: اَلسَّامُ عَلَیْکَ تو میں نے ان پر لعنت کی۔ آپؐ نے پوچھا: تمہیں کیا ہوا؟ میں نے کہا: آپؐ نے سنا نہیں جو انہوں نے کہا۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم نے وہ الفاظ نہیں سنے جو میں نے کہے۔ یعنی وَعَلَیْکُمْ کہ تم پر ہلاکت ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2936
اسحق (بن منصور) نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب بن ابراہیم نے ہمیں خبر دی۔ ابن شہاب کے بھتیجے (محمد بن عبداللہ) نے اپنے چچا (ابن شہاب) سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ بن مسعود نے مجھے بتایا کہ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے انہیں خبر دی کہ رسول اللہ ﷺ نے قیصر کو خط لکھا اور اس میں آپؐ نے یہ کہا کہ اگر تم نے روگردانی کی تو یاد رکھو کہ تمہارے ذمہ رعایا کا بھی گناہ ہوگا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2937
ابوالیمان (حکم بن نافع) نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا کہ ابوزناد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمن نے کہا: حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے تھے: طُفَیل بن عمرو دَوسی اور ان کے ساتھی نبی ﷺ کے پاس آئے اور کہا: یا رسول اللہ! دَوس نافرمان ہوگئے ہیں اور ماننے سے انکار کردیا ہے۔ اس لئے آپؐ اللہ سے ان کے لیے بددُعا کریں۔ لوگوں نے کہا: دَوس اب تباہ ہوئے۔ آپؐ نے فرمایا: اے اللہ! دَوس کو ہدایت دے اور ان کو لے آ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2938
علی بن جعد نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ قتادہ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے: جب نبی ﷺ نے رومیوں کی طرف خط لکھنے کا ارادہ کیا تو آپؐ سے کہا گیا کہ وہ خط نہیں پڑھتے مگر وہی جس پر مہر لگی ہو۔ اس لئے آپؐ نے چاندی کی ایک انگوٹھی بنوائی۔ گویا اب بھی اس انگوٹھی کی سفیدی کو آپؐ کے ہاتھ میں دیکھ رہا ہوں اور آپؐ نے اس میں ’’محمد رسول اللہ‘‘ کندہ کرایا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2939
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ عُقَیل نے مجھے بتایا کہ ابن شہاب سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ نے مجھے خبر دی کہ حضرت عبداللہ بن عباسؓ نے انہیں بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے اپنا خط کسریٰ کی طرف بھجوایا اور ایلچی سے فرمایا کہ یہ بحرین کے حاکم کو دے دو۔ بحرین کا حاکم اسے کسریٰ کو پہنچا دے گا۔ جب کسریٰ نے وہ پڑھا تو اسے پھاڑ ڈالا۔ میں سمجھتا ہوں کہ سعید بن مسیب نے اس روایت میں یوں کہا: پھر نبی ﷺ نے ان کے لئے بد دعا کی کہ وہ ہر طرح سے ٹکڑے ٹکڑے کر دئیے جائیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2940
ابراہیم بن حمزہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صالح بن کیسان سے، صالح نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ سے، عبیداللہ نے حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے انہیں بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے قیصر کو خط لکھا جس میں آپؐ نے اس کو اِسلام کی دعوت دی اور دحیہ کلبی کے ہاتھ اپنا خط اسے بھجوایا اور رسول اللہ ﷺ نے دحیہ کلبی سے فرمایا کہ وہ بصریٰ کے سردار کے سپرد کر دے تا وہ قیصر کو پہنچا دے اور جب اللہ نے فارس کے لشکروں کو شکست دے کر اس سے ہٹا دیا تو قیصر حمص سے ایلیا آیا تا جو اللہ نے اس پر احسان کیا تھا، اس کا شکریہ ادا کرے۔ جب قیصر کے پاس رسول اللہ ﷺ کا خط آیا تو وہ اس نے پڑھا اور کہا: اس کی قوم میں سے کسی کو یہاں تلاش کرکے میرے پاس لے آئو تا میں رسول اللہ ﷺ کی نسبت ان سے دریافت کروں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2941
حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے: ابوسفیان بن حرب نے مجھے بتایا کہ وہ قریش کے کچھ آدمیوں کے ساتھ شام میں تھے اس میعادی صلح کے زمانے میں کہ جو رسول اللہ ﷺ اور کفار قریش کے درمیان ہوئی تھی۔ وہاں تجارت کرنے کے لئے آئے ہوئے تھے۔ ابوسفیان نے کہا: ہمیں شام کے کسی مقام میں قیصر کے ایلچی نے پایا۔ وہ مجھے اور میرے ساتھیوں کو لے چلا یہاں تک کہ ہم ایلیاء پہنچے اور اس کے پاس ہم لے جائے گئے تو کیا دیکھتے ہیں کہ وہ اپنے دربار میں بیٹھا ہے اور اس کے سر پر تاج ہے اور اس کے اِرد گرد رومی سردار ہیں۔ اس نے اپنے ترجمان سے کہا: ان سے پوچھو کہ ان لوگوں میں سے رشتہ میں کون زیادہ قریبی ہے اس شخص کا جو دعویٰ کرتا ہے کہ وہ نبی ہے؟ ابوسفیان کہتے تھے: میں نے کہا: ان لوگوں میں سے رشتے میں زیادہ قریبی مَیں ہوں۔ قیصر نے پوچھا: تمہارے اور اس کے درمیان کیا رشتہ ہے؟ میں نے کہا: وہ میرے چچا کا بیٹا ہے۔ اور اس وقت اس قافلہ میں میرے سوا عبدمناف کی اولاد میں سے کوئی بھی نہ تھا۔ قیصر نے کہا: اسے (میرے) نزدیک لائو اور میرے ساتھیوں کے لئے اس نے حکم دیا اور وہ میری پیٹھ کے پیچھے میرے کندھے کے قریب کھڑے کر دئیے گئے۔ پھر اس نے اپنے ترجمان سے کہا: اس کے ساتھیوں سے کہو کہ میں اِس شخص سے اُس شخص کے متعلق پوچھنے لگا ہوں کہ جو دعویٰ کرتا ہے کہ مَیں نبی ہوں۔ اگر اس نے جھوٹ بولا تو تم اس کو جھٹلا دینا۔ ابوسفیان کہتے تھے: اللہ کی قسم! کہ اگر اس دن یہ شرم نہ ہوتی کہ میرے ساتھی میرے متعلق جھوٹ کی نشاندہی کریں گے تو مَیں ضرور جھوٹ بولتا جب وہ مجھ سے آپؐ کے متعلق پوچھتا۔ لیکن مجھے یہی شرم آئی کہ یہ میرے متعلق چرچا کریں گے۔ اس لئے میں نے اس سے سچ بیان کیا۔ پھر اس نے اپنے ترجمان سے کہا: اس سے پوچھو تم میں سے اس شخص کا نسب کیا ہے؟ میں نے کہا: وہ ہم میں خاندانی ہے۔ قیصر نے کہا: تو کیا اس سے پہلے تم میں سے کسی نے یہ دعویٰ کیا؟ میں نے کہا: نہیں۔ پھر اس نے پوچھا: جو دعویٰ اس نے کیا ہے، اس دعویٰ کرنے سے پہلے کبھی تم نے اس کو جھوٹ سے متہم کیا؟ (ابوسفیان کہتے تھے) میں نے کہا: نہیں۔ اس نے پوچھا: کیا اس کے آبائواَجداد میں کوئی بادشاہ ہوا ہے؟ میں نے کہا: نہیں۔ اس نے پوچھا: کیا لوگوں میں سے بڑے بڑے اس کی پیروی کر رہے ہیں یا ان میں سے کمزور؟ میں نے کہا: ان میں سے کمزور۔ اس نے پوچھا: کیا وہ بڑھ رہے ہیں یا کم ہو رہے ہیں؟ میں نے کہا: کم نہیں بلکہ بڑھ رہے ہیں۔ اس نے پوچھا: کیا کوئی اس کے دین میں داخل ہونے کے بعد پھر اس دین سے نفرت کرتے ہوئے مرتد ہو جاتا ہے؟ میں نے کہا: نہیں۔ اس نے پوچھا: کیا دغا بازی کرتا ہے؟ میں نے کہا: نہیں۔ اور اَب ہم اس کی طرف سے ایک میعادی صلح میں ہیں۔ ہمیں ڈر ہے کہ کہیں ہم سے دھوکا نہ کرے۔ ابوسفیان کہتے تھے: اس کے سوا اَور کوئی بات آپؐ کی برائی کی مجھ کو نہیں ملی جو میں شریک کرتا اور مجھ کو اس پر اپنے ساتھیوں کے جھٹلانے کا ڈر نہ ہوتا۔ اس نے پوچھا: کیا تم نے کبھی اس سے لڑائی کی یا تم سے وہ لڑا ہے؟ میں نے کہا: ہاں۔ پھر اس نے پوچھا: پھر اس کی اور تمہاری لڑائی کیسی رہی؟ میں نے کہا: کبھی اِدھر کبھی اُدھر۔ کبھی ہم پر وہ غالب آ جاتا ہے اور کبھی ہم اس پر غالب آ جاتے ہیں۔ پھر اس نے پوچھا: اچھا تمہیں کیا حکم دیتا ہے؟ ابوسفیان نے کہا: ہمیں وہ یہ حکم دیتا ہے کہ ہم صرف اللہ ہی کی عبادت کریں۔ اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں اور ہمیں ان معبودوں کی عبادت سے روکتا ہے جن کی عبادت ہمارے آبائواَجداد کرتے تھے اور ہمیں نماز اور صدقہ کا حکم دیتا، بدی سے روکتا، عہد کو پورا کرنے اور امانتیں ادا کرنے کی ہدایت کرتا ہے۔ جب میں نے اس سے یہ کہا: تو قیصر نے اپنے ترجمان سے کہا: اس سے کہو کہ میں نے تم سے اس کے نسب کی نسبت پوچھا تھا کہ تم میں کیسا ہے تو تم نے کہا کہ وہ خاندانی ہے اور رسول اسی طرح اپنی قوم کے اچھے خاندان میں ہی مبعوث ہوتے ہیں اور میں نے تم سے پوچھا تھا: کیا تم میں سے کسی نے اس سے پہلے ایسا دعویٰ کیا اور تم نے کہا: نہیں۔ تو میں نے خیال کیا کہ اگر اس سے پہلے تم میں سے کسی نے یہ دعویٰ کیا ہوتا تو میں کہتا کہ یہ ایک شخص ہے جو ایسی بات کی نقل کر رہا ہے جو اس سے پہلے کہی جا چکی ہے اور میں نے تم سے پوچھا: کیا تم نے اس پر کبھی جھوٹ کا اِتہام لگایا ہے پیشتر اس کے کہ وہ دعویٰ کرتا جو اس نے کیا۔ تم نے کہا: نہیں۔ میں سمجھ گیا کہ وہ ایسا نہیں کہ لوگوں پر تو اِفتراء نہ کرے اور اللہ پر اِفتراء کرے۔ اور میں نے تم سے پوچھا: کیا اس کے باپ دادوں سے کوئی بادشاہ بھی ہوا تھا؟ تم نے کہا: نہیں۔ میں نے خیال کیا: اگر اس کے باپ دادوں میں سے کوئی بادشاہ ہوتا تو میں کہتا کہ اپنے باپ دادا کی بادشاہت حاصل کرنا چاہتا ہے اور میں نے تم سے پوچھا: کیا لوگوں میں سے بڑے بڑے اس کی پیروی کرتے ہیں یا کمزور؟ تم نے کہا کہ کمزوروں نے ہی اس کی پیروی کی ہے اور دراصل ایسے ہی لوگ رسولوں کے پیرو ہوتے ہیں اور میں نے تم سے پوچھا: کیا وہ بڑھ رہے ہیں یا گھٹ رہے ہیں؟ تم نے کہا کہ وہ بڑھ رہے ہیں اور ایمان اسی طرح بڑھتا جاتا ہے۔ حتیٰ کہ اپنے کمال تک جا پہنچے اور میں نے تم سے پوچھا: کیا کوئی اس کے دین میں داخل ہونے کے بعد اس کے دین کو برا سمجھ کر مرتد ہوتا ہے؟ تم نے کہا: نہیں۔ ایمان کی یہی حالت ہوتی ہے کہ جب اس کی بشاشت دلوں میں رَچ جاتی ہے تو کوئی بھی اس کا منکر نہیں ہوتا۔ میں نے تم سے پوچھا: کیا وہ دغا کرتا ہے تو تم نے کہا: نہیں اور رسول ایسے ہی ہوتے ہیں۔ وہ دغا نہیں کیا کرتے اور میں نے تم سے پوچھا: کیا تم نے اس سے کبھی لڑائی کی اور وہ بھی تم سے لڑا؟ تم نے کہا: ہاں لڑائی کی اور یہ کہ تمہاری اور اس کی لڑائی ڈول کی طرح ہوتی ہے۔ کبھی وہ تم پر غالب آتا ہے اور کبھی تم اس پر غالب آتے ہو اور اسی طرح رسولوں کی بھی آزمائش کی جاتی ہے اور انجام کار غلبہ انہی کو ہوتا ہے اور میں نے تم سے پوچھا: وہ تمہیں کیا حکم دیتا ہے؟ تم نے کہا کہ وہ تمہیں حکم دیتا ہے کہ تم اللہ کی عبادت کرو اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائو اور یہ کہ تمہیں ان چیزوں کی پرستش سے روکتا ہے جن کو تمہارے باپ دادے پوجتے تھے اور تمہیں نماز، صدقہ، عفت، ایفائِ عہد اور ادائِ امانت کا حکم دیتا ہے۔ ہرقل نے کہا: اور یہی باتیں اس نبی کے اَوصاف ہیں۔ میں یقینا جانتا تھا کہ وہ عنقریب پیدا ہونے والا ہے۔ لیکن میں گمان نہیں کرتا تھا کہ وہ تم میں سے ہوگا جو کچھ تم نے کہا ہے اگر وہ سچ ہے تو عنقریب وہ میرے ان دونوں قدموں کی جگہ کا مالک ہو جائے گا اور اگر مجھے یہ امید ہوتی کہ میں اس تک سلامت پہنچ جائوں گا تو میں ضرور اس کی ملاقات کے لئے مشقت برداشت کرتا۔ اگر میں اس کے پاس ہوتا تو میں اس کے قدموں کو دھوتا۔ ابوسفیانؓ کہتے تھے: پھر اس نے رسول اللہ ﷺ کا خط منگوایا جو پڑھا گیا۔ اس میں یہ تھا: بسم اللہ الرحمن الرحیم- یہ خط محمد کی طرف سے جو اللہ کا بندہ اور اس کا رسول ہے۔ رومیوں کے سردار ہرقل کے نام۔ سلامتی ہواس پر جو راستی کی پیروی کرتا ہے۔ اس کے بعد میں تمہیں اسلام کی دعوت دیتا ہوں۔ اسلام قبول کرو سلامتی میں رہو گے۔ اور اسلام قبول کرو، اللہ تمہیں دُہرا اَجر دے گا اور اگر تم نے روگردانی کی تو یقینا تمہاری رعایا کے گناہ کا وبال بھی تم پر ہوگا۔ ’’اور اے اہل کتاب اس بات کی طرف آجاؤ جو ہمارے اور تمہارے درمیان مشترک ہے۔ وہ یہ کہ ہم اللہ ہی کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں اور نہ ہم اللہ کو چھوڑ کر آپس میں ایک دوسرے کو ربّ بنائیں۔ پس اگر وہ اس سے پھر جائیں تو تم ان سے کہہ دو کہ گواہ رہو ہم اللہ کے فرمانبردار ہیں۔‘‘ ابوسفیان کہتے تھے: جب ہرقل اپنی بات ختم کر چکا تو رومیوں کے سرداروں کی جو اس کے ارد گرد تھے آوازیں بلند ہوئیں اور شوروغل زیادہ ہو گیا۔ میں نہیں جانتا کہ انہوں نے کیا کہا اور ہمارے متعلق حکم ہوا اور ہم باہر نکال دئیے گئے۔ جب میں اپنے ساتھیوں سمیت باہر آیا اور ان سے تنہائی حاصل ہوئی تو میں نے ان سے کہا: حد ہو گئی۔ ابوکبشہ کے بیٹے کی تو دھاک بیٹھ گئی ہے۔ بنو اَصفر (رومیوں) کا بادشاہ بھی اس سے ڈر رہا ہے۔ ابوسفیانؓ کہتے تھے: بخدا! میں (اس دن سے) اپنے تئیں ذلیل ہی سمجھتا رہا۔ یہی یقین تھا کہ آپؐ کا سلسلہ ضرور غالب ہوگا یہاں تک کہ اللہ نے میرے دل میں اسلام کو داخل کر ہی دیا بحالیکہ یہ بات مجھے پسند نہیں تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah